موجودہ حکومت،میٹھا جھوٹ اورحلقہ 150کے مہر واجد

 سنا ہے کہ دو کشتیوں کا مسافر کبھی پار نہیں لگتا ۔پھر یہ دونشستوں کے گدی نشیں کِس طرح کم از کم ایک نشست سے آر پار ہو جاتے ہیں ۔پس ثابت ہوا کہ کشتی کے مسافرروں کو سیاست نہیں آتی ۔ویسے میری مخصوص قسم کی قلیل ترین سمجھ میں آج تک یہ بات نہیں سماپائی کہ ایک ہی شخص کو ایک ہی حلقے سے دو دو نشستوں پر انویسمنٹ کرنے کا لائسنس کیسے تھما دیا جاتا ہے ؟کیا پاکستان اتنا ہی امیر و کبیر ملک ہے کہ ایک ہی الیکشن کو دو دو بار کروائے ؟ کبھی کِسی نے تخمینہ لگایا ہے کہ دوبارہ کروائے جانے والے ضمنی الیکشن میں امیدواروں کے ساتھ ساتھ حکومت کا بھی کروڑوں رو پیہ خرچ ہو تا ہے ۔کیا یہ کروڑوں ،اربوں روپوں کو محفوظ کر کے پاکستان کے موجودہ تین بڑے مسائل انرجی کا بحران ، پینے کے صاف پانی کی قلت اور ناخواندگی کی پیچیدگیوں کو کِسی حد تک کم نہیں کیا جا سکتا ؟……ایک ہی شخص دو یا اِس سے زائد نشستوں سے الیکشن نما جنگ لڑتا ہے اور فتح سے ہمکنار بھی ہو جاتا ہے مگر…… رکھنی تو اُسے ایک ہی کُرسی پڑتی ہے بقیہ کے کروڑوں کے اخراجات جو اُس نے اور اُس کے حواریوں نے الیکشن کمپین پر صرف کیے وہ بھلا کِس کھاتے میں گئے؟اِس قسم کے مال ودولت کی کوئی اِنکوائری کیوں نہیں ہوتی؟ جبکہ یہ بات تو درست ہے کہ اِن سب نشستوں سے الیکشن جیتنے والا صرف ایک نشست رکھنے کے با وجود بھی چند ہی ماہ میں تمام نشستوں پر ہونے والے اخراجات اِسی ملک سے سود سمیت وصول کر لیتا ہے اور چودراہٹ بونس کے طور پر جھولی میں آ گرتی ہے ۔ پاکستان میں اتنا فضول کا پیسہ گردش کر رہا ہے کہ کروڑوں کے اشتہارات ،فلیکسیں اور بینر سڑکوں پر رُلتے پھررہے ہیں ،تو ہم کشکول لے کر سات سمندر دور کیوں جاتے ہیں؟ اپنے اُمراء و راؤسا کی منت سماجت کیوں نہیں کر لیتے جنہیں دو دو یا اِس سے زائدٹکٹیں تھما دی جاتی ہیں ۔جِس ملک میں بم پروف محل تعمیر ہو رہے ہوں، سیسہ پلائی دیواریں تعمیر کی جارہی ہوں وہاں کیلئے بھیک مانگنا کیسا ہے؟یہ جو آئے دِن ہم کشکول لے کر مختلف دُوروں پر گامزن نظر آتے ہیں…… ڈر ہے کہ کہی کو ئی صاحبِ استطاعت ملک پاکستان کو (حکومتِ پاکستان ) کی بجائے (ِ NGOپاکستان) کے القاب سے نہ نواز دے۔مجھے عزیزِ برادرم دوست پپو فراڈی کی جانب سے ہوم ورق مِلا ہے کہ NGOاورپاکستانی حکومت میں فرق تلاش کریں……نیز دونوں کے کشکولوں کا ذکر نہیں آنا چاہیے ۔

جزبات میں بہہ کر میں اپنے مقصد کی پٹری سے اُتر گیا تھا دراصل……سبزازار لاہورحلقہ 150میں22اگست 2013کو ہونے والے ضمنی الیکشن جِس میں 11مئی 2013کے عام انتخابات میں شکست کو ہنسی خوشی گلے لگانے والے PTIکے مہر واجدعظیم اور PML(N)کے میاں مرغوب احمد جو(موجودہ MNA مہر اشتیاق احمد کی جیت کر چھوڑی ہوئی سیٹ سے قسمت آما تھے) اکھاڑے میں مدِ مقابل ہوئے۔حلقے کے137پولنگ اسٹیشنوں پر کاسٹ ہونے والے ووٹوں کا پلٹرا PTIکے مہر واجد عظیم کی جانب سجدہ ریز تھا ۔ہر پو لنگ اسٹیشن صاف اور شفاف گنتی کے بعد مہر واجدعظیم کو جیتنے کی مبارک باد دینے پر مجبور تھا اور باقاعدہ ڈھائی تین ہزار کی لیڈ بھی جا رہی تھی۔رات گیارہ بجے کے دوران حلقہ 150میں PTIکی جانب سے جشن کا سا سماں باند ھ دیا گیا تھا……یہاں تک کہ مہر واجدعظیم کے حامیوں نے مٹھائی کی دوکانوں کا رُخ کرنا شروع کردیا ،منہ میٹھے کرائے جانے لگے منچلے گرم جوشی سے مبارکباد کے جملوں کے ہمراہ بغل گیر ہوتے دکھائی دے رہے تھے،شُکرانے کے نوافِل ادا کیے جا چکے تھے۔فیصلہ ہو چکا تھا 126پولنگ اسٹیشنوں کا رزلٹ مہر واجدعظیم کے حق میں تھا آخری مراحل بھی سبز پرچی ہلا رہے تھے ۔گنتی کرنے والے اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے اِس کام میں ماہر بھی گردانے جاتے ہیں ظاہر سی بات ہے غلطی کی کوئی گنجائش تھی ہی نہیں اگر ایسا ہوتا کہ گنتی کرنے والے ہی غلطیاں کرنے بیٹھ جائیں تو پاکستان کی عوام کو 19کروڑ سے 19لاکھ تک لایا جا سکتا ہے لیکن ایسا ہر گز نہیں ہے اعدادو شمار کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔کوئی بھی ذمہ دار شخص ایسے حساس مقام اور قانون کی موجودگی میں غیر ذمہ داری اور لاپرواہی کا مظاہرہ کر ہی نہیں سکتا ۔تحریکِ انصاف کی جانب سے جشن منایا جا رہا تھا گلاب کے نرم و نازک سُرخ اور تازہ ترین پھولوں کے مہکتے ہوئے ہار مہر واجد عظیم کے گلے کی زینت بن کر فخر محسوس کر نے لگے،ڈھول کی تھاپ اوررقصِ بھنگڑا نے سب ہی غم بھُلا ڈالے تھے…… مگر……
آخرکیا ضرورت تھیں اتنا ہلہ گلہ کرنے کی ؟…… میں تو کہتا ہوں کہ کِسی من جلے کی نظر ہی کھا گئی کی جیت کو ……جشن کے عین عروج کے ٹھیک 15منٹ بعد ٹی وی پر اعلانِ عام کر دیا گیا کہ……’’حلقہ150میں مسلم لیگ (ن) کے میاں مرغوب احمد376ووٹوں کی واضع برتری سے صوبائی اسمبلی کی نشست جیت گئے ہیں‘‘۔سارا سماں پتھر کا ہو چکا تھا…… قہقہے حلق میں پھنس کر رہہ گئے ……خوشیاں بے جان ہو گئی تھیں،یوں محسوس ہونے لگا جیسے ابھی ابھی کوئی گبر سنگ پوری بستی کو اُجاڑ کر سب کے منہ پر ایلفی کا چھڑکاؤ کر گیا ہے……مٹھائیاں کریلے محسوس ہونے لگے تھے کہ عین اِسی موقع پر ایک انتہائی معزز شخص نے اپنے لختِ جگر کو کال کی ’’بیٹا !واجد صاحب کیلے پھولوں کا ہار تو لے آؤ مگر اب ……مٹھائی نہ لانا ……رہنے دو …… حکومتی اعلان نے منہ کا ذائقہ اِس قدر پھیکا کر دیا ہے کہ دنیا جہان کے رس گلے بھی اب مٹھاس پیدا نہیں کر پائیں گے‘‘۔ بیٹے نے بے کلی سے پوچھا’’ ابو جی! آخر بات کیا ہوئی ہے کچھ بتائیں تو سہی ‘‘والدِ محترم نے ایک سرد آہ بھری اور آنکھیں بند کرتے ہوئے کہا …… ’’ بیٹا ہم اندھوں کے شہر میں آئینہ ڈھونڈنے نکل کھڑے ہوئے تھے …… ہم بھول گئے تھے کہ ہماری حکومت تو ہے نہیں…… تو ہم جیت کیسے سکتے ہیں …… ‘‘

میاں صاحبان آپ سے باادب مودبانہ گزارش ہے کہ اگر ایک جیتی ہوئی سیٹ کو جیت دے ہی دی جاتی تو عزت مآب حکومتِ پاکستان کے عالیشان مرتبت میں کونسی کوئی کمی واقع ہوجانے والی تھی۔مہر واجد عظیم سمیت تحریکِ انصاف کے ہزاروں کارکنان نے دوبارہ گنتی کیلئے درخواست مسترد ہونے پر لاہور میں جب پُرامن دھرنے کا اہتمام کیاتو دیکھنے،سوچنے اور سمجھنے والے قانون نے مہر واجدعظیم سمیت PTIکے سینکڑوں مرد وخواتین کونہ صرف جبراًگرفتار کرلیا بلکہ تشدد بھی کیا ۔ جلد ہی میاں شہباز شریف کی جانب سے تحریکِ انصاف کے کارکنان کی رہائی کا اعلان کر دیا جاتا ہے…… یہی اعلان قبل از گرفتاری کِسی بھی عزتِ نفس کو مجروح کیے بنا پہلے بھی تو کیا جاسکتا تھا کہ یہ جمہوری حکومت ہے اور اظہارِ خیال اور پُر امن دھرنوں کا حق ہر شہری کو حاصل ہے اور یہ بات قانون کے علم میں بھی ہونی چاہیے۔پہلے تو ریٹرننگ افسر نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے صاف انکار کردیا……جبکہ الیکشن کمیشن کے علم میں تھاکہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیلئے قوائد و ضوابط موجود ہیں۔با وثوق ذرائع کے مطابق ملک کے نامور سینئر ترین جج تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں پانچ رُکنی الیکشن کمیشن نے گزشتہ 22اگست کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں پی پی 150کے ریٹرننگ افسر کے دوبارہ گنتی نہ کر وانے کے فیصلے کا از خود نوٹس لے لیا ہے ۔ابھی ابھی ایک پیغام رساں سفید کبوتر پاؤں میں دبا کرایک رُکا یہاں پھینک گیا ہے جِس پر لکھا ہے کہ ’’ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد شفاف اعلان کردیا جائے گا‘‘مجھے ڈر نہیں یقین ہے کہ جب تک تو مہر واجد عظیم کے سینکڑوں ووٹ موت کا ذائقہ چکھتے ہوئے اِس جہانِ فانی سے رخصت ہو چکے ہوں گے،یوں تحریکِ انصاف کے مزید ووٹوں کی نسل کشی کا بھی اندیشہ ہے ……جبکہ دوسری جانب ووٹوں کی قلیل تعدادمیں معجزانہ افزائشِ نسل کا امکان ہے عین ممکن ہے کہ سب ووٹ انڈے بچے دے ڈالیں۔مگر رحم کی اُمید اپنی جگہ برقرارہے۔

17مئی2013کو عزیزبرادرم رضا علی عابدی صاحب کا شائع ہونے والا کالم ’’بلے والا کمرہ کونسا ہے؟‘‘میں رضا علی عابدی صاحب کی تحریر کردہ ایک بات ضمنی الیکشن کے دوران بھی ذہن میں گردش کرتی رہی سوچا آپکے گوش گزار بھی کرتا چلوں……’’یہ سادہ لوگ بلے والا کمرہ ڈھونڈتے رہ گئے اور انہیں تاکنے والے جہاں دیدہ لوگوں نے انہیں اُچک لیا۔اِن کی پر چی کہاں گئی اور اِس پر چی پر نشان کہاں لگا،کِس نے لگایا، چار تہوں میں کِس نے لپیٹا ،بکسے میں کِس نے ڈالا،یہ لوگ دیکھتے ہی رہ گئے اور اُن کے ہاتھوں مات کھا گئے جنہوں نے اِدھر کا مال اُدھر کرنے میں عمریں لگا دیں تھیں‘‘

تحریر : محمد علی رانا
چیئر مین : وومن اینڈ چلڈرن ویلفیئر آرگنائزشن

Muhammad Ali Rana
About the Author: Muhammad Ali Rana Read More Articles by Muhammad Ali Rana: 51 Articles with 41382 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.