اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں

پاکستانی قوم ایک ایسی قوم ہے جو ہزاروں اختلافات کی باوجود مشکل گھڑی میں ایک ہو جاتی ہے اور سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جاتی ہے
گذشتہ روز پاکستان کے وزیر اعظم جناب محمد نواز شریف صاحب کے زیر صدارت تمام سیاسی اور پارلیمانی جماعتوں کا اجلاس پاکستان کی بقاء اور سلامتی کو یقینی بنانے، پاکستانی فوج کو خراج تحسین پیش کرنے، کشمیریوں کی مکمل حمایت کرنے اور انڈیا کے اوچھے ہتھکنڈوں اور اس کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے منعقد کیا گیا جس میں تمام سیاسی اور پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اور یک جہتی اور حب الوطنی کا ثبوت دیتے ہوئے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ ہزاروں اختلافات اور دوریوں کے باوجود اگر ملک و قوم پر کوئی بھی مشکل گھڑی آئی تو کوئی سندھی، پٹھان، بلوچی یا پنجابی نہیں رہتا اور نہ سیاسی جماعت کا رہنما یا ممبر رہتا ہے بلکہ صرف اور صرف ایک حیثیت اختیار کر جاتا ہے اور وہ حیثیت پاکستانی کی ہے اور سب ایک ہلالی پرچم کے نیچے ایک ہو جاتے ہیں۔ پاکستان کے وزیر اعظم جناب محمد نواز شریف صاحب مبارک باد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے اس مشکل وقت میں تمام سیاسی اور پارلیمانی جماعتوں کا اجلاس بلا کر حب الوطنی اور کشادہ دلی کا ثبوت دیا۔ اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں خاص کر مسلم لیگ ن کی مخالف سیاسی جماعتوں جن میں پاکستان تحریک انصاف، پاکستان پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور دوسری جماعتوں نے بھی کھلے دل سے محمد نواز شریف صاحب کی تعریف کی اور ان کی حب الوطنی ، عوام جذبات کی عکاسی کرنے اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تقریر کو سراہتے ہوئے ان کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس سے پہلے بھی محمد نواز شریف صاحب بین الاقوامی دباؤ کے باوجود ایٹمی دھماکے کرکے حب الوطنی، جرات اور بہادری کا ثبوت دے چکے ہیں اور اب کشمیر کے معاملے میں مکمل حمایت کرکے اور تمام سیاسی جماعتوں کو متحد کرکے ایک بار پھرحب الوطنی، جرات ، کشادہ دلی اور سیاسی بصیرت کا عملی مظاہرہ کیا۔ ہم پوری قوم کسی بھی قسم جارحیت کیلئے پوری طرح تیار ہیں اور اگر جنگ مسلط کی گئی تو صرف فوج میدان میں نہیں ہوگی بلکہ پاکستان کا بچہ بچہ ایک سپاہی بن جائے گا اور ہر بچہ ، نوجوان، بوڑھا، مرد اور عورتیں ملک کی بقاء اور سلامتی کے لئے فوج کے شانہ بشانہ نظر آئیں گی۔ میں ایک بار پھرمحمد نواز شریف صاحب ، تمام سیاسی اور پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں اور پوری قوم کو مبارک باد دیتا ہوں کہ اس اجلاس سے نہ صرف بھارت بلکہ پوری دنیا کو ایک پیغام پہنچ گیا ہے کہ پاکستانی قوم جب ایک ہوجائے تو اسے کسی اور کی مدد کی ضرورت نہیں رہتی وہ صرف اور صرف اپنے خالق و مالک رب العزت اور اپنی جرات و ہمت کے بل بوتے پر بڑے سے بڑے طوفان اور مشکل کا ڈٹ کر نہ صرف مقابلہ کر سکتی ہے بلکہ کامیابی حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ میں تمام سیاسی جماعتوں سے امید رکھتا ہوں کہ اس مشکل وقت میں سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے تمام فیصلے اور سرگرمیاں صرف اور صرف ملک و قوم کی بقاء اور سلامتی کو مدنظر رکھ کر طے کی جائیں ۔
kashif imran
About the Author: kashif imran Read More Articles by kashif imran: 122 Articles with 156026 views I live in Piplan District Miawnali... View More