اپنی مشکلات خود حل کریں

’’زندگی میں جدوجہد مشکلات سے عبارت ہے اگر مشکلات اور رکاوٹیں نہ ہوں تو انسان جدوجہد نہ کرے‘‘۔۔۔،

آپ جدوجہد اس لئے کرتے ہیں کہ اپنی مشکلات کو حل کر سکیں اگر آپکا طرزفکر مثبت ہے تو آپ ہر ممکن طور پر اپنے مقصد کو حاصل کرنے کی کوشش کریں گے ۔ لیکن اگر آپ منفی طرز فکر کے عادی ہیں تو آپ کے کسی مقصد کا تکمیل پا جا نا یقینا کوئی معجزہ ہی ہوگا وگرنہ عام حالات میں ایسا ممکن نہیں ہم نے اکثر لوگوں کو دیکھا ہے کہ وہ پریشانی کو سامنے دیکھ کر حواس باختہ ہو جاتے ہیں اُنکے اوسان جواب دے جاتے ہیں اور وہ سوچ سمجھ کر کوئی قدم اُٹھا نے یا حل تلاش کرنے کے بجائے افراتفری میں سیدھے کام کو بھی اُلٹا کر دیتے ہیں ․ کچھ لوگ اگرچہ اپنے کام نمٹا سکتے ہیں لیکن اپنے آپ پر بھروسہ نہ ہونے کی بناء پر خوفزدہ رہتے ہیں اور کسی ممکنہ نقصان سے بچنے کے لئے دوسروں کے سہارے ڈھونڈتے ہیں جو اکثر وبیشتر کمزور ثابت ہوتے ہیں ․ کسی بھی حالت میں پریشان ہوجانا یا اپنے مسائل کے حل کے لئے دوسروں کی امدادکا طلبگار ہونا کسی بھی صورت میں مثبت رویہ قرار نہیں دیا جاسکتا ․

آپ پر منحصر ہے کہ آپ اپنے مسائل کا سدباب کس طرح کرتے ہیں دنیا میں ہر مشکل کا حل موجودہے اور کوئی بھی مسئلہ آپکے قوی و برتر دماغ کی پہنچ سے باہر نہیں اس سلسلے میں ایک چھوٹی سی مثال یقیناً مفید ثابت ہوگئی-

ایک باپ نے اپنے بچے کی ذہانت کا اندازہ لگانے کے لئے کسی رسالے میں شائع شدہ دنیا کا نقشہ علحیدہ کیا اور پھر چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں تقسیم کردیا اُس کے بعد بچے کو بلا کر کہا’’ بیٹا اگر آپ اسے دوبارہ جوڑ سکیں تو آپ کی پسندیدہ چیزانعام میں دی جائے گی‘‘

باپ کا خیال تھا کہ بیٹے کو نقشہ جوڑنے میں کم سے کم ایک دن کا وقت تو ضرور لگے گا لیکن اُس کی حیرت کی انتہانہ رہی جب بیٹادس منٹ بعد ہی نقشے کو بالکل درست جوڑ کر واپس آگیا
’’بیٹا ․ تم نے اتنی جلدی اسے کیسے جوڑ لیا‘‘ باپ نے تعجب سے پوچھا ۔
’’کیا تمھیں دُنیا کا نقشہ یاد تھا ؟ ‘‘
’’نہیں ابو ‘‘بچے نے سکون سے جواب دیا،

’’مجھے یہ نقشہ تو یاد نہیں تھا مگر اس نقشے کے پیچھے جو تصویر بنی ہوئی ہے میں نے ایک طرف جوڑی تو دوسری طرف خودبخود نقشہ بن گیا‘‘

یہ ہے’’ مثبت سوچ‘‘ ’’ مثبت طرز فکر‘‘ ’’ مقصد کا تعین‘‘ ’’حاضر دماغی‘‘، وہ بنیادی اصول جو کامیابی کے لئے ضروری ہیں․

بچے کو نقشہ ترتیب دینا تھا ، اُس کے ذہین میں مقصد واضع تھاچنانچہ اس نے حاضر دماغی اور مثبت طرزفکر سے کام لیتے ہوئے اپنی مشکل کا خود ہی حل ڈھونڈ نکالا اور کان ایک طرف سے نہیں تو دوسری طرف سے پکڑلیا ․

آپ بھی چاہیں تو مشکل کا خود حل نکال سکتے ہیں قدرت نے آپکو ہر مصیبت سے نبرد آزما ہونے کے لئے صلاحیتیں عطا کی ہیں ، اس نے آپکو ان تمام ہتھیاروں سے لیس کیا ہے جس کے ذریوے آپ زندگی کی جنگ جیت سکتے ہیں اس لئے سب سے پہلے یہ اصول اپنائیے کہ ’’ہر مشکل خود اپنا حل ہوتی ہے ‘‘

’’ زندگی کاکوئی مقصدہی زندگی کا سب سے بڑا مقصد ہے‘‘
farheen riaz
About the Author: farheen riaz Read More Articles by farheen riaz: 33 Articles with 47149 views rukht e safar (رختِ سفر )the name of under which numerous column and Articals has been written by Columnist Farheen riaz
starting 2012
.. View More