’’ اہل سنت کی آواز‘‘ مارہرہ مطہرہ کے خصوصی شمارے ’’عشرۂ مبشرہ‘‘ پر اک نظر

ہندوستان کے نجیب الطرفین ساداتِ کرام میں بلند و بالا مقام ومرتبہ پر فائز خاندانِ برکات کی روحانی یادگارخانقاہِ عالیہ قادریہ برکاتیہ مارہرہ مطہرہ دیگر خانقاہوں کی بہ نسبت اپنے علم و فضل اور دیگر متنوع خصوصیات کے سبب ایک منفرد شناخت رکھتی ہے ۔ جس کی عظمتیں اور رفعتیں اہلِ علم کے نزدیک ہردور میںمسلم رہی ہیں۔ اور جس کے فیوضِ روحانی کا چشمۂ جاری اکنافِ عالم میں رواں دواں ہے۔تزکیۂ نفس، طہارتِ قلب، معرفت و سلوک اور رشد و ہدایت کے ساتھ ساتھ خاندانِ برکات کی خصوصیات میں سے ایک اہم علم دوستی اور علما نوازی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس خاندانِ بابرکات میں جہاں اصحابِ سلوک و معرفت گذرے ہیں، وہیں صاحبانِ لوح و قلم نے بھی جہانِ فکر و فن میں اپنے اجلے نقوش مرتب کیے ہیں۔ قرطاس و قلم سے اس گہری وابستگی کا نورانی سلسلہ ’’اہل سنت کی آواز‘‘ ہے جس نے صاف ستھری مذہبی صحافت میں اپنا نمایاں مقام بنالیا ہے۔ اس کا ہر شمارہ کسی خاص موضوع پر بھرپور مواد پیش کرتا ہے ۔ جودستاویزی حیثیت کا حامل ہوتا ہے۔

اس وقت میرے مطالعہ کی میز پر ’’اہلِ سنت کی آواز‘‘ کا انیسواں نورانی سلسلہ یعنی ـ’’عشرۂ مبشرہ‘‘ ہے، اور یہی اس وقت میری تبصراتی کاوش کا عنوان ہے۔ اس سے قبل کا شمارہ اکابرِ مارہرہ مطہرہ(حصہ سوم) تھا۔ اس خصوصی شمارے میں انتساب اور فہرستِ مضامین کے بعد خانقاہِ برکاتیہ کے سجادہ نشین اور مجلے کے مدیرِاعلیٰ سید نجیب حیدرقادری برکاتی نوری کے قلم سے نکلا ہوا اداریہ ہے جس میں پیشِ نظر شمارے کی مختصر خصوصیات کے ساتھ حالاتِ حاضرہ ، کوائفِ خانقاہِ خانقاہِ برکاتیہ ، جامعہ احسن البرکات ، مارہرہ پبلک اسکول ، جامعہ البرکات علی گڑھ ، اظہارِ تعزیت اور شکر گذار ہیں ہم، جیسے ضمنی عنوانات کے تحت مدیرِ محترم نے اپنے اداریے کو وحدت میں کثرت کا مرقع بنادیا ہے۔

اداریے میں شامل ’’حالاتِ حاضرہ ‘‘ کے اضافہ کے سلسلے میں مدیرِ اعلیٰ رقم طراز ہیں :’’ اداریہ میں حالاتِ حاضرہ کے حوالے سے یہ اضافہ اس نیت سے کیا ہے کہ ہمارے باشعور قارئین موجودہ مذہبی اور سماجی صورتِ حال سے تھوڑا بہت واقف ہوجائیں ۔ ‘‘ خانقاہِ برکاتیہ کے بزرگوں کا یہ بھی ایک ایسی روشن اور تابناک پہلو ہے کہ وہ اپنے آپ اور اپنے متعلقین کو محض خانقاہ کی چہار دیواری تک مقید نہ کرتے ہوئے لمحہ بہ لمحہ بدلتے ہوئے حالات سے باخبر رکھنا چاہتے ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر جاری ملتِ اسلامیہ کے خلاف دشمنان اسلام کی ریشہ دوانیوں کے چلتے ایسے ہوشربا حالات میں امتِ مسلمہ بالخصوص اہل سنت کے فرد ہونے کے تئیں ہمارا کردار کیسا ہونا چاہیے اس بات کا اظہار کرتے ہوئے مدیرِ محترم لکھتے ہیں:’’ وقت کا تقاضہ ہے کہ اس وقت ہماری صفوں میں اتحاد و اتفاق قائم ہو۔ باہمی محبت ہو۔ ایک دوسرے کا دفاع کرنے کا حوصلہ اور جذبہ ہو ، ماضی کی تلخیوں کو حال میں بھلاکر جماعت کے لیے روشن مستقبل کی سعی کریں۔ خانقاہوں اور مدارسِ اسلامیہ کی اچھی اور ایمان داری کے ساتھ خدمات انجام دی جائیں، اس میں یہ تعصب نہ برتا جائے کہ یہ کس سلسلے سے تعلق رکھتے ہیں؟ اور کس کی سرپرستی میں یہ ادارے چل رہے ہیں؟ ‘‘ اداریے کے ان جملوں سے خانقاہِ برکاتیہ کی امتِ مسلمہ بالخصوص اہل سنت کے اتحاد اور شیرازہ بندی کے لیے مخلصانہ جذبات کا پتا چلتا ہے۔

پیشِ نظر شمارہ حضراتِ صحابۂ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی بارگاہ میں خراجِ عقیدت ہے ، بالخصوص حضراتِ عشرۂ مبشرہ رضوان اللہ علیہم اجمعین کی حیات و خدمات کا احاطہ کیا گیا ہے۔مدیرِ محترم کے اس خیال سے کہ :’’ اب تک فقیر کی نظروں سے ایسی کوئی مبسوط کتاب نہیں گذری جو خالصتاً عشرۂ مبشرہ کے احوال کے حوالے سے منظرعام پر آئی ہو۔ ‘‘تبصرہ نگار اتفاق رکھتا ہے ۔ تلاشِ بسیار کے باوجود ایسی کوئی کتاب میسر نہ آئی ۔ یقینا ’’اہلِ سنت کی آواز‘‘ کی یہ کاوش ہر اعتبار سے لائقِ تحسین و آفرین ہے۔

اس خصوصی شمارے میں نثری جواہر پاروں کے ساتھ ساتھ نعتوں اور منقبتوں کے گل بوٹے بھی بکھیرے گئے ہیں ۔اس میں پانچ گوشے ہیں۔ پہلا: ملفوظاتِ مشائخِ مارہرہ درشان حضراتِ صحابہ ، دوسرا : گوشۂ مضامین، تیسرا : گوشۂ نعت و منقبت ، چوتھا : کوائف اور پانچواں: روداد پر مشتمل ہے۔

اس شمارے کا دریچۂ نور عشرۂ مبشرہ کے فضائل اور اوصاف و کمالات، خلافتِ شرعی پر احادیث و آثار و اجماعِ امت اور شرف و رفاقت پر مضامین سے وا ہوتا ہے ۔ اس لحاظ سے قارئین اس موضوع کے انتخاب کی اہمیت سے ابتدا ہی میں کماحقہٗ واقف ہوجاتے ہیں۔ اس کے بعدبالترتیب عشرۂ مبشرہ رضوان اللہ علیہم اجمعین کی حیات و خدمات پر علاحدہ علاحدہ دس مضامین جگمگارہے ہیں ۔

ملفوظاتِ مشائخِ مارہرہ درشان حضراتِ صحابہ گوشے کے تحت نورالعارفین حضرت شاہ ابوالحسین احمد نوری میاں صاحب قدس سرہٗ کے قلمِ حق رقم سے نکلا ’’حضور ﷺ کے اصحاب‘‘ اور احسن العلماء حضرت سید شاہ مصطفی حیدرحسن میاں قادری قدس سرہٗ کے مختلف مواعظِ حسنہ سے ماخوذ ’’فضائل و مناقبِ صحابہ‘‘ سجا ہوا ہے ۔ جوبے بہا معلومات کا گنجینہ ہے۔

گوشۂ مضامین میں مولانا اختر حسین فیضی مصباحی ، مولانا یٰسین اختر مصباحی اور مفتی نظام الدین رضوی جیسے نام ور علما و صاحبانِ قرطاس و قلم کے نوشتے بالترتیب : صحابۂ کرام-رسولِ کریم ﷺ سے شرفِ رفاقت کے اکرامات، عشرۂ مبشرہ کے اوصاف و فضائل اور خلافتِ راشدہ اور فضائل خلفاے راشدین معلومات افزا ، پُرمغز اور اپنی نوعیت کے اعتبار سے کافی اہمیت کے حامل ہیں۔ فاضل مضمون نگار حضرات سے ان مضامین میں اپنے موضوع کا حق ادا کرنے کی مکمل کوشش کی ہے۔ ان مضامین سے خلفاے راشدین اور عشرۂ مبشرہ رضوان اللہ علیہم اجمعین کے بارے میں اہل سنت و جماعت کی شہرۂ آفاق خوش عقیدگی کا اظہار بھی ہوتا ہے۔

بعدہٗ اس خصوصی شمارے میں خلفاے اربعہ کی حیات و خدمات پر نسبتاً تفصیلی مضامین ہیں ۔چوں کہ خلفاے راشدین رضی اللہ عنہم کی خدمات اور ان کے دورِ خلافت کی مدت بھی زیادہ ہے۔اس لیے بھی خلفاے اربعہ رضی اللہ عنہم پر مضامین کافی تفصیلی ہیں۔ ڈاکٹر محمد عاصم اعظمی، مولانا عبدالمبین نعمانی ، مولانا اسید الحق قادری اور مولانا سید ساجدعلی مصباحی جیسے معتبر اور محتاط قلم کار علما نے خلفاے راشدین رضوان اللہ علیہم اجمعین پر کافی شرح و بسط کے ساتھ دلائل و براہین سے مزین مضامین قلم بند کیے ہیں۔ خلفاے راشدین اور عشرۂ مبشرہ رضوان اللہ علیہم اجمعین کی حیات و خدمات کو واضح کرنے کے لیے لکھے گئے اس خصوصی شمارے میں شامل جملہ مضامین کو چار حصوں میں منقسم کیا گیا ہے۔ یعنی
(۱)حالاتِ زندگی (۲) سیرت اور اخلاق ،(۳) خدمات اور کارنامے اور(۴) ان کے دور میں حاصل ہونے والی عظیم الشان فتوحات اور اس میں ان حضرات رضی اللہ عنہم کی شرکت اور کردار کا تذکرۂ خیر ۔
’’اہل سنت کی آواز‘‘ کے اس خصوصی شمارے ’’عشرۂ مبشرہ‘‘ میں شامل جملہ قلم کار حضرات نے عشرۂ مبشرہ رضوان اللہ علیہم اجمعین کی حیاتِ مبارکہ کے درج بالا چاروں پہلوؤں کو سامنے رکھ بڑے معتبر ،مستند، دستاویزی ، جامع ، پُرمغز اور سیر حاصل مضامین سپردِ قرطاس کیے ہیں ۔ میں ان حضرات کو ایسی خوب صورت اور معلومات بخش تحریرات کے لیے عمیق دل سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

گوشۂ مضامین کے بعد گوشۂ نعت و منقبت آراستہ کیا گیا ہے۔ نعتیہ کلام کے ساتھ خلفاے راشدین اور عشرۂ مبشرہ رضوان اللہ علیہم اجمعین کی شان میں مناقب کے علاوہ دو منقبتیں حضور احسن العلماء قدس سرہٗ کی شان میں اور ایک نظم ’’ مارہرہ نامہ‘‘ شامل ہے۔

کوائف کے تحت مولانا نعمان ازہری کے قلم سے نکلا :جامعہ احسن البرکات - قیام ، افتتاح اور نظام اور ڈاکٹر احمد مجتبیٰ صدیقی کا مرقومہ جامعۃ البرکات ، علی گڑھ، خانقاہِ برکاتیہ کی تعلیمی ، تدریسی اور فلاحی سرگرمیوں پر روشنی ڈالتا ہے۔ ۶۰۰ ؍ صفحات کو محیط اس خصوصی شمارے کے اخیر میں جناب محمد اکبر قادری برکاتی کے مشاہداتی قلم سے نکلی ہوئی حضور امینِ ملت کے تبلیغی اسفار ، عرسِ قاسمی برکاتی ۲۰۱۱ء، عرسِ نوری ، سالانہ فاتحہ حضور احسن العلماء اور حضور رفیقِ ملت کے دورۂ لوسا کی دلچسپ روداد بھی قابلِ مطالعہ ہے ۔ جس سے ہم خواجہ تاشانِ خاندانِ برکات کو اپنے بزرگوں کی تبلیغی مساعیِ جمیلہ سے آگاہی ہوتی ہے۔

مجموعی اعتبار سے ’’اہل سنت کی آواز‘‘ کا یہ خصوصی شمارہ’’ عشرۂ مبشرہ‘‘ ایک کامیاب ترین پیش کش ہے ۔ جو یقینا ایک تاریخ ساز اور دستاویزی حیثیت کا حامل ہے۔

Dr. Muhammed Husain Mushahi Razvi
About the Author: Dr. Muhammed Husain Mushahi Razvi Read More Articles by Dr. Muhammed Husain Mushahi Razvi: 409 Articles with 647120 views

Dr.Muhammed Husain Mushahid Razvi

Date of Birth 01/06/1979
Diploma in Education M.A. UGC-NET + Ph.D. Topic of Ph.D
"Mufti e A
.. View More