دفاع امام ابوحنیفہ رحمة اللہ علیہ

کتاب کا نام: دفاع امام ابوحنیفہ رحمة اللہ علیہ
تالیف: مولانا عبدالقیوم حقانی
ضبط و ترتیب: مولانا قاری رمضان
ناشر: القاسم اکیڈمی جامعہ ابوہریرہ خالق آباد نوشہرہ کے ۔پی۔ کے
تاریخ طباعت دو از دہم: ' رجب المرجب١٤٣١ھ/ جولائی2010ئ
ضخامت: 361صفحات
قیمت: درج نہیں

امام اعظم امام ابوحنیفہ وہ عظیم انسان ہیں جوامت مسلمہ کے سب سے بڑے فقیہ ہیں۔اللہ تعالیٰ نے الامام الاعظم سے وہ عظیم الشان کام لیے جو نہ ان کے ہم عصروں سے لیے نہ ان کے بعد کے فقہاء و محدثین سے۔امام صاحب کی فقاہت وجلالت اور علمی عظمت کا اعتراف اکابر علمائ' مجتہدین وقت' اور آج تک کے فضلاء و صلحاء اوراہل علم نے کیا ہے اور قیامت تک ان کی عظمت علم و عمل کے جھنڈے لہرہاتے ہوئے نظر آئیں گے۔ اپنے تو اپنے غیر بھی ان علمی عظمت کا اعتراف کیے بغیر نہ رہ سکتے۔فقہ حنفی آج عالم اسلام کی تمام معروف دینی درسگاہوں میں شامل نصاب ہے۔امام اعظم رحمة اللہ علیہ کی شان و منقبت' وسعت علمی'حسنات و صفات وحق گوئی'علمی تبحر' دیانت' شجاعت' استقلال و طرز استدلال' مجاہدہ و ریاضت'حکیمانہ بصیرت' ذوق مطالعہ و یکسوئی قلب و دماغ'شب بیداری اور آہ سحر گاہی' تزکیہ نفس' اصلاح احوال'جذبہ تعمیر انسانیت'استغنائ' سیاسی و سماجی بصیرت' ان کے مستحکم اور پائیدار اصول' اور دیگر صفات حمیدہ اور اوصاف حسنہ کے بارے میں سالوں سے لکھا جارہا ہے اور ہر زبان میں لکھا گیا ہے اور یہ سلسلہ تاقیامت جاری و ساری رہے گا۔ جس نے بھی لکھا ہے سب نے خوب لکھا ہے۔ اردو زبان میں بھی حضرت امام صاحب پر بہترین کام ہوا ہے۔آج کی جدید دنیاکی جدید یونیورسٹیوں میں حضرت امام کے فقہ اور اصول فقہ پر پی ایچ ڈی کے مقالے لکھے جارہے ہیں ۔ لاکھوں صفحات لکھے گئے ہیں اور کروڈوں لکھے جائیں گے۔زیر نظر کتاب دفاع اما م ابوحنیفہ معروف قلم کار ' نامور عالم دین حضرت مولانا عبدالقیوم حقانی صاحب کی تالیف کردہ ہے۔ انہوں نے اس کتاب کے مختلف ابواب باندھے ہیں اور ہر باب میں انتہائی شگفتگی سے اپنے مدعا کو بیان کیا ہے۔ سچی بات یہ ہے کہ حق ادا کیا ہے۔ آخری باب میں دور جدید کے جدت پسندوں کی خوب علمی گرفت کی ہے، اجتہاد مطلق کی شرعی حیثیت اور نظیریہ نیم تقلید اور بے جا توسع کی مذمت میں کمال مہارت دکھائی ہے۔کتا ب کے شروع میں محدث کبیر حضرت مولانا عبدالحق حقانی کا افتتاحی مضمون'جناب مولانا سمیع الحق صاحب حقانی کا پیش لفظ ' حضرت مولانا قاضی زاہد الحسینی صاحب کا مقدمہ بے حد خوبصورت ہے۔ حرف آغاز کے عنوان سے خود مولانا عبدالقیوم حقانی صاحب کا ایک تفصیلی مضمون شامل ہے جو ایک ادبی شہ پارہ ہے۔میرے خیال میں مولانا حقانی صاحب کی جملہ تصانیف میں اہل علم و قلم میں سب سے زیادہ پڑھی جانے والی کتاب دفاع امام ابوحنیفہ ہی ہے۔ میں نے کئی جیدعلماء کو اس کتاب کا تذکرہ کرتے ہوئے دیکھا ہے اور کئی پی ایچ ڈی مقالوں میں اس کتاب کو ریفرنس کے طور پر استعمال کرتے ہوئے دیکھا ہے۔ کئی معروف لائیبریریوں میں بھی مولانا کی یہ کتاب پڑھتے دیکھا ہے۔مولانا موصوف کی یہ علمی کاؤش اپنے موضوع پر بہترین کتاب ہے اور علمی کتب خانے میںایک دلچسپ اضافہ اور ایک گراں قدر علمی تحفہ ہے۔امام صاحب علیہ الرحمة کے زندگی کے تمام گوشوں کو خوبصورتی سے سمیٹا گیا ہے گویا یہ امام صاحب پر دائرة المعارف و انسائیکلوپیڈیا ہے۔اور مخالفینِ فقہ حنفیہ کے منہ پر ایک زور دار تھپڑ ہے۔ خواہ مخواہ امام کبیر کی مخالفت کرنے والوں کو اس کتاب کا مطالعہ ایک دفعہ ضرور کرنا چاہیے تاکہ ان کے چودہ طبق روشن ہوجائے۔
Amir jan haqqani
About the Author: Amir jan haqqani Read More Articles by Amir jan haqqani: 446 Articles with 434296 views Amir jan Haqqani, Lecturer Degree College Gilgit, columnist Daily k,2 and pamirtime, Daily Salam, Daily bang-sahar, Daily Mahasib.

EDITOR: Monthly
.. View More