نورانی کلمات

حضرت ابو مالک اشعری سے روایت ہے فرمایا نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے کہ صفائی نصف ایمان ہے اور سبحان اللہ کہنا میزان کو بھر دیتا ہے اور سبحان اللہ اور الحمد لللہ بھرنے والے ہیں یعنی زمین وآسمان کا درمیانی خلا نیکیوں سے بھر دیتے ہیں اور نماز نور ہے،صدقہ یعنی نیکی دلیل اورحجت ہے،صبر روشنی ہے اور قرآن حجت ہے تمہارے لئے یا تمہارے اوپر۔ اور لوگ اس حال میں صبح وشام کرتے ہیں کہ یا تو اپنی جانوں کوآزاد کرانے والے ہوتے ہیں یا پھر انہیں ہلاکت میں ڈالنے والے ہوتے ہیں۔(رواہ مسلم)

مفہوم۔۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ صفائی نصف ایمان ہے یعنی ظاہری و باطنی صفائی ایمان کا نصف ہے، ظاہری صفائی سے مراد انسان کا جسم ،کپڑے اور جگہ وغیرہ گندگی سے پاک ہو اور باطنی صفائی سے مراددل کفر وشرک ،نفاق،عداوت،نفرت بغض اورکینہ وغیرہ سے پاک وصاف ہو۔ اور الحمدللہ کہنا میزان کو بھر دیتا ہے یعنی روز قیامت جب اعمال کا وزن ہوگا تو جس شخص نے اسکا ورد کیا ہوگا تو اس کے ثواب سے میزان وزنی ہو جائے گی۔اور سبحان اللہ اور الحمدلللہ کہنے کا اتنا ثواب ہے کہ اس سے زمیں و آسمان کا درمیانی خلا نیکیوں سے پر ہوجاتا ہے۔اور نماز نور ہے یعنی نماز پڑہنے والے کے چہرے سے نورانیت جھلکتی ہے اور قبر نور سے بھر جاتی ہے۔اور صدقہ یعنی نیکی یا خیرات کرنادلیل ہے نامہء اعمال کو بہتر بنانے کیلئے ۔ اور صبر روشنی ہے یعنی صبر کرنے سے نور اور اطمینان وسکون نصیب ہوتاہے۔ اور قرآن حجت ہے تمہارے لئے یا تمہارے خلاف ، اس سے مراد یہ ہے کہ اگر قرآن صحیح پڑہا جائے گا اور اسکی تعلیمات پر عمل کیا جائے گا، تو یہ روز قیامت اللہ کے حضور انسان کی شفاعت کرے گا اور اگر قرآن صحیح نہیں پڑھا اور کسی ماہر قرآن سے سیکھا نہیں تو یہ انسان کیلئے وبال جان ہے اور ا س سے گناہ ہوگا ۔ اور لوگ اس حال میں صبح و شام کرتے ہیں کہ یا تو نیکیاں کرکے اور اپنے حقوق ادا کرکے اپنے آپ کو عذاب و سختی سے آزاد کرانے والے ہوتے ہیں یا پھر اللہ کی نافرمانی کرکے اسے ہلاکت میں ڈالنے والے ہوتے ہیں۔ بہرحال اس حدیث شریف سے نکییاں کرنے،صفائی، قرآن پاک کی تلاوت اور اپنے ذمہ حقو ق ادا کرنے کی ترغیب دی گئی ہے

Muhammad Rafique Etesame
About the Author: Muhammad Rafique Etesame Read More Articles by Muhammad Rafique Etesame: 196 Articles with 320827 views
بندہ دینی اور اصلاحی موضوعات پر لکھتا ہے مقصد یہ ہے کہ امر بالمعروف اورنہی عن المنکر کے فریضہ کی ادایئگی کیلئے ایسے اسلامی مضامین کو عام کیا جائے جو
.. View More