کرکٹ اور کُوڑا کَرکٹ

جہاں دانش وری کے نام پر صرف بَک بَک ہوتی ہو، علم کے نام پر بڑھکیں مارنے اور شعبدے دکھانے کا سلسلہ جاری رکھا جاتا ہو، کام کے نام پر صرف بے عملی کو رواج دیا گیا ہو، اداکاری کے نام پر بھونڈی حرکتیں پنپ رہی ہوں اور اپنائیت کے نام پر صرف چاپلوسی کو بڑھاوا مل رہا ہو وہاں اگر کھیلوں کے فروغ کے نام پر کھیلوں ہی سے کھلواڑ کی جارہی ہے تو حیرت کیوں ہو؟

کرکٹ نے عجب رنگ پکڑا ہے۔ محتاجی اب وکٹ کی ہے نہ گراؤنڈ کی۔ جب کرکٹ نئی ہے تو گراؤنڈ نئے کیوں نہ ہوں؟ اور وکٹ میں بھی انفرادیت ہونی ہی چاہیے سو ہے۔

جنوبی افریقا کے دورے سے واپسی پر طیارے کی لینڈنگ کے ساتھ ہی شاہد آفریدی کے صبر کا تحمل کا طیارہ ٹیک آف کرگیا۔ فائر برانڈ شاہد آفریدی نے ایسی ’’خوبیٔ گفتار‘‘ کا مظاہرہ کیا کہ لوگ انگشت بہ دنداں رہ گئے۔ جو چوکے اور چھکے اُن کا بَلّا نہ اُگل سکا وہ اُن کی زبان نے لگائے۔ شاہد آفریدی کو جو غُصّہ جنوبی افریقا کے میدانوں میں میزبان ٹیم کے بَلّے بازوں اور گیند بازوں پر اُتارنا تھا وہ اُنہوں نے اپنے اُن سابق ساتھیوں پر اُتار دیا جو کرکٹ سے سُبک دوش ہونے پر خاصی سُبک سَری سے موجودہ کرکٹرز کی کارکردگی کے گلے پر تبصرے کی چُھری پھیرتے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں شاہد آفریدی نے ’’مسٹر بین‘‘ اور ’’ہیکل اینڈ جیکل‘‘ کو سیدھا کرنے کے لیے آڑے ہاتھوں لیا اور جم کر ’’گگلیاں‘‘ کرائیں۔

کسی زمانے میں (ہمیں تو خیر ٹھیک سے یاد بھی نہیں کہ کب) کرکٹ کو شرفاء کا کھیل کہا جاتا تھا۔ کرکٹ کے حوالے سے ایسی کوئی بھی بات سُن کر فی زمانہ صرف ہنسا جاسکتا ہے۔ کرکٹ اگر شرفاء کا کھیل ہے تو پھر اصولی بات یہ ہے کہ کرکٹ کے کسی بھی مقابلے کے لیے میدان میں اُترنے والے ایک دوسرے سے بھائیوں جیسا برتاؤ کریں۔ خیر سے موجودہ اور سابق تمام ہی ٹائپ کے کرکٹرز اب ایک دوسرے کے لیے ’’بھائی‘‘ ہیں! کسی معاملے پر اختلاف ہو تو ’’مکالمے‘‘ سُن کر ایسا لگتا ہے کہ انڈر ورلڈ کے گینگ آپس میں دست و گریباں ہیں!

بُوم بُوم آفریدی نے ناقدین کو آڑے ہاتھوں لیا اور ایئر پورٹ کے لاؤنج ہی میں میدان سجالیا۔ مسافروں اور اُنہیں چھوڑنے یا لینے کے لیے آنے والوں کی تو چاندی ہوگئی۔ کرکٹ کا سُپر اسٹار دیکھنے کو ملا اور وہ بھی ’’فاسٹ اینڈ فیوریس‘‘ حالت میں! ایسی حالت میں آٹو گراف سے زیادہ آڈیو گراف مزا دیتا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران جو چٹخارا شاہد آفریدی کی باتوں میں لوگوں کو ملا وہ تو اُن کے نام سے قائم ریسٹورنٹ کے کھانوں میں بھی نہیں ملتا! اگر وطن واپسی پر قومی کرکٹرز کچھ ایسے ہی اطوار کا مظاہرہ کرتے رہے تو اُن کی واپسی پر تماشائیوں کے ٹھٹھ کے ٹھٹھ لگ جایا کریں گے۔ کون بے وقوف ہوگا جو مُفت میں ملنے والے ایسے تماشے سے محروم رہنا پسند کرے!

کیمرے کے سامنے شاہد آفریدی کے آنے کی دیر تھی کہ سکندر بخت، شعیب اختر اور محمد یوسف نے بھی مورچہ سنبھال لیا۔ ٹی وی اسکرین جنگ کے میدان میں تبدیل ہوئی۔ اور اِس کے بعد وہ گھمسان کا رن پڑا کہ الحفیظ و الامان۔

اﷲ شعیب اختر کی عمر دراز کرے۔ آج کل وہ شائقین اور ناظرین کو ایسی تفریح فراہم کر رہے ہیں کہ حاسدوں کی بُری نظر سے بچانے کے لیے اُن کے بازو پر سیاہ پٹی باندھنے کو جی چاہتا ہے! ویسے ہمیں یا اُنہیں سیاہ پٹی کی تلاش میں زیادہ دُور نہیں جانا پڑے گا۔ تبصرے کے نام پر شعیب اختر جن کی کھنچائی کرتے ہیں وہ احتجاجاً جو (نادیدہ) سیاہ پٹیاں بازوؤں پر باندھتے ہیں اُنہی سے نظر بَٹّو کا کام بھی لیا جاسکتا ہے! ہم (اور یقیناً آپ بھی) اب تک یہ سمجھ نہیں پائے کہ شعیب اختر ٹی وی پر مُبصر کی حیثیت سے کام کرنے سے قبل غلط فیلڈ میں چلے گئے تھے یا یہ سلیکٹرز کی نا اہلی تھی کہ مُنہ کے مہارتھی کو گیند کی دنیا کا طالع آزما بنا ڈالا تھا! ہمیں تو لگتا ہے بہت سے کرکٹرز اِس وقت غلط شعبے میں صلاحیتیں ضائع کر رہے ہیں! وہ جلد از جلد تبصرے اور ماہرانہ رائے کے میدان میں آجائیں، اُنہیں کچھ نہیں کہا جائے گا!

شعیب اختر جس دل جمعی سے تبصرے فرما رہے ہیں اگر ویسی ہی استقامت اُنہوں نے کرکٹ کے میدانوں میں دکھائی ہوتی تو آج کرکٹ میں بھی اُن کا کچھ نہ کچھ مقام ضرور ہوتا۔ گیند وہ بہت تیز کراتے تھے۔ مگر پھر بھی کچھ رفتار بچاکر رکھی تھی جو اب تبصروں میں کام آرہی ہے! امریکی بھی سوچتے ہوں گے کہ کاش یہ پُھرتی اُن کے پاس ہوتی تو آج افغانستان سے انخلاء میں کام آتی!

شعیب اختر نے شاہد آفریدی کی گگلی کے جواب میں باؤنسر پھینکتے ہوئے کہا۔ ’’وہ اب تک بڑا نہیں ہوا۔ جاہل اور پڑھے لکھے میں یہی فرق ہوتا ہے۔ ہم سب اچھی طرح جانتے ہیں کہ شاہد آفریدی کی اوقات کیا ہے۔‘‘ ٹی وی اسکرین پر ’’بے امنی کی آشا‘‘ کو جلوہ افروز دیکھ کر ناظرین بے چارے ’’سَنکٹ‘‘ میں پڑگئے۔ اُن کی سمجھ میں نہ آیا کہ جاہل کون ہے!

محمد یوسف نے کہا قوم چاہتی ہے شاہد آفریدی اب یہ طے کرلیں کہ زبان سے کھیلیں گے یا بَلّے سے! اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ شاہد آفریدی اب تک یہ فیصلہ نہیں کر پائے کہ اُنہیں کرنا کیا ہے اور یہ کہ ابھی اُنہیں بہت کچھ سیکھنے کی ضرورت ہے۔ ہمارے خیال میں محمد یوسف کی رائے بعد از وقت ہے۔ شاہد آفریدی کرکٹ کے ساتھ اور بہت کچھ سیکھ چکے ہیں جبھی تو ٹیم میں ہیں! بیٹنگ میں نہیں چلتے تو بولنگ میں کچھ نہ کچھ کر دکھاتے ہیں۔ کبھی بولنگ میں فیل ہوئے تو تھوڑا بہت اسکور کر جاتے ہیں۔ اور فیلڈنگ تو معیاری ہے ہی۔ ہم نہیں چاہتے کہ محمد یوسف کا مشورہ مان کر شاہد آفریدی ’’اوور لرننگ‘‘ کے مرحلے سے گزریں! کوچز کو شکایت رہی ہے کہ شاہد آفریدی اُن کی بات نہیں مانتے۔ کوچز اُنہیں سمجھنے میں غلطی کرتے رہے ہیں۔ بات صرف اِتنی ہے کہ اُنہوں نے خود کو ہر مقام پر کھرا اور سچا آفریدی ثابت کیا ہے!

بہت سے شائقین یہ سوچ کر خوش ہیں کہ کرکٹ میں تو اب مزا نہیں رہا۔ اچھا ہے کرکٹرز آپس میں کچھ مُنہ کی لڑائی لڑ لیا کریں اور ہمارا بھلا ہوتا رہے! تبصروں میں ایک دوسرے پر چپکائے جانے والے جملوں میں کرکٹ کا پورا مزا موجود ہے۔ مُنہ سے چھکا مارا جائے تو گیند بالعموم انکلوژر سے بھی باہر جا گرتی ہے۔ لوگوں کو تو محظوظ ہونے کا موقع چاہیے۔ اسٹیڈیم کی وکٹ نہ سہی، اسٹوڈیو کی پچ سہی۔

یاروں نے کمال کر دکھایا ہے۔ کرکٹ بھی مزے کی ہوتی ہوگی۔ مگر اِس کا پتا تو اُس وقت چلے جب ہم کرکٹ دیکھیں۔ اب تو لوگوں کو تبصروں اور جائزوں میں زیادہ لطف محسوس ہونے لگا ہے۔ اور کیوں نہ ہو؟ کرکٹ سے زیادہ محنت اب تبصروں پر کی جارہی ہے۔ کرکٹ کے معاملے میں اب سفر اِتنا دلچسپ ہے کہ لوگ منزل کو بھول گئے ہیں! جو لوگ کسی زمانے میں اسٹیڈیم میں میچ دیکھتے ہوئے آپس کے جملوں سے محظوظ ہوا کرتے تھے وہ اب کرکٹ میچ کی لائیو کوریج کے دوران کرکٹ کے بزرجمہروں کی جملے بازی سے زیادہ محظوظ ہوتے ہیں۔

دُکھ اگر ہے تو صرف اس بات کا کہ اس پورے قضیے میں سکندر بخت جیسا شریف النفس، کم آمیز اور خوش گفتار انسان بھی داؤ پر لگ گیا! مگر خیر ع
اِس طرح تو ہوتا ہے اِس طرح کے کاموں میں!

M.Ibrahim Khan
About the Author: M.Ibrahim Khan Read More Articles by M.Ibrahim Khan: 572 Articles with 525688 views I am a Karachi-based journalist and columnist. .. View More