لیبر ڈے ۔۔۔

خبروں میں سنا کہ شدید گرمی کے باوجود مزدوروں نے اپنے حقوق کے لئے ریلیاں نکالیں اور انہوں نے مزدور کی کم سے کم اجرت ایک تولہ سونا کرنے کا مطالبہ کیا ۔۔۔ اتفاق سے اس وقت ملازمہ بھی کمرے میں چائے لیکر آئی تھی۔ اس نے بھی یہ خبر سنی اور تیزی سے پلٹی ۔۔۔۔۔ ہم لوگوں کو گمان ہوا کہ چولہے پہ دودھ بھول گئی ہوگی ۔۔۔۔۔ تھوڑی ہی دیر میں ہم کیا دیکھتے ہیں کہ وہ وضو کرکے نماز پڑھنے کی تیاری کر رہی ہے ۔۔۔۔۔ ہم نے خوشگوار حیرت سے اس کی طرف دیکھا تو بولی صاحب جی دعا کرنا کہ سرکار یہ ایک تولہ سونا اجرت والی بات منظور کرلے ۔۔۔۔۔ ہم نے اپنا تبسم دبا کر اس سے کہا کہ اماں آپ کوئی مزدوروں میں تھوڑا شمار ہوتی ہیں ۔۔۔۔۔ لیکن میں نماز پڑھ کے اللہ سے دعا ضرور کروں گی آپ بھی کرنا صآحب جی۔

جب وہ نماز پڑھ چکی تو ہمارے پاس آئی اور بولی ۔۔۔۔۔ صاحب آپ کی حیرانی بجا کہ میں مزدوروں میں شمار نہ ہوتے ہوئے بھی یہ دعا کیوں کر رہی ہوں اور آپ سے بھی اس کی درخواست کیوں کی ہے ۔۔۔۔۔ بات یہ ہے صاحب جی کہ میری دو بیٹیوں کی شادی ہونا باقی ہے ۔۔۔۔۔ تو اس سے تمہاری بیٹیوں کی شادی کا کیا تعلق؟ ہم نے اس سے سوال کیا ۔۔۔۔۔ ہے صاحب جی، اس نے کہا ۔۔۔۔۔ دیکھیں اگر حکومت دباؤ میں آکر یہ مطالبہ منظور کر لے ۔۔۔۔۔ تو جن کی جیبوں سے یہ پیسہ نکلنا ہے وہ تو حکومت میں ہی بیٹھے ہیں نا ۔۔۔۔۔ تو پھر؟ ہم نے پوچھا ۔۔۔۔۔ تو صاحب جی یہ لوگ غریب کا بھلا ہوتا کب دیکھ سکتے ہیں اور وہ بھی اس صورت میں کہ اس سے ان کی جیب پہ ہی بوجھ پڑتا ہو ۔۔۔۔۔ تو یہ لوگ ایسا کرنے والے تو ہیں نہیں ۔۔۔۔۔ یہ سونے کی قیمت ہی گرا دیں گے ۔۔۔۔۔ اور یہی میں چاہتی ہوں ۔۔۔۔۔ تاکہ میں اپنی بیٹیوں کے جہیز میں سونے کے سیٹ کا مطالبہ پورا کر سکوں !!!

Dr. Riaz Ahmed
About the Author: Dr. Riaz Ahmed Read More Articles by Dr. Riaz Ahmed: 10 Articles with 5595 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.