سہ ماہی نصرة الاسلام گلگت کا باقاعدہ اجرائ، ایک مثبت قدم

الحمدللہ، گلگت بلتسان سے پہلی دفعہ ایک مکمل دینی ، تحقیقی اور ادبی و تبلیغی مجلہ کا آغاز گلگت بلتستان کی سب سے بڑی دینی درسگاہ جامعہ نصرة الاسلام گلگت سے کیا جاچکا ہے۔

لاریب کہ سہ ماہی نصرة الاسلام گلگت محض ایک مروجہ مجلہ / رسالہ نہیں بلکہ یہ ایک تحریک کا آغاز ہے،ایک مقدس مشن کی تکمیل کے لیے سنگ بنیاد ہے۔ گلگت بلتستان جیسے دور افتادہ علاقے سے ایک اذان حق ہے جو بہت پہلے شروع ہونی تھی مگر نہ ہوئی، تاہم دیر آید درست آید کے مصداق آپ کی خدمت میں حاضر ہے۔مجلے کے مدیر اعلی اور مدیر کی دلی خواہش ہے کہ گلگت بلتستان کے تعلیم یافتہ نوجوان اس کا حصہ بنے،قاری کی شکل میں اور لکھاری کی شکل میں۔ اگر آپ میں قوم کی فلاح و رہنمائی کی تڑپ ہے اور اپنی تحریر کے ذریعے نظریاتی اور فکری انقلاب برپا کرنا چاہتے ہیں تو قلم اُٹھائیے اور حق گویائی و بے باکو اپنا شعار بناتے ہوئے قلمی جہاد کے اس سفر میں ہمارے ساتھ شریک سفر ہو جائیے۔

بے شک سہ ماہی نصرة الاسلام فکر و شعور ہے عدل و انصاف کا،آواز حق ہے مظلوم انسانیت کا،تمنا و آرزو ہے اہل حق کا، بازوِ شمشیر ہے باشندگان گلگت بلتستان کا اور شمشیر بے نیام ہے ظالمان گلگت بلتستان کے لئے، لاریب کہ ترجمان ہے جامعہ نصرة الاسلام کا ، تو حق اور سچ کو اپنا نصب العین بناتے ہوئے غیر جانبداری سے دینی ، اصلاحی،فکری و نظریاتی اور تحقیقی و خالص ادب اسلامی کے کے حامل اہل قلم اس سفر مبارک میں ہمارے رفیق سفر بنیں، لکھنے سے پہلے چند امور کو ملحوظ خاطر رکھے۔
١۔ بغیر تحقیق و تفتیش اور حوالہ جات کے کوئی علمی تحریر نہ بھیجے۔
٢۔موضوع کے انتخاب سے پہلے اس کی افادیت، اہمیت اور ضرورت پر کامل نظر رکھیں۔
٣۔ اپنی تحریر کو حقائق،دلائل و براہین اور اعداد وشمار اور تحقیق و مراجعت سے مزین کریں تاکہ قاری ابہام کا شکار نہ ہو۔
٤۔قوم پرستی، مفاد پرستی، فرقہ پرستی، لسان پرستی اور بہت ساری پرستیوں کو چھوئے بغیر حق پرستی کا عملی ثبوت دیتے ہوئے تحریر تیار کرکے ارسال کریں۔
٥۔سہ ماہی نصرة الاسلام کے موضوعات بے شمار ہیں کہ ملکی سا لمیت و حفاظت، دین ودنیا کا حسین امتزاج، طرز معاشرت و حکومت، مضبوط اسلامی معیشت، تاریخ عالم، تاریخ عالم اسلامی، تاریخ گلگت بلتستان، اصلاح معاشرہ، عالم اسلام کی تنزلی اور اس کے اسباب، قرآنیات، دینیات، دنیا بھر کے اسلامی تحریکوں کا تعارف، عالم اسلام کو درپیش چیلنجز، تعلیمی اصلاحات، اکابر علماء کی آپ بیتیا ں و سوانح عمریاں، اور دیگر فکری و نظریاتی موضوعات خصوصیت کے ساتھ شامل ہیں۔

یاد رہے! آپ خود بھی مجلے کے خریدار بنیے اور اپنے دوستوں کو بھی ترغیب دیں،نو آموز لکھاری تحریر ، مراسلہ نگاری، کالم نویسی، فیچر رائٹنگ،میگزینی صحافت اور دیگر امور کے لیے براہ راست ایڈیٹر سے بھی رابط کر سکتے ہیں، ایڈیٹر نمبر03462974626اور ای میل [email protected] اور ادارے کی ایڈرس پر بذیعہ خط۔

Amir jan haqqani
About the Author: Amir jan haqqani Read More Articles by Amir jan haqqani: 446 Articles with 385053 views Amir jan Haqqani, Lecturer Degree College Gilgit, columnist Daily k,2 and pamirtime, Daily Salam, Daily bang-sahar, Daily Mahasib.

EDITOR: Monthly
.. View More