کراچی ہلاکتوں پر حکمرانوں اور سیاستدانوں کی اپنی اپنی ڈفلی

ٹھیک ہے کہ، آج لوڈشیڈنگ کی وجہ نوازحکومت کی نااہلی ہے کیا پہلے زرداری حکومت نہیں تھی.. ؟
کراچی ہلاکتوں پر حکمرانوں اور سیاستدانوں کی اپنی اپنی ڈفلی اپنااپناراگ جبکہ کے الیکٹرک اصل ذمہ دارہے

لیجئے جناب..!!سوپ توسوپ چھلنی کیابولے جس میں بہترسوچھید،پچھلے دِنوں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے لوڈشیڈنگ کے حوالے سے مظاہروں پر پیپلزپارٹی پنجاب کے صدرمنظوروٹوکو اپنے ایک پیغام میں کہاہے کہ لوڈشیڈنگ کی وجہ نوازشریف کی نااہلی ہے،کراچی میں گرمی سے اموات کی ذمہ دار کراچی الیکٹرک اور وفاقی حکومت ہے،کے الیکٹرک نے بجلی کی فراہمی کے حوالے سے جاری لائسنس کی شرائط پوری نہیں کیں ، وہ بھی ہلاکتوں کی ذمہ دارہے ، مظاہروں کے ذریعے وفاقی حکومت کی نااہلی کو عوام کے سامنے بے نقاب کرنے کا عمل جاری رہناچاہئے اور وغیروغیرہ ..
اَب ایسے میں یہاں بہت سے سوالات عوام کے ذہنوں میں جنم لے رہے ہیں یہ ٹھیک ہے کہ آج لوڈشیڈنگ کی وجہ نوازحکومت کی نااہلی ہے مگر بلاول جی..!نوازسے پہلے تو آپ کے پیارے ابوجان زرداری صاحب کی حکومت تھی اُنہوں نے اپنے پانچ سالہ دورِ اقتدارمیں سوائے مصالحتوں کی سیاست کرنے اور اپنے پرائے روٹھے ہوؤں کو منانے کے کونسابجلی بحران ختم کر دیااورادیا..؟ بلاول سائیں..!!پوچھیں اپنے ابوجان زرداری صاحب سے کہ کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی پر کے الیکٹرک کی انتظامیہ سے اپنے دورِ حکومت میں کتنی مرتبہ پوچھ گچھ کی اور کتنی مرتبہ اِن کے کان کھینچے..؟؟اگرآپ کے ابوزرداری صاحب..اپنے دورِ حکومت میں اپنی مصالحت پسندانہ سیاست کے ساتھ ساتھ مُلک سے بجلی بحران اور کے الیکٹرک کا قبلہ درست کرنے کے لئے مخلص ہوتے تو آج یقینامُلک سے بجلی بحران بھی ختم ہوچکاہوتااور کے الیکٹرک کی جاری ہٹ دھرمی بھی یوں جاری نہ رہتی جیسی کہ آج یہ پوری قوت سے جاری و طاری ہے..اوراِس کے ساتھ ساتھ یہ بھی سابق صدرآصف علی زرداری اور اپنی پارٹی کے جیالوں سے ضرورپوچھیں کہ وہ کیاوجوہات تھیں کہ اِنہوں نے مُلک سے اپنے دورِ حکومت میں بجلی بحران کے خاتمے سمیت کے الیکٹرک کی انتظامیہ سے اپنی کارکردگی کو بہترکرنے اور کرانے جیسے اقدامات کیوں نہیں کروائے..؟؟اوریہ بھی پوچھیں کہ کے الیکٹرک کی انتظامیہ نے کیوں شہرکراچی کو اندھیروں میں ڈبونے کے لئے تانبے کے تاروں کی جگہہ ایلمونیم کے تارلگائے..؟؟ اورایسابہت کچھ کس کے کہنے اورکس کے اشارے پر کیاگیا؟؟اور یہ بھی پوچھنے اور جاننے کی کوشش کریں کہ ایلمونیم کے تاروں کی کس کی صنعت ہے اور کس کس کے اِس میں شیئرز ہیں ..؟؟اوریہ بھی ضرورپوچھین کہ کے الیکٹرک کے ساتھ کس کس کے کیا کیا اور کیسے کیسے سیاسی و ذاتی اور خفیہ مالی مفادات وابستہ ہیں ..؟؟آپ کو جب اِن سارے سوالات کے جوابات مل جائیں تو پھر کسی پر الزام تراشی کریں تو بات سمجھ میں آتی ہے،ویسے آپ کی یہ بات ٹھیک ہے کہ آ ج لوڈشیڈنگ کی وجہ نوازحکومت کی نااہلی ہے۔ کیونکہ عوام کو بھی یہ لگنے لگاہے کہ نوازحکومت بھی مُلک سے بجلی بحران کے خاتمے اور کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی کو ٹھیک کرنے میں کچھ مخلص تونہیں ہے آج اگریہ مخلص ہوتی تواَب تک مُلک سے آٹے میں نمک برابرہی بجلی بحران ختم ہوچکاہوتااور کراچی میں ہزاروں کی تعدادمیں ہونے والی ہلاکتوں پر نجی ادارہ کے الیکٹرک قومی تحویل میں آچکا ہوتا اور دوبارہ سرکاری تحویل میں اپنی کارکردگی کے بہترین جوہردکھارہاتواور جب ایساہوتاتو پھر کراچی میں بلاتعطل بجلی کی سپلائی بھی جاری رہتی تو گرمی سے ہونے والی اتنی ہلاکتیں بھی نہ ہوتیں آج جتنی تعدادمرنے والوں کی ہوچکی ہے۔

آج یہ کیسا عجیب دورآگیاہے کہ حالیہ دِنوں میں کراچی میں سورج گردی سے زیادہ کے الیکٹرک جیسے ناکارہ اور نااہل ادارے کی ناقص کارگردی کی وجہ سے ہزاروں افراد کی ہلاکت کا ذمہ دار ادارہ کے الیکٹرک بھی حکومت سے نہیں سنبھل پارہاہے،اور میرے مُلک میں وفاق سے سندھ وپنجاب اور بلوچستان سے خیبرپختونخواہ تک(کے الیکٹرک سے) اپنے سیاسی و ذاتی مفادات کی گھٹی میں ترحکمرانوں ، سیاستدانوں اور قومی اداروں کے سربراہان سمیت سب ہی کراچی میں ہزاروں کی تعدادمیں ہونے والی ہلاکتوں پرایک نجی ادارے کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی کے باوجود بھی اِس کی نااہلی پر پردہ ڈالنے اوراِسے بچانے کے لئے جان کی بازی لگارہے ہیں جب دنیاکے کسی بھی مُلک میں ایسی ہی صورت حال پیدا ہوجائے تو پھرقوم کس سے اپنی عافیت اور بھلائی کی اُمیدیں رکھے اور کس کے آگے اپنے مظالم کی دادرسی کے لئے فریادیں کرے ..؟؟جب سب ہی بُرائی کو بُرائی جان کر بھی اچھائی کے گیت گائیں اور وجہ بُرائی پر پردہ ڈالنے لگیں تو پھر کیا قوم کو اپناحق چھین لینے کے لئے طاقت کے استعمال کا فیصلہ کرنے کا بھی حق حاصل نہیں ہوگا..؟؟ ۔

بہرحال ..!اَب ایسے میں شہرِ قائد کراچی کا ہر باسی یہ سوچ رہاہے کہ آخرکے الیکٹرک میں ایساکیا جادو ہے...؟؟ جس کے خاطر سب ہی کے الیکٹرک جیسے نااہل اور ناکارہ ادارے کو بچانے کے لئے اپنے تن من دھن کی بازی لگارہے ہیں، اورکیاوفاقی حکومت گرمی کی شدیدلہر کے دوران کراچی میں بجلی کی عدم فراہمی اور کے الیکٹرک کی جانب سے دانستہ طورپر بجلی کی پیداوارمحدودرکھنے کے معاملے کی باقاعدہ تحقیقات کرنے کے بعدبھی کے الیکٹرک کو مرضی چلانے پر چھوڑدے گی ..؟حقائق معلوم ہوجانے پر کے الیکٹرک کے خلاف کوئی سخت قدم بھی اُٹھائے گی..؟یہ جانتے ہوئے بھی کہ سورج سے برستی گرمی پر توکسی کا زور نہیں تھااگر کے الیکٹرک بلاتعطل بجلی کی سپلائی جاری رکھتی تو سوفیصدی یقین ہے کہ کراچی میں پڑنے والی گرمی سے اِتنی ہلاکیں نہیں ہوتیں اَب جتنی کہ ہزاروں میں ہوگئی ہیں جبکہ یہاں ایک نقطہ یہ بھی ہے کہ پچھلے اور موجودہ دورِ حکومت میں بھی نااہل کے الیکٹرک کی انتظامیہ کھلم کھلا وفاق کے احکامات اور ہدایات کو جوتے کی نوک پر مارتی ہے ،یہ کچھ بھی کرلے کے الیکٹرک کی انتظامیہ کسی کی ایک نہیں سُنتی ہے مگر اِس کے باوجود بھی حکمران الوقت کے الیکٹرک کے آگے بے بس ہوکربھی کے الیکٹرک کی نااہلی پر پردہ ڈالنے کے لئے تمام حکومتی مشینری کو استعمال کررہے ہیں،یقینااِس میں حکومت اور کے الیکٹرک کی انتظامیہ کے درمیان کوئی نہ کوئی ایسے اندرونی طور پر ذاتی مفادات پوشیدہ ہوں گے جن پرحکومت کے الیکٹرک کے مفادات کی جنگ لڑرہی ہے اور اِسے بچارہی ہے حالانکہ کراچی میں ہزاروں میں ہونے والی ہلاکتوں کے بعد کوئی چارہ نہیں رہ جاتاہے کہ حکومت کے الیکٹرک کو اِس کی نااہلی اور ناقص کارکردگی کی بناپر ماضی اور حال میں کئے گئے معاہدوں کو کالعدم قراردے اور اِسے دوبارہ حکومتی تحویل میں لے کر اِسے اپنے زیرنگرانی میں چلائے ۔

ایساایک آج ہی سے نہیں ہورہاہے بلکہ یہ تو ازل سے ہی ہوتاچلاآیاہے کہ اپنے عیب کسی کونظرآتے مگر دوسروں کے عیبوں کوگنوانے میں ایک انسان دوسرے انسان پر سبقت لے جاتاہے،آج اگر ہم کراچی ہلاکتوں کی وجوہات کا جائزہ لیں تو یہ بات واضح ہوگی کہ کراچی میں حالیہ دنوں میں ہونے والی سورج گردی سے ہونے والی ہلاکتوں میں ’’کے الیکٹرک ‘‘ نے معاون اور مددگارکی حیثیت سے نمایاں کرداراداکیاہے،اَب یہ اور بات ہے کہ سندھ اور وفاقی حکومتیں اپنے اپنے سیاسی مقاصداور مفادات کے خاطر کراچی کے مظلوم عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے ایک دوسرے پر الزامات لگارہی ہیں اور کے الیکٹرک کی نااہلی کے باعث کراچی میں ہونے والی ہلاکتوں پر دیرپااقدامات کرنے کے بجائے آپس میں ہی اُلجھ رہی ہیں اور ٹائم پاس کرنے کے لئے اپنی اپنی ڈفلی اپنااپناراگ بجارہی ہیں جبکہ اِنہیں یہ بات اچھی طرح سے معلوم ہے کہ کراچی میں موسمی تبدیلی کی وجہ سے ہزاروں میں ہونے والی ہلاکتوں کی اصل ذمہ دار ’’ کے الیکٹرک ‘‘ ہے مگر پھر بھی پتہ نہیں کیوں کوئی کے الیکٹرک کے خلاف کچھ کرنے سے قاصر ہے ..؟؟۔
Muhammad Azim Azam Azam
About the Author: Muhammad Azim Azam Azam Read More Articles by Muhammad Azim Azam Azam: 1230 Articles with 985084 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.