مظہرعباس،کشمیرکمیٹی اور چوہدری طارق فاروق

قارئین !آج ہم روایت سے ہٹ کر بغیر کوئی روایت نقل کئے چند غیرروایتی باتیں آپ کی خدمت میں پیش کرنا چاہتے ہیں ویسے تو یہ عام دستور ہے کہ جب آپ نے اپنی بات میں وزن ڈالنا ہوتا ہے چند وزنی قسم کے حوالے گفتگو میں شامل کر کے ریفرنس کے طور پر چند شخصیات کو نقل کردیا جاتا ہے ہمارا آج کا موضوع اس قدر گھمبیراور سنجیدہ ہے کہ ہم نے براہ راست موضوع پر گفتگوکرنے کا سوچا ہے اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی بتاتے چلیں کہ دو ایسی بھاری بھرکم شخصیات آگے چل کر کالم میں شامل ہو جائیں گی کہ جو بذات خوداپنی ذات میں انجمن اور حوالے کی حیثیت رکھتے ہیں ۔

قارئین اس وقت آزاد کشمیر میں پکنے والی سیاسی کھچڑی پک پک کر اب جلنے کے قریب پہنچ چکی ہے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کے خلاف سابق وزیراعظم اور انہی کی پارٹی کے سینئر رہنما بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے اربوں روپے کی کرپشن کے انتہائی سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے قومی میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے کرپشن کے تمام دستاویزی ثبوت لارڈ نذیراحمد پہلے تاحیات مسلمان رکن ہاؤس آف لارڈز برطانیہ کے ذریعے وزیراعظم پاکستان تک پہنچادیئے ہیں اور سابق صدرپاکستان آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور فریالتالپور سمیت اپنی پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو بھی مجاور وزیراعظم اور ان کے پانچ پیاروں کی کرپشن کے تمام ثبوت ارسال کر دیئے ہیں اور جلد ہی کلک اینڈ کلک سکینڈل، جناح ماڈل ٹاؤن سکینڈل، میڈیکل کالجزسکینڈل اوردیگر سکینڈلز میں اربوں روپے لوٹنے والے وزیراعظم اپنے پانچ پیاروں سمیت میرپور بن خرماں جیل میں قید ہونگے ایک طرف تو بیرسٹر سلطان کی طرف سے اٹھایا گیا طوفان پوری قوم دیکھ رہی ہے تودوسری جانب مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی اعلیٰ قیادت میں میاں نواز شریف کی طرف سے تحریک عدم اعتماد میں حصہ لینے سے منع کرنے کے بعد چوہدری مجید کو اپنا وزیراعظم قراردینے پر شدیدترین تشویش دیکھنے میں آ رہی ہے اوراس حوالے سے میڈیا پر یہ رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ اپوزیشن لیڈر راجہ فاروق اور چوہدری طارق فاروق ڈپٹی اپوزیشن لیڈر میں اختلافات پھوٹ پڑے ہیں اور اس کا سب سے بڑا ثبوت ناقدین کے مطابق نواز شریف کے دورہ مظفرآباد کے موقع پر چوہدری طارق فاروق کا ان سے ملاقات کرنے سے گریز کرناہے

قارئین! ہم نے اسی حوالے سے ریڈیو آزاد کشمیر ایف ایم 93میرپور پر ایک مذاکراہ بعنوان ’’وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کا دورہ کشمیر اور اس کے اثرات ‘‘رکھا سٹیشن ڈائریکٹر چوہدری محمدشکیل نے اس حوالے سے راقم اور استاد محترم سینئر صحافی راجہ حبیب اﷲ خان کو خصوصی ہدایت کی کہ ادب آداب اور شائستگی کے تمام تقاضے ملحوظ خاطررکھتے ہوئے اصل بات جاننے کی کوشش کی جائے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی اپوزیشن لیڈر رہنما مسلم لیگ ن آزاد کشمیر چوہدری طارق فاروق نے کہاکہ میاں نواز شریف نہ صرف وزیراعظم پاکستان ہیں بلکہ پوری دنیا کے سیاسی رہنماؤں میں ان کا درجہ ایک ’’سٹیٹس مین‘‘ کا ہے اس وقت تمام عالمی رہنما جنوبی ایشیاء کے حوالے سے میاں نواز شریف کے موقف کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہیں اور میاں نواز شریف پاکستان کے وزیراعظم پہلے ہیں اور مسلم لیگ ن کے سربراہ بعد میں ۔میرے حوالے سے بعض سیاسی مخالفین نے بدنیتی کے ساتھ یہ خبر اڑائی ہے کہ میں نے نوازشریف سے اختلافات کی وجہ سے ان کے دورہ مظفرآباد کے دوران ان سے ملنے سے گریز کیا میری ہمشیرہ وفات پاچکی تھیں اور میری اپنی صحت انتہائی خراب تھی جس کی وجہ سے مجبوری کے عالم میں مجھے بھمبر واپس آنا پڑا میاں نواز شریف نے انتہائی سخت لہجے میں شائستہ انداز میں وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجیدکو ان کے کرپشن کے تمام معاملات پر سرزنش بھی کی ہے اور فوری اصلاح کا حکم بھی دیا ہے مسلم لیگ ن آزاد کشمیر اپنے قائدین کی دی گئی لائن کے مطابق ڈسپلن کی پابند ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ سالار جمہوریت سردار سکندر حیات خان اور صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان سمیت تمام پارلیمانی پارٹی مجاور حکومت کی کرپشن پر سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کرپٹ مجاور ٹولے کی مزید کرپشن برداشت کرنے کے لئے تیار نہیں ہے ۔ ڈپٹی اپوزیشن لیڈر چوہدری طارق فاروق نے کہاکہ میاں نواز شریف نے دورہ مظفرآباد کے دوران فنانشل ڈسپلن کے ساتھ کرپشن کے خاتمے کی بات بھی کی ہے اور مظفرآبادسے ہٹیاں بالا ،نیلم سے گلگت اور مظفرآباد سے میرپور وبھمبر دورویہ سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں کی منظوری بھی دی ہے میرپور سے صرف چار کلو میٹر کے فاصلے پر پاکستان ریلوے کا ٹریک موجود ہے بہت جلد وزیراعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کر کے مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میرپور کو پاکستان ریلوے کیساتھ منسلک کرنے کے منصوبے کی منظوری بھی لے گی۔ میرپور میں ریلوے سٹیشن بننے سے نہ صرف صنعتی شعبہ ترقی کرے گا بلکہ اس سے آزادکشمیر میں معاشی ترقی کا پہیہ گردش میں آئے گا اور میرپور میں نہ صرف صنعتیں لگیں گی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ تعطل کا شکار میرپور ڈرائی پورٹ کا منصوبہ بھی تکمیل تک پہنچ سکے گا۔ چوہدری طارق فاروق نے کہاکہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر مجاور حکومت کی کرپشن کے خلاف اب کسی بھی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کرے گی اور تمام فورمز پر مجاور وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کی کرپشن کے خلاف موثر ترین آواز اٹھائی جائے گی۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے سینئر تجزیہ کار ،پی ایف یو جے کے سابق جنرل سیکرٹری اوراے آر وائی نیٹ ورک ٹیلی ویژن کے ڈائریکٹر نیوز وکرنٹ افیئرز مظہر عباس نے کہاکہ میاں نواز شریف نے مظفرآباد دورہ کے موقع پر بھارتی سیاسی قیادت سے یہ درد مندانہ اپیل کی تھی کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعے کی اصل جڑ مسئلہ کشمیر کو جلد از جلد حل کیا جائے کیونکہ دونوں ممالک ایٹمی قوتیں ہیں اور کوئی بھی معمولی سے غلطی دنیا کی تباہی کا سبب بن سکتی ہے بھارتی میڈیا اور سیاستدانوں نے وزیراعظم پاکستان کی اس اپیل کو منفی رخ دیدیا اور صاف دکھائی دے رہا ہے کہ موجودہ بھارتی حکمران آئندہ انتخابات میں شکست سے دوچار ہو سکتے ہیں اور آنے والے دنوں میں دہلی میں ’’نریندر مودی حکومت‘‘ہو گی اور اس حکومت سے بات چیت کرنا بہت کٹھن ہو گا کانگریس اسی وجہ سے پوائنٹ سکورنگ کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف بات کر کے اپنا ووٹ بینک بڑھانا چاہتی ہے ۔مظہر عباس نے کہاکہ مسئلہ کشمیر پر آج تک پاکستان کامیابی حاصل نہیں کر سکا اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ماسوائے ذوالفقار علی بھٹو کے کسی بھی پاکستانی حکمران کو یہ توفیق نہیں ہوئی کہ وہ مسئلہ کشمیر پر جرات مندانہ موقف اپناتاکشمیر کمیٹی صرف سیاسی رشوت کے طور پر استعمال کی جاتی ہے کشمیر کمیٹی کے سینکڑوں وفود قوم کا اربوں روپیہ خرچ کر کے پوری دنیا میں پکنک مناتے رہے لیکن آج تک نہ تو پارلیمنٹ نے کشمیر کمیٹی سے ان کی کارکردگی کی رپورٹ مانگی اور نہ ہی کسی اور فورم پر وہ کسی کے سامنے جوابدہ ہوئے کشمیر کمیٹی اور پاکستان کا دفتر خارجہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی پسپائی ورسوائی کے سب سے بڑے ذمہ دار ہیں مظہر عباس نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر کے دوران اب تک سات لاکھ سے زائد کشمیری شہید ہو چکے ہیں لیکن پاکستان کے پالیسی ساز اداروں نے عالمی برادری کے سامنے بھارت کی اس دہشتگردی کو آشکار نہیں کیا اور موثر کام نہ ہونے کی وجہ سے آج یہ دن دیکھنا پڑا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف جب امریکہ کے دورے پر گئے تو بجائے اس کے کہ وہ مسئلہ کشمیر پر اوبامہ سے بات کرتے الٹا امریکی صدر اوبامہ نے نواز شریف سے ممبئی حملوں کے تناظر میں بات کی مظہر عباس نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ لائق اور اہل ترین لوگوں کو کشمیر کمیٹی میں لایا جائے اور پاکستان کی وزارت خارجہ اپنے تمام خارجہ دفاتر ایسے لوگوں کو تعینات کرے جو مسئلہ کشمیر کو اس کے اصل تناظر میں اقوام متحدہ کی منظورشدہ قراردادوں کی روشنی میں پوری دنیا کے سامنے اجاگر کرے اس وقت صورتحال اتنی تشویشناک ہے کہ پاکستان جب عالمی برادری کے سامنے مسئلہ کشمیر کی بات کرتا ہے تو نہ تو اسلامی ممالک ہمارے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں اور نہ ہی غیر اسلامی۔ ہم اس وقت بین الاقوامی برادری میں تنہائی کا شکار ہو رہے ہیں مظہر عباس نے کہاکہ بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر مقبوضہ کشمیراور آزاد کشمیر کے دوران 198کلو میٹر طویل دیوار تعمیر کرنے کا منصوبہ ابھی صرف خبروں کی حد تک محدود ہے اور اگر اس پر بھارت نے واقعی کام شروع کیا تو پاکستان کے پاس یہ سنہری موقع ہے کہ وہ عالمی برادری کوباورکروا سکے کہ بھارت عالمی اصولوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے مظہرعباس نے کہاکہ وزیراعظم نواز شریف نے دورہ مظفرآباد اور دیگر موقعوں پر آزاد کشمیر میں اپنے سیاسی مخالفین کی حکومت نہ گرانے کاعندیہ دے کر شائستگی کی سیاست کی بنیاد رکھی ہے اگر تحریک عدم اعتماد کے دوران وہ مجید حکومت ختم کروا دیتے تو آئندہ پانچ سالوں کے دوران انہیں ہر موقع پر اور ہرفورم پر یہ طعنہ سنناپڑتا کہ انہوں نے آزادکشمیر کی حکومت گراکر مفاد پرستی کی سیاست کی تھی مظہرعباس نے کہاکہ میرپور میں پاکستان کا سب سے بڑا آبی ذخیرہ منگلا ڈیم بھی ہے اور یہ شہریہ اعزاز بھی رکھتا ہے کہ یہاں پاکستان کے کسی بھی شہر سے زیادہ برطانوی شہریت رکھنے والے کشمیری رہتے ہیں میرپور کی معاشی ترقی کے لئے یہاں ریلوے ٹریک کا منصوبہ شروع کرنا خوشحال مستقبل کی بنیادرکھے گا میاں نواز شریف کوچاہیے کہ صرف چار کلومیٹر ریلوے ٹریک بچھا کر میرپور آزاد کشمیر کو پاکستان ریلوے سے منسلک کر دیں اس سے مقبوضہ کشمیراور پوری دنیا میں انتہائی مثبت پیغام جائیگا کہ پاکستانی لیڈرشپ کشمیر کو خوشحال دیکھناچاہتی ہے ۔

قارئین!ڈپٹی اپوزیشن لیڈر چوہدری طارق فاروق اور پی ایف یو جے کے سابق جنرل سیکرٹر ی سینئر صحافی مظہر عباس کی انتہائی سنجیدہ اور فکر انگیز گفتگو ہم نے بغیر کوئی ’’تڑکہ‘‘ لگائے آپ کی خدمت میں پیش کی ہے اس گفتگو پر استادمحترم راجہ حبیب اﷲ خان کاتبصرہ انتہائی معنی خیز ہے راجہ حبیب اﷲ خان کا کہنا ہے کہ میں خود چند روز قبل مقبوضہ کشمیر کاپندرہ روزہ دورہ کر کے واپس آیا ہوں اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیری آزادی حاصل کرنے کے لئے اﷲ پر توکل رکھتے ہیں اور ظاہری طور پر پاکستان اور آزادی کا بیس کیمپ آزاد کشمیر ان کی امیدوں اور آرزوؤں کا مرکز ہے پاکستان اور آزاد کشمیر میں ایک نظریاتی حکومت ہی کشمیریوں کی مشکلات کا حل ہے راجہ حبیب اﷲ خان نے کہاکہ مظہر عباس کا یہ تجزیہ بالکل درست ہے کہ کشمیر کمیٹی سمیت دیگر تمام فورمز جو تحریک آزادی کشمیر کے نام پر بنائے گئے وہ صرف اور صرف سیاسی رشوت کے لئے استعمال کئے گئے اور پاکستان کے دفاتر خارجہ سمیت کشمیر کمیٹی کے قبلے کی درستگی وقت کاتقاضا ہے ۔

قارئین! شہاب نامہ کے مصنف قدرت اﷲ شہاب کی یہ تحریر تمام صورتحال آشکار کرنے کے لئے کافی ہے کہ ابتدائی دنوں میں ہی جب ’’منسٹری آف کشمیر افیئرز‘‘قائم کی گئی تھی تو یہ لطیفہ مشہور ہو گیا تھا کہ اس منسٹری سے باقی سب کچھ نکل چکا ہے اور ’’افیئرز ہی افیئرز‘‘ باقی رہ گئے ہیں آج بھی کشمیر لبریشن سیل عنوان کے اعتبارسے آزادی کشمیر کے لئے کام کرنیوالا فورم ہے اوردرحقیقت لبریشن سیل کے ذریعے پیپلزپارٹی کے پونے تین سو جیالوں اور جیالیوں کو سالانہ کروڑوں روپے رشوت کے طور پردیئے جا رہے ہیں سمجھ نہیں آتا کہ ادا کرنیوالے کشمیر کی آزادی کے نام پر یہ کروڑوں روپے کیوں ادا کر رہے ہیں اور کھانے والے بظاہر سیاسی رہنما یہ ’’لقمہ حرام‘‘ کس طرح حلال سمجھ کر کھا رہے ہیں بقول ساغر صدیقی یہ کہتے چلیں کہ
وہ بلائیں تو کیا تماشہ ہو
ہم نہ جائیں تو کیا تماشہ ہو
یہ کناروں پہ کھیلنے والے
ڈوب جائیں تو کیا تماشہ ہو
آج ہم بھی تیری وفاؤں پر
مسکرائیں تو کیا تماشہ ہو

قارئین!قائد تحریک آزادی کشمیر عبدالخالق انصاری ایڈووکیٹ مرحوم یہ کہا کرتے تھے کہ جو قوم اپنی آزادی حاصل کرنے کے لئے قبرستان آباد کرنے کا حوصلہ رکھتی ہے اسے دنیا کی کوئی بھی طاقت غلام نہیں رکھ سکتی کشمیریوں نے سات لاکھ شہداء کانذرانہ پیش کر کے آزادی کی نہ بجھنے والی شمع روشن کی ہے کسی مفکر نے کہاتھا کہ ’’ مجھے میرے دوستوں سے بچاؤ دشمنوں سے میں خود نمٹ لوں گا‘‘مظہر عباس نے اس انٹرویو میں ہمیں یہ بھی بتایا کہ پاکستان کشمیریوں کی تحریک آزادی کا واحدوکیل ہے اور پاکستان کی مضبوطی دراصل کشمیر کیس کی مضبوطی ہو گی کیونکہ کمزور کی آواز اس دنیا میں کوئی بھی نہیں سنتا اﷲ پاکستان کو اپنی امان میں رکھے اور اہل ترین اور دیانتدار قیادت کو پاکستان اور کشمیرکے لئے عملی کام کرنے کی توفیق دے آمین۔
آخر میں حسب روایت لطیفہ پیش خدمت ہے
ایک بچہ سکول لیٹ آیا تو استانی نے غصے سے پوچھا
’’گڈوتم آج دیر سے کیوں آئے ہو‘‘
گڈو نے آنکھیں ملتے ہوئے جواب دیا
’’ٹیچر میں گر گیا تھا اور لگ گئی تھی‘‘
استانی نے تشویش سے کہاکہ پوری بات بتاؤ
گڈو نے جواب دیا
’’ٹیچر ناشتہ کرنے کے بعد میں صوفے پر گر گیا تھا اور میری آنکھ لگ گئی تھی‘‘

قارئین !یوں لگتا ہے کہ ہماری سیاسی قیادت بھی پاکستان اور آزاد کشمیر میں اکثر اوقات ’’گر‘‘جاتی ہے اور اس قیادت کو ’’لگ ‘‘جاتی ہے بقول شاعر
یہ ناداں گرگئے سجدوں میں جب وقت قیام آیا

Junaid Ansari
About the Author: Junaid Ansari Read More Articles by Junaid Ansari: 425 Articles with 374450 views Belong to Mirpur AJ&K
Anchor @ JK News TV & FM 93 Radio AJ&K
.. View More