شیخو جی ہمیں عقل کب آئے گی۔؟

سینئر کشمیری رہنما سید علی شاہ گیلانی نے پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان ارض پاک کی بنیادوں کو کمزور اور اسلام کو بدنام کررہے ہیں۔ سینئر کشمیری رہنما نے کہا کہ وہ کشمیر کے مسئلے پر مذاکرات کے خلاف نہیں ہیں لیکن اس کا مقصد مسئلے کا مستقل حل ہونا چاہئے جب تک بھارت بات چیت کا مکمل ماحول نہیں بنائے گا کشمیر کو کھلے دل اور عالمی سطح پر تنازع تسلیم نہیں کرے گا وہ مذاکرات کا میں شرکت نہیں کریں گے کیونکہ یہ بے مصرف ہوگی اور اس کی وجہ یہ ہے کہ 23 مارچ1952 سے مذاکرات ہو رہے ہیں لیکن مسئلے کا کوئی حل نہیں نکلا۔ شیخو جی اس حوالے سے فرماتے ہیں کہ اللہ آپ کا بھلا کرے گیلانی صاحب ‘کاش ہمیں ان حقائق کا ادراک ہوتا تو آج ہم اس نہج پر نہ پہنچ چکے ہوتے۔ مگر کیا کیا جائے ذاتی مفادات کا یہ ہمیں تو سب سے زیادہ عزیز ہی یہی ہیں۔ ملک قوم اور مذہب کا کریہ کرم ہوتا ہے تو ہو جائے کیونکہ ہمارا ماضی بھی اس حوالے سے گواہ ہے۔ تفصیل میں اس لئے نہیں جانا چاہتا کہ مجھ گھامڑ شیخو جی سے آپ کہیں زیادہ صاحب علم و بصیرت کے حامل ہیں۔

مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے این آر او کی منظوری دے کر جمہوری روایات کو بلڈوز کیا اور اسے قومی اسمبلی پیش کرنا پارلیمنٹ کو بدنام کرنے کی سازش ہے، اس کیخلاف بھرپور احتجاج کیا جائیگا جبکہ مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ این آر او کے مسئلے پر مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میں معاملات طے پا گئے ہیں٬ تاہم ان کی جماعت این آر او کی مخالفت کرے گی۔ ہیلری کلنٹن ہمارے حکمرانوں سے زیادہ بہادر نکلیں جنہوں نے بری امام اور دوسری جگہوں کے دورے کئے۔ کیری لوگر بل کے بارے میں ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی والوں کو انگریزی تو آتی ہے مگر شرم نہیں آتی۔ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اپوزیشن وزیر اعظم بننے کے شوق میں ملک داؤ پر لگا رہی ہے۔ دینی مدارس پر چھاپے مارنا امریکی ایجنڈا ہے جس کا مقصد مذہبی اقدار اور سوسائٹی کو ایک دوسرے سے دور کرنا ہے۔ شیخو جی فرماتے ہیں لگے رہو منا بھائی کیونکہ آپ سیاستدانوں کی روزی روٹی کا سوال ہے رہے بچارے عوام تو آپکی بلا سے چاہے وہ آٹے، چینی اور دیگر بنیادی ضرویات کو نہ صرف ترستے رہیں بلکہ ان کے حصول کے لئے خوار ہوتے رہیں آپ کو کیا، حالانکہ این آر او، کیری لوگر بل اور ایوانوں سے نکل کر عوام کے دکھ درد میں حکمرانوں کی شرکت کا آپ سب کو اتنا ہی خیال ہوتا تو وطن عزیز کی آج یہ حالات نہ ہوتی ۔ رہا سوال کہ دینی مدارس پر چھاپے امریکی ایجنڈے کا حصہ ہیں تو محترم فضل الرحمن صاحب اگر ہمیں اپنے دینی اداروں کے تقدس کا خیال ہوتا تو ہم دہشت گردی کو وطن عزیز میں جڑ ہی نہ پکڑنے دیتے۔ سچ پوچھیے تو دینی مدارس کی بے حرمتی کے ہم سب ذمہ دار ہیں ۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں فہم وفراست عطاء فرمائے تاکہ ہم ملک و قوم کے مفادات کو مقدم رکھیں اور دنیا میں سر اٹھا کر جینے کے قابل ہو سکیں۔

کراچی کی مقامی عدالت نے سندھ کی وزیر برائے ثقافت سسی پلیجو کو مبینہ طور پرعشقیہ خطوط لکھنے والے محکمہ زراعت کے معطل سرکاری افسر الیاس ہلیو کو چار نومبر تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے۔ شیخو جی کہتے ہیں کہ عشق سر چڑ کر بولتا ہے اور الیاس ہلیو اس کی واضح مثال ہیں ۔

ہندوستانی شیف Gurpareet Bains نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی تیار کردہ نئی ڈش الزائمر اور کینسر جیسے موذی امراض سے محفو ظ رکھتی ہے۔ Gurpareet کا یہ بھی کہنا ہے کہ مرغی اور خاص قسم کے چاول اور جڑی بوٹیوں سے تیار کردہ یہ ڈش دنیا کی سب سے غذائیت بخش ڈش بھی ہے۔ اس ڈش کی ایک پلیٹ میں انچاس (49) پیالے پالک اور انگور کے 23 خوشوں کے برابر توانائی موجود ہے۔ اس ڈش کی تیاری میں Goji Berries نامی ایک مخصوص جڑی بوٹی استعمال کی گئی ہے جو vitamin A اور C سے بھر پور ہوتی ہے۔ شیف کے مطابق اگر باقاعدگی سے اسے کھایا جائے تو الزائمر اور کینسر سمیت بہت سی بیماریوں کے خطرات کم ہو جاتے ہیں۔ شیخو جی کا کہنا ہے کہ بھارتی شیف کی تحقیق و دعویٰ درست ہوگا لیکن ایسے ملک کا کیا کیا جائے جہاں بنیادی ضروریات کے حصول کےلئے کئی کئی دن تک دھوپ میں قطاروں میں لگنا پڑتا ہو اور پھر بھی وہ میسر نہ ہوں ‘تاہم BainsGurpareet آپ کا بے حد شکریہ کہ آپ نے انسانیت کی بھلائی کے لئے اس قدر جدوجہد کی یہاں تو ایسے درندہ صفت لوگ پڑے ہیں جو مذہب کے نام پر انسانیت کے قتل کو نہ صرف جہاد قرار دیتے ہیں بلکہ فخر سے اپنے اس وحشی پن کا اقرار بھی کرتے ہیں ۔

وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے بجلی کے خالص منافع کی مد میں وفاق کے ذمے110 ارب روپے کے بقایا جات سرحد حکومت کو دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دس ارب روپے کی پہلی قسط دے دی گئی ہے جبکہ باقی رقم پانچ اقساط میں اداکی جائے گی ۔ وزیر اعظم نے عدالت میں خالص منافع کے مسئلے سے متعلق مقدمات واپس لینے اور چاروں صوبوں میں شہید پولیس اہلکاروں کے بچوں کے لئے شہدا ٹرسٹ قائم کرنے سمیت سوات یونی ورسٹی کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ شیخو جی اس پر سرحد اور وفاقی حکومتوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ اللہ کرے ہم اپنے تمام مسائل اس طرح مذاکرات کی ٹیبل پر حل کرنے کی مشق کو جاری رکھیں اور 62سالہ غلطیوں کا ازالہ کرنے میں ایک دوسرے کے دست وبازو بننے سمیت عفو درگزر کا مظاہر کرتے ہوئے بھائی چارے کو فروغ دیں کیونکہ موجودہ وقت کا یہی تقاضا ہے ورنہ داستان تک نہ رہے گی ہماری داستانوں میں۔

آرام کی غرض سے ٹورانٹو جانے والی فلمسٹار میرا نے کہا ہے کہ میرے خلاف کمپیوٹرائزڈ اسکینڈل بنایا گیا۔ کمپیوٹر کی مدد سے میری شادی بل کلنٹن یا پرویز مشرف سے بھی کروائی جا سکتی ہے۔ خفیہ شادی نہیں کروں گی ہوسکتا ہے کہ میری مہندی پاکستان میں ہو، بارات لندن میں ہو اور ولیمہ کینیڈا میں ہو۔ کینیڈا میں مقیم ایک پاکستانی بزنس مین طارق چودھری نے ان کا استقبال کیا۔ شیخو جی کا اس بارے میں کہنا ہے کہ میرا جی شکر کرو آپکی شادی کا سکینڈل کمپیوٹرائزڈ تھا ورنہ آج آپ پابند سلاسل ہوتیں کیونکہ وطن عزیز میں تو نوبت یہاں آن پہنچی ہے کہ جس شخص کے پاس کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ نہیں ہوتا اسے چینی،آٹا اور دیگر بنیادی اشیائے ضروریہ تک خریدنے کی اجازت نہیں دی جاتی جبکہ کئی ایک علاقے تو ایسے بھی ہیں کہ بغیرمذکورہ شناختی کارڈ کے لوگوں کو انکے گھر تک جانے کی اجازت نہیں دی جاتی۔

سپریم کورٹ نے عوام کو چینی کی فراہمی40 روپے فی کلو یقینی بنانے کے لیے صوبائی حکومتوں کو عمل درآمد کی ہدایت کردی، لیکن دکانوں پر اب بھی چینی یا تو ہے ہی نہیں یا پھر50 روپے سے بھی زائد قیمت پر دستیاب ہے۔ عدالتی فیصلے کے مطابق صوبائی حکومتیں باقاعدہ نظام کے تحت عام افراد کو چینی40 روپے فی کلو کی فراہمی کے نظام کی مانیٹرنگ کریں گی۔ جیو سیاستدانوں، جاگیر دارواور صنعتکارو انصاف کی دھجیاں اڑانا آپ کا مشغلہ اور آپ کو ووٹ دے کر ایوانوں میں پہچانے والے عوام کا فاقوں سے مرنا، دربدر کی ٹھوکریں کھانا حق ہے رہی بات عدالت عظمیٰ کی کہ وہ ہمیں انصاف فراہم کرے تو ہم پر یہ آیت کریمہ صادق آتی ہے کہ ”خدا بھی اس قوم کی حالت نہیں بدلتا جس کو اپنی حالت بدلے کا خیال تک نہ ہو“

سڑکوں پر گاڑیوں کی تعداد ہر روز بڑھتی ہی جارہی ہے جس کے نتیجے میں ہر سڑک پر ٹریفک جام کا سامنا ہے۔ کتنا اچھا ہو اگر ہم سڑکوں پر گاڑیوں کے ہجوم سے بچ سکیں۔ یہ ممکن ہے اس اڑنے والی گاڑی سے۔ ٹیرا فوگیا سڑکوں پر چلتے چلتے بادلوں میں اڑ سکتی ہے۔ امریکی ریاست میسا چوسٹس میں تیار کی گئی اس گاڑی نما طیارے میں اڑنے کے لیے پر بھی لگے ہوئے ہیں اور سڑک پر چلنے کے لیے پہیے بھی۔ اس کو طیارے سے گاڑی بننے میں صرف30 سیکنڈ لگتے ہیں اور یہ 115 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے 725 کلومیٹر تک پرواز کرسکتی ہے جبکہ گاڑی کے روپ میں 185 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے 724 کلومیٹر سڑکوں پر سفر کرسکتا ہے۔ یہ گاڑی گیسولین سے چلے گی اور اس کی قیمت دو لاکھ ڈالر ہوگی۔ یہ اڑنے والی گاڑی 2011 میں مارکیٹ میں آئے گی۔ شیخو جی کا کہنا ہے کہ اس طرح کی ایجادات تب ہی ممکن ہیں جب کام کی لگن اور جذبہ حب الوطنی عشق کی صورت ہو۔ ہمت مرداں مدد خدا کی اس سے بڑی مثال کیا ہو گی۔

ستاروں سے آگے اور جہاں ہوں نہ ہوں ہوٹل ضرور ہوگا۔ اسپین کی ایک کمپنی آئندہ دو سال کے دوران خلا میں ایک ہوٹل کھولنے کا منصوبہ تیار کررہی ہے۔ زمین سے450 کلومیٹر اوپر اور28 ہزار کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والے خلائی ہوٹل جس کا نامGALACTICSUITEگیلیکٹک سویٹ ہے اس میں تین رات قیام کا کرایہ4.5 ملین ڈالر ہوگا جبکہ ابھی اس ہوٹل کے ٹکٹ کی قیمت بیس سے تیس ملین ڈالر ہے۔ اس ہوٹل تک پہنچنے کے لیے مخصوص روسی راکٹ استعمال ہوں گے بعد میں ہوٹل تک پہنچنے کے لیے مخصوص خلائی طیارہ بنایا جائے گا۔ شیخو جی کہتے ہیں رب نے تو یہ طاقت امت مسلمہ کو قرآن پاک عطاء کر کے دے دی تھی لیکن اس نے مقدس کتاب کو محض پڑھنے تک محدود کر کے اپنی خوش بختی کو بدبختی میں بدل لیا اور دنیا کے تمام وسائل کے 70فیصد ہونے کے باجود روٹی کو ترس رہی ہے اور اپنے تحفظ تک کے لئے غیر کی طاقت پر انحصار کرنے پر مجبور ہے۔

افغان صدر حامد کرزئی اور ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کے درمیان شراکتِ اقتدار کے لیے مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں جس کے بعد ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے 7 نومبر کے صدارتی انتخاب کے بائیکاٹ کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ امریکی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ عبداللہ عبداللہ کے بائیکاٹ سے افغان صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی قانونی حیثیت متاثر نہیں ہوگی۔ شیخو جی فرماتے ہیں جب غیروں کے ہاتھوں میں کوئی قوم اپنی باگ ڈور دے دیتی ہے تو اس کا یہی حال ہوتا ہے۔ افغان سرزمیں گزشتہ 4عشروں سے جنگ وجدل کا میدان بنی ہوئی ہے۔ کروڑوں عوام دوسرے ممالک میں انتہائی اذیت ناک زندگیاں بسر کرنے اور جو ملک میں رہ رہے ہیں وہ ہر وقت لقمہ اجل بننے کے خوف میں مبتلا ہیں غیر ملکی افواج پورے ملک میں دندناتے پھرتے ہیں لیکن افغان قیادت کی عقل ودانش پر ایسے پردے پڑے ہیں کہ ایک سے ایک ایسا فیصلہ سننے کو ملتا ہے کہ خدا کی امان طلب کئے بغیر ایک ذی شعور انسان کا گزارا مشکل ہو جاتا ہے دوسری طرف اللہ ہدایت دے طالبان کو کہ وہ ہتھیار ڈال کر نیٹو افواج کے ملک سے فوری انخلاء کا جواز پیدا کریں کیونکہ یہی موقع ہے کہ وہ طاغوت کی ایک ایسی چال جس کی کامیابی کی صورت پورا خطہ اس کے قبضے میں جا سکتا ہے کو کسی صورت ممکن نہ ہونے دیں اور اگر طالبان و القاعدہ کا یہ خیال ہے کہ وہ ہتھیاروں کے زور پر غیری ملکی افواج کو نکال باہر کریں گے تو ایسا کسی بھی صورت ممکن نہیں کیونکہ ان کے پاس جس طرح کی ٹیکنالوجی ہے اس کا طالبان تصور بھی نہیں کر سکتے۔ لڑائی سے افغانستان کو غیر ملکی افواج سے پاک کرنے کی حکمت عملی کا مطلب اپنی آئندہ ساری نسل کو خودکش بنانا اور اپنے ہی نہتے مسلمان بھائیوں اور بہنوں پر اپنی حزیمت کا نزلہ گرانا ہوگا جس کا براہ راست فائدہ طاغوت کو پہنچ رہا ہے اور آج وہ ہماری حماقتوں کی وجہ سے نہ صر ف ہمارے وسائل پر قابض ہیں بلکہ ہم سب کچھ ہوتے ہوئے بھی انہی کے دست نگر ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہمارے گناہ معاف فرمائے اور اپنی رحمتوں سے ہمہ وقت فیض یاب کرنے سمیت ہمیں اپنے فیصلے خود کرنے کی صلاحیت عطاء کرے۔ آمین
Tanveer Hussain Babar
About the Author: Tanveer Hussain Babar Read More Articles by Tanveer Hussain Babar: 85 Articles with 112810 views What i say about my self,i am struggling to become a use full person of my Family,Street,City,Country and the World.So remember me in your Prayers.Tha.. View More