’’ویلنٹائن‘‘ محبت یابے حیائی کادن

ویلنٹائن ڈے (14فروری) کے سپیشل ایڈیشن کے لیے خصوصی تحریر

ہر سال 14فروری کو ویلنٹائن ڈے کے نام سے پوری دنیا میں بڑی دھوم دھام سے یہ دن منایا جاتا ہے۔ غیر مسلموں کے لیے تو یہ تہوار برا نہیں ہوگا مگر مسلمانوں کے لیے یہ بے حیائی، بے شرمی اور بے غیرتی کا تہوار ہے ۔کوئی بھی مسلمان نہیں چاہتا کہ اسی کی بہن بیٹی کسی نامحرم کو پھول یا تحائف پیش کرے۔ ہمارے مسلمانوں کا کچھ مخصوص طبقہ جو اپنے آپ کو لبرل مسلمان بھی کہلانا پسند کرتے ہیں ان کا اس تہوار کے بارے میں فرمان ہے کہ ــ’’ لازمی نہیں کہ کوئی گرل فرینڈ اپنے بوائے فرینڈ کو ہی یہ دن وِش کرے بلکہ ایک بیٹی اپنے باپ کو اور کوئی بہن اپنے بھائی کو بھی وِش کرسکتی ہے ۔

ایسے لبرل مسلمانوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ پہلے یہ تو جان لیں کہ یہ دن کیوں یا کس کی یاد میں منایا جاتا ہے یا اس دن کا بیک گراؤنڈ(back ground)کیا ہے؟ اس تہوار کی حقیقت کیا ہے؟ ایک مسلمان ہونے کے ناطے اس کا منانا جائز ہے یا ناجائز اور اس کا شرعی حکم کیا ہے؟ کبھی مسلمانوں نے بالخصوص نوجوانوں نے سوچا ہے کہ ہم کن کے نقش قدم پر چل نکلے ہیں ؟

اس کاتاریخی پس منظر کچھ یوں بیان کیا جاتا ہے کہ ایک پادری تیسری صدی عیسوی کے آخر میں رومانی بادشاہ کے زیر حکومت رہتا تھا۔ کسی نافرمانی کی وجہ سے بادشاہ نے پادری کو جیل میں بند کردیا۔ جیل میں جیل کے چوکیدار کی لڑکی سے اس کی علیک سلیک ہوگئی اور وہ اس کا عاشق بن بیٹھایہا ں تک کہ اس لڑکی نے نصرانیت قبول کرلی۔ وہ لڑکی ایک سرخ گلاب کاپھول لے کر اس کے پاس آتی تھی ۔ جب بادشاہ کو اس معاملے کا علم ہوا تو اس نے پادری کو پھانسی کا حکم دے دیا۔ پادری کو جب یہ پتا چلا تو اس نے سوچا کہ آخری لمحات اپنی معشوقہ کے ساتھ گزارے ۔ چنانچہ اس نے اس کے پاس ایک کارڈ بھیجا جس پر لکھا تھا ’’مخلص ویلنٹائن کی طرف سے‘‘ پھر اس پادری کو 14فروری کے دن پھانسی دے دی گئی۔ بس اس دن کے بعد سے یورپ میں ہر سال اس تاریخ کو لڑکوں کی طرف سے لڑکیوں کو کارڈبھیجنے کا رواج چل نکلا۔ آج پوری دنیا میں اس دن کو نوجوان لڑکے اور لڑکیاں بڑے زور و شور سے مناتے ہیں۔اس موقع پر کارڈ اور خاص طور سرخ گلاب کے پھول پیش کیے جاتے ہیں اور مختلف رنگین محفلیں سجائی جاتی ہیں۔

افسوس کہ مسلمان معاشرہ بھی اس سے بے ہودہ حرکات سے محفوظ نہ رہ سکاحالانکہ یہ ایک خالص غیر مسلم عقیدہ ہے جس میں ایک کافر نصرانی شخصیت کی یادگار منائی جاتی ہے۔اسلام میں ویلنٹائن ڈے منانا ، سرخ گلاب کا پھول یا کوئی اس نوعیت سے تحفہ تحائف دینا قطعاًجائز نہیں کیونکہ مسلمانوں کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔لیکن جب ہم مسلمان یہ دن مناتے ہیں تو کافر بہت خوش ہوتے ہیں کہ ان کے مذہب میں مسلمان بھی شریک ہو رہے ہیں ۔ کیا آپ نے کبھی اسلامی تہواروں میں غیر مسلموں کو اس زوروشور سے شامل ہوتے ہوئے دیکھا ہے؟ ہرگز نہیں۔

شریعت اسلامیہ کا اس بارے میں موقف کچھ یوں بیان کیا گیا ہے۔ حضرت ابو سعید خدریؓ سے روایت ہے کہ حضور ﷺ نے فرمایا ’’تم لوگ اپنے سے پہلی قوموں(یہود ونصاریٰ) کی قدم بقدم پیروی کروگے،اگر وہ لوگ گوہ کے سوراخ میں داخل ہونگے توتم لوگ اس میں بھی داخل ہونے کی کوشش کروگے ،آپ ﷺ سے پوچھا گیا کہ پہلی قوم سے آپ کی مراد یہودو نصاریٰ ہیں؟ آپ نے فرمایا پھر اور کون؟‘‘ (صحیح بخاری و صحیح مسلم) اس حدیث میں نبی ﷺ نے یہ خبر دی ہے کہ امت محمدیہ کے کچھ لوگ ہر برے اور خلاف شرع کام میں یہود و نصاریٰ کے نقش قدم پر چلیں گے اور بغیر سوچے سمجھے ان کی تقلید میں مبتلا ہوجائیں گے حتیٰ کہ غلیظ سے غلیظ کام میں بھی وہ ان منحوس وملعون قوموں کے نقش قدم کو اپنائیں گے۔

ہم مسلمانوں کو اس بات پر غور کرنا ہو گا کہ 14فروری کو یہ دن منا نا ہمارے لیے جائز ہے یا ناجائز؟ یہ جانتے ہوئے بھی کہ اس دن سے ہمارے دین کا کوئی تعلق نہیں۔جبکہ ہمارے پیارے نبی حضرت محمدﷺ نے بھی منع فرمایا ہے پھر بھی ہم اس کو منائیں تو یہ ہماری بد بختی نہیں تو اور کیا ہے؟ ایک طرف ہم اﷲ اور اس کے رسول کی پیروی کی باتیں کرتے ہیں اور عمل یہودیوں کے طورطریقوں پر کرتے ہیں۔ اسلام میں عورت کانامحرم کو دیکھنا بھی منع ہے حتیٰ کہ کزنز سے پردے کا حکم ہے اور مر د کو حکم ہے کہ ایک نظر کے بعد دوبارہ کسی غیر محرم عورت کو دیکھنا بھی گناہ ہے (حضرت علیؓ)جبکہ آج کل ہماری نئی نسل اس بے ہودہ رسم کی پیروی کرتے ہوئے ناواقفوں کو پھول اور کارڈ پیش کرتے ہیں۔ جس کے نتیجے میں پچھلے برسوں سے کتنے لوگ مارے جاچکے ہیں۔آخر ہم مسلمان کیوں نہیں سوچتے کہ ہمارے ان فضول کاموں سے ہمارے مذہب کی کتنی بدنامی ہوتی ہے۔ غیر مسلم مسلمانوں کے متعلق کیسی سوچ رکھتے ہونگے۔ ہمیں چاہیے کہ ناصرف خود بلکہ دوسروں لوگوں کو بھی اس غیر مسلم حرکت سے روکیں۔

Aqeel Khan
About the Author: Aqeel Khan Read More Articles by Aqeel Khan: 283 Articles with 234501 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.