نوری مشن کی ۶۱ ویں اشاعت ’’ذاتی و عطائی کا فرق‘‘

عقائد کا علم حاصل کرنافرض ہے۔ایمان کی سلامتی کے لیے جس طرح عقیدۂ توحید کی درستی ضروری ہے اسی طرح عقیدۂ رسالت کی اہمیت سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا۔ذات و صفاتِ باری تعالیٰ سے متعلق عقائد کے ساتھ ساتھ بارگاہِ مصطفی صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کے حقوق و آداب کا جاننا اور ماننا ہر مسلمان کی مذہبی اور ایمانی ذمہ داری ہے؛جس سے غفلت برتنے پر گم راہی اور بدمذہبی کا قوی اندیشہ ہے۔دورِ حاضر میں اسلام مخالف خارجی اورداخلی سازشیں اور تحریکیں اسلامی عقائد کی بیخ کنی کے لیے ہر طرح کے مرعوب کن و متاثر کن مکھوٹے پہنے مسلم آبادیوں میں اپنے کاز کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ ایسے پرفتن ماحول میں ایمان کے تحفظ کے لیے ضروری ہے کہ بنیادی اسلامی عقائد کو عام فہم اورمدلل و مبرہن انداز میں پیش کیا جائے۔تاکہ مزعومہ ’’توحیدِ خالص‘‘(جو اصل میں ’’ابلیسی توحید‘‘ ہے) کے نام پراہانتِ مصطفی صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کی ناپاک اور ایمان سوز تحریکوں کے مکر و فریب سے عوام مسلمین کے دین و ایمان اور عقائد و نظریات کی حفاظت ہو سکے۔پیش نظر رسالہ کی اشاعت اسی غرض سے کی جارہی ہے۔
 

image

حضرت مفتی محمد فیض احمداُویسی علیہ الرحمہ ’’ایک ذات انیک خدمات‘‘ کا نام ہے۔آپ کی خدمات کا دائرہ درس و تدریس، تبلیغ و ارشاد، رد و مناظرہ،خطابت و قیادت سے لے کر تصنیف و تالیف تک وسیع ہے۔ آپ کے رشحاتِ قلم سے سیکڑوں موضوعات پرتقریباً چار ہزار کتابیں وجود پذیر ہوئیں جن میں ڈھائی ہزار کے قریب شائع ہو چکی ہیں۔تفسیرِ قرآن ’’روح البیان‘‘ کا ترجمہ آپ کا شاہ کار ہے۔ زیرِ تبصرہ رسالہ ’’ذاتی و عطائی کا فرق‘‘ علامہ اویسی علیہ الرحمہ کاعقائد کے باب میں ایک عام فہم ، مدلل اور توضیحاتی اوصاف کا حامل منفرد مقالہ ہے۔جس میں عقائد اہلِ سُنّت کو قرآنی دلائل کی روشنی میں اصولی مباحث سے ثابت کیا گیا ہے۔جو اہلِ انصاف کے لیے یقیناذریعۂ ہدایت ثابت ہوگا۔عام فہم اور سلیس زبان میں اس علمی نکتہ اور اہم عقیدے کو واضح کیا گیا ہے جس کے درمیان فرق نہ سمجھنے کی بنا پر عوام مسلمین پر شرک اور کفر کے فتوے داغے جاتے ہیں۔ یقینا یہ اشاعت غلط فہمیوں کو دور کرنے میں معاون و مدد گار ہوگی۔ ہندستان میں پہلی مرتبہ اشاعت کی سعادت’ نوری مشن‘ مالیگاؤں کو حاصل ہو ئی۔عرس حضرت مخدومِ سمناں رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کے موقع پر مسجد رضائے غوثِ اعظم مالیگاؤں میں حضرت مولانا تفویض احمد رضوی کے ہاتھوں اجرا عمل میں آیا جب کہ مولا نا مدثر حسین ازہری نے کتاب کا تعارف کروایا۔

تہدیہ و تشکر: رسالہ کی اشاعت کے لیے www.faizahmedowaisi.com کے ذمہ داران بالخصوص محمد نعمان احمد اویسی نے علمی تعاؤن کیا ہے۔یقینا ان کے علمی تعاؤن کے بغیر صحت کے ساتھ رسالہ کی اشاعت ناممکن تھی۔ اسی طرح شہ زادۂ فیضِ ملت حضرت مفتی فیاض احمد اُویسی مدظلہ العالی کا بھی ہم شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اس رسالہ کی اشاعت کی نہ صرف اجازت دی بلکہ اشاعتی کاموں پر مسرت کا اظہار فرمایا اور دعاؤں سے نوازا۔
Waseem Ahmad Razvi
About the Author: Waseem Ahmad Razvi Read More Articles by Waseem Ahmad Razvi: 84 Articles with 122543 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.