خوداعتمادی

انسان کے اندر خامیوں کا پیدا ھو جانا کوئی عجب،انوکھی اور حیرت انگیز بات نہیں،ایک فطری حقیقت ھے۔ کوئی انسان اچھائیوں کا پیکر نہیں ھے اور کوئی انسان صرف برائیوں کا بھی پتلا نہیں ھے ۔البتہ غور طلب بات یہ ھے کہ ان خامیوں اور خرابیوں کی موجودگی انسان کی کامیابی کے سفر میں حائل رھتی ھے اور خود اعتمادی جیسی صفت پیدا نہیں ھو پاتی جبکہ کامیابی اور خود عتمادی آپس میں اس طرح جڑی ھوئی ھیں جییسے زیورات اور نگینے۔ خود اعتماد انسان کسی بھی عہدے پر فائز ھو، کسی بھی شعبے میں ھو سبھی اسے پسند کرتے ھیں لوگ مشورہ بھی اسی دوست سے لیتے ھیں جو خود اعتماد ھو۔ کاروباری معاملات بھی ایسے شخص سے کرنا پسند کرتے ھیں جو خود اعتماد اور قابل بھروسہ ھو۔ ایک ڈرے،سہمے اور گھبرائے ھوے انسان پر کوئی کیسے بھروسہ کرے گا۔ نوکری بھی اسے ملتی ھےجو دوران انٹرویو خود اعتمادی کا جلوہ دکھاتا ھے۔الغرض زندگی کا کوئی بھی پہلو ھو خود اعتمادی ھر جگہ ضروری ھے۔

اگر آپ خود کو پراعتماد،پرکشش اور جاذب نظر دیکھنا چاھتے ھیں۔ اپنے آپ کو سحر انگیزاور متاثرکن شخصیت کے روپ میں ڈھالنا چاھتے ھیں ۔دوسروں کو اپنا ھم خیال بنانے اور ان کی تائید حاصل کرنے میں مہارت چاھتے ھیں تو پھر محض خوش کن خیالات کی دنیا میں مگن رھنے ،خیالی پلاو پکانے اور دوسروں پر بلا جواز تنقید کرنے کی بجائے ،آج ھی سے اپنی بری عادات کو بدلنے اور شخصیت کو نکھارنے کا اٹل فیصلہ کریں۔ اگر آپ نے آپنے اندر جھانک کر اپنی خامیوں کا ادراک کر لیا اور خرابیوں کو پہچان لیا تو آپ جلد ھی ان پر قابو پانے میں بھی کامیاب ھو جائیں گے اور لوگوں کو دور ھی سے پتہ چل جائے گا ایک خود اعتماد انسان جا رھا ھے۔

ھمیشہ پراعتماد رھیں۔ اپنی صلاحیت، قابلیت،رحجان اور مہارت کو پہچانیں۔ اپنے آپ پر کامل یقیں اور بھروسہ رکھیں کہ میں ھر قسم کے چیلنج کو قبول کر سکتا ھوں۔ پہلے ھی سوچ کر نہ بیٹھ جائیں کہ میں کامیاب نہیں ھو سکتا۔ اپنے اعتماد کو ٹوٹنے مت دیں۔ جس محفل یا مجلس میں جائیں ھمیشہ اگلی نشست پر بیٹھنے کی عادت ڈالیں۔ یہ بات ذھن نشین رکھیں کہ تاریخ کے اوراق الٹنے سے پتہ چلتا ھے کہ کامیاب لوگوں کی زندگی ناکامیوں کی داستان سے عبارت ھے۔ لیکن ان میں ایک بات مشترک ھے کہ انہوں نے خود اعتمادی،ھمت،کوشش اور مستقل مزاجی کا دامن نہ چھوڑا اور آخرکار کامیابی ان کے قدموں میں ڈھیر ھو گئی۔
منزل خود آ کرقدم چومتی ھے
اگر مسافر اپنی ھمت نہ ھارے

مسکراھٹ سے گہری دوستی کر لیں اور ھمیشہ دل سے مسکرائیں۔ مسکراھٹ ایک جادوھے جو دوسروں کو آپ کے سحر میں مبتلا کر دیتی ھے اور آپکی مقبولیت و محبوبیت میں اضافہ کر دیتی ھے۔ مسکراھٹ کی شگفتگی آپکی خود اعتمادی اور شخصیت میں نئی جان ڈال دیتی ھے۔

اپنی غلطیوں کا اعتراف کریں اور ان سے سبق سیکھیں۔ غلطیاں اندھیرے میں روشنی کی کرن ھیں۔غلطیاں تو نشان راہ ھیں جو آپکی منزل کی نشاندھی کرتی ھیں۔انسان سے جب غلطی سرزد ھوتی ھے تو اس کے نتیجے میں ھونے والا نقصان دراصل اس سبق کی قیمت ھوتی ھے جو ھم اس غلطی سے سیکھتے ھیں۔ یہی وجہ ھے کہ ایک ھی طرح کے حالات میں کچھ لوگ کامیابیوں کے ریکارڈ توڑ دیتے ھیں اور کچھ اپنے آپ کو توڑ لیتے ھیں۔۔

اپنی ناکامیوں کی ذمہ داری خود اٹھائیں، دوسروں کو اس کا ذمہ دار نہ ٹھہرائیں ۔ھم کامیابی تو چاھتے ھیں مگر کامیابی کی خاطر قیمت ادا کرنے کو تیار نہیں ھیں۔ مطلب یہ کہ کامیابی کے حصول کے لیے جو محنت درکار ھوتی ھے وہ محنت کرنے کو تیار نہیں ھیں۔ اپنے بارے دوسروں کے خیالات کو غور سے سنیں۔ ان کے نقطہ نظر کو اھمیت دیں۔ان کے احساسات،جذبات اور رائے کا احترام کریں۔آئینہ دیکھ کر اس پر تاو کھانے کی بجائے اپنے چہرے پر پڑی گرد صاف کرنے کی تدبیر کریں اور کوشش جاری رکھیں کہ خوبیوں کا تناسب خامیوں سے کم نہ ھونے پائے۔
 
abdul razzaq
About the Author: abdul razzaq Read More Articles by abdul razzaq: 96 Articles with 66644 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.