شب برأت :انسانیت کے لیے معراج کمال کی رات

شب برأ ت میں توبہ،عبادت، ایصال ثواب اور قضانمازوں کی ادائیگی کااہتمام کریں

شب برأت: جس کے دامن سے صبح امید نمودار ہوتی ہے
ایسے اعمال سے بچیں جن کے سبب مقدس شب میں بھی رحمت وبخشش سے محروم رہیں

لیلۃ البراء ۃ یعنی مغفرت وبخشش کی رات بزبان فارسی ،،شب برات ،، قرآن مجیدفرقان حمید برہان رشید میں جس کو لیلۂ مبارکہ فرمایا گیا وہ شعبان کی پندر ہویں رات ہے۔نبی ٔاکرم نورمجسم ﷺ نے ارشادفرمایا اﷲ تعالیٰ شعبان المعظم کی پندرہویں رات کو آسمان دنیا کی طرف تجلی خاص فرماتا ہے اور بنی کلب کی بکریوں کے جتنے بال ہیں اس سے زیادہ (میری امت کی ) مغفرت فرماتاہے ۔سرکار دوجہاں ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جبرئیل میری خدمت میں شعبان کی پندہو یں شب میں حاضر ہوئے عرض کیا یارسول اﷲ سراقدس کو آسمان کی طرف بلند فرمائیے سرکار نے ارشاد فرمایایہ کون سی رات ہے تو جبرئیل نے عرض کی یہ مبارک رات ہے اﷲ تعالیٰ اس رات میں رحمت کے تین سو دروازے کھولتا ہے اور مسلمانوں کی مغفرت فرماتاہے مگر جادوگر ،کاہن، زنا پر اصرار کرنے والا اورہمیشہ کا شرابی نہیں بخشا جاتا ۔امام بغوی رحمۃ اﷲ علیہ فرماتے ہیں کہ آقائے کائنات ﷺ نے ارشاد فرمایااس رات میں شعبان سے شعبان تک کے تمام امور عالم کے دفاتر فرشتوں کے سپرد کئے جاتے ہیں ۔حضور اکرم نورمجسم ﷺ نے ارشاد فرمایا جوشخص دوزخ سے امان چاہے وہ اس رات میں اﷲ تعالیٰ کی عبادت کرے ۔حضرت سیدنا عبداﷲ ابن عباس رضی اﷲ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے جب عید کادن ہوتاہے یا روز عاشورہ یا رجب کے مہینہ کا پہلاجمعہ یا شعبان کی پندرہویں رات یاجمعہ کی رات مردے اپنی قبرں سے نکلتے ہیں اور اپنے اپنے گھروں کے دروازوں پر وہ روحیں ٹھہرتی ہیں اور کہتی ہیں اے گھر والو! ہمارے اوپر رحم وکرم اورمہربانی کرو، آج کی رات ہمارے لئے کچھ صدقہ کرو ۔اگرچہ ایک نوالہ روٹی کا صدقہ کردو کیونکہ یقینا ہم لوگ صدقہ ٔ خیرخیرات فاتحہ ایصال ثواب کے محتاج ہیں پس اگر وہ روحیں کچھ نہیں پاتیں یعنی گھر والے فاتحہ ودرود کچھ نہیں کرتے تووہ روحیں حسرت ونا امیدی کے ساتھ واپس جاتی ہیں ۔حضرت مولائے کائنات علی مرتضی شیر خدا رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ حضور سیدنا محبوب خدا ﷺ نے ارشاد فرمایا جوشخص قبرستان میں جائے اور قل ھواﷲ احد گیارہ بار پڑھ کر اسکا ثواب گذرے ہوئے کو بخشے تواس پڑھنے والے کو ان مردوں کی تعدادکے برابر اجر ملے گا ۔

احادیث کی رو سے شب برات میں جو حضرات اﷲ کی رحمت اور بخشش سے محروم رہتے ہیں وہ یہ ہیں :( 1)مشرک :جوخدائے وحدہٗ لاشریک کے ساتھ دوسرے کو اس کا شریک ساجھی اور مستحق عبادت قرار دے اس کے بارے میں خدا ذوالجلال کا فیصلہ ہے کہ بیشک اﷲ اسے نہیں بخشتا جو اس کے ساتھ شرک کرے اور شرک کے نیچے جو کچھ ہے جسے چاہے معاف فرمادیتا ہے (قرآن) کافر اور مرتد بھی مشرک ہی کے حکم میں ہیں ۔(2)ماں کا نافرمان(3)باپ کا نافرمان :خدا اور رسول کے بعد حقوق العباد میں ماں باپ کا حق سب سے زیادہ ہے تو ان کی نافرمانی کا وبال بھی اسی طرح ہو گا۔ حدیث میں ماں باپ کی خدمت نہ کرنے والے کے متعلق تین بار فرمایا گیا ۔وہ ذلیل ہو ۔وہ ذلیل ہو۔ وہ ذلیل ہو۔(4)کاہن جو آئندہ کی پوشیدہ باتیں اٹکل پچو سے بتا ئے ۔یا بتانے کا مدعی ہو۔(5)نجومی جو غیب کی خبر دے :عالم غیب ہونے کا دعویٰ کرے ۔حضرت ابن عباس رضی اﷲ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا کہ نجومی کاہن ہے اور کاہن جادو گر ہے اور جا دوگر کافر ہے ۔(مشکوٰۃ صفحہ394)(6)جادوگر :یہ لوگوں کو ایذا دیتا ہے اور زمین میں فساد مچاتا ہے ۔شرح فقہ اکبر میں ہے کہ جمہور علماء جادوگر کو قتل کردینا لازم قرار دیتے ہیں ۔یہی مسلک امام ابو حنیفہ رحمۃ اﷲ علیہ ،امام مالک رحمۃ اﷲ علیہ ، اور امام احمد رحمۃ اﷲ علیہ کا ہے ۔(7) فال نکالنے والے: قرآن پاک میں فال نکالنے سے ممانعت فرمائی گئی ہے ۔ (8)سنت کے خلاف عمل کرنے والے۔(9)قاتل جو کسی محترم و معصوم جان کو ناحق مارڈالے ۔(10)جلاّد (11)قرابت داروں سے رشتہ کاٹنے والے(12)کینہ ور :جس کا سینہ کسی مسلمان سے کینہ کی آلودگی میں ملوث ہو(13)عادی سود خود:جس نے تین بار سود لیا ہو(14)سود دینے کے عادی (15)ناچ گانے والے(16)زنا کے عادی۔ مردہوں یا عورت (17) شراب کے عادی۔ان لوگوں کو چاہئے کہ اپنے گناہ سے باز آکر توبہ کریں اور خدائے پاک کے انعام و اکرام سے سرفراز ہوں۔
Ataurrahman Noori
About the Author: Ataurrahman Noori Read More Articles by Ataurrahman Noori: 535 Articles with 678856 views M.A.,B.Ed.,MH-SET,Journalist & Pharmacist .. View More