پی ایف یو جے ،افضل بٹ ،مشتاق منہاس ،ایم کیو ایم اور چوہدری عبدالمجید

حضرت مولانا محمد یوسف کاندھلوی ؒ اپنی تصنیف حیات الصحابہ ؓ میں تحریر کرتے ہیں حضرت ابو ہریرہ ؓ فرماتے ہیں حضرت عمر بن خطاب ؓ اپنے بیان میں فرمایا کرتے تھے تم میں سے وہ آدمی کامیاب رہا جو خواہش پر چلنے سے ،غصہ میں آنے اور لالچ پڑھنے محفوظ رہا اور جسے گفتگو میں سچ بولنے کی توفیق دی گئی کیوں کہ سچ اسے خیر کی طرف لے جائے گا اور جو شخص جھوٹ بولے گا وہ گناہ کے کام کرے گا اور جو گناہ کے کام کرے گا وہ ہلاک ہو گا اور گناہ کے کاموں سے بچو اور اس آدمی کا کیا گناہ کرنا جو مٹی سے پیدا ہو اور مٹی کی طرف لوٹ جائے گا آج وہ زندہ ہے کل وہ مردہ ہو گا روزانہ کا کام روزانہ کرو اور مظلوم کی بد دعا سے بچو اور اپنے آپ کو مردوں میں شمار کرو ۔

حضرت قبیصہؒ کہتے ہیں میں نے حضر ت عمر ؓ کو منبر پر فرماتے ہوئے سنا جو رحم نہیں کرتا اس پر رحم نہیں کیا جاتا جو معاف نہیں کرتا اس کو معاف نہیں کیا جاتا جو توبہ نہیں کرتا اس کی توبہ قبول نہیں کی جاتی جو (برے کاموں سے ) نہیں بچتا اسے ( عذاب سے ) نہیں بچایا جاتا ۔

قارئین آج کا کالم دو دواقعات اور حادثات کے آپس میں انتہائی گہرے تعلق اور متشددانہ سوچ اور رویوں کے متعلق ایک سوالیہ نشان کہیے تو بے جا نہ ہوگا ۔پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے انتخابات کے نتائج پوری قوم کے سامنے آچکے ہیں ان انتخابات میں افضل بٹ نے صدارتی سیٹ جیتی اور ان کا پورا پینل زبردست طریقے سے کامیاب ہوا ۔فتح کے شادیانے بجانے اور شہنائیاں چلانے کے دوران ہمیں پتہ چلا کہ کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ جو ماضی میں اپنے آپ کو مہاجر قومی موومنٹ کہا کرتی تھی اس نے ظلم ،تشدد ،دہشت گردی اور بد تمیزی کی انتہا کرتے ہوئے افضل بٹ پینل کے امیدواران ،سپورٹرز اور دیگر صحافیوں پر نا صرف بے انتہا تشدد کیا بلکہ نوبت یہاں تک پہنچی کہ ٹی وی اینکر مشتاق منہاس و دیگر پر آتشیں اسلحہ تک استعمال کرنے کی باتیں بھی سنی گئیں کہ خدا نخواستہ مشتاق منہاس اور ان کے دیگر ساتھی جو افضل بٹ پینل کی کمپین چلا رہے تھے انہیں گولیاں مارنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں ۔پورے ملک کی صحافی برادری اس حرکت پر سراپا احتجاج بنی ہوئی ہے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ورکنگ جرنلسٹس کے لیے کام کرنی والی ایک انتہائی اہم اور ذمہ دار ایسوسی ایشن ہے راقم نے آج سے کچھ عرصہ قبل ایف ایم 93میرپور ریڈیو آزادکشمیر کے مقبول ترین پروگرام ’’ لائیو ٹاک ود جنید انصاری ‘‘ میں استاد محترم راجہ حبیب اﷲ خان کے ہمراہ سٹیشن ڈائریکٹر چوہدری محمد شکیل کی خصوصی ہدایت پر ’’ ویج بورڈ اور صحافیوں کی مشکلات ‘‘ کے عنوان پر ایک انتہائی اہم مذاکرہ رکھا اس مذاکرہ میں اس وقت کے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر پرویز شوکت جو آج کل انٹرنیشنل فورم آف جرنلسٹس میں جنوبی ایشیاء کی نمائندگی کرتے ہیں ان کے ساتھ پرنٹ و الیکٹرونک میڈیا کی انتہائی معتبر آواز مظہر عباس نے شرکت کی ۔ان دونوں شخصیات نے پاکستان میں میڈیا اور صحافیوں پر گزرنے والی قیامتوں کا کھل کر تذکرہ کیا ،گفتگو کے دوران استاد محترم راجہ حبیب اﷲ خان اور راقم نے جب ان دونوں انتہائی معزز و معتبر شخصیات کو آزادکشمیر کے ایک سینئر صحافی راجہ ظفر کی مظفرآباد میں صحافتی مشکلات کے دوران حرکت قلب بند ہو جانے سے وفات اور اس کے بعد وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کی طرف سے اس سینئر صحافی کے خاندان کی مالی امداد کے نام پر پچیس ہزار روپے کی ’’ خطیر رقم ‘‘ دینے کا ذکر کیا تو پرویز شوکت اور مظہر عباس غصے اور جذبات کے مارے مشتعل ہو گئے اور انہوں نے کہا کہ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کی کمزوری یہ ہے کہ وہ ’’ دماغی و یاداشتی کمزوری ‘‘ کا شکار ہیں اکثر اوقات اپنی ہی زبان سے کیے گئے وعدے بھول جاتے ہیں یہ علیحدہ بات ہے کہ وہ اپنے آپ کو گڑھی خدابخش کا مجاور کہتے ہوئے اپنے شہید قائدین کے وعدوں کو پورا کرنے کی گردان دوہراتے رہتے ہیں مظہر عباس نے انتہائی سنجیدہ انداز میں وزیراعظم چوہدری عبدالمجید اور آزادکشمیر حکومت کے صحافیوں اور صحافت کے متعلق انتہائی غیر سنجیدہ رویے کو درست کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور امید کا اظہار کیا کہ آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں صحافیوں اور صحافت کو تحفظ دینے کے لیے عوامی نمائندے مناسب ترین قانون سازی کریں گے ۔اسی طرح پرویز شوکت کا یہ کہنا تھا کہ چوہدری عبدالمجید وزیراعظم آزادکشمیر اور ان کی کابینہ کے کئی ساتھی اسلام آباد اور دیگر شہریوں میں ’’ ایک ایک رات میں ‘‘ حاتم طائی کی قبر پر لات مارتے ہوئے ’’ کئی کئی لاکھ روپے نچھاور ‘‘ کر دیتے ہیں انہیں شرم کرتے ہوئے صحافی برادری کی مالی مشکلات کا ازالہ کرنا چاہیے اور ریاستی سطح پر ورکنگ جرنلسٹس کے لیے مناسب اقدامات اٹھانا چاہئیں ان دونوں معزز شخصیات نے مظفرآباد کے سینئر مرحوم صحافی راجہ ظفر کے خاندان کے مالی امداد کا مطالبہ بھی کیا ۔یہ علیحدہ بات ہے کہ کہی گئی باتوں اور لکھی گئی تحریروں کے نتیجے میں وزیراعظم چوہدری عبدالمجید اور ان کی مجاور کابینہ کے کسی بھی رکن کے کان پر ایک بھی جوں نہیں رینگی اور مرحوم ظفر حسین کا خاندان آج بھی حکومت کی طرف دیکھ رہا ہے ۔

قارئین راقم کے ساتھ کشمیر پریس کلب میرپور میں وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کی طرف سے کی جانے والی ’’ عزت افزائی ‘‘ کے زخم ابھی تک ہرے ہیں اور ابھی تک اس حوالے سے بھی صحافی برادری کی طرف سے کیے جانے والے شدید ترین احتجاج کے باوجود حکومتی کیمپ پر ’’ شرمناک خاموشی ‘‘طاری ہے یا اسے ہم ’’ڈھٹائی کے لبادے ‘‘ سے بھی تعبیر کرسکتے ہیں ۔کچھ بھی ہو راقم اپنا قلمی جہاد جاری رکھے گا چاہے کتنی ہی مصیبتیں ہمارے راستے میں کیوں نہ آئیں ۔

قارئین اس حوالے سے راقم کی پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے نومنتخب صدر افضل بٹ ،انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس جنوبی ایشیاء کے نمائندے سابق صدر پی ایف یوجے پرویز شوکت اور سابق جنرل سیکرٹری پی ایف یوجے مظہر عباس سے تفصیلی گفتگو ہوئی اس گفتگو میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے نومنتخب صدر افضل بٹ ، انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس ساؤتھ ایشیاء کے نمائندے اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سابق صدر پرویز شوکت ،پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سابق جنرل سیکرٹری مظہر عباس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کی جانب سے کشمیر پریس کلب میرپو ر میں صحافیوں کے متعلق نازیبا کلمات استعمال کرنے پر شدید ترین رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے آزادی صحافت پر حملہ قرار دیا ہے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کو زیب نہیں دیتا کہ وہ وزارت عظمیٰ کے منصب پر تشریف رکھتے ہوئے صحافت اور صحافیوں کے متعلق وہ گفتگو اور الفاظ استعمال کریں جو کوئی عام آدمی بھی کہنا اور سننا گوارا نہیں کرتا وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کشمیر پریس کلب کے ممبر اور سینئر کالم نگار و ٹی وی ریڈیو اینکر جنید انصاری کے ایک انتہائی مناسب سوال کے جواب میں جس طریقے سے صحافیوں اور صحافت کو لتاڑا ہے ا س سے پورے پاکستان اور آزادکشمیر کی صحافی برادری کی دل آزاری ہوئی ہے ہم وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے وہ اس بات کی ضمانت دیں کہ صحافیوں اور صحافت کے متعلق مستقبل میں وہ کسی بھی قسم کی غیر محتاط زبان استعمال نہیں کریں گے ۔صحافی برادری اس افسوس ناک واقعہ کی شدید ترین مذمت کرتی ہے اور اگر وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے صحافی برادری سے فی الفو ر معافی نہ مانگی تو پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس صحافیوں کے دیگر تمام فورمز ،پرنٹ و الیکٹرونک میڈیا اور دیگر تمام پلیٹ فارمز پر اکٹھے ہو کر شدید ترین احتجاج کرسکتی ہے ۔وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کو چاہیے کہ وہ اپنے منصب کے شایان شان رویے اور گفتگو کو اپنائیں ،صحافی برادری کو گالیاں دینا یا صحافیوں کے متعلق نا زیبا الفاظ استعمال کرنا انتہائی افسوس ناک اور گری ہوئی حرکت ہے ہم وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کو مہلت دیتے ہیں کہ وہ جلد از جلد اپنی اس نازیبا حرکت پر صحافی برادری سے معافی مانگیں بصورت دیگر ہم شدید ترین احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے ۔

قارئین متحدہ قومی موومنٹ نے جس طریقے سے پی ایف یوجے کے انتخابات میں متشدد رویے کا عملی مظاہرہ کیا اور جس طریقے سے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے آزادکشمیر کے سب سے بڑے پریس کلب کشمیر پریس کلب میرپور میں صحافیوں اور راقم کی عزت افزائی فرمائی ہے یہ دونوں رویے ظاہر کررہے ہیں کہ حکمران طبقہ اس وقت صحافت اور صحافیوں کے متعلق کیارائے رکھتاہے ہمیں امید ہے کہ صحافی برادری اپنے تمام اختلافات کو بھلا کر ان متشدد انہ رویوں اورحرکتوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائے گا یہاں اگرہم آزادجموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ڈپٹی اپوزیشن لیڈر وراہنما مسلم لیگ ن آزادکشمیر چوہدری طارق فاروق اور مسلم کانفرنس کے رکن قانون ساز اسمبلی سردار میر اکبر کا بھی شکریہ ادا کرتے چلیں کہ جنہوں نے میڈیا پر وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کی ایوان صحافت میں کی جانے والی نازیبا گفتگو کی شدید ترین مذمت کی ہے اور معافی مانگنے کا بھی مطالبہ کیا ہے ہمیں امید ہے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید اور ایم کیوایم اپنے ’’ فاشسٹ رویے ‘‘ پر نظر ثانی کرتے ہوئے اپنی اصلاح کریں گے اور پی ایف یوجے اور صحافی برادری سے معذرت کریں گے یہی وقت کا تقاضا ہے اے کے این ایس کے صدر عامر محبوب ،سابق پریس سیکرٹری صدر آزادکشمیر راجہ حبیب اﷲ خان ،سینئر صحافی وسابق جنرل سیکرٹری پریس کلب چوہدری خالد ،سینئر صحافی بلال رفیق ،سینئر نائب صدر پریس کلب سید قمر حیات ،سابق صدر پریس کلب صوفی محمد نذیر چوہدری ،شاہد صادق ،محمد امین آہیر ،فرخ ڈار اور چیئرمین ہیومن رائٹس کمیشن ہمایوں زمان مرزا سمیت دیگر تمام شخصیات کے ہم مشکور ہیں کہ جنہوں نے آواز حق کا ساتھ دیاہے ۔

آخر میں حسب روایت لطیفہ پیش خدمت ہے
مجسٹریٹ نے ملزم کو غصے سے دیکھتے ہوئے کہا
’’تم نے انتہائی ہوشیاری اور صفائی کے ساتھ جرم کیاہے ‘‘
ملزم نے معصومیت سے جواب دیا
’’شکریہ جناب آپ پہلے آدمی ہیں جنہوں نے میرے ہنر کی تعریف کی ہے ‘‘

قارئین پی ایف یوجے کے نومنتخب صدر افضل بٹ اور انکے پورے پینل کو ہم آزادکشمیر کی صحافی برادری کی طرف سے مبارکباد دیتے ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ ایم کیوایم اور چوہدری عبدالمجید وزیراعظم آزادکشمیر نے بھی انتہائی صفائی اور ہوشیاری کے ساتھ میڈیا اور صحافی برادری پر ’’ اپنا ہنر ‘‘ استعمال کیاہے ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں

Junaid Ansari
About the Author: Junaid Ansari Read More Articles by Junaid Ansari: 425 Articles with 374271 views Belong to Mirpur AJ&K
Anchor @ JK News TV & FM 93 Radio AJ&K
.. View More