دوڑ شہر میں لگنے والی اندرون سندہ کی سب سے بڑی مویشی منڈی

عید الاضحی قریب آتے ہی دوڑ میں لگنے والی اندرون سندھ کی سب سے بڑی بکرا منڈی میں قربانی کے جانوروں کا میلہ لگ گیاہے،ایک لاکھ دس ہزار کے شاکا نامی بکرے نے میدان مارلیاہے،بارہ لاکھ مالیت کے بیلوں کا خوبصورت جوڑا خریداروں کی نگاہ کا مرکز بن گیاہے ،کراچی حیدرآباد ،سکھر،نوابشاہ،اور کوئٹہ سمیت ملک بھر سے ہزاروں خریداروں کی دوڑ آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

ضلع نوابشاہ کی اہم تحصیل دوڑ میں لگنے والی اندرون سندھ کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں عید الاضحی قریب آتے ہی قربانی کے جانوروں کا میلہ سج گیاہے،اور سندھ کے مختلف اضلاع سانگھڑ ،خیرپور ،نوشہروفیروز،مٹیاری،اور سکھر سے ہزاروں کی تعداد میں جانور لائے جاتے ہیں،اور ملک کے مختلف علاقوں کراچی،حیدرآباد،کوئٹہ،ملتان،سکھر،ہالا سمیت پنجاب اور پختونخواہ سے عام خریداروں اور بیوپاریوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے،عام دنوں میں اس بکرا منڈی میں سینکڑوں چھوٹے بڑے جانوروں کی خرید و فروخت ہوتی ہے،مگر عید الاضحی کے دنوں میں یہ تعداد ہزاروں تک پہنچ جاتی ہے،45سال سے لگنے والی یہ مویشی منڈی کم و بیش 4کلومیٹر کے رقبے پر محیط ہے جس میں خوبصورت قد آور اور اعلی نسل کے بکرے،بیل،گائے،اور بھڑیں فروخت کے لیے لائی جاتی ہیں،اور ایک محتاط اندازے کے مطابق ہر منگل کو لگنے والی اس مویشی منڈی میں ہزاروں جانوروں کی خرید وفروخت ہوتی ہے اس عید الاضحی پر دوڑ کی اس بکرا منڈی میں سب سے وزنی اور خوبصورت بکرے کو ایک لاکھ دس ہزار میں فروخت کیا گیا،شاکا نامی اس خوبصورت بکرے کے خریدار سکھر کے رہائشی خورشید احمد کمبوہ نے بتایا کہ اس بکرے کی خوبصورتی نے اسکی خریداری پر مجبور کردیا ہے اس کا وزن 4من سے اوپر ہے،اور وہ اس بکرے کو خریدنے پر بے حد مسرور ہیں،جبکہ سکھر سے لائے گئے وحید سولنگی کے دو عمدہ اور جاذب نظر بیلوں کی قیمت بارہ لاکھ روپے طلب کی جا رہی ہے،مالک کے مطابق اس نے چھوٹی عمر سے ہی ان بیلوں کی خدمت کی ہے،اور انہیں اچھی خوراک کھلائی ہے،اور مناسب قیمت ملنے پر وہ اسے فروخت کرے گا۔

جبکہ عید الاضحی قریب آتے ہی قربانی کے جانوروں کی قیمتوں میں کئی گناہ اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور جانوروں کی قیمتیں عام آدمی کی قوت خرید سے باہر ہیں،اور عام آدمی بکرے کی قربانی سے زیادی بڑی قربانی میں حصہ داری کو ترجیع دے رہے ہیں،تاکہ اپنے بجٹ کو بھی کنٹرول کر سکیں اس وقت بکرا منڈی میں عام بکروں کی قیمتیں 20سے 35ہزار اور اعلی نسل کے بکروں کی قیمتیں 40سے 50ہزار روپے تک ہے جبکہ عام بیل 60سے 75ہزار تک اور خوبصورت قدآور بیل 70سے ایک لاکھ50ہزار میں فروخت ہو رہے ہیں-

دوڑ کی مشہور زمانہ بکرا منڈی جہاں ایک طرف جانوروں کی خرید و فروخت میں اپنی مثال آپ ہے،وہاں پر یہ بکرا منڈی ہزاروں افراد کے روز گار کا سلسلہ بھی بن چکی ہے،اور ہر منگل کے روز لگنے والیاس مویشی منڈی میں سینکڑوں گاڑیوں سے وابستہ افراد کے گھر کا چولہا بھی چلتا ہے،تو کھانے ،پینے کی اشیاء،ہوٹل ۔پرانے کپڑے کے اسٹال لگانے والے افراد بھی اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کے لیے بکرا منڈی میں علی الصبح پہنچ جاتے ہیں،ضلع خیرپور کے علاقے میں کرونڈی کا رہائشی سردار علی بھی پرانے کپڑوں کا ایک اسٹال لگا کر بچوں کا گزارہ کرتا ہے۔

دوڑ میں لگنے ولی اس بکرا منڈی میں تعلقہ میونسپل کمیٹی کو ایک کروڑ تیس لاکھ روپے سے زائد کی آمدنی ہوتی ہے۔مگر ٹھیکیدار کی جانب سے خاطر خواہ انتظامات نہیں کئے جاتے ہیں۔اور مویشیوں کی خرید و فروخت پر زائد ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔
 
anwar khanzada
About the Author: anwar khanzada Read More Articles by anwar khanzada: 14 Articles with 22246 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.