نامور شاعر ماورا نشین جناب خالد شریف کے ساتھ لاہور ہائی کورٹ بار میں ایک شام

 جنوری کی20 تاریخ 2016 اور لاہور ہائی کورٹ بار کا کراچی ہال وکلاء کرسیوں پر براجمان ۔ اور صدارت پہ عظیم شاعر جناب خالد شریف فائز ۔اُن کیساتھ الحمرا آرٹس کونسل کے روح رواں کیپٹن عطاء تشریف فرماء۔ سخت یخ ہواؤں نے لاہور کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا تھا۔ مجھے بھی اِس پروگرام میں شرکت کرنا تھی۔ اِس کی وجہ ایک بہت ہی اچھے انسان میرئے بڑئے بھائیوں کی طرح جناب خالد شریف کی لاہور ہائی کورٹ بار میں آمد تھی۔جناب فراست بخاری نے اپنا کلام سنایا۔ جناب خالد شریف کے حکم پر مجھے بھی ایک نظم سنانے کا موقعہ ملا۔ معروف شاعر محترم توقیر صاحب نے اپنے کلام سے سامعین کے دل موہ لیے۔ ہال میں جناب پیر مسعود چشتی صدر لاہور ہائی کورٹ بار بھی تشریف فرماء رہے۔ اِس مشاعرہ کو منعقد کروانے کا اہتمام محترمہ نرگس ناہید طارق ایڈووکیٹ چیئرپرسن کلچرل کمیٹی لاہور ہائی کورٹ بار نے کیا تھا۔ محترمہ نرگس ناہید طارق لاہور ہائی کورٹ کی فعال شخصیت ہیں اور اُنھوں نے ہمیشہ ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے خوبصورت پروگرام کروائے ہیں۔ یقینی طور پر صدر لاہور ہائی کورٹ بار جناب پیر مسعود چشتی مبارکباد کے مستحق ہیں کہ اُنھوں نے کلچرل کمیٹی کے لیے موزوں ترین ہستی محترمہ نرگس ناہید طارق کا انتخاب کیا ہے۔ ملک منصف اعوان،جناب محمود گیلانی،جناب اعظم بھٹی اور آمنہ اجمل بھی سٹیج پر رونق افروز تھے۔ محترم جناب خالد شریف صاحب کا کلام ہمہ تن گوش ہونے سے پہلے چند شعراء اکرام نے بھی اپنا کلام سنایا۔یقینی طور پر اِس عظیم مشاعرہ کروانے میں جناب اعظم بھٹی محترمہ آمنہ اجمل اور محترمہ نگہت صاحبہ کا بھرپور کردار رہا۔ جن شعراء اکرام نے اپناکلام سنایا اُن کے گلے میں گلاب کی پھولوں کا بنا خوبصورت ہار پہنایا گیا۔ جو کہ بہت ہی اچھا لگا۔ یہ ذمہ داری آمنہ اجمل نبھا رہی تھیں۔جبکہ مہمانوں کا تعارف کروانے اور سٹیج پر بلانے کا فریضہ محتر مہ نرگس نا ہید انجام دی رہی تھیں۔وکلاء کے اندر شاعری سننے کے حوالے سے کافی گرمجوشی دیکھنے میں آئی۔ اور ہر اچھے شعر پر خوب داد دیتے رہے۔ لاہور ہائی کورٹ بار میں امسال بہت ہی سرگرمیاں رہیں۔ بے شمار تربیتی لیکچر کروائے گئے۔ فیملی ڈئے منایا گیا۔ امام عالی امام حسین ؓکانفرنس ۔ میلادِ مصطفےﷺ۔یوم اقبالؒ و یوم قائد اعظمؒ۔ ایسا محسوس ہوتا رہا کہ پھر سے کالج اور یونیورسٹی کا زمانہ لوٹ آیا ہو جیسے۔ میاں محمد بخشؒ کے کلام کا مقابلہ، ہیر وارث شاہ پڑھنے کا مقابلہ،اِن پروگراموں میں شرکت سے پیشہ ورانہ مصروفیات میں مگن وکلاء کو ذہنی آسودگی کا احساس ہوتا ہے ۔یقینی طور پر لاہور ہائی کورٹ بار میں امسال اِس طرح کی سرگرمیاں عروج پر تھیں۔بچھڑا کچھ اِس ادا سے کہ رُت ہی بدل گئی اِک شخص سارئے شہر کو ویران کر گیا۔ اِس مشہور شعر کے خالق خالد شریف ایک بہت ہی اچھے اور نفیس انسان ہیں۔ اُن کا تعلق اُس نسل سے ہے جو پاکستان کے ساتھ ساتھ پروان چڑھی۔نرم اور محبت بھرئے لہجے کی شخصیت جناب خالد شریف جنہوں نے اردو زبان کی بڑھوتری میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اپنا وقت پبلشینگ کے شعبے کو دیا اور یوں کمائی کی بجائے اردو زبان کی خدمت میں مصروفِ عمل ہیں۔نوکر شاہی کا حصہ رہنے کے باوجود اُن کی انسان دوستی پہ رشک آتا ہے چونکہ وہ ہیں ہی شاعر تو پھر اُن کے زندگی میں افسری کا کیا کام۔ مدت ملامت سے پہلے ہی نوکری کو خیر باد کہ کراپنی زندگی کا مشن ماورا پبلشرز کو بنائے ہوئے ہیں جہاں کمائی نہیں ادب کی خدمت ہوتی ہے اور اِس سے بڑی اور کیا کمائی ہوسکتی ہے کہ بیمار معاشرئے میں شعر وادب سے محبت کی لو جلائی جائے۔عرصہ دراز سے اُن کے ساتھ سوشل میڈیا کی وساطت سے رابطہ رہتا ہے لیکن بالمشافہ ملاقات کا عرصے سے پروگرام بنارہا تھا۔ اور یوں آخر اُن کی قدم بوسی کا فخر حاصل ہو ہی گیا۔جناب خالد شریف اُردو زبان کی خدمت کرنے والی وہ ہستی ہیں کہ جس کا اقرار سارا زمانہ کرتا ہے۔انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ میں خدمات دینے کے علاوہ اُنھوں نے ماورا پبلشرکے ذریعہ سے اُردو زبان کی خدمت کے لیے خود کو وقف کیے رکھا۔راقم کے ساتھ اُن کا تعلق بھائیوں کی طرح ہے وہ ہمیشہ مجھے چھوٹے بھائیوں کی طرح سمجھتے ہیں اور راقم کو اِس بات پر فخر ہے۔جناب خالد شریف کی زندگی اوڑھنا بچھونا اُن کا اردو زبان سے عشق ہے۔ جناب خالد شریف کا کہنا ہے کہ جب پاکستان بنا تو اُس وقت اُن کی عمر چھ ماہ تھی اُن کے والدین اُنھیں بچا بچا کر پاکستان کی سرزمین پہ لے آئے اُن کا تعلق انبالہ سے تھا۔یوں پاکستان کا جنم اور جناب خالدشریف کی زندگی کا آغاز اکھٹا ہی ہوا۔چند روز پیشر ملاقات ہوئی تو فرمانے لگے آپ سے ملاقات کرنے کے لیے تو بہت انتظار کرنا پڑتا ہے۔تو راقم نے عرض کہ جناب ہم جن کے پرستار ہیں اُن کو بھی انتظار کرواتے ہیں۔ بہت ہنسے میری اِس بات پر۔راولپنڈی میں پرورش ہائی۔ معاشیات میں ماسٹرز کیا سی ایس ایس کرنے کے بعد انکم ٹیکس آفیسر سے اپنے کیرئیر کا اغاز کیا۔اُن کے ہمعصر اور قریبی دوستوں میں حسن نثار اور اور امجد اسلام امجد ہیں۔ اُن کی حالیہ شاعری کی کتاب بچھڑا کچھ اِس ادا سے بہت خوبصورت کتاب ہے۔ راقم کو بھی اُنھوں نے عطا فرمائی۔ اِس کتاب میں اُن کی بہت ہی اعلیٰ غزلیں شامل ہیں اور نظمیں بھی ہیں۔ جناب خالد شریف صاحب دھیمے انداز میں متانت کے ساتھ اور نرم لہجے میں اپنا دکھ بیان کرنے کا منفرد انداز رکھتے ہیں۔ اُن کی شاعری میں ایسا جابجا نظر آتا ہے اور اُن کی شاعری میں زندگی کی حقیقتوں سے آشنائی کا انداز لاجواب ہے۔وہ آسان فہم میں مشکل سے مشکل بات کہنے کا ملکہ رکھتے ہیں۔زندگی کے سفر میں وقت کے ساتھ ساتھ جو فاصلہ کم ہوتا جارہا ہے جناب خالد شریف کی شاعری میں اُس کا اظہار ملتا ہے اور اِن کی شاعری میں انسانی جبلت کو بہت احسن انداز میں بیان کیا گیا ہے اﷲ پاک سے دُعا ہے کہ محترم خالد شریف کو عمر ِ خضر عطا فرمائے۔ جناب خالد شریف نے لاہور ہائی کورٹ بار کے کراچی شہداء ہال میں اپنا خوبصورت کلام سنایا اورخوب داد حاصل کی۔ اتنے بڑئے شاعر اور اتنے ہی بڑئے انسان کے ساتھ یہ نشست برسوں یاد رہے گی۔ جناب خالد شریف کا نمونہ کلام
آج اک دوسرئے کو قتل کرنا ہے ہمیں
تو میرا پیکر نہیں میں ترا سایہ نہیں
یہ مرے عہد کا منشور ِ ستائش ٹھرا
وہ جواب ہم میں نہیں ہے وہ بہت اچھا تھا
٭
نہ کوئی روکنے والا نہ کوئی ٹوکنے والا
اکیلے آئنے کے سامنے ہنس لیں کبھی رولیں
٭
ذرا دیر دسمبر کی دھوپ میں بیٹھیں
یہ فرصتیں ہمیں شائد نہ اگلے سال ملیں
٭
وہ ابھی شاداب ہے جنگل کے پھولوں کی طرح
اُس کے چہرے پر گئے موسم نے کچھ لکھا نہیں
٭
ملی مجھے بڑئے سادہ مزاج لوگوں میں
وہ چیز میں جسے اہلِ نہر میں دھونڈتا تھا
اتنی خوبصور ت شام جناب خالد شریف کے ساتھ منانے کا مقصد گھٹن کے ماحول میں علم و آگہی کی بڑھوتری ہے۔ یقینی طور اِس طرح کی شخصیا ت ہمارئے معاشرئے کے لیے آکسیجن کا کام دئے رہی ہیں۔ اور دنیاوء جاہ وحشمت سے ماورا جناب خالد شریف جو ماورا نشین ہیں اُن کی تشریف آوری لاہور ہائی کورٹ بار کے لیے خوشگوار ٹھری۔ جناب خالد شریف لاہور ہائی کورٹ بار کے تاحیات رکن ہیں۔
MIAN ASHRAF ASMI ADVOCTE
About the Author: MIAN ASHRAF ASMI ADVOCTE Read More Articles by MIAN ASHRAF ASMI ADVOCTE: 453 Articles with 473021 views MIAN MUHAMMAD ASHRAF ASMI
ADVOCATE HIGH COURT
Suit No.1, Shah Chiragh Chamber, Aiwan–e-Auqaf, Lahore
Ph: 92-42-37355171, Cell: 03224482940
E.Mail:
.. View More