گیارہ ربیع الثانی - گیارہویں شریف ایڈیشن

مادر زاد ولی قطبِ ربانی، شہباز لامکانی غوث الثقلین حضرت غوث اعظم جیلانی رحمتہ اﷲ علیہ

بیشک خالقِ کائنات اللہ رب العالمین نے اِنس وجن کی رشد و ہدایت کے لئے مختلف وقتوں اور خطوں میں کم و بیش ایک لاکھ چوبیس ہزار انبیاﺀ و مرسلین کو مبعوث فرمایا ہر نبی و رسول اللہ تعالیٰ کی علیحدہ علیحدہ صفتوں کے مظہرین لے کر آئے یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ نے اپنی کُل صفات ہی نہیں بلکہ ذات کا بھی مظہر بناکر اپنے محبوب نبی آخرالزماں پیارے محمد مصطفیٰ صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کو مبعُوث فرمایا تو مظہر ذات کے بعد کسی نبی کی ضرورت نہ رہی باب نبوت ہمیشہ کے لئے بند ہوگیا تو رُشد و ہدایت اور احیا دین و ملت کے لئے مظہر ذات خدامحبوب رب العلیٰ نے غیبی خبر دی کہ” ہر صدی کے اختتام پر ایک مجدد پیدا ہوگا“(مشکوٰةشریف) نیز فرمایا کہ ” اللہ کے نیک بندے دین کی محافظت کرتے رہیں گے“ (ابوداؤد) حضور نبی کریم صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد مبارکہ ہے کہ” عملائے دین بارش نبوت کا تالاب ہیں“ (مشکوٰة شریف) نیز فرمایا کہ ” چالیس ابدال (اولیا) کی برکت سے بارش اور دشمنوں پر فتح حاصل ہوگی اور اِنہیں کے طفیل اہلِ شام سے عذاب دور رہے گا(مشکوةشریف) آپ صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ ” علما کی زندگی کے لئے مچھلیاں دُعا کرتی ہیں“ (مشکوٰةشریف) نیز فرمایا کہ ” میری اُمت میں ہمیشہ تین سو اُولیا حضرت آدم علیہ السالم کے نقش ِ قدم پر رہیں گے اور چالیس حضرت موسیٰ علیہ السلام و سات حضرت اِبراہیم علیہ السلام کے قدام پر ہونگے اور پانچ وہ رہیں گے کہ جن کا قلب حضرت جبرئیل علیہ السلام کی طرح ہوگا اور تین حضرت میکائیل کے قلب پر اور ایک حضرت اِسرافیل کے قلب پر رہے گا جب اِس ایک کا انتقال ہوگا تو اِن تین میں سے کوئی قائم ہوگا اور اِن تین کی کمی پانچ میں سے اور پانچ کی کمی سات میں سے اور سات کی کمی چالیس میں سے اور چالیس کی کمی سات میں سے اور سات کی کمی چالیس میں سے اور چالیس کی کمی تین سو سے اور تین سو کی کمی عالم مسلمانوں سے پوری کردی جاتی ہے“ (مرقاةملاعلی قاری)۔

علما حق فرماتے ہیں کہ” اللہ تعالیٰ رحمتیں دینے والا، سیدالانبیا رحمت عالم تقسیم فرمانے والے اور اُولیا و علما اِس کا ذریعہ ہیں “اللہ تعالیٰ کی معرفت کے لئے ملت مصففویہ کے سامنے علما و مشائخ نے ایک خوبصورت اور زریں اُصول یہ پیش کردیا ہے بارگاہِ ربوبیت تک رسائی آقائے دو جہاں سید عالم صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کے ذریعے اور بارگاہِ سرور ِ کائنات تک رسائی اُولیا اللہ کے ذریعہ سے ہی ممکن ہے اِن اُولیا اللہ کی صف ِ اول میں صحابہ کرام اور اہلِ بیت اطہار رضوان اللہ علیھم اجمعین شامل ہیں اِن کے بعد تابعین، ائمہ مجتھدین، ائمہ شریعت وطریقت کے علاوہ صوفیا اتقیا اور دیگر اُولیا بھی شامل ہیں اُولیا کرام تو بہت ہوئے اور قیامت تک ہوتے رہیں گے لیکن اِس میں کوئی شک وشبہ کی گنجائش نہیں کہ علم و فضل کشف و کرامات، مجاہدات و تصرفات اور حسب ونسب کی بعض خصوصیات کی وجہ سے حضرت غوث اعظم رحمتہ اﷲ علیہ کو اُولیا کی جماعت میں جو خصوصی امتیاز حاصل ہے وہ کسی اور نہیں یہ واضح رہے کہ حضرت غوث اعظم رحمتہ اﷲ علیہ کو جب ہم مقامِ ولیوں کا تاجدار کہتے یں تو یہاں ولیوں کے عموم میں صحابہ کی جماعت کو شامل نہیں کرنا چاہئے خالقِ کائنات اللہ رب العزت جن خوش نصیب بندوں کو مقام ولایت عطا فرماتا ہے اُن کی ولایت کو کبھی زائل نہیں فرماتا۔ آپ غوث اعظم رحمتہ اﷲ علیہ،غوث الثقلین، غیوث الکونین، امام الطرفین، امام النقےٰ ، رئیس الاتقیا، تاج الاصفیا، قطبِ ربانی، شہباز لامکانی، محی الملت والدین، فخر شریعت و طریقت، ناصر سُنت، عماد حقیقت، قامع بدعت، سیدوالزاہدین، رھبرِ عابدین، کاشف الحائق، مقتدا الخلائق، قطب الاقطاب، غوث الاغوث وغیرہ القابات تاجدارِ غوث صمدانی، سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانی کی ولادتِ پاک وطن مبارک گیلا جیسے گیلان بھی کہتے ہیں عرب کے لوگ اِسی کو جیل اور جیلان بھی کہتے ہیں یہ طبرستان کے پاس ایک علاقہ ہے جو ملک عجم میں واقع ہے اِسی علاقے میں نیف نام کے ایک قصبہ میں معتبر روایتوں کے ذریعہ پتہ چلتا ہے کہ (آپ حضرت غوث اعظم رحمتہ اﷲ علیہ) یکم رمضان المبارک جمعہ کیدن سنہ 470ہ مطابق 1075سنہ میں ہوئی یہ علاقہ بغداد مُقدس سے سات میل کی دوری پر ہے بغداد مُقدس اور مَدائن کے قریب بھی جیل یا گیل نام کے دو قصبے پائے جاتے ہیں لیکن اِن دونوں قصبوں کو حضرت غوث اعظم رحمتہ اﷲ علیہ کا مولا باور کرنا درست نہیں کیونکہ یہ ملک عارق سے متعلق ہیں اور حضرت غوث اعظم رحمتہ اﷲ علیہ کا عکمی ہونا متحقق ہے امام حافظ ابنِ کثیر و مشقی المتوفی774سنہ میں اپنی تصنیف البدایہ و الہنایہ میں حضرت غوث اعظم رحمتہ اﷲ علیہ کا سنہ ولادت470سنہ ھ لکھتے ہیں اور امام یافعیٰ المتوفی 768سنہ ھ اپنی تصنیف مراة الجنان و عبرة الیقان میں لکھتے ہیں کہ حضرت غوث اعظم رحمتہ اﷲ علیہ سے جب کسی نے آپ کے سال ولادت کے متعلق سوال کیا تو آپ رحمتہ اﷲ علیہ نے جواب دیا مجھ کو صحیح طور پر یاد نہیں البتہ! اتنا ضرور جانتا ہوں کہ جس سال میں بغداد آیا تھا اِسی سال شیخ ابوا محمد رزق اللہ ابنِ عبدالوباب تمیمی کا وصال ہوا اور یہ 488سنہ ھ تھا اِس وقت میری عمر 18سال تھی اِس حساب سے آپ رحمتہ اﷲ علیہ کا سنہ ھ ولادت 470سنہ ھ ہوا اِس طرح جملہ سوانح نگاروں کے بیانات زیادہ تر نفحات ہی سے ماخوذ ہیں اِس وجہ سے عام لوگوں کی رائے یہی ہوگئی کہ غوث الثقلین شیخ عبدالقادر جیلانی رحمتہ اﷲ علیہ حضرت غوث اعظم کا سنہ ولادت 470سنہ ھ ہے ۔آپ کی والدہ ماجدہ حضرت فاطمہ اُم الخیر بیان فرماتی ہیں کہ ولادت کے ساتھ احکامِ شریعت کا اِس قدر احترام تھا کہ حضرت غوث اعظم رحمتہ اﷲ علیہ رمضان بھر دن میں قطعی دودھ نہیں پیتے تھے ایک مرتبہ اَنبر کے باعث 29شعبان کو چاند کی رویت نہ ہوسکی لوگ تردوّ میں تھے لیکن اِس مادر ذادولی حضرت غوث اعظم رحمتہ اﷲ علیہ نے صبح کو دودھ نہیں پیا بالآخر تحقیق کے بعد معلوم ہوا کہ آج یکم رمضان المبارک ہے۔ آپ کی والدہ محترمہ کا بیان ہے کہ آپ کے پورے عہدِ رضاعت میں آپ کا یہ حال رہا کہ سال کے تمام مہینوں میں آپ دودھ پیتے رہتے تھے لیکن جوں ہی رمضان شریف کا مبارک مہینہ آپ کا یہ معمول رہتا تھا کہ طلوع آفتاب سے لے کر غروب آفتاب تک قطعاً دودھ نہیں پیتے تھے۔ خواہ کتنی ہی دودھ پلانے کی کوشش کی جاتی یعنی رمضان شریف کے پورے مہینہ آپ دن میں روزہ سے رہتے تھے اور جب مغرب کے وقت اذان ہوتی اور لوگ افطار کرتے تو آپ بھی دودھ پینے لگتے تھے ابتدا ہی سے خالقِ کائنات اللہ رب العزت کی نوازشات سرکار غوث اعظم رحمتہ اﷲ علیہ کی جانب متوجہ تھیں پھر کیوں کوئی آپ رحمتہ اﷲ علیہ کے مرتبہ فلک وقار کو چھوسکتا یا اِس کا اندازہ کرسکے چنانچہ سرکارِ غوث اعظم رحمتہ اﷲ علیہ اپنے لڑکپن سے متعلق خود ارشاد فرماتے ہیں کہ عمر کے ابتدائی دور میں جب کبھی میں لڑکوں کے ساتھ کھیلنا چاہتا تو غیب سے آواز آتی تھی کہ لہو و لعب سے باز رہو۔ جِسے سُن کر میں رُک جایا کرتا تھا اور اپنے گرد و پیش جو نظر ڈالتا تو مجھے کوئی آواز دینے والا نہ دِکھائی دیتا تھا جس سے مجھے دہشت سی معلوم ہوتی اور میں جلدی سے بھاگتا ہوا گھر آتا اور والدہ محترمہ کی آغوش محبت میں چھپ جاتا تھا۔

اَب وہی آواز میں اپنی تنہائیوں میں سُنا کرتا ہوں اگر مجھ کو کبھی نیند آتی ہے تو وہ آواز فوراً میرے کانوں میں آ کر کے مجھے متنبہ کردیتی ہے کہ تم کو اِس لئے نہیں پیدا کیا ہے کہ تم سُویا کرو آپ حضرت غوث اعظم رحمتہ اﷲ علیہ فرماتے ہیں کہ بچپن کے زمانے میں غیر آبادی میں کھیل رہا تھا بتقاضائے طفلی ایک گائے کی دم پکڑ کر کھینچ لی فوراً اِس نے کلام کیا عبدالقادر تم اِس غرض سے دنیا میں نہیں بھیجے گئے ہو میں نے اِسے چھوڑ دیا اور دل کے اُوپر ایک ہیبت سی طاری ہوگئی مشہور روایت ہے کہ جب سیدنا سرکار غوث اعظم رحمتہ اﷲ علیہ کی عمر شریف چار سال کی ہوئی تو رسم و رواج ِاسلامی کے مطابق والد محترم سیدنا شیخ ابو صالح رحمتہ اﷲ علیہ جن کا لقب” جنگی دوست “ ہے اِس وجہ سے ”قلائدالجواہر“میں بتائی گئی ہے کہ آپ جنگ کو دوست رکھتے تھے ریاض الحیات میں اِس لقب کی تشریح یہ بتائی گئی ہے کہ آپ اپنے نفس سے ہمیشہ جہاد فرماتے تھے اور نفس کشی کو تزکیہ نفس کا مدار سمجھتے تھے۔ اُنہوں نے آپ کو رسم بسم اللہ خوانی ادائیگی اور مکتب یں داخل کرنے کی غرض سے لے گئے اور اُستاد کے سامنے آپ دوزانوں ہو کر بیٹھ گئے اُستاد نے کہا! پڑھو بیٹے بسم اللہ الرحمن الرحیم آپ رحمتہ اﷲ علیہ نے بسم اللہ شریف پڑھنے کے ساتھ ساتھ الم سے لے کر مکمل اٹھارہ 18پارے زبانی پڑہ ڈالے اُستاد نے حیرت کے ساتھ دریافت کیا کہ یہ تم نے کب پڑھا....؟اور کیسے پڑھا....؟تو آپ رحمتہ اﷲ علیہ نے فرمایا کہ والدہ ماجدہ اٹھارہ سِپاروں کی حافظہ ہیں جن کا وہ اکثر ورد کیا کرتی تھیں جب میں شکمِ مادر میں تھا تو یہ اٹھارہ سپارے سُنتے سُنتے مجھے بھی یاد ہوگئے تھے (دیکھئے یہ شان ہوتی ہے اللہ کے ولیوں کی حضور غوث اعظم رحمتہ اﷲ علیہ آج سے کئی صدیوں قبل ہی اِس حقیقت کو من وعن سچ ثابت کرچکے ہیں کہ دورانِ حمل ماں جو کچھ بھی سوچ رہی ہوتی ہے اورپڑھ رہی ہوتی ہے تو اُس کااثر دونوں ہی صورتوں میں شکمِ مادر میں رہنے (پلنے) والے بچے پر ضرور پڑ رہا ہوتا ہے اور آج چاند کو چھو لینے اور اِس پر چہل قدمی کرنے کی دعویدار 21ویںصدی کی جدید سائنسی دنیا کے یورپ اور امریکا کے سائنسدان اپنی تحقیقوںسے یہ بتاتے پھر رہے ہیں کہ سائنس نے یہ ایک نئی تحقیق کرلی ہے کہ دورانِ حمل ماں جو کچھ بھی منفی یا مثبت سوچ رکھتی ہے اِس کا اثر آئندہ آنے والے بچے کی زندگی پر پڑتا ہے یہ بات سائنس نے آج دریافت کی ہے۔ جبکہ حضور غوث اعظم رحمتہ اﷲ علیہ نے صدیوں قبل اِسکا عملی ثبوت دنیا کے سامنے خود پیش کر دیا تھا اِس سے ہم اُمت مسلمہ کو فخر ہونا چاہئے کہ موجودہ دنیا کی کوئی ترقی قرآن و سنت اور تعلیمات اسلامی کے دائرہ کار سے باہرنہیں ہوسکتی)۔

اور یوں آپ رحمتہ اﷲ علیہ نے اپنے وطن جیلان ہی میں باضابطہ طور پر قرآن عظیم ختم کیا اور چند دوسری دینی کتابیں پڑھ ڈالیں تھیں حضرت غوث اعظم رحمتہ اﷲ علیہ نے حضرت شیخ حماد بن مسلم ہی سے قرآن مجید فرقانِ حمید حفظ کیا اور برسوں خدمتِ حمادیہ میں رہ کر آپ رحمتہ اﷲ علیہ فیوض وبرکات حاصل فرماتے رہے سرکارغوث اعظم رحمتہ اﷲ علیہ نے528سنہ ھ میں درس گاہ تعمیر جدید سے فراغت پائی اور مختلف اطراف و جوانب کے لوگ آپ رحمتہ اﷲ علیہ سے شرف تلمذ حاصل کر کے علوم دینیہ سے مالامال ہونے لگے آپ کی بزرگی و ولادیت اِسقدر مشہور اور مسلم الثبوت ہے کہ آپ کے ” غوث اعظم رحمتہ اﷲ علیہ ہونے پر تمام اُمت کا اتفاق ہے حضرت کے سوانح نگار فرماتے ہیں کہ”کسی ولی کی کرامتیں اِسقدار تواتر اور تفاصیل کے ساتھ ہم تک نہیں پہنچی ہیں کہ جس قدر حضرت غوث الثقلین کی کرامتیں ثفات سے منقول ہیں(نزپتہ الخاطر الفاطر)۔ خلق خدا میں آپ کی مقبولیت ایسی رہی ہے کہ اکبر و اصاغر سب ہی عالم استعجاب میں مبتلا ہو جاتے ہیں مشرق یا مغرب ہر ایک غوث اعظم رحمتہ اﷲ علیہ کا مداح اور آپ کے فیض کا حاجت مند نظر آتا ہے مقبولیت و ہر دلعزیزی کے ساتھ ساتھ آپ کی زبان شیریں بیانی اور کلام و وعظ میں اَثر آفرینی بھی حیران کن تھی۔ اِسے آپ یوں بھی کہہ سکتے ہیں کہ آپ رحمتہ اﷲ علیہ کی حیات مقدس کا ایک ایک لمحہ کرامت ہے اور آپ کے علمی کمال کا تو یہ حال تھا کہ جب بغداد میں آپ رحمتہ اﷲ علیہ کی مجالس و وعظ میں ستر، ستر(70,70)ہزار سامعین کا مجمع ہونے لگا تو بعض عالموں کو حسد ہونے لگا کہ ایک عجمی گیلان کا رہنے والا اِسقدر مقبولیت حاصل کر گیا ہے۔ چنانچہ حافظ ابوالعباس احمد بن احمد بغدادی اور علامہ حافظ عبدالرحمن بن الجوزی جو دونوں اپنے وقت میں علم کے سمندر اور حدیثوں کے پہاڑ شمار کئے جاتے تھے آپ رحمتہ اﷲ علیہ کی مجلس و وعظ میں بغرض امتحان حاضر ہوئے اور یہ دونوں ایک دوسرے کے آمنے سامنے بیٹھ گئے جب حضور غوث اعظم رحمتہ اﷲ علیہ نے وعظ شروع فرمایا تو ایک آیت کی تفسیر مختلف طریقوں سے بیان فرمانے لگے پہلی تفسیر بیان فرمائی تو اِن دونوں عالموں نے ایک دوسرے کو دیکھتے ہوئے تصدیق کرتے ہوئے اپنی اپنی گردنیں ہلا دیں اِسی طرح گیارہ تفسیروں تک تو دونوں ایک دوسرے کی طرف دیکھ دیکھ کر اپنی اپنی گردنیں ہلاتے اور ایک دوسرے کی تصدیق کرتے رہے مگر جب حضور غوث اعظم رحمتہ اﷲ علیہ نے بارہویں تفسیر بیان فرمائی تو اِس تفسیر سے دونوں عالم ہی لاعلم تھے اِس لئے آنکھیں پھاڑ پھاڑ کر دونوں آپ رحمتہ اﷲ علیہ کا منہ مبارک تکنے لگے اِسی طرح چالیس تفسیریں اِس آیت مبارکہ کی آپ رحمتہ اﷲ علیہ بیان فرماتے چلے گئے اور یہ دونوں عالم استعجاب میں تصویر حیرت بنے سُنتے اور سر دھنتے رہے پھر آخر میں آپ رحمتہ اﷲ علیہ نے فرمایا کہ آپ ہم قال سے حال کی طرف پلٹتے ہیں پھر بلند آواز سے کلمہ طیبہ کا نعرہ بلند فرمایا تو ساری مجلس میں ایک جوش و کیفیت اور اضطراب پیدا ہوگیا اور علامہ ابن الجوشی نے جوش حال میں اپنے کپڑے پھاڑ ڈالے(بہجتہ الاسرار) بغیر کسی مادی سویلہ (یعنی ساؤنڈ سسٹم کے بغیر) کے ستر ہزار کے مجمع تک اپنی آواز پہنچانا اور سب کا یکساں انداز میں سماعت کرنا آپ رحمتہ اﷲ علیہ کی ایسی کرامت ہے کو روزانہ ظاہر ہوتی رہتی تھی۔

سیدنا غوث اعظم رحمتہ اﷲ علیہ کے سوانح و حالات رقم کرنے والے تمام مصنفین وتذکرہ نگاروں کا اِس پر اتفاق ہے کہ شیخ عبدالقادر جیلانی قدس سرہ نے ایک مرتبہ بہت بڑی مجلس میں (کہ جس میں اپنے دور کے اقطاب وابدال اور بہت بڑی تعداد میں اُولیا وصلحا بھی موجود تھے جبکہ عام لوگوں کی بھی ایک اچھی خاصی ہزاروں میں تعداد موجود تھی) دورانِ وعظ اپنی غوثیت کبریٰ شان کا اِس طرح اظہار فرمایا کہ (قَدَمیِ ھٰذِہِ علی رقبةکُل ولی اللہ) ترجمہ:- میرا یہ قدم تمام ولیوں کی گردنوں پر ہے“تو مجلس میں موجود تمام اُولیا نے اپنی گردنوں کو جھکا دیا اور دنیا کے دوسرے علاقوں کے اُولیا نے کشف کے ذریعے آپ رحمتہ اﷲ علیہ کے اعلان کو سُنا اور اپنے اپنے مقام پر اپنی گردنیں خم کردیں حضرت خواجہ شیخ معین الدین اجمیری رحمتہ اﷲ علیہ نے گردن خم کرتے ہوئے کہا کہ” آقا آپ کا قدم میری گرن پر بھی اور میرے سر پر بھی“(اخبار الاخیار، شمائم امدادیہ، سفینہ اولیا، قلائدالجواہرِ نزہتہ الخاطر افاطر، فتاویٰ افریقہ کرامات غوثیہ اعلی حضرت) ۔

بیشک !حضور غوث اعظم رحمتہ اﷲ علیہ جیلانی پیر کامل اور مادر ذادولی تھے امام حافظ ابن کثیر نے البدایہ والہنایہ می اور حضرت امام یافعی رحمتہ اﷲ علیہ نے مرا الجنان میں آپ رحمتہ اﷲ علیہ کے وصال کے سلسلے میں صرف سال وصال کا تذکرہ کیا ہے جو561سنہ ھ ہے دن یا تاریخ یا مہینہ کا کوئی ذکر نہیں ہے حضرت مولانا عبدالرحمٰن جامی رحمتہ اﷲ علیہ نے بھی نفحات الانس میں آپ رحمتہ اﷲ علیہ کے وصال کے بیان میں561سنہ ھ کا ہی ذکر کیا ہے ہاں البتہ! آگے چل کر کرامات کے بیان میں سرکار غوث اعظم رحمتہ اﷲ علیہ کے شاہزادے حضرت شیخ عبدالوہاب رحمتہ اﷲ علیہ کا قول نقل فرمایا ہےکہ جس سے واضح ہوتا ہے کہ ماہِ ریبع الآخری میں آپ حضور غوث اعظم رحمتہ اﷲ علیہ کا وصال شریف ہوا ہے بعض 17ربیع الآخری سنہ 561ھ اور بعض کتابوں میں 11اور12ربیع الآخر بھی لکھا ہوا ملتا ہے۔

آپ حضور غوث اعظم رحمتہ اﷲ علیہ کی حیات مبارکہ کا اکثر و بیشتر حصہ بغداد مقدس میں گزرا اور وہیں پر آپ رحمتہ اﷲ علیہ کا وصال ہوا اور وہیں پر ہی آپ رحمتہ اﷲ علیہ کا مزار مبارک ہے جس کے گرد عام لوگوں کے علاوہ بڑے بڑے مشائخ اور اقطاب آج بھی کمالِ عقیدت کے ساتھ طوافِ زیارت کیا کرتے ہیں اور فیوض و برکات سمٹتے ہیں۔

(بحوالہ:-مجلہ نقیب ملت اگست ۲۰۰۲ کراچی....کتاب سیرتِ غوث اعظم قدس سرہ العزیز لاہور)
Muhammad Azim Azam Azam
About the Author: Muhammad Azim Azam Azam Read More Articles by Muhammad Azim Azam Azam: 1230 Articles with 972907 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.