مولانا فضل الرحمن کے لئے

دھرنوں میں رات کو''مجرے''ہوتے ہیں،مولانافضل الرحمن کایہ بیان پڑھ کرمیرے غصے کی انتہانہ رہی۔اس بیان کے بارے میں عمران خان یاطاہرالقادری جومرضی جواب دیں مجھے اس سے کوئی غرض نہیں اورنہ ہی میں کسی جماعت کی وکالت کرناچاہتاہوں۔کیونکہ اس بیان سے پاکستانی قوم کی بہت سی ماؤں،بہنوں اوربیٹیوں کی عزت مجروح ہوئی ہے اس لئے میں آج اس کالم کے ذریعے مولاناکے بیان کاجواب لازمی دوں گا۔یہاں میں ایک اوربات واضح کرتاجاؤں کہ میں نے زندگی میں کبھی بھی مولاناکی کوئی تقریرغورسے نہیں سنی کیونکہ ایسابندہ جوچارپانچ سیٹوں کے ذریعے ہرحکومت کاحصہ بننااپنے لئے لازمی سمجھتاہواس کااپناکیانظریہ ہوگا۔لیکن آج میں نے اس بیان کوغورسے پڑھابھی ہے اورسنابھی ہے اس لئے مولاناصاحب سب سے پہلے تومیں آپ کوکھلاچیلنج کرتاہوں کہ کسی بھی ایک ایسی عورت یالڑکی کودھرنوں سے باہرنکال کردکھادیں جس کوعمران خان زبردستی گھرسے اٹھاکرلایا ہویعنی یہ سب پاکستانی خواتین اپنی مرضی سے آئی ہیں وہ پاکستانی خواتین جن پرآپ کے اتحادی اورآپ بذات خود حکومت کرتے رہے ہیں۔مولاناصاحب اس قوم کوعمران خان نے نہیں آپ نے اورآپ کی اتحادی حکومتوں نے بگاڑاہے۔اتحادی حکومتوں سے بھی زیادہ آپ کاقصورہے کیونکہ وہ توگاہے بگاہے بدلتی رہی ہیں اوران میں سے کوئی عالم دین بھی نہیں تھالیکن آپ پچھلے کئی برسوں سے حکومت کے ساتھ ایک بہت بڑے عالمِ دین کے طورپرچمٹے ہوئے ہیں۔آپ اپنے آپ کوبہت بڑاعالم دین سمجھتے ہیں،اسلام کانمائندہ سمجھتے ہیں اگرآپ کی بات کوسچ مان لیاجائے کہ واقعی اسلام آباد میں''مجرے''ہوتے ہیں توبتائیے آپ نے کیوں اس قوم کی بچیوں کی اچھی تربیت نہیں کی،'' مجرے'' کوئی تین مہینوں میں تونہیں سیکھا سکتا۔اگریہ لوگ مذہب سے دورہوگئے ہیں توبتائیے کہ کیاکسی قوم کو3مہینوں میں مذہب سے دورکیاجاسکتاہے یہ عمران خان کاقصورنہیں آپ جیسے مولوی حضرات کاقصورہے اور آپ جیسے مولوی اس قوم کے مجرم ہیں جنھوں نے ہراس گورنمنٹ کے خلاف آوازبلندکرنے کی بجائے اس کاساتھ دیاہے جس نے قوم کے بچوں اوربچیوں کے ہاتھوں میں ایسی کتابیں تھمائیں جن میں اسلامی تعلیم کیلئے صرف دویاتین صفحات مختص کئے گئے ہیں۔آج بی۔اے کے طالبعلم کوغسل کے فرائض صحیح طرح معلوم نہیں،اگرکسی سے یہ کہاجائے کہ چھٹاکلمہ سنادوتووہ اپنامنہ چھپانے کی کوشش کرتاہے یہ ان طالبعلموں کاقصورنہیں ہے بھلاوہ نصابی کتابوں میں موجوددوصفحات سے کتنااسلام سیکھیں گے۔اس قوم کوآج اسلام سے دورنہیں کیاگیااس قوم کوبہت پہلے ہی اسلام سیکھانے کی بجائے کچھ اورسکھایاجارہاتھاجس کے بھیانک نتائج آج نکل رہے ہیں۔مولاناصاحب آپ نے خود اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کی، آپ اسلام کے ٹھیکداربنتے ہیں توآپ نے اس قوم کواسلام کیوں نہیں سکھایا۔کیوں آپ نے اس قوم کواسلام سے دورہونے دیا۔کیوں آج یہ قوم نعتیں سننے کی بجائے گانے سنناپسندکرتی ہے۔یہ سب آپ کی وجہ سے ہواہے۔مجھے جواب دیجئے آپ نے کیوں نہیں اپنے اتحادیوں سے کہاکہ پاکستانی قوم کے بچوں کے ہاتھوں میں ایسی کتابیں تھمائیں جن میں اسلامی تعلیمات زیادہ ہوں تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ اسلام کے بارے میں جان سکیں اوران کی تربیت اسلامی ماحول میں کی جاسکے ۔اگروہ نہ مانتے توآپ ان کاساتھ چھوڑدیتے لیکن آپ نہ ہی انہیں کہیں گے اورنہ ہی ان کاساتھ چھوڑیں گے کیونکہ آپ کے اندراقتدارکی ہوس ''کوٹ کوٹ ''کربھری ہے۔اگرآپ نے اقتدارکی لالچ نہ کی ہوتی اور اس قوم کی تربیت ٹھیک کی ہوتی توآج بقول آپ کے ''مجرے''نہ ہوتے۔

مولاناصاحب میں اپنی بات کوایک دفعہ پھردوہرارہاہوں تاکہ آپ کوصحیح طرح سمجھ آسکے۔یہ قوم کوئی انڈیا،برطانیہ یاافریقہ سے نہیں آئی جوبقول آپ کے ''مجرے''کرتی ہے یہ وہ قوم ہے جس کی آپ نے اورآپ کے اتحادیوں نے پچھلے کچھ سالوں سے تربیت کی ہے یہ پاکستانی قوم ہے۔عمران خان کے دن توابھی شروع ہوئے ہیں اسے توآئے ابھی جمعہ ،جمعہ آٹھ دن نہیں ہوئے ۔مولاناصاحب میں بھی دھرنوں میں ناچ گانوں کے سخت مخالف ہوں۔کیونکہ یہ چاہے ترانے ہوں یاگانے ان میں سازبجتاہے اوراسلام میں ایسی چیزوں کی سختی سے ممانعت ہے ۔اگرآپ کوبھی یہ ترانے یاگانے ناپسندتھے توآپ ان کے خاتمہ کے لئے کوئی بہترطریقہ استعمال کرتے۔ آپ کاطریقہ کارسراسرغلط ہے ہمیشہ برائی کواچھائی سے ماراجاتاہے آپ اگراس برائی کاخاتمہ کرناچاہتے تھے توآپ اپنے غرورکے بت کوتوڑکرعمران خان کے پاس قرآن پاک ہاتھ میں تھامے ہوئے جاتے ،اسے قرآنی آیات اوراحادیث کے حوالے دے کرسمجھاتے اس کے کارکنوں کوبھی سمجھاتے اگروہ سمجھ جاتے توٹھیک ورنہ آپ باربارجاتے۔لیکن آپ ایسانہیں کریں گے آپ توعمران خان کے پاس جانابھی اپنی توہین سمجھتے ہوں گے کیونکہ آپ توصرف اُن لوگوں کے پاس جاناپسندکرتے ہیں جواقتدار میں ہوں۔

مولاناصاحب آپ کوپتہ ہے کہ آپ کی اس طرح گندی زبان استعمال کرنے سے کیانتائج نکل سکتے ہیں۔ جمیعت اورتحریک انصاف کے کارکن ایک دوسرے کے دشمن بن سکتے ہیں اورملک ایک نئی جنگ شروع ہوسکتی ہے۔مولاناصاحب اب بھی وقت ہے کہ اپنی سیاسی مصروفیات سے وقت نکال کرکچھ دینِ اسلام کامطالعہ کریں کیونکہ آپ کے اس بیان سے لگتاہے کہ آپ نے اسلام کوابھی صحیح طرح نہیں پڑھا۔اسلام توامن کادین ہے اسلام میں صبرکی تلقین کی گئی ہے اور اسلام میں توانتشارکی سخت ممانعت کی گئی ہے۔لیکن آپ کے اس بیان سے مجھے لگتاہے کہ آپ ملک میں انتشارپھیلاناچاہتے ہیں۔ملک میں خانہ جنگ کرواناچاہتے ہیں مولاناصاحب اب بھی وقت ہے تحریک انصاف کی خواتین سے معافی مانگیں تاکہ امن کی فضاقائم ہوسکے۔ یہ ملک اب مزیدکسی اندرونی لڑائی کامتحمل نہیں ہوسکتا۔
Jamshaid Malik
About the Author: Jamshaid Malik Read More Articles by Jamshaid Malik: 43 Articles with 104261 views You Can Get More Info About Malik Jamshaid Azam With Face Book Page Link.

https://www.facebook.com/MalikJamshaidazamofficial
.. View More