سوچیں ضرور مگر ذرا غور سے

زندگی میں اکثرآپ کو لوگ پریشان حیران اور نادان نظر آتے ہیں جبکہ فی الحقیقت بہت سی پریشانیاں اس قابل ہوتی ہیں کہ ان کے لئے پریشان ہوا جائے جبکہ ذیادہ تر پریشانیاں ہوتی ہی اس لئے ہیں کہ ان کو چھوڑ دیا جائے وقت اور حالات پر۔۔۔۔۔اب بہت سے لوگ یہ کہتے بھی پائے جاتے ہیں کہ یہ کہنا آسان ہے مگر عمل کرنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہے۔ سب سے پہلے بات وہیں آجاتی ہے کہ زندگی میں سب کچھ پلیٹ میں رکھ کر دینے کا وعدہ نہیں کیا گیا پھر یہ بھی ہے کہ بہت کچھ آپ تبدیل نہیں کر سکتے اور اس کے لئے کتنا ہی جل کڑھ پریشان کیوں نہ ہوں لیں زندگی کی صحت جیسی انمول نعمت ہی کیوں نہ آپ پریشانیوں میں غرق ہو ہو کر برباد کر لیں پھر بھی آپ کو ان مسئلوں کا حل نہیں ملے گا۔ کیونکہ کچھ چیزیں بہرحال لاعلاج ہوتی ہیں۔
آج کے دور میں پریشانی اگر بڑھ گئی ہے تو اس کی سب سے اہم وجہ بھی یہی ہے کہ ہم نے طرز زندگی اور طرز فکر ہی ایسا بنا لیا ہے کہ پریشان رہنا از حد ضروری اور ایک لائف سٹائل ہے سو اس کو جاری رکھنے میں کو ئی قباحت نہیں البتہ کوئی کرامت ضرور ہو سکتی ہے۔

تھوڑا سا غور فرمائیں
جو مسئلے پریشان کر رہے ہیں ان کو تسلی اور سکون کے ساتھ بیٹھ کر پہلے لکھ لیا جائے۔

پھر ان مسائل کی درجہ بندی کرلیں کہ کون سا مسئلہ ذیادہ تنگ کررہا ہے اور کس کو آپ سوچ سوچ کر محض خود کو تنگ کر رہے ہیں۔ لکھ کر غور کرنے پر بہت آسانی سے پتہ چل جائے گا۔

فطرت کا قانون ہے ہر اچھی چیز کے ساتھ اس کا الٹ بھی بنا یا ہے سو اس لئے اگر آپ ڈھونڈیں گے تو بے حد آرام سے ہر مسئلے کا ایک حل بھی ساتھ ہی ملے گا۔ حل در حقیقت ہوتا ہے مگر اوجھل ہوتا ہے۔ لکھ کر دیکھنے سے مل جاتا ہے۔

مسئلےکا حل لکھنے کے بعد اگر دیکھا جائے کہ کون کون سے چھوٹے چھوٹے کام کسی مسئلے کو حل کرنے کے لئے کئَ جا سکتے ہیں جس طرح مجھے بہت سے لوگ مٹاپے کے مسئلے کے لئے پریشان ملتے ہیں اور ہاتھ میں ان کے چاکلیٹ ہوتی ہے جبکہ میٹھا موٹاپا سب سے پہلے دیتا ہے۔

بہت سے لوگ نوکری نہ ہونے کے لئے پریشان ملیں گے وہ اگر جاب مارکیٹ کے حالات اور مارکیٹ ٹرینڈز پر ریسرچ کر لیں تو نوکری کا حصول آسان ہو سکتا ہے جس طرح کھانا پکانے سے پہلے ترکیب جاننا ضروری ہے۔

پھر ہم نے دل سے تہیہ کر رکھا ہوتا ہے کہ ہمیشہ اپنے سے ذیادہ پریشان لوگوں میں رہنا ہے جبکہ خوش مزاج اور خوش اخلاق لوگوں کے ساتھ رہنے سے ٹینشن کم ضرور ہوتی ہے۔

سب سے بڑھ کر آپ کو جو چیز تنگ کر رہی ہے اس کے لئے ایک ماہر سے مشورہ کر لینا بھی زندگی کا وقت اور دماغ کی ٹینشن بچاتا ہے۔

سب سے آخر میں وہ آئینہ جس کو دیکھتے ہوئے آپ ہمیشہ خود کو بہت مایوس اور دلگرفتہ اور بد قسمت سمجھتے ہیں اس کو دیکھتے ہوئے اپنے بارے میں کچھ اچھا اپنے سامنے اپنے لئے کہنا جادو اثر دوا ہے۔۔۔۔آزمائش شرط ہے

sana
About the Author: sana Read More Articles by sana: 231 Articles with 293038 views An enthusiastic writer to guide others about basic knowledge and skills for improving communication. mental leverage, techniques for living life livel.. View More