خضر راہ

اللہ تعالیٰ کا ہم جس قدربھی شکراداکریں کم ہوگا کہ اس نے ہمیں نیک صحبتوں کی برکتیں عطاکیں اورنیکوں کی جھرمٹ میں رہ کر دین کی خدمت کا موقع عنایت فرمایا۔ ورنہ ہم کہاں اور یہ اہم ذمے داری کہاں؟لیکن : ؎
یہ سب تمہارا کرم ہے آقا
کہ بات اب تک بنی ہوئی ہے

پچھلے سال فروری ۲۰۱۲ عیسوی میں جب "خضرراہ"کی بات چلی اور رفیق گرامی مولاناشوکت علی سعیدی سے اس موضوع پر گفتگوہوئی تو اس وقت ہمارے ذہن میں یہ بات دوردور تک بھی نہیں تھی کہ "خضرراہ"عوام توعوام خودہمارے لیےایک رہنما، امام اورہادی ثابت ہوگا،لیکن ایسا ہوناتھا اور ہوا بھی۔ بلکہ حقیقت تو یہ ہے کہ مضامین کی ترتیب کے دوران جو روحانی،عرفانی اور ایمانی باتیں ہمیں سیکھنے کو ملتی ہیں وہ بہت ہی کم لوگوں کےحصےمیں آتی ہوں گی۔

فروری۲۰۱۳ هي میں"خضرراہ"اپنا ایک سالہ دورگزارکراپنی زندگی کے دوسرے سال میں داخل ہوچکا ہے،اس دوران "خضرراہ"کی کارکردگی اور خدمات کاجائزہ لینےسےیہ اصلیت سامنے آتی ہے کہ یہ رسالہ اپنے معاصررسالوںمیں ہر اعتبار سے ایک منفرداورممتاز مقام رکھتا ہے۔ اب تک جتنے شمارے شائع ہوچکے ہیں اُن میں کوئی رسالہ ایسا نہیں ہے کہ جس کی تبلیغی و دعوتی اور اصلاحی واخلاقی اہمیت وافادیت سے انکارکیاجائے،ویسے توہر شمارہ اپنی مثال آپ رہاہے۔ لیکن بالخصوص رمضان کاخصوصی شمارہ(ماہ جولائی:۲۰۱۲)، پیغام سیرت نمبر(ماہ جنوری:۲۰۱۳) اورمحبوب سبحانی ومحبوب الٰہی(ماہ فروری-مارچ: ۲۰۱۳) کی حیات وتعلیمات پرمبنی خصوصی شمارے قابل ذکر ہیں ۔اِن خصوصی شماروں کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایاجاسکتاہے کہ ماہانہ اشاعتی تعداد سے دو گنا زیادہ تعدادمیں یہ خصوصی شمارے چھپوائے گئے اور وہ بھی کم پڑگئے۔

"خضرراہ"کا ایک ممتاز پہلو یہ بھی ہے کہ خصوصی شمارہ نہ ہوتے ہوئےبھی اپنے مضامین کی انفرادیت کے سبب خصوصی شماروں کی شان رکھتاہے، مثال کے طورپرسال :۲۰۱۲میں ماہ اکتوبر(بقرعید)،ماہ نومبر(محرم)اورماہ دسمبر(صفر) کے شمارے دیکھے جاسکتے ہیں۔ اِس رسالے نے ایک سال میں جس قدر خصوصی گوشوں پر مشتمل شمارے دیے ہیں وہ دیگر رسالوں کے لیے مشکل تو نہیں لیکن ایک خواب ضرورہے۔(والحمدللہ علی ذلک(

فروری ۲۰۱۳ سے ایک نیاکالم "آپ کے SMS"شروع کیاگیا ہے ،اس میں موصول ہوئے پیغامات کی بنیادپر ہم یہ کہنے میں حق بجانب ہیں کہ ہمارا یہ رسالہ نہ صرف کامیاب ہے، بلکہ پڑھے لکھے لوگوں کو بھی اس بات کا احساس دلارہا ہے کہ دینی بیداری کے لیے "خضرراہ"کا مطالعہ ضروری ہے۔ ثبوت کے طورپرہم اپنے قارئین کے چندمنتخب پیغامات درج کررہے ہیں:
۱۔"میں نے آپ کے خضر راہ کا مطالعہ کیا۔یہ انسان کو حقیقت میں مومن بنانے والا رسالہ ہے۔ اس کے مضامین کو پڑھ کر ایسا لگتا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب یہ رسالہ پوری دنیا کو دین سمجھاتا ہوا نظر آئے گا۔" ( اپریل،۲۰۱۳(
۲۔"ماہنامہ خضر راہ کا ایک سالہ سہانہ سفرپورا ہوتا دیکھ کر آج بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔اس ایک سال میں، میں نے اس سے جتنا استفادہ کیا اس کے متعلق میں بغیر ریا کاری کے یہ کہوں گا کہ یہ ماہنامہ ایک ـ"طالب صادق "مرید کے لیے پیر کے ذریعے بھیجا گیاوہ "خط"ہے جس سے مرید ہر مہینے تربیت پاتا رہے۔" (اپریل،۲۰۱۳(
۳۔"ماہنامہ خضر راہ بار بار مطالعہ کرتاآیا ہوں۔اس میں بہت عارفانہ مواد ہوتے ہیں۔" (اپریل،۲۰۱۳(
۴۔"یوں توپورا خضر راہ پسند ہے مگرخصوصی طور پر شیخ صاحب کی نعتیں اور عرفانی مجلس بہت پسند آتی ہیں،اس کے پڑھنے سے علمی اور روحانی دونوں فائدے ہوتے ہیں۔جب بھی پڑھتا ہوں روح عمل کے لیے بے قراراور اس کو دوسروں تک پہنچانے کے لیے بے چین ہو جاتی ہے۔" (فروری۔مارچ،۲۰۱۳(
۵۔"آپ کا ماہنامہ مجھے اتنا پسند ہے کہ میں اس کو لفظوں میں نہیں بیان کر سکتا۔اِس کتاب نے میری دل کے دنیا بدل دی۔کتاب کا کوئی ایسا مضمون نہیں جس کو میں نے تین سے چار مرتبہ نہ پڑھا ہو۔اس کے بار بار پڑھنے کی وجہ سے میں لوگوں کو دینی باتیں بتاتا ہوں۔" (فروری۔مارچ،۲۰۱۳(

اِن تمام باتوں سے اندازہ لگاناکچھ مشکل نہیں ہے کہ "خضرراہ"کا معیارکیاہے اور عوام الناس میں اِس کی مقبولیت کتنی ہے۔

ابھی تازہ شمارہ جس کو آپ پڑھیں گے ہمیں یقین ہے کہ یہ رسالہ بھی اپنی نوعیت کا منفرد اور افادی اعتبارسے انمول ثابت ہوگا۔اس شمارے میں جتنے بھی مضامین شامل ہیں وہ ہر جہت سے مکمل ہیں اورآپ کواخلاقی واصلاحی اورایمانی وعرفانی غذا بخشنے کی بھرپورصلاحیت رکھتے ہیں۔سلسلہ وارمضامین سے لے کر متفرق مضامین تک اپنی خوبیوںکی وجہ سے مطالعہ کے قابل ہیں۔ کیا بوڑھے، کیا جوان ،کیا علمااورکیاطلبا سب کے ذوق وشوق کے سامان اِس رسالے میں موجودہیں،بلکہ گھریلو مسائل و مشکلات کا حل اور اس کاطریقہ بھی خواتین کے لیے کشش کا باعث ہے، مثلا :اِس میںآپ ربوبیت کا اصلی اورحقیقی مفہوم سمجھ سکیں گےاورقناعت کے اسرارسے واقف ہوسکیں گے ۔آپ کے لیے یہ معلوم کرنا آسان ہوگاکہ دنیاکے مقابلے دین کی محبت کیوں ضروری ہے ،نیزایک کامیاب زندگی کی علامتوںسے آگاہی حاصل کرنے میں سہولت ہوگی۔بیعت ، دین ودنیادونوں کی ضرورت ہے ،آپ اس تعلق سے سیر حاصل بحث پڑھ سکیں گےاوراس پہلوکوجان سکیں گے کہ اللہ تعالیٰ کا خوف دلوںمیں کیسے پیداہو گا۔

بدگمانی سے کیاکیانقصانات ہوتے ہیں اور خوش گمانی سے آپ کو کیا کیا فائدے ہوسکتے ہیں۔قرآن کریم ہر شک وشبہ سےپاک ہے تو اس کی وجہ کیا ہے اورمعاشرے میں اخلاق کی اہمیت کیا ہے ۔آپ کو یہ بھی معلوم ہوگاکہ خواتین گھریلوماحول کو خوشگوار بنانے کے لیے کس طرح ایک دوسرے کوتعاون دے سکتی ہیں اوربدنیتی آپ کی ساری زندگی کی عبادات کوپل بھر میں کیسے ملیامیٹ کرسکتی ہے ،نیزآپ پریہ راز کھلے گا کہ رجوع الی اللہ اورمجاہدہ وریاضت ایک مومن بندے کو کیسے پرہیزگار بناتی ہے؟

غرض کہ ہر اس سوال کا جواب اس رسالے میں مل جائے گا جوآپ کی تلخ زندگی آپ سے کرتی ہے اور ہراس مشکل کا حل آپ کو مل جائے گا جس کے آپ ضرورت مندہیں اور جس کی تلاش میں پوری انسانیت اِدھراُدھربھٹک رہی ہے۔
ہر طالبِ صادق کے لیے بے شک وشبہ
تاجلوہ گہِ ناز میں اک سیدھی سڑک ہوں
(مدیر ماہنامہ خضرراہ الہ آباد)
Md Jahangir Hasan Misbahi
About the Author: Md Jahangir Hasan Misbahi Read More Articles by Md Jahangir Hasan Misbahi: 37 Articles with 56425 views I M Jahangir Hasan From Delhi India.. View More