سوال: نبی کسے کہتے ہیں ؟
جواب: نبی اس پیارے انسان کو کہتے ہیں جس پر اللہ تعالیٰ نے مخلوق کی ہدایت
کے لئے وحی بھیجی ہو ۔
سوال: رسول کسے کہتے ہیں؟
جواب: رسول اس پیارے انسان کو کہتے ہیں جو نئی شریعت لے کر آئے۔
سوال: کیا تمام نبی رسول بھی تھے؟
جواب: جی نہیں ، ہر نبی رسول نہیں ہوتا۔
سوال: کیا تمام رسول نبی بھی تھے؟
جواب: جی ہاں، ہر رسول نبی ہوتا ہے ۔
سوال: سب سے پہلے رسول کون تھے؟
جواب: سب سے پہلے رسول حضرت نوح علیہ السلام تھے۔
سوال: دنیا میں تشریف لانے والے سب سے پہلے نبی کا نام بتائیے۔
جواب: سب سے پہلے حضرت آدم علیہ السلام دنیا میں تشریف لائے۔
سوال: سب سے آخری نبی کون ہیں؟
جواب: سب سے آخری نبی ہمارے نبی حضرت محمد مصطفٰے صلی اللہ تعالیٰ علیہ
وآلہ وسلم ہیں۔
سوال: وحی کسے کہتے ہیں ؟
جواب: وحی اللہ تعالیٰ کا کلام ہے جو پیغمبروں پر مخلوق کی ہدایت کے لئے
نازل ہوا۔
سوال: پیغمبروں پر وحی کتنے طریقے سے نازل ہوئی؟
جواب: پیغمبروں پر وحی چار طریقے سے نازل ہوئی۔
سوال: انبیاء علیہم السلام اور عام انسانوں میں کیا فرق ہے؟
جواب: انبیاء علیہم السلام اور عام انسانوں میں زمین اور آسمان سے بھی
زیادہ فرق ہے مثلاذ
1۔ نبی علیہ السلام اللہ تعالیٰ کے برگزیدہ اور محبوب بندے ہوتے ہیں۔
2۔ انبیاء علیہم السلام پر وحی نازل ہوتی ہے۔
3۔ ان کی نگہبانی اور ترتیب خود اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔
4۔ انبیاء علیہم السلام اعلٰی نسب، سیرت، عبادت گزار، پرہیزگار، اور حسن
اخلاق کے پیکر ہوتے ہیں۔
5۔ انبیاء علیہم السلام کو عقل کامل دی جاتی ہے۔
6۔ اللہ تعالٰی انہیں ہر ایسی بات سے دور رکھتا ہے جو باعث نفرت ہو۔
7۔ انبیاء علیہم السلام معصوم ہوتے ہیں یعنی ان سے چھوٹا بڑا کوئی بھی گناہ
ممکن نہیں۔
سوال: کیا انبیاء علیہم السلام کے علاوہ بھی کوئی معصوم ہوتا ہے؟
جواب: جی ہاں، انبیاء علیہم السلام کے علاوہ فرشتے معصوم ہوتے ہیں یعنی
فرشتوں سے بھی گناہ ممکن نہیں۔
سوال: بعض لوگ ائمہ کرام و اہل بیت اطہار کو بھی معصوم مانتے ہیں اس کے
بارے میں کیا حکم ہے؟
جواب: انبیاء علیہم السلام اور فرشتوں کی طرح دوسرے کو معصوم ماننا گمراہی
ہے ۔
سوال: کیا اولیائے کرام بھی معصوم نہیں ہوتے؟
جواب: جی نہیں، معصوم صرف انبیاء علیہم السلام اور فرشتے ہوتے ہیں البتہ
اللہ تعالیٰ اپنے اولیاء کو گناہوں سے محفوظ رکھتا ہے۔
سوال: بعض لوگ بچوں کو معصوم کہتے ہیں، اس بارے میں کیا حکم ہے؟
جواب: بچوں کو بھی معصوم کہنا درست نہیں۔
سوال: اللہ تعالیٰ نے دنیا میں کل کتنے انبیاء علیہم السلام بھیجے ہیں؟
جواب: انبیاء علیہم السلام کی اصل تعداد تو اللہ تعالیٰ ہی بہتر جانتا ہے
ہمیں یہ اعتقاد رکھنا چاہئے کہ اللہ تعالیٰ کے ہر نبی علیہ السلام پر ہمارا
ایمان ہے۔
سوال: چند مشہور انبیاء علیہم السلام کے نام بتائے؟
جواب: چند انبیاء علیہم السلام کے نام درج ذیل ہیں۔
1- حضرت آدم علیہ السلام
2۔ حضرت نوح علیہ السلام
3۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام
4۔ حضرت اسمٰعیل علیہ السلام
5۔ حضرت اسحٰق علیہ السلام
6۔ حضرت یونس علیہ السلام
7۔ حضرت یوسف علیہ السلام
8۔ حضرت یعقوب علیہ السلام
9۔ حضرت داؤد علیہ السلام
10- حضرت موسٰی علیہ السلام
11۔ حضرت عیسٰی علیہ السلام
12۔ حضرت محمد مصطفٰی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
سوال: اللہ تعالیٰ نے سب سے پہلے کس چیز کو پیدا فرمایا؟
جواب: اللہ تعالٰی نے سب سے پہلے ہمارے نبی صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم
کے نور کو پیدا کیا۔
سوال: ہمارے پیارے آقا صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کی دادی جان کا نام
مبارک کیا تھا؟
جواب: حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا۔
سوال: ہمارے پیارے سرکار صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے کتنے دن اپنی والدہ
محترمہ کا دودھ پیا؟
جواب: صرف سات دن۔
سوال: میٹھے میٹھے آقا صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کے رضائی بھائی کا
نام بتائیں۔ جنھوں نے آپ کے ساتھ دائی حلیمہ کا دودھ پیا۔
جواب: حضرت ابو سفیان بن حارث رضی اللہ تعالیٰ عنہ ۔
سوال: ہمارے پیارے آقا صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے ہجرت کے بعد کس صحابی
رضی اللہ تعالیٰ عنہ مکان میں قیام فرمایا تھا؟
جواب: حضرت ابو ایوب انصاری رضی اللہ تعالیٰ عنہ ۔
سوال: پیارے نبی صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کو اللہ تعالیٰ کا بیداری
میں دیدار کب ہوا؟
جواب: معراج کی رات ۔
سوال: حضرت آدم علیہ السلام نے سب سے پہلے کس جانور کو پسند فرمایا تھا؟
جواب: گھوڑے کو۔
سوال: حضرت ابراہیم علیہ السلام کے والد کا نام بتائیے؟
جواب: حضرت تارخ رضی اللہ عنہ۔
سوال: صفی اللہ کس نبی کا لقب ہے؟
جواب: حضرت آدم علیہ السلام کا۔
سوال: حضرت موسٰی علیہ السلام کی زوجہ (بیوی) کا کیا نام تھا؟
جواب: حضرت صفورہ رضی اللہ عنہا۔
سوال: اس نبی کا نام بتائیے جنہوں نے انگلی کے اشارے سے چاند کے دو ٹکڑے کر
دئیے تھے؟
جواب: ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰے صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم۔
سوال: وہ کون سے دو نبی ہیں جو ہر سال حج میں شریک ہوتے ہیں؟
جواب: حضرت خضر علیہ السلام اور حضرت الیاس علیہ السلام۔
سوال: وہ کون سے نبی ہیں جنہوں نے ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
کے دنیا میں تشریف لانے کی دعا فرمائی تھی؟
جواب: حضرت ابراہیم علیہ السلام۔ |