جوتے مارنے کا کلچر

قصور کے باسیوں کا کیا قصور کہ وہاں ’’قیامت‘‘آگئی خداکی پناہ 300کے قریب معصوم بچوں کے ساتھ درندگی اور ان کے والدین کو بلیک میل کرنے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے یقینا مہذب معاشرہ کے چہرے پر ایسے واقعات بدنما داغ ہیں ان واقعات میں ملوث ہرملزم کو کیفر کردار تک پہنچانا حکومت کی اخلاقی ،قانونی اور سماجی ذمہ داری ہے شنید ہے کہ معصوم بچوں کی غیراخلاقی ویڈیوپڑوسی ممالک کوفروخت کرنے کی اطلاعات بھی آرہی ہیں اوراس میں مرکزی کرداروں میں حکمران جماعت کا ایک ایم پی اے بھی ہے جس پر ملزموں کی پشت پناہی کرنے کا سنگین الزامات بھی ہیں یقینا ایسے درندوں کو عبرت کا نشان بنا دینا چاہیے۔۔۔قصور میں مشتعل متاثرین نے احتجاج کے دوران IGپنجاب مشتاق سکھیرا پر جوتا بھی اچھال دیا لوگوں کی قوت برداشت جواب دے رہی ہے جوتا اچھالنا کوئی اچھی روایت نہیں اس سے پہلے کئی نامی گرامی شخصیات جوتوں کی زد میں آچکی ہیں گذشتہ سال وزیر ِاعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف لاہورمیں ساؤتھ ایشیا لیبرکانفرنس کی تقریب میں ابھی سٹیج پرآکر بیٹھے ہی تھے کہ پریس گیلری میں بیٹھے نجی ٹی وی چینل کے صحافی نے ان کی طرف جوتا اچھال دیاخوش قسمتی سے وزیر ِاعلیٰ اس کی زدمیں آنے سے بال بال بچ گئے اور جوتا سٹیج پر گرگیا۔جوتااچھالنے کے بعد مذکورہ صحافی نے شورمچایا کہ حکومت صحافیوں پر حملے کرنے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے ان کی حمایت کررہی ہے۔ تقریب کے اختتام پرپولیس نے صحافی کو حراست میں لے لیا جسے بعدمیں وزیر ِاعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف کے حکم پررہا کردیا گیا اس سے پہلے سابق امریکی صدر جارج بش، برطانوی وزیر ِ اعظم ڈیوڈکیمرون، امریکہ کی سابق خاتون ِ اول ہیلری کلنٹن، ایرانی صدر احمدنژاد، مقبوضہ کشمیرکے کٹھ پتلی وزیر ِ اعظم عمر عبداﷲ، بھارتی عام آدمی پارٹی کے رہنما اروندکیجریوال،سابق وزیر اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم اورسابق صدر پرویز مشرف بھی اس صورت ِ حال سے دو چارہوچکے ہیں اس کے علاوہ کچھ عرصہ قبل معروف قانون دان احمد رضا قصوری کے چہرے پرکسی نے کالے رنگ کا سپرے کردیا تھا سابقہ وزیر مرحوم شیر افگن نیازی اورسینیٹر طارق عظیم کی بھی پٹائی ہو چکی ہے۔۔۔یہ سب واقعات معاشرہ میں عدم برداشت کی نشان دہی کرتے ہیں۔ماضی میں کسی سیاسی جلسے یا جلوس کو ناکام بنانے کیلئے گندے انڈے یا ٹماٹر مارنے کا رواج تھا اسے بھی بڑا واقعہ شمار کیا جاتا تھا اب تو جوتے مارنے کا کلچر فروع پارہاہے جو انتہائی خوفناک رویے کا عکاس ہے میں تو اسے انتہا درجے کی بدتمیزی سے تعبیر کرتاہوں ویسے سوچنے کی بات یہ ہے کہ جوتا اچھالنے والے معاشرہ کون سی خدمت کررہے ہیں؟ غالب نے تو کہا تھا
ہر اک بات پہ کہتے ہو تو کیا ہے؟
تمہی کہو ۔۔یہ انداز ِ گفتگوکیاہے؟

آج غالب زندہ ہوتے تو اس بدتمیزی اور بد تہذیبی پر نہ جانے کتنے شعر لکھ ڈالتے لیکن بیشترلوگ جوتا مارنے کے واقعات کو یقینا چٹخارے لے لے کر بیان کرتے ہیں ایسے واقعات سے ظاہرہوتاہے کہ برداشت ،تحمل ، مروت ،بردباری اوردرگذرکرنا شاید پرانے زمانے کی باتیں ہیں اب تو زیادہ تر لوگوں میں قوت ِ برداشت کم ہوتی جارہی ہے جس کے باعث بات بے بات پر لڑائی جھگڑے معمول بن گئے ہیں معمولی’’ تو تو میں میں‘‘پر اسلحہ نکل آتاہے ۔۔ کبھی۔ برداشت ،تحمل ، مروت سیاستدانوں،صحافیوں ،سرکاری و غیرسرکاری افسران اوربیوروکریٹ کا خاصا ہوتا تھا دور ِ حاضر میں لوگ مرنے مارنے پر تل جاتے ہیں اس ماحول میں جس پرجوتا اچھالا جائے اس کے ضبط کاامتحان بھی ہوتاہے پر امن احتجاج ہر شخص کا جمہوری حق ہے سانحہ ٔ قصور کے متاثرین سے دنیا کے ہر درد کھنے والے کو ہمدردی ہے لیکن جوش میں ہوش کا دامن چھوڑ دینا اپنے آپ سے ظلم کے مترادف ہے میڈیا سے تعلق رکھنے والوں سے بھی میری التماس ہے کہ وہ محض خبربنانے کے چکر میں سنسنی نہ پھیلائیں قظور کا واقعہ بھی میڈیا سامنے لایا ہے وگرنہ ہو سکتا تھا بااثر لوگ اسے دبانے میں کامیاب ہو جاتے ۔۔۔ ۔۔ہم نے کئی پریس کانفرنسوں میں مزاج کے خلاف سوال کرنے پر کئی سیاستدانوں کو سیخ پاہوتے دیکھاہے کئی اس قدر غصے میں آجاتے ہیں کہ وہیں کھڑے کھڑے صحافیوں کو بے نقط سنا دیتے ہیں۔پاکستان میں صحافیوں نے آزادی ٔ صحافت کیلئے بہت قربانیاں دی ہیں اب تلک درجنوں صحافی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کو بجالاتے ہوئے شہیدہو چکے ہیں۔ آزادی ٔ صحافت کیلئے قربانیوں کا تقاضاہے کہ صحافی اپنی ذمہ داریوں سے انصاف کریں محض خبر بنانے کے چکرمیں کوئی ایسا کام نہ کیا جائے جس سے اس شعبہ کی سبکی ہو۔بہرحال مملکت ِ خدادادپاکستان میں جوتا مارنے کے کلچرکو سختی سے کچلنے کی ضرورت ہے اس مکروہ فعل سے آزادی ٔ صحافت کو بہت سے خطرات لاحق ہو سکتے ہیں یہ کام اظہارِ رائے کی آزادی کا بھی دشمن ہے مذہبی نقطہ نظر سے انتہائی گھناؤنا کام ۔۔۔پست اور گھٹیا سوچ کا مظہر۔خوفناک بات یہ ہے کہ جوتے مارنے کی رسم چل نکلی تو کل کلاں کوئی بھی محفوظ نہیں رہ سکے گا مذہبی رہنما، سیاستدان،سماجی شخصیات،صحافی یاپھرکوئی بھی اس جوتا گردی کا شکارہوسکتاہے ۔لوگ اپنے کسی بھی مخالف کو جوتے مارکر ذلیل کرسکتے ہیں اس صورت میں اتنی انارکی پھیلے کی جس کا اس وقت اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔
Sarwar Siddiqui
About the Author: Sarwar Siddiqui Read More Articles by Sarwar Siddiqui: 218 Articles with 160005 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.