کمپیوٹر نیٹ ورکس ( پہلی قسط )

ایک نیٹ ورک ایسے نظام (System) کو کہتے ہیں جو ایک ٹرانسمیشن ٹیکنالوجی (Transmission Technology) کو استعمال کرتے ہوئے کمپیوٹرز (Computers) کو ملاتا ہے ۔ کمپیوٹرز ، نیٹ ورک میں ایک دوسرے سے رابطہ( Communicate ) رکھ سکتے اور ایک دوسرے کو ڈیٹا ( Data) دے اور لے سکتے ہیں ۔ انٹر نیٹ(Internet) ، نیٹ ورکس کا ایسا سیٹ ہے جو راوٹرز ( Routers )کے ذریعے کمپیوٹر کو آپس میں جوڑتا ہے ۔

کمپیوٹر نیٹ ورکس کی چار اہم جز میں درجہ بندی کی جاتی ہے جن میں : ’’ سائز (Size) ، کونیکٹیوٹی ( Connectivity)، میڈیم (Medium)اور موبلٹی (Mobility) ہے ۔ سائز کے مطابق نیٹ ورکس کو دو حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے جن میں : ’’ لوکل ایریا نیٹ ورک (Local Area Network) اور وائیڈ ایریا نیٹ ورک ( Wide Area Network) ہے ۔ کونیکٹیوٹی کے حساب سے بھی نیٹ ورکس کی دو قسمیں ہیں : ’’ ایک پوائنٹ ٹو پوائنٹ (Point-to-Point ) اور دوسری براوڈ کاسٹ (Broadcast ) ۔ میڈیم کے اعتبار سے کوپر وائر (Copper Wire) ، کوئیگزال کیبل (Co-axial Cable) ، اپٹیکل فائبر (Optical Fiber) اور ریڈیو ویوز (Radio Waves) نیٹ ورکس میں استعمال ہو تے ہیں ۔ موبلٹی کے لحاظ سے بھی نیٹ ورکس کی دو قسمیں ہیں فکسڈ نیٹ ورک ( Fixed Networks) اور موبائل نیٹ ورک (Mobile Networks) ۔ نیٹ ورکس کا سب سے زیادہ استعمال کاروبار میں ہوتا ہے ۔ بہت زیادہ مختلف قسم کی ٹیکنالوجیز اور کوئی ایک بنیادی اصول کا نہ ہونا نیٹ ورکس کی پیچیدگی کا باعث ہے ۔ نیٹ ورک کے ذریعے ہمارے اخراجات بہت کم ہو جاتے ہیں مثلاََ : ’’ اگر کسی دفتر میں ہر ورکر کو علیحدہ پرنٹر دیں تو بہت خرچ ہو جبکہ نیٹ ورک کے ذریعے صرف ایک پرنٹر سے سبھی کام لے سکتے ہیں ۔ ‘‘

نیٹ ورک نظام ، معلومات (Data) کو چھوٹے چھوٹے بلاک میں تقسیم کر دیتا ہے جسے پیکٹس ( Packets) کہتے ہیں ۔ پیکٹ کی وجہ سے نیٹ ورک پر موجود دوسرے کمپیوٹر ز کو بھی زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑتا ۔ ترسیل کے عمل میں غلطی سے بٹس (Bits) کھو بھی سکتے اور بٹ کی خوبی (Value) بھی بدل سکتی ہے ۔ غلطیوں کو معلوم اور صحیح کرنے کے لیے فریمز (Frames) اضافی معلومات داخل کرتے ہیں جو معلومات کو بھیجنے والا داخل کرتا اور ڈیٹا کو وصول کرنے والا چیک کرتا ہے ، اس طرح جو غیر ضروری ڈیٹا ہوتا ہے وہ ختم ہو جاتا ہے اور جو غلط معلومات ہوتی ہے وہ صحیح ہو جاتی ہے ۔ غلطیوں کو معلوم کرنے کے لیے مختلف تدابیر استعمال کی جا سکتیں ہیں ۔

زیادہ تر نیٹ ورکس لوکل ہوتے ہیں جو معلومات کو مختلف کمپیوٹرز کے مابین بانٹنے کے لیے تیار کیے جاتے ہیں ۔ لین (لوکل ایریا نیٹ ورک ) کی نشوو نما تقریناََ ۱۹۶۰ ء سے شروع ہوئی ۔ لین ٹوپولاجیز (LAN Topologies) میں عام طور پر سٹار ، رِنگ اور بس ٹوپولاجی استعمال ہوتی ہے ۔ سٹار ٹوپولاجی میں کمپیوٹرز ایک مرکزی پوائنٹ کے ساتھ جڑے ہوتے ہیں جسے ہب (Hub) کہتے ہیں ۔ رِنگ ٹوپولاجی میں کمپیوٹر ز ایک بند لوپ ( Closed Loop) کے ساتھ جڑے ہوتے ہیں اور بس ٹوپولاجی میں کمپیوٹرز ایک ، دوسرے سے ایک واحد کیبل سے متحد ہوتے ہیں ۔ زیادہ تر نیٹ ورک ، ہارڈ ویئر ایڈریسنگ سکیم ( Hardware Addressing Scheme) رکھتے ہیں جس سے وہ نیٹ ورک پر موجود سٹیشنز کی پہچان کرتے ہیں ۔ معلومات بھیجنے والا فریم کے ساتھ ہارڈویئر کا ایڈریس بھی شامل کرتا ہے ، اس طرح فریم دیئے گئے ایڈریس پر پہنچ جاتا ہے ۔ ہم لین کو وسیع بھی کر سکتے ہیں جس کے لیے ہم برجز( Bridges) اور ریپیٹرز ( Repeaters) وغیرہ استعمال کرتے ہیں ۔ وائیڈ ایریا نیٹ ورک (WAN) ملک یا ملکوں کو جوڑنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے اور اس کی کئی اقسام ہیں ۔ وین کا ایڈریسنگ سسٹم بھی لین ہی کی طرح ہوتا ہے ۔ یعنی جو معلومات کے پیکٹس ہوتے ہیں ان میں مطلوبہ کمپیوٹر کا ایڈریس ہوتا ہے ۔ ڈیٹا کے پیکٹس کو آگے بیجھنے کے عمل کو روٹنگ کہتے ہیں ۔ (جاری ہے )
Abdullah Amanat Muhammadi
About the Author: Abdullah Amanat Muhammadi Read More Articles by Abdullah Amanat Muhammadi: 62 Articles with 71307 views I am a Google certified digital marketing expert and CEO at AAM Consultants. I have more than three years’ experience in the field of content writing .. View More