روزہ کی جزاء

حضرتِ سَیِّدُنا ابُوہُریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے رِوایت ہے کہ سلطانِ دوجہان شَہَنشاہِ کون ومکان، رحمتِ عالمیان صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم فرماتے ہیں:''آدمی کے ہر نیک کام کا بدلہ دس سے سات سو گُنا تک دیا جاتا ہے۔اللہ عَزَّوَجَلَّ نے فرمایا: اِلَّا الصَّوْمَ فَاِنَّـہ ٗ لِیْ وَاَنَا اَجْزِیْ بِہٖ۔سوائے روزے کے کہ روزہ میرے لئے ہے اور اِس کی جَزا میں خودُ دوں گا۔ اللہ عَزّوَجَلَّ کا مزید ارشاد ہے، بندہ اپنی خواہِش اور کھانے کوصِرف میری وَجَہ سے تَرک کرتا ہے۔روزہ دار کیلئے دو خوشیاں ہیں۔ایک اِفطار کے وَقت اور ایک اپنے ربّ عَزَّوَجَل سے ملاقات کے وَقت ۔ روزہ دار کے منہ کی بُواللہ عَزّوَجَلَّ کے نزدیک مُشک سے زیادہ پاکِیزہ ہے۔''(صحیح مسلِم ص۵۸۰حدیث۱۱۵۱)

مزید ارشاد ہے ، ''روزہ سِپَر (یعنی ڈھال) ہے اور جب کسی کے روزہ کا دِن ہو تو نہ بے ہُودہ بَکے اور نہ ہی چیخے۔پھر اگر کوئی اورشَخص اِس سے گالَم گلوچ کرے یا لڑنے پر آمادہ ہو، تو کہہ دے ، میں روزہ دا رہوں۔ (صحیح بخاری ج۱ص۶۲۴حدیث۱۸۹۴)

روزہ کا خصوصی اِنعام

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! بیان کردہ اَحادیثِ مُبارَکہ میں روزہ کی کئی خُصُوصِیّات ارشاد فرمائی گئی ہیں۔ کتنی پیاری بِشارت ہے اُس روزہ دار کے لئے جس نے اِس طرح روزہ رکھا جس طرح روزہ رکھنے کا حق ہے۔یعنی کھانے پینے اور جِماع سے بچنے کے ساتھ ساتھ اپنے تمام اَعْضاء کو بھی گُناہوں سے باز رکھا تو وہ روزہ اللہ عَزّوَجَلَّ کے فَضْل وکرم سے اُس کیلئے تمام پچھلے گُناہوں کا کَفَّارہ ہو گیا۔اور حدیثِ مُبارَک کا یہ فرمانِ عالیشان تَو خاص طور پر قابِلِ تَوجُّہ ہے جیسا کہ سرکارِنامدار، بِاِذنِپَر وَردگار، دوعالَم کے مالِک ومُختار، شَہَنشاہِ اَبرار صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اپنے پروَردگارعَزَّوَجَل کا فرمانِ خوشگوار سُناتے ہیں ''فَاِنَّہ ٗ لِیْ وَاَنَا اَجْزِیْ بِہٖ''۔یعنی روزہ میرے لئے ہے اور اِس کی جَزا میں خود ہی دُوں گا ۔ حدیثِ قُدسی کے اِس ارشادِ پاک کو بَعض مُحَدِّثِینِ کرام َرحِمَہُمُ اللہُ تعالٰی نے ، ''اَنَا اُجْزیٰ بِہٖ'' بھی پڑھا ہے جیسا کہ تفسیرِ نعِیمی وغیرہ میں ہے تَو پھر معنٰی یہ ہوں گے،''روزہ کی جَزا میں خُود ہی ہوں۔''سُبْحٰن اللہ!عَزَّوَجَلَّ یعنی روزہ رکھ کر روزہ دار بَذاتِ خود اللہ تَبارَک وَ تعالیٰ ہی کو پالیتا ہے۔(فیضانِ سنت جلداول، صفحہ۹۴۵، مطبوعہ مکتبۃ المدینہ، باب المدینہ، کراچی)

Nasir Memon
About the Author: Nasir Memon Read More Articles by Nasir Memon: 103 Articles with 193511 views I am working in IT Department of DawateIslami, Faizan-e-Madina, Babul Madinah, Karachi in the capacity of Project Lead... View More