یوم آزادی اور ملکی حالات

تحریر محمد مظہررشید چوہدری
وطن عزیز پاکستان اپنی 68ویں سالگرہ کے موقع پر ایک با پھر سیاسی بحران کا شکار ہو تا نظر آرہا ہے پارلیمنٹ سے ایک اہم سیاسی جماعت(ایم کیو ایم ) نے مستعفی ہوکر عوام کی جانب سے دیے گئے مینڈیٹ کوپس پشت ڈال دیا عوام جنھیں پانچ سال کے لیے منتخب کر کے پارلیمنٹ میں بھیجتے ہیں وہ اپنی مرضی سے جب چاہا استعفی استعفی کا کھیل کھیلنے لگ جاتے ہیں گزشتہ سال بھی نیا پاکستان اور انقلاب کے نعروں نے سنجیدہ طبقوں میں مایوسی کی لہر پیدا کی دوماہ سے زائد عرصہ تک اسلام آباد کی فضا میں نیا پاکستان اور انقلابی نعروں کے بادل چھائے رہے جس نے پورے ملک کی فضا کو گومگوں کی کیفیت سے دوچار کیے رکھا ہو سکتا ہے میری اوپر کی تحریر کردہ لائنوں سے بہت سے لوگوں کو اختلاف ہو لیکن اس بات سے تو بہت سے پاکستانی متفق ہونگے کہ اپنے قیام سے آج تک وطن عزیز سیاسی و معاشی لحاظ سے ہمیشہ اتار چڑھاؤ کا شکار رہا ہے جمہوریت کو یہاں پنپنے کا موقع ہی نہیں ملا 30سال سے زائد عرصہ آمریت کی نظر ہوگیا جو چند سال جمہوریت کو ملے وہ بھی سیاسی عدم استحکام کا شکار رہے گزشتہ چند سالوں سے وطن عزیز میں دہشت گردی کے واقعات نے عوام میں خوف کی فضا پیدا کر رکھی تھی کسی بھی شعبہ اورفرقہ کے لوگ دہشت گردی سے محفوظ نہ رہ سکے مساجد ،امام بارگاہ،چرچ ہر جگہ دہشت گردوں نے اپنی دہشت سے سب کی زندگیوں کو غیر محفوظ کر رکھا تھا پاک فوج نے ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردوں کے اہم ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر دہشت گروں کے نیٹ ورک کو توڑ دیا جس پر پاکستانی عوام پاک فوج کو موجودہ سپہ سالار جنرل راحیل شریف اور فوجی جوانوں کے شکر گزار ہیں جنھوں نے وطن عزیز میں استحکام کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں جس پر پاکستانی عوام کو فخر ہے بات کدھر سے کدھر نکل گئی بات تو کرنی تھی موجودہ حالات کی جن میں ہم اپنا 68واں جشن آزادی منارہے ہیں اگر دیکھا جائے تو تمام شعبوں کو کرپشن سے پاک دیکھنے کی تمنا ہر دل میں موجود ہے وقت کے ساتھ ساتھ بہتری کے آثار معدوم ہوتے چلے جارہے ہیں ہر شعبہ میں کرپشن نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر رکھا ہے توانائی بحران نے عوام کو جس اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے اسکا اظہار انتہائی مشکل ہےUPS،جنریٹر ،سولر انرجی سے بجلی حاصل کر نے کی کوششوں نے عوام میں معاشی طور پر مزید پریشانیاں بڑھا دی ہیں عوام سراپا احتجاج ہیں اور حکمران طفل تسلیاں دینے میں لگے ہوئے ہیں اگست کے مہینے میں دیگرافسوناک خبریں بھی سننے کو ملی ہیں جس میں سرفہرست پولیس مقابلوں میں اضافہ ہے آئے روز مبینہ پولیس مقابلوں میں ڈاکوؤں کے مارے جانے کی اطلاعات مل رہی ہیں جن میں پولیس ملازمین کئی کئی ڈاکوؤں کومارنے کے باوجود معمولی سی خراش سے بھی محفوظ رہتے ہیں عوام اور پولیس کے درمیان خوف کی فضا قائم و دائم ہے بے شمار مسائل میں گھری قوم پھر بھی وطن عزیز کی سلامتی و بہتری کے لیے دعا گو ہے مختصر احمد ندیم قاسمی کی یہ دعا حاضر خدمت ہے
خدا کرے کہ میری ارض پاک پر اترے
وہ فصل گل جسے اندیشہ زوال نہ ہو
یہاں جو پھول کھلے وہ کھلا رہے برسوں
یہاں خزاں کو گزرنے کی بھی مجال نہ ہو
یہاں جو سبزا اگے وہ ہمیشہ سبز رہے
اور ایسا سبز کہ جس کی کوئی مثال نہ ہو
گھنی گھٹائیں یہاں ایسی بارشیں برسائیں
کہ پتھروں سے بھی روئیدگی محال نہ ہو
خدا کرے کہ وقار اس کا غیرفانی ہو
اور اس کے حسن کوتشویش ماہ و سال نہ ہو
ہر ایک فرد ہو تہذیب و فن کا اوج کمال
کوئی ملول نہ ہو ،کوئی خستہ حال نہ ہو
خدا کرے کہ میری ارض پاک پر اترے
وہ فصل گل جسے اندیشہ زوال نہ ہو***
mohammad mazhar rasheed
About the Author: mohammad mazhar rasheed Read More Articles by mohammad mazhar rasheed: 4 Articles with 3878 views MUHAMMAD MAZHAR RASHEED OKARA (COLUMNIST & SOCIAL WORKER) Ph# +923336963372
www.facebook.com/mazhar03336963372
.. View More