شب بَر اَء ت ( دوزخ سے نجات کی رات)

شعبان کا مہینہ میرے آقا کا مہینہ ہے جیسے رمضان کا مہینہ میرے رب العزت کا مہینہ ہے اس مہینے کی پندرھویں کی رات بہت بابرکت ، رحمتوں اور فضیلت والی ہے
شعبان المعظم کا بابرکت مہینہ جاری ہے یہ پانچ حروف سے مل کر بنا ہے ’’ ش‘‘ سے مراد شرف یعنی بھلائی ، ’’ ع‘‘ سے مراد عُلُو یعنی بلندی ، ’’ ب‘‘ سے مراد بِر یعنی بھلائی و احسان ، ’’ ا ‘‘ سے مراد الفت اور ’’ ن ‘‘ سے مراد نور ہے اس مہینے اللہ تعالی اپنے بندوں کو یہ چیزیں عطا کرتا ہے۔ اس کے بارے حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا ’’ کہ یہ میرا مہینہ ہے ‘‘ اس بابرکت مہینہ کی پندرھویں کی رات کی آمد آمد ہے اس رات کو ’’ شب بَر اَء ت ‘‘ کہتے ہیں یعنی یہ دوزخ سے نجات حاصل کرنے کی ایک رات ہے کیونکہ اللہ تعالی اس رات بہت سے لوگوں کو دوزخ کے عذاب سے نجات دے دیتے ہیں اور ان کی بخشش ہو جاتی ہے۔حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا ’’ اللہ تعالی اس رات تجلی فرماتے ہیں اور بخشش مانگنے والے کو بخش دیتا ہے ، رحم مانگنے والے پر رحم کرتا ہے، رزق عطا کرتا ہے اور محروم لوگوں کو اس کے حال پہ چھوڑ دیتا ہے ‘‘ اسی رات تمام انسانوں کے تمام اعمال اللہ تعالی کے حضور پیش کئے جاتے ہیں۔ اسی رات سال بھر کا رزق ، موت ، زندگی ، عزت و ذلت غرض تمام امور لوحِ محفوظ سے فرشتوں کے صحیفوں میں نقل کرکے ہر صحیفہ اس کے متعلقہ فرشتے کے سپرد کر دیا جاتا ہے یعنی انسان کی قسمت ، تقدیر اسی رات لکھی جاتی ہے۔

اس لئے ہمیں چاہئے کہ اس رات آتش بازی اور دوسرے فضول اور غلط کاموں میں وقت ضائع کرنے کی بجائے اللہ تعالی سے اپنے گناہوں کی بخشش مانگیں ، تمام دوست و احباب جو ناراض ہیں ان کو اس رات سے پہلے پہلے راضی کر لیں کیونکہ اگر کوئی انسان ناراض ہوگا تو اللہ تعالی راضی نہیں ہوگا اور بخشش نہیں ہو گی۔ رات کو عبادت کی جائے، نوافل ادا کئے جائیں، قرآن پاک کی تلاوت کی جائے، اپنے گناہوں سے توبہ کی جائے اور بخشش طلب کی جائے اور اللہ تعالی سے اس دنیا کی بھلائی اور فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ آخرت کی کامیابی اور دوزخ سے نجات کی دعائیں کرنی چاہیے۔ ہو سکتا ہے کہ اس کے بعد ہماری زندگی میں یہ رات نہ آئے اور اللہ تعالی نے ہماری موت کا پروانہ فرشتے کے سپرد کر دیا ہو اور پھر ہمیں معافی مانگنے اور گناہوں سے توبہ کرنے کا موقع نہ ملے ۔ اس لئے اس رات دعا ئیں کرنی چاہئیں اور اپنے اور اپنے والدین ، اولاد ، رشتہ دار ، دوست و احباب سب کے لئے اللہ پاک سے دنیا و آخرت کی فلاح و بہبود ، کامیابی اور بھلائی مانگنی چاہیے ۔ اللہ پاک اپنے حبیبﷺ کے صدقے ہم سب کو اس رات کی قدر کرنے کی توفیق عطا کرے اور ہمیں گناہوں سے توبہ کرنے اور بخشش مانگنے کی توفیق عطا کرے۔ آمین ثمہ آمین
kashif imran
About the Author: kashif imran Read More Articles by kashif imran: 122 Articles with 156058 views I live in Piplan District Miawnali... View More