اک اذان جو داستان ٹھیری
(Raja Muhammad Attique Afsar, )
13)جولائی یوم شہداء کشمیر(شہداء
اذاں ) کے حوالے لکھی ایک تحریر۔دنیا کی انوکھی آذان کی داستان آزادی ٔ
کشمیر کے ان پروانوں کے نام جو ایک عظیم مقصد کی خاطر اپنی جان پہ کھیل گئے
)
سری نگر کی خاموش فضا ء میں اﷲ اکبر اﷲ اکبر (اﷲ سب سے بڑا ہے ) کی دلربا
صدا بلند ہوئی تو ساتھ ہی ڈوگرہ فوج کی جانب سے گولی کی تڑتڑاہٹ بلند ہوئی
۔ سنسناتی ہوئی گولی مؤذن کو اسی رب سے ملانے کا ذریعہ بن گئی جس کی
کبریائی کا ڈنکا اس نے بجایا تھا۔۱۳ جولائی۱۹۳۱ کا سورج سری نگر میں ایک
نئی تاریخ لے کر ابھرا ۔ چشم ِفلک نے اس روز وہ منظر دیکھا جو اس سے پہلے
شاید ہی کبھی دیکھا ہو۔ سری نگر کی مرکزی جیل کے سامنے لوگوں کا ہجوم جمع
ہے ۔ یہ سب لوگ کسی خبر کے منتظر لگتے ہیں ۔ انتظار کی گھڑیاں طویل سے طویل
ہوتی چلی جا رہی ہیں اور اسی انتظار میں سورج بھی مائل بہ زوال ہو گیا ۔
نماز ِ ظہر کا وقت ہوا تو تمام افراد نے ادائیگی نماز کے لیے جیل کے باہر
ہی جماعت کھڑی کرنے کا فیصلہ کیا۔ ایک نوجوان اذان دینے کے لیے آگے بڑھا
اور قبلہ رخ ہو کر اذان شروع کی جو اس کی شہادت کا باعث بنی۔ اذان کی آواز
تو ہر مسجد کے میناروں سے دن میں پانچ وقت بلندکی جاتی ہے مگر ان کی جزا ء
یہ تو نہیں ہوتی پھر اس اذاں میں کیا تھا جو موت ہی اس کی سزا ٹھہری ۔ اصل
میں یہ اذاں کسی روایتی ملّا نے نہیں بلکہ بیدار مغز مجاہد نے دی تھی جو
الفاظ میں تو اسی طرح تھی مگر ملا کی اذاں سے مختلف تھی اور طاغوت و جبروت
کو یہ اذاں پسند نہیں ۔
الفاظ و معانی میں تفاوت نہیں لیکن
ملا کی اذاں اور ہے مجاہد کی اذاں اور
رب سے ملاقات کا یہ انوکھا ومنفرد انداز دیکھ کر ایک اور جوان آگے بڑھا
اوروہیں سے اذاں کے سلسلے کو دوبارہ شروع کیا جہاں اس کے پیش رو نے چھوڑا
تھا ۔ پھر تکبیر کی صدا بلند ہوئی اور ساتھ ہی ایک گولی کی آواز آئی اور یہ
شخص بھی فردوس کے بالاخانوں کی طرف عازم سفر ہو گیا ۔
دوعالم سے کرتی ہے بیگانہ دل کو
عجب چیز ہے لذت آشنائی
دوسرے شخص کو بھی رب سے ملاقات کرتے دیکھا تو تیسرا جوان آگے بڑھا اور آذان
کے منقطع سلسلے کو آگے بڑھایا اور فضا ء میں اشھد ان لا الٰہ الا اﷲ کی
آواز بلند ہوئی جواب میں ایک اور گولی آئی اور اس شاہد کو شہیدکے رتبے پہ
فائز کر گئی ۔
شہادت ہے مطلوب و مقصود مؤمن
نہ مال غنیمت نہ کشور کشائی
اس طرح معلوم ہوتا ہے کہ ڈوگرہ فوج اس اذاں سے مشتعل ہو گئی ہے حالانکہ
مشتعل ہونے کے لیے آذان تو کوئی خاص وجہ نہیں ۔ لیکن درحقیقت وجہ یہی اذاں
تھی ۔یہ وہ نغمہ ہے جو تخت و تاج ہلا دیتا ہے ۔ یہ تو اعلان ہے کہ اﷲ کے
بندو ! بندوں کی غلامی سے نکل کر اﷲ کی بندگی میں آجاؤ اسی میں فلاح ہے ۔جب
یہ نغمہ کان کے راستے سے دل میں اتر جائے تو انسانی ضمیر جاگ اٹھتا ہے ۔
زندہ و بیدار ضمیر فرد کسی کا غلام بنانا ناممکن ہو جاتا ہے وہ صرف ایک خدا
کی غلامی میں آجا تا ہے ۔وہ محلوق خدا کی بندگیوں سے آزاد ہو کر صرف اﷲ کی
بندگی میں پناہ گزین ہوجاتا ہے ۔ یہی بات تو خود کو خدا سمجھنے والے عاقبت
نااندیش ظالموں کو پسند نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ابولہب و ابو جہل ایک صادق و
امیں ہستی ﷺ کی زبان سے لاالہ الااﷲ کا جملہ سن کر اس کے جانی دشمن ہو جاتے
ہیں جبکہ بلال حبشی اسی کلمے کو دل میں اتار کر سیدنا بلال ؓ ہو جاتے ہیں
۔جب یہ نغمہ جبر کے ایوانوں میں گونجتا ہے تو اسے اپنے تخت کے پایوں میں
ارتعاش محسوس ہوتا ہے وہ طاقت سے اس نغمے کی صدا کو دبانے کی کوشش کرتا ہے
۔ یہی سب کچھ یہاں بھی ہو رہا تھا ۔ ہم سب مسجدوں میں ، خانقاہوں میں اور
اپنی خلوت کی عبادتگاہوں میں لا الٰہ الا اﷲ کا وِرد تو کرتے ہیں لیکن مزہ
تو تب ہے جب اس کا اظہار کسی طاغوت کے سامنے کیا جائے ۔ اسی لیے تو جابر کے
سامنے کلمہ حق ادا کرنے کو افضل جہاد قرار دیا گیا ہے ۔
ہے کہ اندر بج رہا سازِسخن
نعرہ ٔ لا پیش نمرود جبر
یہ سب لوگ سری نگر جیل کے سامنے ایک مقدمے کی کاروائی سننے کے لیے جمع ہوئے
تھے ۔ان کا مطالبہ تھا کہ مقدمے کی کاروائی ان کے سامنے کی جائے اور انہیں
فیصلے سے آگاہ کیا جائے ۔ مقدمے کا مرکزی کردارعبد القدیر نامی شخص تھا جس
کا تعلق صوبہ سرحد سے تھا اور یہ ایک انگریز کے ہاں ملازم تھا جو سری نگر
میں رہتا تھا۔ اس سے زیادہ اس شخص کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ملتیں ۔
عبد القدیر پہ کشمیریوں کو ڈوگرہ حکومت کے خلاف ورغلانے کی کوشش کے جرم میں
مقدمہ چلایا جا رہا تھا ۔اس سے چند روز قبل ہی جموں کی جامع مسجد میں نماز
عید کے خطبے کے دوران مولوی صاحب نے فرعون و موسیٰؑ کا ذکر کیا۔فرعون کے
جبر ناروا کے قصے سن کر مسجد کے باہر کھڑے ڈوگرہ فوجیوں کو یہ گمان ہوا کہ
یہ تو ڈوگرہ سرکار کا ذکر ہو رہا ہے بس ہری سنگھ کی جگہ فرعون کا نام لے کر
عوام کو مہاراجہ سرکار کے خلاف بغاوت پہ آمادہ کیا جا رہا ہے۔ قرآن پاک کا
معجزہ دیکھیے کہ وہ ہر دور کے فرعون اور نمرود کو بے نقاب کرتا ہے ۔قرآن
پاک نے لوگوں کی ہدایت کے لیے تمثیلیں بیان کر دیں ہیں اور ان کا انجام بھی
بتا دیا ہے ۔ فرعون اور نمرود ہر دور میں موجود ہوتے ہیں ان کے سامنے جب
قرآن پاک کی یہ تماثیل بیان کی جائیں تو وہ بھی سمجھ جاتے ہیں کہ اصل مخاطب
کون ہے ۔ڈوگرہ فوجی سیخ پا ہو کر مسجد میں داخل ہو گئے اور مولوی صاحب کو
خطبہ بند کرنے کو کہا ۔ انکار کرنے پہ مولانا صاحب سمیت نمازیوں پہ تشدد
کیا گیا اور قرآن پاک کی بے حرمتی کی گئی ۔ امتحان تو یہ ہوتا ہے کہ کون
ابراہیم اور موسیٰ علیھماالسلام کے اسوہ کو اپناتا ہے اور کون محو تماشا ئے
لبِ بام رہتا ہے ۔جو بھی مشکل کی گھڑی میں اس اسوہ کو اپنائے گا وہ کامیاب
ہو جائے گا۔
قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کے خلاف پوری ریاست جموں وکشمیر میں غم و
غصے کی لہر دوڑ گئی ۔ جگہ جگہ احتجاج ہونے لگے ۔ اسی طرح کے احتجاجی جلسے
کے دوران عبدالقدیر نامی پٹھان اٹھا اور ایک جوشیلی تقریر کر ڈالی ۔ تقریر
میں اس نے عوام کو مخاطب کر کے کہا کہ جب تک سامراج سے آزادی حاصل نہیں کر
لیتے اس طرح کے واقعات رونما ہوتے رہیں گے ۔ یہ وہ تقریر تھی جس کی پاداش
میں عبدالقدیر کو گرفتار کیا گیا اور اس پہ اشتعال انگیزی کا مقدمہ چلایا
جا رہا تھا 13جولائی کو اس مقدمے کا فیصلہ سنایاجانا تھا اور یہ سب لوگ اس
فیصلے کے منتظر تھے کہ نماز ظہر کا وقت ہو گیا ۔ عبد القدیر کو تین ماہ کی
سزا ہوئی اور بعد از رہائی وہ تحریک آزادی ٔ کشمیر کو بنیاد فراہم کر کے
خود تاریخ کی بھول بھلیّوں میں گم ہو گیا۔جب عبد القدیر پہ مقدمہ چل رہا
تھا تو شاید اسے یہ معلوم بھی نہ ہو کہ اس کی خاطر کتنے دل ڈھڑک رہے ہیں ۔
اسکے دیے ہوئے بیداری کے درس نے کتنوں کو بیدار کر دیا تھا اور انہوں نے
تاریخ کی وہ اذاں دے ڈالی تھی جس کے متعلق اقبال نے فرمایا تھا :
سنی نہ مصر و فلسطیں میں وہ اذاں میں نے
دیا تھا جس نے پہاڑوں کو رعشۂ سیماب
دنیا کی تاریخ کی انوکھی اذاں دی جا رہی تھی ایک کے بعد ایک جوان آگے بڑھتا
اور کلمہ ٔ حق ادا کرتے ہوئے اپنی جان جان ِ آفریں کے سپرد کر دیتا۔ اذان
کی تکمیل میں22افراد اپنی جان کی بازی ہار گئے ۔ لیکن اپنی قوم کو اس اذاں
کے ذریعے نئے مفا ہیم عطا کر گئے ۔ جب وہ تکبیر کہہ رہے تھے تو گویااعلان
کر رہے تھے کہ کشمیر پہ اقتدار اعلیٰ کا حق صرف اﷲ کو حا صل ہے ، جب وہ
شہادتیں ادا در رہے تھے تو ببانگ دہل کہہ رہے تھے کہ اس سرزمیں پہ وہی نظام
چلے کا جو اﷲ کے رسولﷺ کامل دین کی صورت میں ہم تک لائے ہیں ، جب وہ حی علی
الصلاۃ کہتے تو گویا پکار رہے ہوتے تھے کہ بندوں کی غلامی چھوڑ کر رب
العباد کی بندگی اختیار کرو ، جب حی علی الفلاح کی صدا بلند کرتے توکہہ رہے
ہوتے تھے کہ کامیابی تو اس چلن میں ہے جس کی جانب ہم پکارتے ہیں ۔ ہم صدا
لگاتے ہیں ہم تمہیں بلاتے ہیں آؤ ہمارے راستے پہ تم بھی کامیاب ہو جاؤ گے۔
عروق مردۂ مشرق میں خون زندگی دوڑا
سمجھ سکتے نہیں اس راز کو سینا و فارابی
تاریخ کے اس عجیب واقعے نے حالات کا رخ ہی بدل ڈالا ۔ تحریک آزادی ٔ کشمیر
کو ایک بنیاد فراہم ہو گئی۔ ان 22 افراد نے اپنی جانوں پہ کھیل کر آزادی کی
ایک شمع فروزاں کی ۔ ان کی اذانِ حق پہ لاکھوں فرزندان توحید نے لببیک کہا
۔ اپنے گھر بار قربان کیے ،ہجرت کی ، اﷲ کی راہ میں جہاد کیا اور اب بھی
اپنی تحریک کو جاری رکھے ہوئے ہیں ، باطل کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں اور ظاغوت
کا مقابلہ صبر اور پامردی سے کر رہے ہیں ۔ یہ تحریک مختلف مراحل طے کرتے
ہوئے اپنی منزل کی طرف گامزن ہے ۔ لاکھوں افراد جان کی قربانی دے چکے ہیں
اور یہ سلسلہ ہنوزجاری ہے ۔ دنیا بھر میں مقیم کشمیری ان شہدا کو یاد کرتے
ہیں اور 13جولائی کو یوم ِشہداء کشمیر منایا جاتا ہے ۔ آزادکشمیر میں تعطیل
ہوتی ہے ۔ شہداء کی لازوال قربانیاں جن کے نتیجے میں آج ہم آزاد و خودمختار
مملکت میں بیٹھے ہیں ہم سے یہ سوال کر رہی ہیں کہ ہم تو دین پہ کٹ مرے تھے
کیا ہمارے بعد تم نے ہمارے مشن کو تاپنی جان ،مال اور قویٰ کے ذریعے تقویت
دی ؟، ہمارے حکمرانوں سے سوال کر رہی ہیں کہ ہمارے خون کو نظر انداز کر کے
ہمارے ہی دشمنوں سے دوستی کی پینگیں چے معنی دارد؟ اور میڈیا کے اہلکاروں
سے یہ سوال کر رہی ہیں کہ ہم تو دین پہ کٹ مرے آپ کو ہماری قربانی کے کس
گوشے پہ شک ہے کہ اس تحریک کارشتہ دین سے جوڑنے کے بجائے آج یہ سوال اٹھا
رہے ہیں کہ یہ جدوجہد دینی تھی یا سیکولر؟جس خطہ ٔ ارضی کو مسجد بنانے کے
لیے ہم نے اذان دی تھی جب پاکستان کی صورت میں وہ مسجد معرض وجود میں آگئی
تو قوم بحیثیت مجموعی رب کے آگے سربسجود ہونے سے گریزاں کیوں ؟چھوٹے بڑے ،
امیر غریب ، کالے گورے اور ہر قسم کی تقسیم کو ختم کر کے ایک صف میں کھڑے
ہونے کے بجائے صوبائیت ، علاقائیت اور فرقہ واریت کی بنیاد پہ انتشار کیوں؟
رب کی عطا کردہ زمیں پہ غیر اﷲ کا نظام کیوں ؟اسلام کے نظام عدل ومساوات کے
بجائے استبداد کا نظام ظلم کیوں؟ ہماری معیشت کی بنیاد اﷲ اور اس کے رسول
سے اعلان جنگ کیوں کر رہی ہے ؟ہم نے تو غیر ریاستی شخص کی صدائے حق پہ لبیک
کہا ، اسکی خاطر قربانی دینے سے نہیں ٹلے اور نیل کے ساحل سے لے کر تابخاک
کاشغرایک امت ہونے کاعملی مظاہرہ کیا مگر مملکت خداداد میں اپنے ہی شہریوں
، اپنے ہی مسلم بھائیوں کو غیروں کے ہاتھ فروخت کر کے قومی خرانہ بھرنے کی
تجارت کیوں؟اپنے ہی ملک کے شہریوں پہ غیروں کے ہاتھوں بمباری کیوں اور اس
پہ تفاخر کیوں ؟ غرض ان کی اذاں فضا ؤں میں گونج رہی ہے اور ہمارے ضمیروں
پہ مسلسل دستک دے رہی ہے کہ خدا را ہمارا لہو بھلا نہ دینا۔یوم شہداء کشمیر
ہم سے تقاضا کر رہا ہے کہ ہمارے مشن کو پایہ ٔ تکمیل تک پہنچائے بنا آرام
سے نہ بیٹھ جانا۔ تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچائے بنا نہ
چھوڑنا ، کسی مصلحت پسندی کا شکار نہ ہو جانا ۔ہم نے اذاں دے دی تم کروٹ
بدل کر سو نہ جانا بلکہ اقوام عالم کی امامت کرنا ۔اﷲ تعالی ٰ ہمیں شہداء
کے مشن کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کی توفیق اور ہمت عطا فرمائے۔ آمین۔
شہید تم سے یہ کہہ رہے ہیں
لہو ہمارا بھلا نہ دینا |
|