بڑی عید بڑے مشورے
(Muhammad Ali Rana, Karachi)
ٔ٭……مشورہ یہ درکار تھا کہ کیا
قُربانی کی کھالیں ہم حکومتِ وقت کو دے سکتے ہیں ۔
……آپ قُربانی کی کھالیں انہیں دے ہی ڈالیں تو مناسب ہوگا ورنہ اِس بات کا
حتی الامکان یقین ہے کہ اگر آپ نے قُربانی کی کھالیں انہیں نہ دی تو یہ
مہنگائی میں مزید اضافہ کرکے آپ کی اپنی بچی کچی کھال بھی آتار لیں گے ۔
٭……ہم نے پچھلے سال قُربانی کی اور اﷲ پاک کے فضل سے پورے چار بکرے ذبح کیے
اُن میں سے ایک پورا بکرا میں ڈی فریزر کی تہہ میں رکھ کر بھول گئی اور اُس
پر برف کی تہہ جم گئی اب جبکہ اِس بکر عید پر صاف ستھرائی کی غرض سے چاروں
فریزرکو بند کر کے دھلوایا گیا تو ایک کی تہہ میں سے پورا سالم بکرا برامد
ہوگیا ۔آپ سے پوچھنا یہ تھا کہ کیا ذبح شدہ سال پرانے بکرے کو استعمال میں
لانا مناسب ہوگا ؟
…… آپ کیلئے اُس باسی بکرے کا گوشت مفید نہیں ۔آپ ایسا کریں اِِمسال غریبوں
،مسکینوں میں دِل کھول کرگوشت بانٹیں کیونکہ انہیں بھی سال میں ایک بار تو
بکرے کا گوشت کھانے کو مِلناہی چاہیے ویسے بھی غریب کو صرف دوہی موقعوں پر
بکرے کا گوشت نصیب ہوتا ہے ایک بکرا عید پر اور دوسرا عبداﷲ کی شادی یا
عقیقہ میں اور خود اپنی یادداشت کو بہتر بنانے کیلئے امسال قُربان شدہ گوشت
کی ایک لسٹ تیار کریں یہاں تک کے ملازموں سے ایک ایک بوٹی تک گنوا کر رکھیں
اور عید کے بعد گھر میں روز جتنا گوشت استعمال ہوتا جائے اُسے اپنی فہرست
سے کٹ کرتی رہیں ۔
٭……آپا جی آپ کے مشوروں نے مجھے آج تک بہت فائدہ پہنچایا ہے ۔آپ سے ایک
مزیدمشورہ لینا تھا ایسا گُر بتائیں کہ اِس بکر عید پر کوئی ایسا منافع بخش
کام کیا جائے کہ سال بھر کا منافع اِن تین دِنوں میں ہی ہوجائے ۔
…… بہتر تو یہی رہے گا کہ آپ کسائی کا کام کریں،بکر منڈی میں جانوروں کی
بروکری بھی کر سکتے ہیں۔سب سے مناسب تو یہ رہے گاکہ جلد از جلد اجتمائی
قُربانیوں کا بینر بنوائیں حصے جمع کریں،ہیرا پھیری کا فن کِسی بھی محبِ
وطن کو سکھانے کی ضرورت نہیں ۔اب اصل کمائی کا ذریعہ یہ بھی ہوگا کہ آپ
کِسی ٹرسٹ یا مسجد کو دینے کے بہانے تمام جمع شدہ کھالیں یہاں تک کے سری
پائے اور گوشت بھی فریز کر کے با وقتِ ضرورت بیچ سکتے ہیں ۔
٭……ہمارے پاس اتنے پیسے نہیں کہ بکرا اور فریج دونوں ایک ساتھ لاسکیں کوئی
ایک چیز ہی لا سکتے ہیں ۔آپا جی! اچھا سا مشورہ دیں ہم کیا کریں ؟
……آپ فریج لے آئیں اور بکرے کی قُربانی دے دیں ۔محلے اور رشتہ داروں سے جمع
شدہ گوشت اور فریج سے امسال انجوائے کریں اگلے سال انشا اﷲ آپ صاحبِ سالم
بکرے والا فریج ہوں گی۔
٭……عید کی صبح ہی غریب لوگ تھیلیاں لے کر پہنچ جاتے ہیں اور ہمارا قُربانی
کا گوشت چھ ماہ بھی بہت مشکل اور کھینچ کھانچ کر چلتا ہے۔ کوئی مفید سا
مشورہ دیں ہم کیا کریں ؟
……آپ کِسی گونگے اور بہرے کسائی کا انتخاب کریں جو آپ کا زار فاش نہ کر
پائے اب ایک احتیاط لازمی برتنی ہوگی وہ یہ کہ سب کو یہ بتائیں کے ہم
قُربانی عید کے تیسرے روز کریں گے مگر یاد رہے آپ کا بکرا عید کی نماز کے
فوراً بعد ذبح ہوجانا چاہیے آپ عید گاہ سے بھی بزریعہ موبائل گھر والوں کو
فوراً بکرا فوراً ذبح کروانے کا حکم نافذ کرسکتے ہیں ۔ اب جتنا جلدی ہوسکتا
ہے پورے سال کے حساب سے تاریخ لکھ لکھ کر گوشت کے پیکٹ بنا کر فریز کرلیں
مجال ہے کے اگلی عیدِ قُربان سے قبل آپ کا گوشت ختم ہوجائے ۔
٭……میں نے اپنی بیوی کے کہنے پربکرا وغیرہ ذبح کرنے کا سارا سامان مکمل
خرید لیا ہے کیونکہ اُس کا ماننا ہے کہ بکر عید پر کسائی کے کام سے وہ اپنے
پندرہ بیس سوٹ با آسانی بنا لے گی مگر مسئلہ یہ ہے کہ مجھے کسائی کا کام
بلکل بھی نہیں آتا بس آپا جی اب آپ ہی کوئی مفید مشورہ دے کر میری مشکل کو
حل کر سکتی ہیں؟
……میرے بھائی آج کل کے دور میں ہر انسان کسائی ہے ہم روز اپنے جیسے دسوں کو
چھری پھیرتے ہیں اور رہا کھال اُتارنے کا مسئلہ تو آپ فوراً اپنے قریبی
کِسی بھی سیاست دان سے رجوع کریں اور دو چار کلاسیں لے ڈلیں اپنے ہُنر میں
مزید اضافے کیلئے گزشتہ سیاستدانوں کے دورِ حکومت کا مطالعہ کریں۔مزید یہ
کہ آج کل کسائی کا سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے کیلئے مرغی کاٹنے کا فن آنا کافی
ہے۔
٭……ہمارے ہاں بکرا عید کا گوشت چھ ماہ سے زیادہ عرصہ تک چلتا ہے اور سارے
گھر والے بکروں کا گوشت کھا کھا کر تنگ آجاتے ہیں ،ہماری پریشانی کا کوئی
اچھا سا حل بتائیں؟
……آپ کے لیے بہتر یہی ہوگا کہ جلد از جلد کِسی غریب مرغی اور مچھلی فروش کے
ساتھ گہرا دوستانہ قائم کریں اور ہفتے میں ایک دو بار فریزر سے قُربانی کے
گوشت کا پیکٹ نِکال کر انہیں دے کر اُن سے اُس پیکٹ کے عوض تازہ مچھلی یا
چکن وصول کرلیا کریں ۔
٭……ہم اِس دفعہ قُربانی کیلئے کنفیوژ ہو رہے ہیں ۔آپ مشورہ دیں ہم کیا کریں
اُونٹ یا گائے میں حصہ ڈالیں یا بکرا لائیں ؟
…… حصہ ڈالنے سے شان و شوکت میں کمی سی محسوس ہوتی ہے اور انسان غریب غریب
سا لگتا ہے ۔آپ ترو تازہ گبرو جوان بکرا لے کر آئیں اور کارٹن کا سوٹ پہن
کر فخر سے اُس کے ساتھ تصاویر بنوائیں فیس بُک پر تمام فرینڈز کو پوسٹ
کردیں اور روز صبح نہار منہ Comentکرنا نہ بھولیں یوں پورے سال کی نمائش کا
اہتمام بھی ہوجائے گا اور پورے محلے میں اُسے ساتھ گھمائیں یوں علاقے میں
آپ کا روب اور بدبہ بھی قائم ہوگا ۔
٭……اگر قُربانی کا جانور عید سے بیس ،پچیس روزیا ماہ دو ماہ قبل لے آئیں تو
وہ بہت گند ڈالتا ہے اور کھاتا بھی بہت ہے مگر اِس کے باوجود بروز عید جب
اُسے کسائی ذبح کرنے لگتا ہے تو دِل بہت دکھتا ہے قربانی کے جانور کے ساتھ
بچوں کو بھی عجیب سا لگاؤ ہوجاتا ہے یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے ہم اپنی
کِسی عزیز چیز کو قُربان کرنے لگے ہیں اور چھری بکرے کی شہ رگ پر نہیں
ہماری گردن پر پھرنے لگی ہے ہم کیا کریں ؟
……میرا خیال ہے کہ اِسی کا نام قُربانی ہے ۔چار چھے کھنٹے یا ایک دو روز
پہلے لا کر کاٹ دینے سے تو بہتر ہے کہ عید کی نماز پڑھ کر آتے ہوئے بازار
سے گوشت خرید کر لیتے آئیں اور بھون کر خوب مزے لے لے کھائیں اور یوں آپ
گوشت بھی نوش فرمالیں گے اور تمام قُربانیوں سے بھی بچ جائیں گے۔
٭……آپا جی اِس بکر عید پرہمیں کِسی اچھی سی ڈش کا مشورہ دیں کوئی اچھی سی
ڈش بتائیں؟
……دیکھیں اِس کا انتخاب آپ کو خود کرنا ہوگا اِن دِنوں مارکیٹ میں بیشمار
رنگوں اور اقسام کے ڈنر سیٹ آچکے ہیں آپ وہاں جاکر من چاہی ڈش کا انتخاب
باخوبی کر سکتی ہیں۔ |
|