موت سے نہ ڈرنے والوں کا بھارت کو انتباہ

بھارت نے اپنی دشمنی کو فراموش نہیں کیا آج بھی اس کے دل میں پاکستان کے بارے میں وہی تعصب،نفرت پر مبنی جذبات ہیں جو قیام پاکستان کے وقت تھے اس پر مہر ثبت گذشتہ روز ہوئی کہ بھارت نے خطے میں امن کو تباہ کرنے کیلئے ساتویں ایٹمی طاقت پاکستان پر حملہ کی دھمکی دے دی اور بھارتی وزیراعظم مودی نے پاکستان کو دولخت کرنے کے جرم کا اعتراف بنگلہ دیش کے دورے کے دوران کیا۔جس پر ہر صاحب فہم وفراست کو تشویش ہے کہ بھارت ایک ایسے راستے پر چل پڑا ہے جس کا یقینی نتیجہ تباہی،بربادی،نقصان ہی نقصان ہے ، پاکستان کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھارت کے اس زبانی حملے کا خوب جواب دیا ہے کہ پاکستان بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہے اس کے بعد بھارت کو سانپ سونگھ گیا ہے پاکستانی قوم آرمی چیف کے بیان کو قوم کے جذبات کی ترجمانی قراردے چکی ، قوم اس بات کا عزم کر چکی ہے دفاع وطن کی خاطر سب کچھ قربان کردیا جائے گا ،قوم کا بچہ بچہ پاکستان کے دفاع کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے کیلئے تیار ہے قوم کے اندر جذبہ جہاد کو بھارتی دھمکی نے آخری حد تک اجاگر کردیا ہے سوال یہ ہے بھارت کو یہ جرات کیوں کر پیدا ہوئی؟ اس کا جواب عام فہم ہے کہ ہمارے پاکستانی سیاستدان اور حکمران ماضی قریب میں فاش غلطی کر بیٹھے یعنی بھارت کے ساتھ آلو ،پیاز،ٹماٹر کی تجارت پر صرف اس لئے تیار ہوگئے کہ شائد بھارت اپنی روش بدل لے اس پر پاکستانی سیاستدانوں، حکمرانوں نے کشمیر پر تاریخی یو ٹرن لیا جو ان کی تاریخ ساز غلطی تھی بھارت ہمارے پاکستانی حکمرانوں کے اس رویے کو قوم کی کمزوری سمجھ بیٹھا کہ شائد پاکستان ہم بھارتیوں سے ڈرنا شروع ہو گیا ہے لیکن یہ بھارت کی بھول ہے پاکستان اب 1971 والا ملک نہیں رہا بلکہ ایک ایٹمی طاقت ہے ۔ ہم بھارتی انتہا پسند جماعت بی جے پی کے لیڈر اور وزیراعظم نریندر مودی کو کہنا چاہتے ہیں کہ آپ کا بنگلہ دیش میں پاکستان کو دولخت کرنے اور آپ کی حکومت کے وزیر راجیہ وردھن سنگھ راٹھور کا اشتعال انگیز بیان خطے میں نفرت کے بیج بونے، دہشت گردی پھیلانے کا واضح اقرار ہے جنوبی ایشیاء میں آپ کی دہشت کا راج قائم نہیں ہو سکتاآپ کی چودراہٹ نہیں چل سکتی۔ بہتر ہوگا کہ آپ اپنے ملک میں موجود بجرنگ دل،شیوسینا،ویشواہندوپردیشد،راشٹریہ سیوک سنگھ پارٹی اور اپنی جماعت کی دہشت گردی کا نوٹس لیں اسی طرح اپنے ملک میں فٹ پاتھوں پر پڑے مفلوک الحال،غریب،بے سہارا،لاوارث لوگوں کی بحالی ،غربت کے خاتمے کیلئے کام کریں تاکہ بھارت کے غریب لوگوں کی زندگی بہتر ہوسکے ،اپنے آپ کو ایٹمی طاقت سمجھنے والے بھارت کو اب طاقت کے نشے سے باہر آجانا چاہیے اور خوب جان لینا چاہیے کہ پاکستان کی فوج دنیا بھر کی بہترین افواج میں سے ایک ہے اس کا مقابلہ آپ کے بس کی بات نہیں ہے ساری دنیا نے دیکھ لیا کہ پاکستان میں بھارتی بدنام زمانہ ایجنسی را کی پاکستان میں تخریب کاری پر مبنی کاروائیوں کو پاک فوج نے کس طرح ختم کیایقینا پاکستان میں اپنی ایجنسی را کی حکمت عملی فیل ہوتا دیکھ کر بھارت آپے سے باہر ہوگیا اورپاکستان پر حملے کی دھمکی تک دے ڈالی، اس کے ساتھ یہ بھی مودی حکومت کے علم میں ہونا چاہیے کہ تم نے ایک ایسی قوم کو للکارا ہے جو شہید ہوجانے والے سپوتوں کی میتوں پر ماتم نہیں کرتی بلکہ فخر کرنا ان کا شیوہ ہے اس کا ہر شہری اپنے وطن کے دفاع کیلئے خون کے آخری قطرے تک لڑنے کا عزم صمیم رکھتا ہے ۔

اس دھمکی کے بعد پاکستانی حکمرانوں اور بھارت کی بے جاحمایت کرنے والے دانشوروں،لیڈروں کی آنکھیں کھول جانی چاہیں ،قوم اب چاہتی ہے کہ پاکستانی حکمران اپنی پالیسیوں کو یکسر تبدیل کریں نرم گوشوں کو بالائے طاق رکھ کر بھارت کو اسی کی زبان میں جواب دیا جائے کسی قسم کی رعائیت نہ دی جائے کیونکہ امن کیلئے جو کوششیں پاکستان نے کرنا تھیں کرلیں اس کا صلہ دھمکی کی صورت میں ملا ،بھارت کی شرانگیزی کا جواب اب مذمت سے نہیں بھر پورطاقت سے منہ توڑ دیا جائے گا اس عزم کا اظہار پاک فوج کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے گذشتہ روز بھارت کی دھمکی کے جواب میں ردعمل میں کیا۔بھارت کی دھمکی دوسرے اس کے دیگر ہمسایہ ممالک کے لئے بھی باعث تشویش ،خطرے کی گھنٹی ضرور ہے جو ایٹمی طاقت کے حامل نہیں ہیں ویسے بھی جنگی حالات پیدا کرنا بی جے پی ،مودی حکومت کا پسندیدہ مشغلہ ہے کیونکہ اس جماعت کی بنیاد ہی اکھنڈ بھارت ہے مودی جماعت کی شروع سے یہ خواہش رہی ہے کہ بھارت کے کر قرب وجوار یعنی ہمسایہ ممالک پر طاقت کے بل پر قبضہ کرلیا جائے میانمار کے علاقے میں بھارتی حملہ اس امر کا بین ثبوت ہے کہ بھارت کمزور ممالک پر غاصبانہ قبضہ کرنا چاہتا ہے۔

عالمی برادری کو چاہیے کہ اس کا نوٹس لے مگر ایسا ہوتا دکھائی نہیں دے رہا کیونکہ اس مہم کی پشت پر امریکہ بہادر دکھائی دے رہا ہے جو پاکستان کو ترقی کی جانب بڑھتا ہوا نہیں دیکھ سکتا ،امریکہ اور بھارت ایسی شر انگیزیوں کے ذریعے پاکستان کو معاشی،اقتصادی طورپر کمزور کرنا چاہتے ہیں ان کا یہ بھی مقصد ہے کہ پاکستان ایشین ٹائیگر نہ بنئے پائے، چینی صدر کے دورۂ پاکستان کے فوائد کو ضائع کرنا ان کے مقاصد میں شامل ہے اگر بھارت پاکستان پر حملے کی غلطی کرے گا تو ایٹمی پاکستان طاقت کے استعمال کا حق محفوظ رکھتا ہے ،اگر خدانخواستہ ایسا ہوا تو خوفناک تباہی کا ذمہ دار بھارت ہوگا نہ کہ پاکستان ۔۔۔۔۔ پھر دہلی بھی محفوظ نہیں رہے گانہ بھارت۔۔۔۔۔۔۔ یہ انتباہ ہے موت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر زندگی گزارنے والے پاکستانیوں کااس بھارت کے لئے جو موت سے بہت ڈرتا ہے۔
 
Ghulam Abbas Siddiqui
About the Author: Ghulam Abbas Siddiqui Read More Articles by Ghulam Abbas Siddiqui: 264 Articles with 269505 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.