پیامِ عمل

 صلاح الدین غازی امرتسری :پیامِ عمل ،نگارشات پبلشرز ،لاہور ،طبع ثانی ،جنوری 2009،صفحات 111،قیمت :100روپے

قاضی صلاح الدین غازی امرتسری کا شعری مجموعہ ’’پیام ِ عمل ‘‘جو پہلی بار 1951میں شائع ہوا ۔یہ شعری مجموعہ کچھ اضافوں کے ساتھ یکم جنوری 2009کو دوسری بار شائع ہوا ہے۔یہ شعری مجموعہ قاضی صلاح الدین غازی امرتسری کے فرزند قاضی محمد اکرم نے مرتب کیا ہے ۔نامور دانش ور اور ممتاز ماہر تعلیم علامہ غلام شبیر بخاری کا عالمانہ مقدمہ بھی اس اشاعت میں شامل ہے ۔اس شعری مجموعے کی تاریخی اہمیت ہے ،اس میں تحریک آزادی کی روداد بیان کی گئی ہے ۔1857میں جب برطانوی تاجر مکر کی چالوں سے تاجور بن بیٹھے تو اس خطے کے مظلوم عوام پر غلامی کی سیاہ رات مسلط ہو گئی جو نوے سال پر محیط تھی ۔اس عرصے میں علی گڑھ تحریک کے زیر اثر بر صغیر کے مسلمانوں نے اپنے حقوق کے لیے جد و جہد جاری رکھی ۔قاضی صلاح الدین امرتسری کی شاعری جہد و عمل ،اصلاح اور مقصدیت کی اسی روایت کا تسلسل ہے جسے سر سید احمد خان اور ان کے ناموررفقائے کار نے علی گڑھ تحریک کے ذریعے پروان چڑھایا اور اس خطے کے محکوم عوام میں آزادی کی تڑپ پیدا کی اور ان کے دلوں کو ایک ولولہء تازہ سے آشنا کیا۔اس شعری مجموعے کا انتساب کاروان حریت کے سالار مولانا ظفر علی خان کے نام کیا گیاہے۔یہ شاعری اپنے دامن میں روح عصر کے تمام عوامل کو سموئے ہوئے ہے ۔یہ شاعری قلب اور وح کی گہرائیوں میں اتر کر قارئین کے دلوں کو مسخر کر لیتی ہے ۔اس میں حریت فکر ،جہد مسلسل ،زندگی کی اقدار عالیہ اور جمالیاتی اقدار کا جو ارفع معیار جلوہ گر ہے اس کے اعجاز سے دلوں کو ایک ولوہء تازہ نصیب ہوتا ہے ۔
پِھر مسلماں خُسروِ کون و مکاں ہونے کو ہے
پھر گدائے مصطفٰی شاہِ جہاں ہونے کو ہے
میری نظر میں خار بھی ہر خار زار کے
دفتر کھلے ہیں معرفت کر دگار کے
یہ کہہ دو گُل سے نہ اترائے حُسن پر زنہار
خزاں کی فوج ظفر موج ہے کھڑی تیار

حیف صد حیف کہ 6۔نومبر 1956کو حریت فکر کے اس مجاہد کو دن دیہاڑے عارف والا سے اغوا کر لیا گیا اور آج تک اس گم شدگی کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔فکری اور نظریاتی اختلافات کے دبیز غبار میں اخلاقی ،مذہبی اور انسانی اقدار کا اس طرح عنقا ہو جاناایک لرزہ خیز اعصاب شکن سانحہ ہے ۔ان کی شاعری انھیں تا ابد زندہ رکھے گی اور ان کا نام افق ادب پر مثل آفتاب ضو فشاں رہے گا۔
Ghulam Ibn-e-Sultan
About the Author: Ghulam Ibn-e-Sultan Read More Articles by Ghulam Ibn-e-Sultan: 277 Articles with 680177 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.