وزیراعظم نوازشریف کا عزم واعلان

ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ ہر حال میں جیتیں گے،آمین . .!!
ہرزمانے کے ہرمعاشرے کی قوموں پراچھے بُرے وقت آتے ہیں اورگزرجاتے ہیں اور اِن سے وہی قومیں نبردآزماہوکر سُرخرو ہوتی ہیں،جو باہم متحد ومنظم ہوکر ہر قسم کے حالات اور واقعات کا مقابلہ کرنے کا عزم کرتی ہیں اور جو ایسانہیں کرتی ہیں تو زمانہ خود ہی اِنہیں صفحہ ہستی سے مٹاکرنشانِ عبرت بنادیتاہے۔

اَب اِسے ہماری پاکستانی قوم کی بھی آزمائش کہہ لیں یا امتحان ہماری اِس قوم پر پچھلی کئی دہائیوں سے کڑی آزمائشیں آئیں اور یہ بھی دنیاکی دوسری قوموں کی طرح سخت ترین امتحانات سے گزری ہے یا یوں کہہ لیں کہ ابھی تک گزررہی ہے،آج موجودہ اکیسیوں صدی کے زمانے کی ہر قسم کی سختیاں جھیلنے والی ہماری پاکستانی قوم نے اپنے باہمت ہونے کا ثبوت دے دیاہے اورہماری یہ قوم ابھی تک اپنے اتحاد اور ملی یگانگت کے جذبوں کوتھام کراپنے دُشمنوں کے دانت کٹھے کئے ہوئے ہے اِس کے دُشمن جس سے عالمِ اضطراب میں مبتلا ہیں اور اپنی گھناؤنی سازشوں سے بازآنے کا نام نہیں لے رہے ہیں ۔

حالانکہ آج پاکستان کے دُشمن اِس پر چاروں جانب سے مسلسل حملہ آورہیں، مگر اِس پراﷲ کا یہ خاص کرم ہے کہ اَب تک اِس کے دُشمن اِس کا بال بیکانہیں کرسکے ہیں ،ہمیں اُمیدہے کہ یوں ہی پاکستانی قوم متحداوریکجارہی تو اِس پرآئندہ بھی دُشمنوں کی کوئی سازش اور بڑے سے بڑاواربھی کارآمد ثابت نہیں ہونے پائے گا۔(آمین)

اگرچہ آج اِس میں کوئی شک نہیں ہے کہ جب سے پاکستان دنیاکے نقشے پر پہلی اسلامی ایٹمی طاقت کے طور پر اُبھراہے تب ہی سے اسلام دُشمن قوتوں نے پاکستان کو مختلف چالوں اور سازشوں سے ایک لمحہ بھی ضائع کئے بغیر نقصان پہنچانے کی ٹھان لی ہے،آج کوئی دوستی کا ہاتھ بڑھاکر بغل میں چھری لئے کھڑاہے تو کوئی دوسرے طریقوں سے سرزمینِ پاکستان کے معاشی ، سیاسی، مذہبی اور اخلاقی طورطریقوں کوبگاڑنے سمیت دیگرحوالوں سے نقصان پہنچانے اورپاکستان کی داخلی اور خارجہ پالیسیوں میں کیڑے ڈال کراِس کا دنیاسے رابطے کٹوانے اور ختم کرانے کی چالوں اور سازشوں میں سرگرمی سے مصروفِ عمل ہے۔

آج ہمیں اِس سے بھی انکارنہیں ہے کہ سرزمینِ پاکستان کی بقاء و سا لمیت پراغیارکی بُری نظریں جمی ہوئی ہیں، جو اِسے کسی بھی حال میں پنپنے نہیں دے رہی ہیں۔اَب ایسے میں ساری پاکستانی قوم کے (اُوپر سے لے کر نیچے تک) ہرفرد پریہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی سرحدوں کی حفاظت اور سُکھ سے اپنے جینے کے لئے اپنے دُشمن کی اُس میلی آنکھ کو اپنی جانب اُٹھنے سے پہلے ہی پھوڑ ڈالے جو اِس کی طرف گندی نظروں سے دیکھے سواَب جو اور جیسابھی چاہئے اور ایسے میں پاکستانی قوم سے جتنابھی بن سکتاہے وہ اپنی بقاء و سا لمیت اور استحکام کی حفاظت کرے اور دنیا کو بتادے کہ یہ اپنے اتحاداور ملی یکجہتی سے اپنے دُشمن یادُشمنوں کی ناپاک سازشوں اور اِن کے گھناؤنے عزائم کو خاک میں ملادینے کا عزم اور ہمت لئے ہوئے ہے اوراَب ساری پاکستانی قوم اپنی بقاء اور مُلکی استحکام کے خاطر اپنے خون کا آخری قطرہ بہانے سے بھی دریغ نہیں کرے گی۔

آج یقینا یہاں دہشت گردی سے بلاخوف وخطر بنردآزمارہنے والی پاکستانی قوم کے لئے یہ امر قابلِ ستائش اور لائق احترام و حوصلہ ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف مُلک سے دہشت گردی کو جڑسے اُکھاڑ پھینکنے کے لئے خاصی دلچسپی لے رہے ہیں اِس کا اندازہ قوم کو اِس بات سے بھی ہوجاناچاہئے کہ پچھلے دِنوں وزیراعظم نوازشریف نے بھی بری افواج کے سربراہ اور سپہ سالارِ اعظم جنرل راحیل شریف کو دہشت گردی کے خلاف مُلک بھر میں خصوصی لڑاکادستوں کی تربیت اور تیاری میں ذاتی دلچسپی لینے پر نیک جذبوں کے ساتھ زبرداست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے،توپھر ایسے میں ہم اپنے مُلکی سیاستدانوں اور مذہبی رہنماؤں سے اتنا کہناضرورچاہیں گے کہ اِن کا تعلق خواہ کسی بھی سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے ہی کیوں نہ ہووہ اپنے ماضی کے تمام سیاسی اور فروعی اختلافات کو بُھلاکر مُلک سے دہشت گردی اور فرقہ واریت کے ناسور کوختم کرنے کے لئے ایک ہوجائیں اورمُلک کو دہشت گردی سے پاک کرنے میں اپنا اپنا مثبت اور تعمیری قول وکرداراداکریں ۔

جبکہ یہاں یہ امربھی قابلِ تذکرہ ہے کہ آج خودہمارے وزیراعظم نوازشریف بھی مُلک اور قوم کو دہشت گردوں کی دہشت گردی سے مکمل طور پر پاک کرنے کا عزم واعلان کرچکے ہیں جن کا واشگاف انداز سے کہناہے کہ ’’ انشاء اﷲ...!! اب دہشت گردی کے خلاف جنگ ہر حال میں جیتیں گے‘‘،آج ایسے ہی قابلِ حوصلہ اور آسمانوں کی بلندیوں سے بھی اُونچے عزم واعلان کی قوم کو اشدضرورت تھی جِسے وزیراعظم نوازشریف نے دُہراکرقوم کے حوصلے بڑھادیئے ہیں ،اِن قابلِ حوصلہ اور لائقِ تحسین جملوں کا اظہارگزشتہ دِنوں کوئٹہ میں انسداددہشت گردی فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کے دوران وزیراعظم نوازشریف نے کچھ یوں کیا اُنہوں نے کہاکہ ’’ پاکستان دہشت گردی کی لیپٹ میں ہے لیکن جس قوم کے پاس ایسے جانباز سپاہی ہوں اُسے کوئی نہیں ہراسکتاہے‘‘ ،اُنہوں نے کہا کہ’’ہمیں کوئی طاقت آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتی ہے،دہشت گردی کے خلاف جنگ ہر حال میں جیتیں گے، ‘‘ بیشک ...!!وزیراعظم نوازشریف صاحب ..!!آج ہر لمحہ دہشت گردی سے ستائی ہماری قوم کے حوصلے بہت بلند ہیں اور اَب یہ ہر حال میں دہشت گردوں کاقلع قمع کرنے اور اِنہیں پوری طاقت سے واصلِ جہنم کرنے کا ارادہ کرچکی ہے،اور آج اپنے اِس خواب کو پوراکرنے کے لئے ساری پاکستانی قوم اپنی پاک فوج کے سپہ سالارِاعظم جنرل راحیل شریف اور اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،اورکوئٹہ میں انسدادِ دہشت گردی فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہاکہ’’ سرزمینِ پاکستان کے کسی بھی کونے میں انتہاپسندی کی کوئی گنجائش نہیں ، مُلک کے ہر حصے میں دہشت گردوں کا پیچھاکریں گے ، ہم نے تہیہ کررکھاہے کہ اپنی سرزمین سے ہر قسم کے فتنوں اور خرابیوں کوختم کرکے ہی دم لیں گے،اوراَب فتنوں اور خرابیوں کے خاتمے کا وقت آگیاہے، بیشک اِسے عملی شکل میں دیکھنے کے لئے ہمیں برداشت اورہوش مندی سے کام لیناہوگا،ہمارے فوجی جوا ن جنگجوؤں کے خلاف جواں مردی سے برسرپیکار ہیں‘‘۔آج اِس میں کوئی شک نہیں کہ مُلک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے وزیراعظم نوازشریف بھی اپنی پوری حکومت کے ساتھ نیک نیتی کے انمول اور انمٹ جذبے لئے جنرل راحیل شریف کے ہمراہ کھڑے ہیں ایسے میں قوم بھی دُعاگوہے کہ ا’’اَب ایسے میں اﷲ رب العزت... !! ہماری پاکستانی قوم کو دہشت گردی کے خلاف جنگ ہرحال میں جیتنانصیب فرمائے۔(آمین ثمہ آمین)
Muhammad Azim Azam Azam
About the Author: Muhammad Azim Azam Azam Read More Articles by Muhammad Azim Azam Azam: 1230 Articles with 974470 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.