نیا سال، نیا سکینڈل

2010 کا سورج جہاں دنیا کے لیے امن، محبت اور راواداری کا درس لیے طلوع ہوا وہیں لاہور کے نواحی گاؤں نتھا سنگھ کے رہائشی یوسف علی کے لیے پریشانی کا باعث رہا۔ یوسف علی چار بیٹوں اور چار بیٹیوں کا باپ ہے ۔ یوسف چٹا ان پڑھ ہے اور یہی اس کی زندگی کی سب سے بڑی کمزوری بن گئی ہے۔ یوسف پراپرٹی ڈیلر ہونے کیساتھ ساتھ پولٹری فارپ کا کاروبار بھی کرتا ہے۔ رزقِ حلال کمانا شروع سے ہی اس کا شیوہ رہا ہے۔ یوسف اس وقت شدید اذیت میں مبتلا ہوا جب اسے یہ معلوم ہو ا کہ کچھ لوگ اپنے آپ کو وزیر اعلیٰ پنجاب جناب شہباز شریف کا قریبی رشتہ دار ظاہر کر کے اس کے 24 مرلہ پلاٹ پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ یوسف نے اس مشکل کے حل کے لیے ہر طرف ہاتھ پاؤں مارے مگر کہیں بھی اس کی شنوائی نہیں ہوئی۔

یوسف علی کہتا ہے کہ میں نے یہ پلاٹ 2003 میں خریدا تھا جبکہ 2008 میں اس پلاٹ کو میں نے اپنے بچوں کے نام کروا دیا ۔ پلاٹ کا رقبہ ایک کنال چار مرلہ ہے اور اس کا خسرہ نمبر 495 ہے یہ آبادی الفلاح ٹاؤن حد بست موضع چوہنگ خورد تحصیل کینٹ ضلع لاہور میں واقع ہے۔ میرے پاس اس کی تمام اصل اور مصدقہ دستاویزات موجود ہیں۔ اس پلاٹ کنسٹرکشن سے پہلے حفظِ ماتقدم کے طور پر عدالت سے Stay Order بھی لے لیا تھا۔ میں نے اپنی طرف سے تمام قانونی کاروائی مکمل کرنے کے بعد پلاٹ پر تعمیراتی کام شروع کیا تھا۔ پٹواری عارف بھی اس بات کا شاہد ہے کہ اس پلاٹ کا اصل مالک میں ہی ہوں لیکن بوجہ سرکاری دباؤ وہ ہمارا ساتھ دینے سے قاصر ہے۔ میرے پاس تازہ مصدقہ نقول بھی موجود ہیں۔

اصل مسئلہ یہ ہے کہ ہمارے مخالف ڈاکٹر مسعود اشرف مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسد اشرف کا بھائی ہے جبکہ اس کا ایک بھائی انجم اشرف کینٹ کچہری میں نائب تحصیل دار بھی ہے۔ ان تینوں بھائیوں نے مل کر ہمارے پلاٹ پر قبضہ کیا ہوا ہے اور ہمیں اس پر کسی بھی قسم کی تعمیر سے بزور قوت روک رکھا ہے۔ یوسف علی نے یہ بھی بتایا کہ پولیس سے مل کر انہوں نے اس پر جرم 427/148,448/511اور دفعہ 149ت پ کے تحت FIR بھی تھانہ میں درج کروا دی ہے۔ یوسف علی کا کہنا ہے کہ میرے ساتھ انتہائی ظلم کیا جارہا ہے میرے پلاٹ کو ہتھیانے کے لے سیاسی ہتھکنڈے استعمال کیے جارہے ہیں۔ ڈاکٹر مسعود اشرف نے مجھے دھمکیاں بھی دیں ہیں کہ ہم وزیراعلیٰ کے خاص آدمی ہیں تم سے جو ہوتا ہے کر لو۔ یوسف علی اس وقت کرب کی حالت میں ہے اس کو کہیں انصاف کی امید نہیں۔ دوسری جانب ہم نے رکن صوبائی اسمبلی اسد اشرف ان کے بھائیوں انجم اشرف اور ڈاکٹر مسعود اشرف سے ان کا مؤقف لینے کے لیے رابطہ کیا مگر انہوں نے ہمارا فون اٹینڈ نہیں کیا۔

نیا سال شروع ہو چکا۔ گزشتہ برس چوہدری عبدالغفور، شمائلہ رانا اور حاجی پرویز جیسے مسلم لیگ ن کے اہم رہنماؤں سے مسلم لیگ اور میاں شہباز شریف کی ساکھ مجروح ہوئی۔ نئے سال کی ابتداء بھی اب ایک ایسے سکینڈل سے ہو رہی ہے جس میں مسلم لیگ ن کے لاہور سے رکنِ صوبائی اسمبلی اسد اشرف ان کے بھائی اور وزیر اعلیٰ کی انتہائی مستعد پولیس افسران شامل ہیں۔ معلوم نہیں چیف منسٹر صاحب کو اس بات کا علم نہ ہو لیکن ہم ان تک یہ بات پہنچانا اپنا فرض سمجھتے ہیں کہ محترم میاں صاحب آپ کے رفقاء کار آپ کے نام پر پلاٹوں پر قبضہ کیے جارہے ہیں۔ ایک طرف آپ خود عدل و انصاف کے دعویدار اور غریبوں کے خیر خواہ اور دوسری طرف آپ ہی کی پارٹی کے اہم افراد آپ کے نام پر لوٹ کھسوٹ کیے جارہے ہیں۔ جناب وزیراعلیٰ صاحب ان افراد کے خلاف خصوصی انکوائری کا حکم دے کر غریب یوسف علی کو انصاف فراہم کر کے خود کو اللہ کے ہاں سرخرو ٹھہرائیں۔
Rizwan Arshad
About the Author: Rizwan Arshad Read More Articles by Rizwan Arshad: 10 Articles with 235344 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.