شیر پنجاب جنرل گلو بٹ
(Anwar Ayub Raja, London)
محترم جناب گلو بٹ صاحب
آداب و تسلیمات
امید کرتا ہوں کہ آپ خیریت سے ہونگے . اللہ پاک کا کرم ہے کہ اب آپ دنیا کے
مشہور ترین عوامی نمائندوں میں سے ایک ہیں . گلو بٹ صاحب میں سب سے پہلے
آپکے لاہور کے کامیاب آپریشن پر آپکو اور آپکی ٹیم کو بہت مبارکباد دیتا
ہوں . جس انداز سے آپ نے لاہور میں گاڑیوں کی طبعیت صاف کی دیکھ کر احساس
ہوا کہ یہ کام " شیر لاہور " کے سوا کوئی نہیں کر سکتا .
آپ حقیقت میں ایک محب وطن پاکستانی اور اثاثہ مسلم لیگ ہیں . میری جانب سے
محترم شہبازشریف کو سلام عرض کریں اور مونچھوں سے آپ کے بھائی لگنے والے
رانا ثناءاللہ صاحب کو ان کی بہترین کامیابی پر مبارکباد بھی پہنچا دیں .
میں کچھ مزید کہنے سے پہلے ان تمام لوگوں کی جانب سے بھی آپکو مبارکباد
دینا چاہوں گا کہ جو پاکستان سے باہر آپکی مردانگی کو ٹی وی پر براہ راست
دیکھ رہے تھے .
جلنے والے کا منہ کالا – بہت سے سڑیل لوگ آپکے خلاف باتیں بھی کر رہے ہیں
مگر میں امید کرتا ہوں کہ آ پ ان کی باتوں پر دھیان نہیں دیں گے . جس انداز
سے آپ نے اپنا ڈنڈاگھمایا اور ان دہشت گرد گاڑیوں کا صفایا کیا اور جس
انداز سے آپ نے للکار کر پولیس کے کمزور اہلکاروں میں ہمت پیدا کی وہ ایک
مرد آہن کا ہی شیوہ ہے .میں نے آپکوجرنیل کے لقب سے اس لیے مخاطب کیا
کیونکہ جس انداز سے آپ نے منہاج کے مضبوط قلعے پر حملہ کیا اس نے افغان
جرنیل عبدا لرشید دوستم اور فیلڈ مارشل فہیم کی یاد تازہ کردی . جو کام
انسپکٹر جنرل آف پولیس کا تھا وہ آپ نے کر دکھایا ا ور اس بات نے آپکو اس
وردی اور رینک کا مضبوط کینڈی ڈیٹ بنا دیا ہے .
میں جانتا ہوں کہ آپ بہت مصروف آدمی ہیں اور اس وقت کافی سارے اور بھی قومی
نوعیت کے کام ہیں جن کی ذمہ داری آپکے مضبوط کندھوں پر ہے مگر میں یہ خط
آپکو ایک اور اہم کام کے لیے لکھ رہا ہوں . امید کرتا ہوں اس خط کو پڑھنے
کے بعد آپ میری بھی کچھ مدد کریں گے.
میاں نواز شریف صاحب نے پچھلے دنوں شمالی وزیرستان میں ایک آپریشن کی
منظوری دی ، مجھے امید ہے آپکو اس کا علم ہوگا . امید ہے آپکی میاں صاحب سے
ملاقات ہے اور قومی اور عالمی مسائل پر آپکی نشستیں ہوتی رہتی ہونگی .
گلو بھائی گزارش یہ ہے کہ اس آپریشن میں پاکستان کی افواج بہت بہادری اور
جاں فشانی سے ظالم دہشت گردوں کا صفایا کر رہی ہیں . الله نے چاہا تو یہ
آپریشن کامیاب بھی ہو گا اور پاکستان کو اس جنگ میں فتح بھی نصیب ہو گی مگر
اس آپریشن کے ساتھ ساتھ کچھ امور پر آپ کی وساطت سے جناب وزیر اعظم کی کچھ
توجہ درکار ہے ، برائے مہربانی اس کام میں آپ میری مدد کریں الله آپکو بھی
اجر عظیم عطا کرے گا .
آپریشن کی کامیابی صرف زمینی قبضہ نہیں ہوتا بلکہ جیسے آپکو پتہ ہے وہاں
مقامی لوگوں کی بحالی اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ اس کا اثر باقی ملک
پر نہ پڑے. گلو بھائی ذرا وزیر اعظم کی اجازت سے جیسے آپ نے گاڑیوں کا
صفایا کیا کیا یہ ممکن ہے کہ آپ غیر قانونی طور پر پاکستان میں رہنے والے
افغانوں کو جلال آباد اور قندھار کی سرحد پہ چھوڑ آئیں . اس کا ایک فائدہ
یہ ہو گا کہ وہ دہشت گرد عناصر جو پاکستان میں افغان مہاجر بن کر لوٹ مار ،
چوری چکاری اور ہتھیاروں و منشیات کے غیر قانونی کام میں مصروف ہیں ان سے
جان چھوٹ جائے گی . بہت بار سناہے کہ یہ لوگ انسانی سمگلنگ کرتے ہیں اور نہ
جانے کتنے انڈین دہشت گرد انہوں نے پاکستان سمگل کیے ہونگے . سننے میں آیا
تھا کہ شیر پاؤ صاحب نے افغانوں کو پاسپورٹ دینے اور شناختی کارڈ جاری کرنے
میں بہت مال کمایا مگر اس وقت میرے پاس کوئی ایسا ثبوت نہیں ہے جو میں اس
خط کے ساتھ ارسال کر سکوں اس لیے آپ سے گزارش ہے کہ آپ وزیر اعظم
صاحب سے گزارش کریں کہ وہ ایک حکم جاری کریں کہ ہر ضلع اور تحصیل کی
بنیادوں پر وہاں موجود گلو بٹ صاحبان سے کہیں کہ وہ مقامی پولیس کے ساتھ
اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے تمام افغانوں کا پتہ کریں،
ان کے کاغذات کی پڑتال کریں اور اگر وہ پاکستان میں غیر قانونی ہیں تو
انھیں باعزت کرزائی تک پہنچا دیں شائد اس کا منہ بند ہو جائے .
گلو بھائی کاش آپ کے پاس لاہور آپریشن کے بجائے وزارت اطلاعات و نشریات کا
یا خارجی امور کا قلمدان ہوتا . پاکستان نے افغانوں کو گھر دیا ، عزت اور
احترام کی زندگی دی اور آج وہ پاکستان کو گالیاں دینے کے سوا کچھ نہیں کر
رہے . آجکل افغانستان میں صدارتی الیکشن مکمل ہونے کو ہیں وہاں عبدا للہ
عبدا للہ صدر بنے یا اشرف غنی ، کوئی بھی پاکستان کے حق میں مخلص نہیں .
ایک افغان سے میں نے حال ہی میں پوچھا کہ کیا اسے پاکستان میں آنے کا حق ہے
، وہ بولا کیوں نہیں پاکستان میں تو کھلا بارڈر ہے شناختی کارڈ بھی مل جاتا
ہے اور پاسپورٹ بھی . گلو بھائی انتہا دیکھیں اس افغان نے مجھے یہاں تک
بتایا کہ وہ یورپ میں سیاسی پناہ گزین ہے مگر جب وہ یورپ آیا تھا تو اس نے
سفر پاکستانی پاسپورٹ پر کیا تھا .ان افغان بھائیوں نے نہ صرف داخلی خود
مختاری کو نقصان پہنچایا بلکہ ان کی وجہ سے پاکستان دنیا میں بہت رسوا ہو
رہا ہے . ان کا انخلا ضروری ہے کیونکہ یہ پاکستان کے عوام کو ہی نہیں بلکہ
مقامی صنعت اور تجارت کے لیے بھی ایک بہت بڑا چیلنج بن گئے ہیں .
دوسری گزارش یہ ہے کہ اس آپریشن کی کامیابی کے بعد حکومت کو فوری طور پر
فاٹا کی حیثیت پر نظر ثانی کرنی چاہیے . آپکو تو علم ہوگا اور میری دوسری
گزارش نواز شریف صاحب تک پہنچاتے وقت پاکستان کا نقشہ بھی ساتھ لے جائیں تو
آسانی ہو گی . مجھے علم ہے کہ میاں صاحب سیانے آدمی ہیں مگر میں آپکو یاد
کروادیتا ہوں کہ باجوڑ ، مہمند ،خیبر ، اورکزئی ، کرم ، مالاکنڈ، شمالی
وزیرستان ، جنوبی وزیرستان کے علاوہ کوہاٹ، پشاور ، بنوں ، لکی مروت ، ٹانک
اور درہ عیسی خیل کے کچھ علاقے فاٹا اور پاٹاکے حصے ہیں . حقیقت میں فاٹا /
پاٹا ایک قابل بحث موضوع ہے مگر میری دوسری گزارش یہ ہے کہ مزید دہشت گردی
سے بچنے کے لیے ان تمام علاقوں کو "سیٹیلڈ ایریا ز " کا درجہ دیا جائے
ماسوائے شمالی و جنوبی وزیرستان اور کرم ایجنسی . ایجنسی کا درجہ رکھنے
والے علاقے صرف دہشت گردوں کے "بریڈنگ گراونڈ " بن رہے ہیں . میں نے شمالی
و جنوبی وزیرستان اور کرم ایجنسی کو ایجنسی کے درجے پر بحال رہنے کی تجویز
اس لیے دی کہ جب باقی فاٹا عام شہری علاقہ بن جائے تو آہستہ آہستہ ان
علاقوں پر بھی کام کیا جائے اور سارا پاکستان ایک جیسا ہوجا نا چاہیے . اس
سے نہ صرف عام پاکستانی کی زندگی میں بہتری آئے گی بلکہ بیرونی عناصر کی ان
علاقوں میں مداخلت کو بھی روکا جا سکتا ہے اور اگر دیکھا جائے تو یہاں کے
مقامی لوگوں کے لیے بھی یہ ایک مثبت بہتری ہو گی .
گلو بھائی ! آپ جانتے ہیں ترقی کرنا کتنا مشکل کام ہے ، ٹی وی اور اخبارات
بتاتے ہیں کہ آپ نے بہت محنت سے میاں صاحبان کے دل میں جگہ بنائی اور آپکی
لیڈر شپ کوالٹیز کو میں سلام پیش کرتا ہوں کہ آپ نے جس انداز سے لاہور کا
آپریشن لیڈ کیا وہ ایک مضبوط اور ماہر لیڈر ہی کر سکتا ہے . آپکا ڈنڈا جب
ہوا میں لہرایا تو مجھے احساس ہوا کہ پاکستان کی پولیس کو سیدھا کرنے کے
لیے یہ ڈنڈا ہی درکار ہے . میری تیسری گزارش جو آپ نواز شریف صاحب تک پہنچا
کر قوم پر احسان کرنا ہے وہ خانہ شماری یا مردم شماری کا فوری حکم ہے .
برائے مہربانی اس کام میں آپ نواز شریف صاحب کو ضرور مجبور کریں تا کہ یہ
تو پتہ چلے کہ کون کون کس محلے میں چھپا بیٹھا ہے . مجھے یہ احساس ہے کہ
میں آپکا بہت وقت لے رہا ہوں مگر آخری گزارش کرتا چلوں کہ پاکستان میں ایک
بلدیاتی انتخاب کی بھی بہت اشد ضرورت ہے تا کہ محلہ اور علاقہ کمیٹیوں کی
بحالی سے پاکستان کے ہر علاقے میں ان کمیٹیوں کے چیرمین مقامی طور پر مسائل
کے حل کو یقینی بنا سکیں .
کہنے کو تو اور بھی بہت کچھ ہے مگر آپ یہ گزارشات اسلام آباد پہنچا دیں اس
سے پہلے کہ جناب نواز شریف صاحب کسی اور عالمی دورے پر نکل جائیں . آپکے
تمام گلو بٹ بھائیوں کو ان
گزارشات اسلام آباد پہنچانے کا بہت ثواب ہو گا . میں امید کرتا ہوں کہ اس
وقت پولیس آپکی چمپی وقت پر کرتی ہو گی اور آپکی مونچھوں کے لیے تیل کثرت
سے مہیا کرتی ہو گی . آجکل وزیر داخلہ نظر نہیں آ رہے اور مار وی میمن کو
ان کی کرسی پر بیٹھے دیکھ کر دکھ ہوا . کتنا اچھا ہوتا کہ آپکے اسقدر
کامیاب آپریشن کے بعد چھوٹے میاں صاحب اور آپکے مونچھ بھائی رانا صاحب بڑے
میاں صاحب سے کہہ کر آپکو مشیر داخلہ ہی لگوا دیتے ، پولیس آ پ سے ڈرتی ہے
اور حکومت آپکی جیب میں ہے ، ڈنڈا آپ چلا لیتے ہیں اور پھر جس انداز سے آپ
بوتلیں تقسیم کر رہے تھے مجھے امید ہے کہ داخلی امور کا انتظام آپ سے زیادہ
بہتر کوئی نہیں چلا سکتا . قادری صاحب آنے والے ہیں اس لیے آپکا کام بھی
بڑھ جائے گا . میں مزید آپکے فرائض منصبی کے رستے میں نہیں آؤں گا کیونکہ
آپکو لاہور سے اب سلام آباد ائیرپورٹ بھی جانا ہو گا . اپنا بہت خیال رکھیے
گا .
باقی ہم سب یہاں پاکستان سے باہر خیریت سے ہیں اور آپکی خیریت الله رب
العزت سے نیک مطلوب چاہتے ہیں .
وسلام
آپکا نیاز مند
وطن دوست |
|