پاکستان میں آج کتابوں کا عالمی
دن منایا جارہا ہے یوں تو دنیا کے اکثر ممالک میں کتابوں کا عالمی دن
23اپریل کو منایا جاتا ہے لیکن برطانیہ اور امریکہ میں کتابوں کا عالمی دن
4مارچ کو منایا جاتا ہے تاہم اس کے پیش نظر پاکستان میں بھی آج کتابوں کا
عالمی دن منایا جا رہا ہے تاریخی لحاظ سے اس دن کی شروعات کچھ اس طرح ہوئیں
1616 میں سپین کے شمال مشرق میں واقع علاقہ کیٹولینیا میں ہر سال 23 اپریل
کو جہاں کے مرد اپنی عزیز خواتین اور لڑکیوں کو گلاب کے پھول پیش کرتے تھے
اور اس روایت میں دنیا بھر سے خاص طور یورپ سے لاکھوں کی تعداد میں مرد و
زن اور لڑکے لڑکیاں کیٹولینیا جاتے ہیں یہ سلسلہ دو دن جاری رہتا ہے اس
دوران جگہ جگہ مشہور ناول ڈان کیہوٹی کے حصے، شیکسپئر کے ڈرامے اور دوسرے
مصنفوں کی کتابوں کے حصے پڑھے جاتے تھے۔ پھر یہ رسم سپین کے دوسرے علاقوں
میں بھی پھیلتی گئی اور آہستہ آہستہ یہ روایت ورلڈ بک ڈے کی شکل اختیار کر
گئی۔ اب کیٹولینیا میں ہر سال صرف گلابوں ہی کی نہیں کتابوں کی بھی ریکارڈ
فروخت ہوتی ہے اور اسکے بعد 1995میں اقوامِ متحدہ کے ادارے یونسکو کی جنرل
کونسل کا فرانس میں اجلاس ہوا تو اس نے تئیس اپریل کو 'ورلڈ بک اینڈ کاپی
رائٹس ڈے‘ قرار دے دیا اور اب یہ دن کتابوں اور جملہ حقوق کی حفاظت کے
عالمی دن کے طور پر دنیا کے ایک سو ملکوں میں منایا جانے لگا ۔اس میں ایک
اور اضافہ یہ کیا گیا ہے کہ رواں صدی کے آغاز سے کسی ایک شہر کو کتابو کا
عالمی دارالحکومت بھی قرار دیا جاتا ہے۔ اس سال کا دارالحکومت بیروت ہے۔
دوہزار ایک کا میڈرڈ تھا، پھر بالترتیب سکندریہ، نئی دہلی، اینٹ روپ،
مونٹریال، ٹورِن، بگوٹہ، ایمسٹرڈم اور بیروت دارالحکومت قرار دیے گئے۔
برطانیہ نے اس دن کے لیے مارچ کی پہلی جمعرات کا انتخاب کیا اور اسے سکولوں
کے بچوں میں کتابیں خریدنے کی عادت کو فروغ دینے کے لیے استعمال کیا جاتا
ہے۔
انڈیا میں کتابوں کا حال پھر بھی قدرے بہتر ہے لیکن یہ بہتری انگریزی کے
بعد ہندی تک محدود ہے۔ اردو نہ کل بھلی تھی نہ آج ہے۔ تاہم اس دن کی مناسبت
سے دنیا بھر میں کتابوں کی اہمیت اجاگر کرنے کے لئے مختلف تقاریب کا اہتمام
ہوتا ہے۔ کتابوں کی نمائشیں، سمینار، سمپوزیم اور اسی طرح کے دوسرے فکشن
منعقد کر کے کتب بینی کے ذوق و شوق کو پروان چڑھانے کی زوردارکوششیں کی
جاتی ہیں۔ دور جدید میں اگرچہ مطالعہ کے نئے میڈیم متعارف ہوچکے ہیں اور
انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برکت سے علم کا حصول اور اطلاعات رسانی کے باب میں
انقلاب برپا ہو چکا ہے مگر کتاب کی اپنی دائمی اہمیت اور افادیت اپنی جگہ
قائم و دائم ہی نہیں بلکہ اس میں حد درجہ اضافہ ہورہا ہے۔ دنیا بھر میں
کتابوں کی اشاعت اور کتب بینی کے شائقین کی تعداد ہر گزرتے لمحے کے ساتھ
بڑھ رہی ہے۔ لاکھوں کتابیں زیور اشاعت سے مزین ہورہی ہیں اور بے شمار
لائبریریاں معرضِ وجود میں آرہی ہیں۔ اس میں دو رائے نہیں کہ کتاب اور
انسان کا رشتہ اتنا ہی قدیم ہے جتنا کہ خود انسانی تہذیب و تمدن کا سفر اور
علم و آگہی کی تاریخ۔ تہذیب کی روشنی اور تمدن کے اجالے سے جب انسانی ذہن
کے دریچے بتدریج کھل گئے تو انسان کتاب کے وسیلے سے خودبخود ترقی کی شاہراہ
پر قدم رنجہ ہوا۔ سچ مچ کتاب کی شکل میں اس کے ہاتھ وہ شاہ کلید آگئی جس نے
اس کے سامنے علم و ہنر کے دروازے کھول دیئے، ستاروں پر کمندیں ڈالنے،
سمندروں کی تہیں کھنگالنے اور پہاڑوں کی چوٹیاں سر کرنے کا شوق اس کے رگ و
پے میں سرایت کردیا۔ جوں جوں یہ شوق پروان چڑھتا رہا کتاب اس کے لئے ایک
مجبوری بنتی گئی، کیونکہ یہ اسی کتاب کی کرامت تھی کہ انسان کے لئے مطالعے
اور مشاہدے کے بل پرنئی منزلیں طے کرنا آسان ہوا، علم و فن نے اس کی ذہنی
نشو و نما، مادی آسائشیں اور انقلابِ فکر ونظر کا سامان پیدا کیا۔ غرض کتاب
شخصیت سازی کا ایک کارگر ذریعہ ہی نہیں بلکہ زندہ قوموں کے عروج و کمال میں
اس کی ہمسفر بن گئی۔ کتاب کی اس ابدی اہمیت کے زیر نظر زندہ قوموں کا شعار
بلکہ فطرت ثانیہ ہوتی ہے کہ وہ کتب خانوں کو بڑی قدر و منزلت دیتے ہیں۔ آج
کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے انقلابی دور میں امریکہ میں لائبریری آف کانگریس
اور برطانیہ میں برٹش میوزیم لائبریری ان دو قوموں کے واسطے فکری اساس یا
شہ رگ بنی ہوئی ہیں۔ یہی علم پرور ادارے ان کو خیالات کی نئی وسعتوں میں
محو پرواز رکھتے ہیں ، قوم و ملت کو تمام شعبہ ہائے زندگی میں منزل مقصود
تک پہنچانے کے ضمن میں ان لائبریروں کی کروڑوں کتابیں خاموشی سے راہبری اور
رہنمائی کا فریضہ انجام دیتی ہیں۔ ان قوموں کے باشعور عوام میں لائبریری
تحریک کا ایک منظم سلسلہ بھی موجود ہے۔ اس کے برعکس ہمارے یہاں جو پبلک
لائبریریاں موجود ہیں ان میں کتابیں تو موجود ہیں مگر یہ سب برسہا برس سے
گرد آلودہ ہیں کیونکہ ان کی طرف کوئی توجہ نہیں کرتا۔ اس معاملے میں ماضی
کے عین برخلاف اب انفرادی اور اجتماعی سطح پر ہم اتنے بدذوق ہوچکے ہیں کہ
عموماً کتابوں کا مطالعہ کرنا تضیع اوقات کے مترادف سمجھا جاتا ہے۔ اگرچہ
تعلیمی اداروں میں کم و بیش لائبریریاں زیر استعمال رہتی ہیں مگر ان کا
استفادہ صرف نصابی سرگرمیوں کی حد تک کیا جاتا ہے جبکہ نصاب کی حدود سے آگے
اچھی اور مفید کتابوں کا مطالعہ طلباء اپنے لئے شجر ممنوعہ سمجھتے ہیں۔
حالانکہ ذوق مطالعہ کو جلا بخشنے والی کتابوں کا مطالعہ ہی زیادہ تر کسی
طالب علم کو علم کی روشنی سے متعارف کراتا ہے۔ عالمی یوم کتب کے حوالے سے
تقاریب کا اہتمام ہورہا ہے، ان کا محض مقصد خانہ پری نہیں بلکہ عوام الناس
میں کتب بینی کا شوق پیدا کرنے اور صحت مند کتابوں کے مطالعہ کی طرف
انہیںراغب کرانا ہوناچاہئے۔ اس سلسلے میں متذکرہ محکمہ پر بھاری ذمہ داریاں
عائد ہوتی ہیں۔ یہاں یہ تلخ نوائی معاف کی جائے کہ اس محکمے کے زیر اہتمام
اگرچہ ریاست بھر میں بشمول سرحدی علاقہ جات لائبریریوں کا جال موجود ہے مگر
اکثر و بیشتر یہ بند رہتی ہیں اور ان کا عملہ تھوڑے سے استثنیٰ کے ساتھ
اپنے فرائض انجام دینے میں تساہل اورغفلت برتتا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ
جہاں طالب علموںاور عام پڑھے لکھے لوگوں کو کتب بینی کا شوقین اور دلدادہ
بنانے کے لئے منظم کاوشیں کی جائیں وہاں پبلک لائبریریوں کے عملہ میں فرض
شناسی اور جوابدہی کو یقینی بنایا جائے تب جاکر ورلڈ بک ڈے کے اصل گوہر
مقصود کا حق ادا کیا جاسکتا ہے۔ |