غیر آئینی ڈکار

یہ مردوں کا معاشرہ ہے۔مشرقی معاشرہ ۔یہاں تو لڑکی کوڈکارتک مارنےکی اجازت نہیں ہے اور یہ سچ بھی ہے۔کم ازکم میں نےتو کسی خاتون کو ڈکار لیتےنہیں دیکھا ۔اس مردانہ معاشرےمیں مرید ۔پکا۔رن مرید ہے۔کہتا ہے کہ’’میری بیوی کوکچھ پکانے کے لئے کچن میں جانے کی ضرورت نہیں ہوتی۔وہ باتوں سےبھی اچھا خاصا پکا سکتی ہے‘‘۔کان پکانےوالی بیویاں ہر اس گھر میں پالی جاتی ہیں جہاں شوہر ازدواجی زندگی کے خیراتی مزے لوٹتے ہیں۔وہاں مقام ذوجیت فالتو کے بجائے پالتوہوتا ہے۔جن گھروں میں کان پکتے ہیں۔ فاسٹ فوڈہوٹل انہی کے دم سے چلتے ہیں

ڈکار کے بعد منہ کی تخیلاتی تصویر

ڈکار دراصل ہاضمے کی ایسی کیفیت کو بیان کرتا ہے۔ جس میں لنگوٹ فیلوزاور رشتہ دار تُکالگاتےہیں کہ آپ کے معدے میں کتنا تیز دھار گرائینڈر فٹ ہے۔؟ہاضمے کی اہمیت وہ لوگ زیادہ جانتے ہیں جن کا ڈھکار پھنس جاتا ہے۔ڈکارآنا،لینا اور پھنسنا۔۔ تینوں حالتوں میں بسیار خور کا منہ پیدائشی سانچےکے بجائے نئی ساخت میں ڈھل جاتا ہے۔مشاہدہ تو یہ بھی ہے کہ کچھ لوگ ڈکار بھی نہیں لیتے ۔سیاستدان،دھنوان اور افسران اس مشاہدے کی تجربہ گاہیں ہیں۔یہاں سیاسی اور معاشی کئی ڈکار رائج ہیں۔ان ڈکارئیوں کو نہ توا پھارا ہوتا ہے اور نہ ہی طبیعت سیر ۔انہیں تبخیرمعدہ کی شکایت ہوتی ہے نہ ہی السر کی۔ان کے شکم سے گڑوم گڑوم کی آوازیں کبھی نہیں آتیں۔زبان کوچسکااور چٹخارہ لگا ہوتاہے یہ ضروری نہیں کہ ان کی توندیں دریائی گھوڑے جیسی ہوں لیکن ان کےضمیراور معدےلکڑاور پتھر ہضم ہوتے ہیں۔ہائی سپیڈ گرائینڈروالے۔انہیں سیاسی اور انتظامی۔بدہضمی کی شکایت کبھی نہیں ہوتی۔
استاد:مُنےاگر دو میں سے دو نفی کریں تو کیا بچے گا۔؟
نالائق مُنا:پتہ نہیں۔
استاد:چلویہ بتاؤ۔ اگرتمہارے پاس دو روٹیاں ہوں اور دونوں کھالو۔ تو باقی کیا بچے گا۔؟
مُنا: سالن۔
گذری چار پانچ دھائیوں سے ہمارے مُنے سالن مُکانے پر لگے ہیں۔چُنے بھی شریک جرم ہیں۔ وہ سالن کی تگاریاں بھر بھرکےمُنوں کوپکڑا رہے ہیں۔سالن قارون کا خزانہ تھوڑا ہی تھا۔جومُکنے میں نہ آئے۔پچھلےتقریبا68 سال سے خزانہ اور ادارے ڈکارنےکی اجتماعی دعوت جاری ہے۔عوام کوچوسنے اورچونا لگانے والےسارےچُنےمُنےہاتھ صاف کررہے ہیں۔ٹیکس ڈکارنے اور مراعات لینے والے بھی ساتھ ہیں ۔ہرڈکارئیہ۔دریائی گھوڑا ہے۔کھانے اور سستانے کے علاوہ اسے کوئی کام نہیں۔ہڑپنے کی لذت ان کی اشتہا بڑھارہی ہے۔وہ مسلسل ڈپھے جا رہے ہیں اورہمارے چہرہ پھنسےڈکار جیسے ہوچکےہیں۔ہمارے پیٹوں میں گرائینڈر نہیں چوہے دوڑتے ہیں۔ہمارے ڈکار السری ہیں ۔ دالیں کھا کھا کر ہمارا معدہ کُکڑ ہو چکاہے۔ہم اسیلوں کی طرح بانگ رہے ہیں۔وہاں روزانہ شیرازی دعوتیں چلتی ہیں۔چینی اور اطالوی کھانے اترتے ہیں ان کے دسترخوان مغلیائی ہیں۔وہاں شاہی کوفتے، شاہی بریانی،شاہی قورمے اور شاہی ٹکڑے چلتے ہیں۔ہم شاہی چھولے کھاتے ہیں۔وہاں الحمداللہ ڈکار لینے والے بھی ہیں۔استغفراللہ اورنعوز باللہ ڈکار۔ والے بھی اور ہم مرغا بھی تب کھاتے ہیں جب بیمار ہوں یا مرغا بیمار ہو۔
بیوی :(بیمار شوہر کا سر دباتے ہوئے) آج میں آپ کو دیسی مرغ کی یخنی پلاؤں گی۔
مرغا:(دیوارکے اوپرسے)۔باجی ایک بار پیناڈول دے کے دیکھ لو۔
ہم دال کھا کرگوشت کا ڈکار۔لینے والے عہد میں زندہ ہیں۔میرے دوست مرید کو اس کی بیوی جب بھی پوچھتی ہےآج کیا کھائیں گے۔؟ مرید سمجھ جاتا ہےکہ ’’آج دال ہی ملے گی‘‘۔ہم سارے مرید ہیں۔بھگاری دال پرٹرخ جاتے ہیں۔شائدوہ مریدی مرغا ہی تھا جو۔پینا ڈول کا مشورہ دے کر کسی کُڑک کی تلاش میں پھُر ہوگیا۔کم بخت تب لوٹے گاجب نڈھال صحت بحال ہو چکی ہوگی۔’’انسائیکلوپیڈیا غلطا نیکا‘‘سے ماخوذ ہے کہ ’’کھانے کے بالآخر اختتام پر معدے اور سانس میں بچی کُھچی ہوا کے اخراج کو ڈکار کہتے ہیں۔ ڈکار خود کار بھی ہوتے ہیں اور زور لگا کر بھی مارے جاتے ہیں۔ سر محفل ڈکار لینے کو معیوب سمجھا جاتا ہے۔ رشوت خور افسران اور پولیس والوں کو عموما کٹھے ڈکار اور میٹھے خواب آتے ہیں جبکہ مالِ مفت کو آسانی سے نگل لینے کو ’’ڈکارنا‘‘ کہتے ہیں۔ بسیار خور جگالی کے درمیان وقفوں میں خوب ڈکارتے ہیں اور بعض اوقات ان کا ڈکار شہہ رگ کے قریب پھنس جاتا ہے۔اگردو ہتڑ کھانے کے بعد بھی ان کا ڈکار خارج نہ ہو ۔پھر وہ آخری ہچکی لیتے ہوئے دنیا سے منہ موڑ لیتے ہیں‘‘۔
آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں آخری ہچکی سے پہلے ایک شخص کو ڈکار آگیا۔بلکُل جب اس کی کیفیت جان کنی والی تھی۔ اس عجیب واقعے کا کردار۔ایدین نامی ترک باشندہ ہے۔جو ہوٹل میں اپنا پسندیدہ ڈونر کباب کھانے آیا تھا لیکن کھانے کے بعدایسا زوردار۔ ڈکار مارا کہ لوگ خوفزدہ ہو گئے۔پولیس ڈکار سن کرموقع پر پہنچی۔ایدین کومزیدنہ ۔ڈکانے کی وارننگ دی اورتقریبا8 ہزار روپے جرمانہ بھی کردیا۔ کباب بنانے والی ترک کمپنی کو یہ جرمانہ بہت ناگوار گذرا۔اس کمپنی نے ایدین۔ کو۔دو۔ روزہ سیاحتی دورے پرویانا سے استنبول بلالیا۔ ہوائی جہاز کا ٹکٹ، ہوٹل کا کرایہ اور شہر کی سیر کے اخراجات کمپنی نےخود ادا کیے۔واپسی پرپولیس جرمانے کے برابر8 ہزار روپے کا چیک بھی پیش کیا۔
ڈکارنے پرجرمانہ پاکستان میں رکھ دیا جائے توشائدجمع ہونے والی رقم سےملکی قرضےاتار جائیں۔کیونکہ یہاں لوگ کروڑوں ، اربوں ڈکارے بیٹھے ہیں۔مفت میں توکوئی ڈکاربھی نہیں لیتا۔قومی خزانے کوایسے بسیار خور چپٹےہیں۔جن کےمعدوں میں بڑے گرائینڈرفٹ ہیں۔ بدہضمی کی صورت میں وہ۔ این آر او کی تصدیق شدہ پھکیاں لیتےہیں۔بیماری جب سر اٹھانے لگتی ہے۔وہ پھکی کوگڑپ کرکے گڑوُم گڑوُم کرلیتے ہیں۔ طبی ماہرین کہتے ہیں کہ’’ بہت زیادہ کھانا اور کھانے کی ہر وقت طلب ہونا ایک ذہنی بیماری ہے۔اس بیماری میں انسان کچھ شرمناک یادوں۔یا پھر احساس جرم کو چھپانے کی کوشش کرتا ہے‘‘۔شائد یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں لوگ دھڑا دھڑ کھا رہے ہیں۔احساس جرم اور شرمناک یادیں ان کے حال اور ماضی سے جڑی ہیں۔وہ دماغی اور سماجی ہر طرح کے بیمار ہیں۔ستم یہ ہے کہ اوپر والے سارے بیمار ہیں اور نیچے والے سارےبے زار۔وہ جانتے ہیں کہ ڈکار رجے کی نشانی ہے۔ نِرنےکالجے۔کا۔ڈکارالسر ہے۔سُناہے جن کے پیٹ میں کیڑے ہوتے ہیں وہ بھی زیادہ کھاتے ہیں لیکن مرید کہتا ہے۔جن دماغ میں کیڑا ہوتا ہے ان کے پیٹ میں بھی ہوتا ہے۔جوسالن ختم ہونے سے پہلےمزید بسیار خوری کی ترغیب دیتا رہتا ہے۔
یہ مردوں کا معاشرہ ہے۔مشرقی معاشرہ۔یہاں تو لڑکی کوڈکارتک مارنےکی اجازت نہیں ہے۔کم ازکم میں نےتو کسی خاتون کو ڈکار لیتےنہیں دیکھا۔مریداس مردانہ معاشرےمیں۔پکا۔رن مرید ہے۔کہتا ہے کہ’’میری بیوی کوکچھ پکانے کے لئے کچن میں جانے کی ضرورت نہیں ہوتی۔وہ باتوں سےبھی اچھا خاصا پکا سکتی ہے‘‘ ۔کان پکانےوالی بیویاں ہر اس گھر میں پالی جاتی ہیں جہاں شوہر ازدواجی زندگی کے خیراتی مزے لوٹتے ہیں۔وہاں مقام ذوجیت فالتو کے بجائے پالتوہوتا ہے۔جن گھروں میں کان پکتے ہیں۔ فاسٹ فوڈہوٹل انہی کے دم سے چلتے ہیں۔فاسٹ فوڈہوٹل پروہ لوگ زیادہ جاتے ہیں جن کے پاس سالن بچاپڑاہوتا ہے۔مرید کہتا ہے کہ’’خواتین طے شدہ شادی سے پہلے ممکنہ بہو میں دو چیزوں تلاش کرتی ہیں۔حُسن کرینہ کپور جیسا اورگُن زبیدہ آپاجیسے‘‘۔جبکہ اچانک(عشقیہ) شادی میں محبوبہ کا شیف ہونا ضروری نہیں ہوتا ۔محبتی شادیوں میں بیویاں اچانک سر چڑھ کربولنے لگتی ہے۔کچے گُنوں کی وجہ سے شوہروں کوتبخیرمعدہ ہوجاتی ہے اور لوگوں کوتبخیردماغ۔ جس معاشرے میں لوگ دال کھا کر گوشت کے ڈکار لیتے ہیں۔وہاں عشق ہضم نہیں ہوتا۔ کان پکانے والی بیویوں کے شوہررنڈوں اور کنواروں کی طرح ہوٹلوں سے شکم سیری کرتے ہیں اور ڈکار ان کے بھی پھنسے ہی رہتے ہیں۔
پاکستان میں بہت سے ایدین ہیں۔ وہ ڈکارتے بھی نہیں۔حالانکہ ڈکار غیر آئینی ہیں اور نہ ہی غیر شرعی۔البتہ ڈکارناگناہ بھی ہے اور جرم بھی ۔ویسےڈکار آنا ایک نعمت ہے۔بسیارخوروں کے گرائینڈر آج بھی چل رہے ہیں۔ہماری پھکی اور ہاجمولا ختم ہوتا جا رہا ہےاورسالن بھی ۔اب تومعدہ صاف کرنا پڑے گا۔متلی اور قے سے کچھ نہیں بنے گا۔ گرائینڈر اتارناپڑے گا۔میجرسرجری کے بغیرناگزیرہوچکی ہے۔ ’’پیوستہ رہ احتساب سے امید ِڈکار رکھ‘‘۔
 
ajmal malik
About the Author: ajmal malik Read More Articles by ajmal malik: 76 Articles with 106625 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.