عمران حسین چوہدری ۔۔۔۔ ایک تاثر

یہ ایک عجیب وغریب لیکن خوش آیند بل کہ میرے لیے باعثِ فرحت و انبساط اتفاق ہے کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بُک پر میرے ایک قریبی عزیز جناب عمران چوہدری ، جنھوں نے بریڈ فورڈ (یوکے) سےنہ صرف میسیجنگ چیٹ کی بلکہ موبائل پر گفتگو بھی کی۔ لیکن مجھ پر یہ ظاہر نہ ہوسکا کہ یہ عمران چوہدری وہی عمران حسین چوہدری ہیں جن کے نام اور کام سے ناچیز حافظ محمد میاں مالیگ کی وساطت سے کافی عرصہ قبل سے متعارف ہے، اور جو گذشتہ ڈیڑھ دہائی سے سنی فاؤنڈیشن برطانیہ کے پلیٹ فارم سے برطانیہ میں نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت کے لیے فعال رول ادا کررہے ہیں ۔ اس بات کا علم مجھے اس وقت ہوا جب موصوف گرامی قدر نے علامہ ارشد مصباحی صاحب کے اہل خانہ کے ذریعےمیرے لیے چار عدد اہم ترین کتابیں افضلیت صدیق اکبر رضی اللہ عنہ پر اجماع امت، مقام سیدنا صدیق اکبررضی اللہ عنہ ، مناقب سیدنا صدیق اکبررضی اللہ عنہ اور ماہ نامہ سنی ٹائمز کا خصوصی شمارہ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ انڈیا روانہ فرمائیں ۔

سنی فاؤنڈیشن کے روحِ رواں فعال و متحرک محترم عمران حسین چوہدری صاحب مذہبی و تعلیمی اور علمی وادبی دنیا کا ایک معتبر اور معروف نام ہے جن کی ادارتی ، تنظیمی اور تحریکی صلاحیتوں کا ہماری جماعت کے خواص و عوام سبھی نے دل کھول کو اعتراف کیا ہے ۔ آپ کو مسلکِ اہل سنت کی ترویج و اشاعت کا عشق کی حد تک رب کریم نے جذبہ ودیعت فرمایا ہے ۔ یقیناً آپ کی زندگی کا نصب العین مسلک حق کی اشاعت ہے اور جس کے لیے آپ اپنے تئیں علماے حق کی سرپرستی میں مسلسل مصروفِ عمل ہیں۔ جس کا ثبوت آپ کے ادارے سنی فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام شائع شدہ ۱۰۰ کے لگ بھگ علمی جواہر پارے ہیں۔ فروغ و اشاعتِ سنیت کے لیے ماہ نامہ سنی ٹائمز اور دیگر علماے اہل سنت کی کتب و رسائل کو بہتر اور عمدہ طریقے سے عوام و خواص کے خوانِ مطالعہ پر سجانا آپ کا عزمِ جنوں انگیز ہے اور ناچیز اس عزم کو سلامِ عقیدے پیش کرتا ہے ۔

افضلیتِ سیدنا صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ پر نکتہ چینی کی ناشایستہ جرأت کرنے والوں کو دنداں شکن جواب دینے کی غرض سے آپ کے ذریعے قائم کردہ سیدنا صدیق اکبر ریسرچ سینٹر کے پلیٹ فارم سے جو مثبت کارہاے نمایاں انجام دئیے جارہے ہیں وہ ہر اعتبار سے لائق تحسین اور قابل تقلید ہیں۔

محترم عمران حسین چوہدری کی مرتبہ مناقب سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ اسی سلسلۂ خیر کی ایک روشن و منور کڑی ہے۔ جس میں آپ نے شعری نعمتوں سے مالامال خوش فکر و خوش بخت شاعروں کے موے قلم سے سیدنا صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ کی مناقب کو خوب صورتی اور سلیقہ مندی سے آراستہ و مزین کیا ہے۔ اس کتاب میں قدیم و جدید شعرا کی ۱۹۲ مناقب شامل ہیں ۔ یہ کتاب یقیناً اہل عشق و محبت کے لیے سوغاتِ عقیدت ہے۔ محترم عمران حسین چوہدری کی یہ کاوش ایمان افروز تو ہے ہی ساتھ میں باطل شکن بھی، ۔۔

علاوہ ازیں دیگر تینوں کتابیں فی زمانہ رافضیت اور تفضیلت کے طوفانِ بدتمیزی کے ماحول میں اصلاحِ عقائد کی روشن شمعوں کا درجہ رکھتی ہیں ۔ میں جناب عمران حسین چوہدری جیسے باعمل ، مخلص ، خوشبو جیسے اُجلی فکر و نظر کے حامل، عشقِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کے بحرِ بیکراں کے شناور کے لیے بارگاہِ رب العزت میں دعاگو ہوں کہ ربِ لم یزل جل و عُلا جنابِ احمدِ مجتبیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کے صدقہ و طفیل اُن کو ہر ہر قدم پر کامران و سرخرو رکھے اور ان کے جملہ مقاصدِ حسنہ کی تکمیل کے لیے غیب سے سامان مہیا فرمائے (آمین بجاہِ النبی الامین صلی اللہ علیہ وسلم)
Dr. Muhammed Husain Mushahi Razvi
About the Author: Dr. Muhammed Husain Mushahi Razvi Read More Articles by Dr. Muhammed Husain Mushahi Razvi: 409 Articles with 647358 views

Dr.Muhammed Husain Mushahid Razvi

Date of Birth 01/06/1979
Diploma in Education M.A. UGC-NET + Ph.D. Topic of Ph.D
"Mufti e A
.. View More