بھارت نے کشمیر کو تقسیم کرنے والی لائن آف
کنٹرول پرآزاد کشمیرکے علاقے میں مبینہ شدت پسندوں کے خلاف ’سرجیکل
اسٹرائیکس‘ کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ پاکستان کا کہنا ہے کہ سرحد پار
فائرنگ کو سرجیکل اسٹرائیکس کا رنگ دینا حقیقت کو مسخ کرنے کے برابر
ہے۔ادھر امریکہ کی طرف سے پاکستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ پاکستان اڑی
حملے میں ملوث افراد اور کالعدم تنظیمیوں کے خلاف کارروائی کرے۔ پاک فوج کے
ترجمان لیفٹینٹ جنرل عاصم سلیم باجودہ نے بھارتی دعوے کو جھوٹ کا پلندہ
قرار دیا۔آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی
طرف سے کوئی سرجیکل اسٹرائیک نہیں کیا گیا۔ بھارت نے صرف لائن آف کنٹرول پر
فائرنگ کی جس کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا۔ بھارت اپنی ہی عوام کو گمراہ
کرنا چاہتا ہے۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارت کا سرجیکل اسٹرائیک کا
دعوی جھوٹا، بے بنیاد اور من گھڑت ہے۔کنٹرول لائن پر فائرنگ کو سرجیکل
اسٹرائیک کا نام دینا صرف پروپیگنڈے کے لیے ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان
واضح کرچکا ہے کہ کسی بھی سرجیکل اسٹرائیک کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
ادھر پاک فضائیہ کے ترجمان نے بھی بھارتی میڈیا کی جانب سے سرجیکل اسٹرائیک
کے دعوے کو جھوٹا قرار دیا۔ترجمان نے کہا کہ پاک فضائیہ ہردم مستعد اور
بیرونی جارحیت کامنہ توڑ جواب دینے کے لیے تیارہے۔ پاکستان کی فضائی سرحدوں
کی حفاظت ہر قیمت پر کی جائے گی۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ
پاک فوج دنیا کی سب سے زیادہ سخت جان فوج ہے ، ہمارے جوانوں نے ہرطرح کے
چیلنج کا مستعدی سے سامنا کیاہے۔اہم ترین بات یہ ہے کہ ایک ایسے وقت میں کہ
جب بھارت نے آزاد کشمیر کے علاقے میں سرجیکل اسٹریکس کرنے کا دعوی کیا ہے
امریکہ کی طرف سے پاکستان پر اڑی واقعہ کے حوالے سے دباؤ ڈالا جانا نہایت
اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستان کو اپنی صفیں مضبوط کرنے کی ضرورت ہے لیکن جس پچ
پر بھارت پاکستان کی کھلوانا چاہ رہا ہے پاکستان کو وہاں جا کر کھیلنے کی
قطعی ضرورت نہیں ۔ یہ ایک ٹریپ ہے کہ جسے بھارت نے پاکستان کے لئے تیار کیا
ہے۔ اس ٹریپ کو سمجھنے اور اس سے بچنے کی ضرورت ہے۔ |