سورہ الشوری - ٤٢ -
------------------------ آیت # ١٣ تا ١٦
تمہارے لیے دین کی وہ راہ ڈالی جس کا حکم اس نے نوح کو دیا اور جو ہم نے
تمہاری طرف وحی کی اور جس کا حکم ہم نے ابراہیم اور موسیٰ اور عیسیٰ کو دیا
کہ دین ٹھیک رکھو اور اس میں پھوٹ نہ ڈالو مشرکوں پر بہت ہی گراں ہے وہ جس
کی طرف تم انہیں بلاتے ہو اور الله اپنے قریب کے لیے چن لیتا ہے جسے چاہے
اور اپنی طرف راہ دیتا ہے اسے جو رجوع لائے - اور انہوں نے پھوٹ نہ ڈالی
مگر بعد اسکے کہ انھیں علم آ چکا تھا آپس کے حسد سے اور اگر تمھارے رب کی
ایک بات گزر نہ چکی ہوتی ایک مقرر میعاد تک تو کب کا ان میں فیصلہ کر دیا
ہوتا اور بیشک وہ جو ان کے بعد کتاب کے وارث ہوئے وہ اس سے ایک دھوکہ ڈالنے
والے شک میں ہیں - تو اسی لیے بلاؤ اور ثابت قدم رہو جیسا تمہیں حکم ہوا ہے
اور انکی خواہشوں پر نہ چلو اور کہو کہ میں ایمان لایا اس پر جو کوئی کتاب
الله نے اتاری اور مجھے حکم ہے کہ میں تم میں انصاف کروں الله ہمارا اور
تمہارا سب کا رب ہے ہمارے لیے ہمارا عمل اور تمہارے لیے تمہارا کیا کوئی
حجت نہیں ہم میں اور تم میں الله ہم سب کو جمع کریگا اور اسی کی طرف پھرنا
ہے - اور وہ جو الله کے بارے میں جھگڑتے ہیں بعد اسکے کہ مسلمان اس کی دعوت
قبول کر چکے ہیں انکی دلیل محض بے ثبات ہے انکے رب کے پاس اور ان پر غضب ہے
اور انکے لیے سخت عذاب ہے |