دستار،شلواراور صحافت

 اینکر:ماروی صاحبہ ،کونسل آف اسلامک آئیڈیالوجی کہاں ہے ؟ کہاں ہیں وہ سب لو گ جو عورت کے خلاف قانون بنار ہے تھے اور عورت کے تحفظ کے قانون پر اعتراض اٹھار ہے تھے۔آج چار عورتوں کے زندہ جل جانے کے باجود خاموشی کیوں ہے؟
ماروی سرمد:جی بالکل ،میرا خیال ہے کہ مسرور صاحب جو فرما رہے تھے تو ان کا مطلب بھی یہی تھا کہ ہم نے دوتین ہفتے جو شور مچایا ہے یہاں پر ۔۔۔۔۔
حافظ حمداﷲ :نہیں ،نہیں ،نہیں آپ کو ،آپ کو بات کرنے نہیں دوں گا میں ۔
ماروی سرمد:کیوں نہیں کرنے دیں گے ؟
حافظ حمداﷲ :آپ ان (بیرسٹر مسرور)کے الفاظ کو سپورٹ کر رہی ہیں؟
ماروی سرمد:نہیں ،نہیں ،میں نے تو بات ہی نہیں کی!!!!!! اچھا اگر میں سپورٹ بھی کروں توآپ مجھ سے اونچی آواز میں بات کرینگے؟
حافظ حمداﷲ:کروں گا
ماروی سرمد :نہیں کر سکتے
حافظ حمداﷲ:بالکل کروں گا
ماروی سرمد :نہیں کر سکتے
حافظ حمداﷲ :آپ میری ماں ہیں؟؟
ماروی سرمد:نہیں تو، آپ کون ہیں؟آپ کون ہیں ؟آپ باپ ہیں یہاں کے؟

یہ اس مکالمے کی مہذب اور اسلامی گفتگو کے ابتدائی الفاظ ہیں جو ایک نجی ٹیلی ویژن سے پیش کیا گیا،اور جس کے صرف دو منٹ بعد دین کی سربلندی کے ایک دعویدار نے ایک خاتون کو اس کی اوراس کی ماں کی شلوار اتارنے کی دھمکی دی ۔

لیکن اصل کہانی اس سے ذرا پہلے شروع ہوئی تھی جب ٹاک شو کی میزبان کے سوال کے جواب میں ایک مہمان بیرسٹر مسرور نے یہ کہتے ہوئے چنگاری بھڑکائی کہ خواتین پر تشدد کے واقعات پر اسلامی نظریاتی کونسل کے سربراہ چرس پی کر سو رہے ہیں۔جس کے جواب میں حافظ حمداﷲ نے انہیں شرابی قرار دے کر ان کی اچھی طرح سے تسلی کرائی ۔لیکن جمعیت ـ’’علماء‘‘ اسلام کے رہنما شیرانی صاحب کی شان میں گستاخی پر اس قدر جلا ل میں آچکے تھے کہ تہذیب،تمیز،اخلاق اور دین کی تمام تر حدیں پھلانگ گئے۔اطلاع ملی تو میں نے سوچا ماروی سرمد کی شہرت ایک منہ پھٹ عورت کی ہے تو شائد ان کی کسی بات کے ردعمل میں حافظ صاحب نے یہ گل افشانی کی ہوگی۔لیکن تھوڑی سی تحقیق سے پتہ چلا کہ اس معاملے میں پہل ماروی سرمد نے نہیں کی لیکن با لکل بے قصوربھی وہ نہیں ہیں۔اس سارے معاملے میں بیرسٹر مسرور کا کردار نہایت پراسرار ہے جن کے شیرانی صاحب پربے بنیاد الزامات سے یہ لڑائی شروع ہوئی لیکن ماروی سرمد نے بھی جلتی پر تیل ڈالا تا کہ حافظ حمداﷲ اور مشتعل ہوں۔جو بات ٹی وی کے ناظرین کو نہیں معلوم وہ یہ ہے کہ ٹاک شو کے ایک اور مہمان فیاض الحسن چوہان جب حافظ حمداﷲ کو کھینچ کرسٹوڈیوز سے باہر لے گئے توماروی نے چلاکر انہیں للکارنے کے لہجے میں ننگی گالیاں بھی دیں ۔ماروی نے فیاض الحسن چوہان سے یہ بھی کہا کہ آپ حافظ حمداﷲ کو مجھ پر ہاتھ اٹھانے دیتے ،روکا کیوں؟

لیکن رکئے !بات اتنی بھی سادہ نہیں ،ماروی سرمد اور حافظ حمداﷲ بچے نہیں ہیں ،دونوں ایک دوسرے کی شخصیت ،افکاراور ایک دوسرے کے فکری اجداد سے اچھی طرح واقف ہیں۔ ایک کی زندگی کا مقصد دستار کو(چاہے وہ کتنی ہی اجلی کیوں نہ ہو) مٹی میں رولنا ہے تو دوسرے طبقے کی نظرہروقت مخالف کی شلوار پر ہوتی ہے ،اپنا ناڑہ چاہے سدا کاڈھیلاہو۔ ایک کو مسجد ومنبر سے خدا واسطے کا بیر ہے تو دوسرا جدید سماج کو ہرصورت چودہ سو سال پیچھے دھکیلنا چاہتا ہے ،یہ سوچے سمجھے بغیر کہ اسلام بالکل بھی اتنا تہی دست نہیں کہ وقت کے تقاضو ں کا ساتھ نہ دے سکے۔ایک طبقے کا سارا زور اس پر ہے کہ عورت کو برابر حقوق دئیے جائیں اور دوسرے طبقے کااسلام شٹل کاک برقعے سے شروع ہوکر ہلکے تشددکی اجازت پر ختم ہو جاتا ہے۔ایک طبقہ یہ چاہتا ہے کہ مساوی حقوق کے نام پر کسی بھی کسوٹی پر پرکھے بغیر کوٹہ سسٹم کے تحت عورت کو ہر اونچی مسند پر بٹھادیا جائے جبکہ دوسرے طبقے کا سماج اور دین اسی وقت تباہ و برباد ہو جاتا ہے جب عورت ان کے گھر نامی قید خانے کے دروازے کی طرف پہلی نظر ڈالے۔ایک گروہ اس بات پر بضد ہے کہ عورت ہر معاملے میں مرد کے برابر ہے تو دوسرے گروہ کی ساری توانائی اس بات کو ثابت کرنے میں خرچ ہوجاتی ہے کہ عورت کی توگواہی بھی پوری نہیں ۔ ایک طبقے کو لبرل ازم او ر جدیدیت پسندی کے نام پر اسلام اور پاکستان کو گالیاں دینے کی بیماری لاحق ہے تو دوسرے کا ایمان ہے کہ جوشخص بھی وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگی کی بات کرے اس کو گالی دینا عین اسلام ہے۔اﷲ کابڑا کرم ہے !اعتدال، برداشت،معاملہ فہمی،حکمت اور دوسروں کے احترام کی بیماری سے دونوں طبقے پوری طرح محفوظ ہیں۔معافی چاہتا ہوں کہ الفاظ بہت سخت ہیں لیکن سچ یہ ہے کہ مکالمے کی بنیادی ضرورت اور اہمیت کوسمجھنے سے دونوں ایسے بھاگتے ہیں جیسے آوارہ کتا پتھر سے ۔ کوئی ایک تو ایسا ہو جو ایک لمحے کو صبر کرے اورزبان حال سے پکار کر کہے !
تم دن ہو مری جان تو اس رات کو بدلو
مخلص ہو تو آؤ میرے حالات کو بدلو
تہذیب سے عاری ہوں یہ میں مان گیا
تم تو ہو مہذب مری عادات کو بدلو

میرے خیال سے اتناقصور ماروی سرمد اورحافظ حمداﷲ کا نہیں جتنا اس نام نہاد دانش کا ہے جس نے ریٹنگ کے چکر میں اس ساری خرافات کو پیپ ۔۔۔پیپ ۔۔۔ کا تڑکا لگا کر ٹی وی پر نشر کیا،تھوڑی شہرت اور چندٹکوں کی خاطر ماروی سرمداور حافظ حمداﷲ کی عزت کے ساتھ ساتھ صحافت کے وقار اور معاشرتی اخلاقیات سے کھلواڑ کیا ۔اب پیمرا نے جواب طلب کیا ہے تو آزادی صحافت خطرے میں پڑ جائے گی۔ بخدا!!یقین کیجئے!! کسی کی دستاراچھالنے یا شلوار اتارنے کا نام صحافت نہیں ہے۔
Khawaja Kaleem
About the Author: Khawaja Kaleem Read More Articles by Khawaja Kaleem: 46 Articles with 29441 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.