سیاستدان میانوالی کی معدنیات سے کیوں نظریں چُراتے ہیں؟
(Rana Muhammad Zeeshan, Mianwali)
اپنی گلی میں اپنا ہی گھر
ڈھونڈتے ہیں لوگ
یہ کون میرے شہر کا نقشہ بدل گیا
ضلع میانوالی پنجاب کا ایک پسماندہ ترین ضلع ہے ،پچاس سال سے ضلع میانوالی
میں سیاست کرنے والوں نے اس ضلع کے بارے میں کبھی نہیں سوچا بلکہ ہر دفعہ
الیکشن کے موقع پر سیاست دانوں نے نئے جال اور پرانے شکاری کی طرح عوام کو
دھوکا دیا ۔میانوالی کی تعمیرو ترقی میں اضافہ کی بجائے روڈے اٹکائے گئے
عوام کو پسماندہ اور غربت میں دیکھنے میں اہم کردار ادا کیا ۔میں
سیاستدانوں کیلئے ایک شعر لکھنا پسند کرونگا،
کرتے ہیں غلاموں کو غلامی پہ رضامند
تاویلِ مسائل کا بناتے ہیں بہانہ
ضلع میانوالی معدنیات کے لحاظ سے مالا مال ہے ،ضلع میانوالی کے پہاڑیوں سے
نکلنے والا قیمتی پتھر دوسرے اضلاع میں جارہاہے ۔میانوالی میں بھی کافی لوگ
مالدار ہونے کے ساتھ ساتھ بڑے تاجر صنعتکار موجود ہیں لیکن کسی نے بھی اس
ضلع کی ترقی میں کوئی کردار ادا نہ کیا ہے ۔میانوالی میں غربت کا خاتمہ صرف
اسی میں ہے کہ یہاں پر فیکٹریاں اور کارخانے لگائے جائیں تاکہ نوجوان نسل
بے راہ روی کاشکار نہ ہو۔گورنمنٹ پاکستان تعلیم کیلئے بڑا شور مچارہی ہے
لیکن اس پڑھائی سے فائدہ ہونے کی بجائے غربت میں دن بدن اضافہ ہورہاہے
کیونکہ ضلع میانوالی میں 90فیصد نوجوان میٹرک پاس ہیں اس کے علاوہ ایف اے ،بی
اے ڈگری ہولڈر وں کی تعداد بھی زیادہ ہے ۔پنجاب کی بات چھوڑیں صرف ضلع
میانوالی میں کتنے ہائی سکول ہیں اور ہر سال کتنے بچے اور بچیاں میٹرک پاس
ہورہے ہیں کبھی حکومت نے اس بارے میں بھی سوچا ہے کہ بڑھے لکھے پنجاب کے
نوجوانوں کا مستقبل کیا ہوگا ۔حکومت پنجاب پڑھا ،لکھا پنجاب ضرور بنالے گی
لیکن عوام بالخصوص نوجوان تعلیم یافتہ طبقہ کی نظر میں یہ نعرہ پڑھا لکھا
پنجاب نہیں بلکہ بے روزگاروں کا پنجاب ضرور بنے گا ۔معذرت کے ساتھ بات ضلع
میانوالی کی ہورہی تھی اور چلی گئی پنجاب تک ،تو واپس آتے ہیں اپنے ضلع کی
طرف نوجوان نسل کے قائد جناب عمران خان کا تعلق اور پیدائش ضلع میانوالی ہے
میانوالی کے نوجوان کہتے ہیں کہ نیا پاکستان بھی بن رہاہے ،نیا خیبر
پختونخواہ بھی بن رہاہے ۔لیکن ضلع میانوالی کے نوجوان اور پڑھے لکھے طبقہ
کا سوال ہے کہ ’’نیا میانوالی‘‘ کب بنے گا ۔اس ضلع میں تین ممبر پنجاب
اسمبلی اور دو ممبر قومی اسمبلی ہیں ،جسمیں عمران خان خود بھی شامل تھے
لیکن بعد میں عمران خان نے میانوالی کی سیٹ چھوڑ دی ۔نوجوان نسل نے پاکستان
تحریک انصاف کو بھاری مینڈیٹ دیا ۔ضلع میانوالی کے نوجوانوں کو پاکستان
تحریک انصاف نے کیا دیا؟
لکھنے والے کا مقصد کسی پارٹی کو تنقید بنانا نہیں ہے بلکہ اصل مقصد ہے
نوجوانوں کی فلاح کا ،نوجوانوں کے روزگار کا ،ہم تو اس مسیحا کی تلاش میں
ہیں جوکہ میانوالی کے جوانوں کو روزگار دے سکے ۔بدقسمتی سے ہمارا ضلع اس
صوبہ کے ساتھ منسلک ہے جس میں کلاشنکوف کلچر ہے ۔منشیات کا دھندہ عروج پر
ہے اسی وجہ سے ضلع میانوالی میں نوجوان نسل منشیات کی عادی ہورہی ہے ۔بڑھتی
ہوئی بے روزگاری سے نوجوان تنگ نظری کا شکار ہورہاہے ،والدین ذہنی پریشانی
میں مبتلا ہیں ۔حکومت ہو یا اپوزیشن ہو ،مسلم لیگ ہو یا پی ٹی آئی ہو ،سرمایہ
کار ہو یا سیاستدان ہو ،کوئی بھی آگے بڑھ کر پہل کرے اور اس ضلع میں
معدنیات کے متعلق فیکٹریاں اور کارخانے لگائے جائیں تاکہ نوجوان نسل کو
روزگار میسر ہوسکے۔ |
|