بندر کا ویزا

وقت سے پہلے اور مقدر سے زیادہ کسی کو کچھ ملا ہے نہ ملے گا۔ یہ جملہ آپ نے بیسیوں بار سُنا ہوگا۔ کئی فلموں میں یہ جملہ استعمال ہوا ہے۔ یہ امر البتہ بحث طلب ہے کہ مقدر کیا چیز ہے۔ ہم جس قدر محنت کریں گے وہی محنت ہے یا اِس سے ہٹ کر بھی کچھ ہے جسے ہم مقدر کا نام دے کر اطمینان کی چادر اوڑھیں؟

ایک شیخ صاحب افریقا گئے۔ ’’یا شیخ‘‘ کا کیا ہے، کسی پر بھی دِل آسکتا ہے۔ افریقی جنگلات کی سیر کے دوران ایک ببر شیر پسند آگیا۔ گائڈ اور میزبان سے پوچھا کہ کِتنے میں ملے گا۔ وہ پہلے حیران اور پھر پریشان ہوئے۔ ببر شیر کوئی بچوں کا کھلونا تو ہے نہیں کہ ہاتھ بڑھاکر دکان سے اٹھالیا اور قیمت ادا کرکے چلتے بنے۔ بتایا گیا کہ حضور یہ ببر شیر ہے، بہت مہنگا ملے گا۔ کسی شیخ کے سامنے مہنگائی کی بات؟ یہ سراسر توہین ہوئی۔ شیخ صاحب نے کہا مانگو کیا مانگتے ہو۔ جواب میں جو قیمت ادا کی گئی وہ ادا کی اور ببر شیر کے ساتھ وطن لوٹے۔ ایک شاندار پنجرہ بنوایا گیا جس میں صفائی، فراہمی و نکاسیٔ آب اور ٹھنڈک کا بھرپور اہتمام کیا گیا۔ پنجرہ ایسا شاندار تھا کہ کسی غریب ملک کا باشندہ دیکھے تو باقی زندگی اُسی میں بسر کرنے کو ترجیح دے!

شیخ صاحب کا شیر تھا، خدمت گار کے بغیر کیسے رہتا؟ ایک خادم مقرر کیا گیا جو شیر کے تمام امور کا خیال رکھتا۔ ہدایت کی گئی کہ اِسے بہترین خوراک دی گئی۔ بازار سے اعلیٰ ترین درجے کے بادام، پستے، کاجو، انجیر، کشمش، اخروٹ وغیرہ خریدے گئے۔ خادم نے جب یہ اشیاء فراہم کیں تو شیر نے اِنہیں چٹ کرکے بہت لطف پایا۔ اگلے دن بھی بہترین ڈرائی فروٹ پیش کئے گئے۔ شیر کو مزا تو آیا مگر یہ ’’من و سلوٰی‘‘ پاکر بھی وہ اپنی سرشت کو فراموش کیسے کردیتا؟ خادم سے بولا۔ ’’بھائی، گوشت کی دو چار بوٹیاں بھی دے دو تو مزا ہی آجائے۔‘‘ خادم نے مسکراکر ہاں میں گردن ہلائی اور چلا گیا۔ تیسرے دن بھی جب خادم نے شیر کے سامنے بہترین ڈرائی فروٹ رکھے تو وہ بھڑک اُٹھا، بدک گیا۔ اُس نے گرج کر خادم سے کہا۔ ’’میں نے کہا تھا تھوڑا سا گوشت بھی ڈال۔ کیا میری بات سمجھ میں نہیں آئی؟‘‘

خادم نے مُسکراکر شیر کو دیکھا اور جیب سے کاغذ کا ایک ٹکرا نکال کر اُس کی آنکھوں کے سامنے لہراتے ہوئے کہا۔ ’’بیٹا، صفائی سُتھرائی کی قدر کر، ٹھنڈک کے مزے لے۔ جو کچھ بھی مل رہا ہے چُپ چاپ کھا۔ تو ہے تو ببر شیر مگر شیخ صاحب تجھے بندر کے ویزے پر لائے ہیں! اب اِس دیس میں رہنا ہے تو خود کو بندر سمجھنا ہے۔ سمجھ گیا نا؟‘‘

یہ کہانی ہماری داستان سے کتنی ملتی جلتی ہے! قدرت نے ہمیں بھی خاص کرم فرماتے ہوئے شیر بناکر اِس دنیا میں بھیجا ہے اور ہم ہیں کہ اپنے مفاد کی خاطر سب کچھ اپنی اصلیت بھول جاتے ہیں۔ ذرا سا التفات بھرا اشارا ہو تو ہم خوشی خوشی کسی بھی جانور کے ویزے پر کہیں بھی چل دیتے ہیں۔ ایک زمانے سے ہمارے جوانان خلیجی ریاستوں میں خون پسینہ ایک کرکے قومی خزانے کو توانا رکھنے کا بندوبست کر رہے ہیں مگر حاصل کچھ نہیں ہوتا۔ جو اپنے وطن کے جنگل میں شیر اور ببر شیر کی حیثیت سے کچھ خاص حاصل نہیں کر پاتا وہ حالات سے مجبور ہوکر کسی بھی جانور کے ویزے پر وطن چھوڑ کر شاندار مگر غیر فطری پنجرہ قبول کرلیتا ہے۔

ایک زمانہ تھا جب ہمارے شیر موزوں ترین موقع نہ ملنے کی صورت میں بندر کے ویزے پر ملک سے باہر جاتے تھے اور افرادی قوت کے سرکس میں اُچھل کود کے ذریعے اہل خانہ کے لیے قابل رشک معیارِ زندگی کا اہتمام کیا کرتے تھے۔ اب اِس کی کچھ خاص ضرورت نہیں رہی۔ اُچھلنے اور کودنے والوں کی تو وطن میں اب اچھی خاصی قدر کی جاتی ہے۔ مگر پھر بھی لوگ بیرون ملک نام کمانے کے چکر میں بہت کچھ بالائے طاق رکھنے کے لیے تیار ہو جاتے ہیں۔ وطن میں رہتے ہوئے کوئی ڈھنگ کا کام کرنے سے محروم رہنے اور معیارِ زندگی بلند کرنے میں ناکامی کا سامنا کرنا والے اب بیرون ملک کسی بھی حیثیت میں کام کرنے کو زندگی کا مقصد بنا بیٹھتے ہیں۔ اپنے ہاں کا اعلیٰ نسل کا گھوڑا باہر جاکر گدھے کی حیثیت سے کام کرنے میں کوئی قباحت نہیں کرتا۔ لوگ عزت پانے کے لیے کیا کیا کرتے ہیں۔ گھوڑے ہوکر گدھے بننے کو تیار ہو جاتے ہیں! شُعراء نے بھی لوگوں کو اِس معاملے میں خوب ورغلایا ہے۔ کسی نے خوب کہا ہے ؂
سَر پھول وہ چڑھا جو چمن سے نکل گیا
عِزّت اُسے ملی جو وطن سے نکل گیا!

1970 کے عشرے میں جب خلیجی ریاستوں نے افرادی قوت کی منڈی میں پاکستانیوں کو کھپانا شروع کیا تب پاکستان میں بہت کچھ بدلا۔ جنہیں وطن میں کوئی پوچھتا نہ تھا وہ باہر جاکر کچھ کر دکھانے کی کوشش کرنے لگے۔ سعودی عرب، قطر، کویت، عمان، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک میں پاکستان کے ہنر مند گئے اور حالات کے مطابق رچ بس گئے۔ 1980 کے اوائل میں پی ٹی وی کے پروگرام ’’ففٹی ففٹی‘‘ میں ماجد جہانگیر اور اسماعیل تارا کی ایک قوالی بہت مقبول ہوئی تھی جس کے بول تھے۔
میرے لڑکے تھے بے کار، جب سے گئے سمندر پار
تو اِتنی چیزیں لائے، کہ گھر اب بھرتا جائے!
اسی قوالی میں آگے چل کر یہ خوبصورت نکتہ بھی شامل کیا گیا کہ
وہ یہاں میکنک ہوتا تھا، تو سب کی نظر میں کھوتا تھا
اب وہاں پلیٹیں دھوتا ہے، اور سب کی نظر میں اچھا ہے

بہت کچھ بدل گیا ہے مگر افرادی قوت کو کھپانے کے معاملے میں ہمارے طور طریقے اب بھی نہیں بدلے۔ ہم آج بھی اپنے ببر شیروں کو بندر اور گدھے کے ویزے پر باہر بھیج رہے ہیں۔ کچھ تو حکومت کی عدم توجہی ہے اور کچھ لوگوں کی بھی عجلت پسندی کہ اپنی صلاحیتوں کو شناخت کئے بغیر ہی کچھ بھی کرنے کو تیار ہو جاتے ہیں۔ کئی غریب ممالک کو دیکھ کر بھی ہم نے سیکھا نہیں کہ باہر جاکر کام ہی کرنا ہے تو صرف پیسے کا منہ نہ دیکھا جائے بلکہ اپنی اور قوم کی توقیر کا بھی کچھ خیال رکھا جائے۔ ترسیلاتِ زر پر انحصار کرنے والا ہم ملک چاہتا ہے کہ اُس کی افرادی قوت بہترین آپشنز کے ساتھ ملک سے باہر جائے۔ کوئی بھی اپنے لمبی ریس کے گھوڑے کو ملک سے باہر گدھا گیری کے لیے بھیجنا پسند نہیں کرتا۔ رہنمائی بھی کی جاتی ہے اور معاونت بھی۔ ایک ہم ہیں کہ بہترین افرادی قوت کو غیر متعلق کاموں کے گٹر میں پھینک کر خوش ہوتے ہیں اور اِس عمل کو کامیابی قرار دینے سے بھی گریز نہیں کرتے!

دُنیا میں ایسے اہلِ ثروت کی کمی نہیں جو اپنی تفریحِ طبع کے لیے کسی بھی ببر شیر کو خرید کر بندر بنانے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔ جن کی فطرت میں ’’شیری‘‘ لکھی ہے وہ چند ٹکوں کی خاطر ’’بندری‘‘ کا مظاہرہ کرنے کو اگر اپنے لیے موزوں سمجھیں تو اُن کی مجبوریوں پر غور کرنے سے زیادہ اُن کی عقل کا ماتم کرنا چاہیے! وطن کی حدود میں رہتے ہوئے بھی اِس بات کی گنجائش کم ہی ہے کہ کوئی اپنی صلاحیت اور فطرت کو ذرا سے مالی مفاد کے لیے کچرے کے ڈھیر پر ڈال دے۔ ایسے میں بیرون ملک اُسی حیثیت میں جانا چاہیے جو قدرت سے عطا کی ہے یا رب کے کرم سے محنت کی بدولت حاصل کی ہے۔ لمبی ریس کے گھوڑے کو دوڑنے کے لیے مناسب پلیٹ فارم تلاش کرنا چاہیے، تانگے میں جُت کر یا گدھے کی حیثیت سے بورے اُٹھانے سے اجتناب برتنا چاہیے۔

جن کے ہاتھ میں اقتدار و اختیار ہے وہ اگر افرادی قوت کو موزوں طریقے سے برآمد کرنے پر توجہ دیں تو کچھ عجب نہیں کہ ہمارے شیر دُنیا بھر میں شیر ہی کی حیثیت سے نام پائیں اور دام کمائیں یعنی بندر کے ویزے پر جاکر ذِلّت سے محفوظ رہیں!
M.Ibrahim Khan
About the Author: M.Ibrahim Khan Read More Articles by M.Ibrahim Khan: 572 Articles with 524811 views I am a Karachi-based journalist and columnist. .. View More