ورلڈ پوسٹ ڈے اورپاکستان میں نظام ڈاک

ڈاک کے عالمی یوم 9اکتوبر2016ء کے موقع پرایک خاص تحریر
ڈاک کا مطلب ہے کہ ایک ایسا نظام جس کے ذریعے خطوط ،دستاویزات ،دیگر ایسی اشیاء جو لفافے میں بند ہوں ،ایک جگہ سے دوسری جگہ ،دنیا بھر میں بھیجی جاتیں ہیں ۔اسے ڈاک کہتے ہیں۔ آج سے سات ہزارسال پہلے فرعون مصر میں ڈاک کا حوالہ ملتا ہے۔ بابلی دور میں تازہ دم اونٹوں اور گھوڑوں کے ذریعے سرکاری اور نجی ڈاک کا نظام قائم ہو،ا حضرت عمر فاروق ؓنے ڈاک کے نظام پر خصوصی توجہ دی، ایک ہزار سالہ اسلامی دور حکومت میں ڈاک کی ترسیل کا تیزترین،محفوظ ترین نظام کام کرتا رہا ، حضرت عمر فاروق ؓ نے خاص خاص فاصلوں پر چوکیاں بنائی تھیں، جہاں گزشتہ چوکی کا ہرکارہ ڈاک لے کر پہنچتاتو اگلا ہرکارہ تازہ دم گھوڑالیے تیار ہوتا، اسی طرح یہ سلسلہ قائم رہتا اور بناں کسی تاخیر کے ڈاک ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچ جاتا۔بدلتے وقت نے اس میں تبدیلیاں کیں اور موجودہ ڈاک کا نظام قائم ہوا ۔

پاکستان سمیت ہر سال 9 اکتوبر کو دنیا بھر میں ڈاک کا عالمی دن منایا جاتا ہے ۔اس عالمی دن کے موقع پر تمام ممالک ڈاک ٹکٹ کا اجرا کرتے ہیں ۔اس ادارے یونیورسل پوسٹل یونین (یو پی یو) کا قیام 9 اکتوبر 1847ء کو عمل میں آیا، اِس دن سوئٹزر لینڈ کے شہر ’’برن‘‘ کے مقام پر عالمی ڈاک سے متعلق کانفرنس ہوئی۔ جس میں ’’جنرل پوسٹل یونین‘‘ نامی تنظیم کی بنیاد ڈالی گئی۔ اِس معاہدے کو 22ملکوں نے منظور کیا اور یکم جولائی1875ء سے نافذالعمل ہوا۔ یونین یکم جولائی1948ء کو اقوام متحدہ کی خصوصی ایجنسی بنی۔ اِس کا مقصد تمام ممالک میں ڈاک کی ترسیل کی ترقی اور ڈاک کے نظام کی بہتری ہے ۔

پہلے تو یہ صرف خط پارسل وصول کرنے اور اس پر اٹھنے والے اخراجات کی ایک رسید تھی مگر 1969ء میں ٹوکیو کانگریس نے یہ طے کیا کہ ترقی پذیر ممالک کو ترقی یافتہ ممالک سے جس قدر مقدار میں ڈاک وصول ہو گی، اس اضافی وزن کا معاوضہ انہیں 0.50 گولڈ فرانک فی کلوگرام کے حساب سے ادا کیا جائے ۔ اس لین دین کے حسابات کو ادارہ یونیورسل پوسٹل یونین UPU دیکھ رہا ہے ۔

دنیا کے مشہور مشغلوں میں سے ایک مشغلہ ڈاک ٹکٹ جمع کرنا ہے ۔یہ ایک مہنگا شوق بھی ہے پہلے نواب و بادشاہوں کا شوق تھا، اب تو آسانیاں ہیں ،اب یہ عوامی شوق ہو گیا ہے اور کروڑوں لوگوں نے اس کو کاروبار کا ذریعہ بنا دیا ہے ۔ ایک وقت تھا ڈاک ،ڈاکیا کو ہمارے معاشرے میں محبت کا پیغام بر ،قاصد سمجھا جاتا تھا ،ڈاکیے کے کردار پر کہانیاں لکھی جاتی تھیں، شاعری کی جاتی تھی ،ڈاکیا خوشی و غم کی علامت تھا ،ڈاکیا اور ڈاک بچھڑوں کو ملانے ،اس کی خیر خبر پہنچانے کا ذریعے تھا ۔لیکن اب دور بدل گیا ہے، اب ٹیلی فون ،موبائل،انٹرنیٹ،تھری جی ،فور جی وغیرہ نے اس کی جگہ لے لی ہے ۔اب وہ انتظار کی لذت وبے چینی ختم ہو چکی ہے، جو پہلے ڈاک کے انتظار میں اٹھانی پڑتی تھی ۔

اب ڈاک کا نظام کسی حد تک اپنی بقا کی جنگ لڑ رہا ہے ۔ڈاک کے نظام کو اپنے پاؤں پر دوبارہ کھڑا کیا جا سکتا ہے اس میں جدید دور کی ٹیکنالوجی دے کر لیکن ایسا شائد ہو نا سکے کیونکہ اس میں لگتی ہے محنت زیادہ ،مثلاََ اگر منی آڈر کی بجائے ایزی پیسہ صرف ڈاک کے نظام کے تحت کر دیا جاتا (یعنی کوئی نجی شاپ نہ بنا سکتا)تو ڈاک کا نظام کسی حد تک اپنے پاؤں پر کھڑا ہو سکتا تھا ۔

اب آپ کو پاکستان کے ڈاک ٹکٹ کے بارے میں حیرت انگیز بات بتاتے ہیں، دیگر بہت سی باتوں کی طرح ان میں چند باتوں پراگر آپ کا سر شرم سے جھک جائے تو اس میں میرا کوئی قصور نہیں ہے ایسا میرے ساتھ بھی ہوا ہے۔پاکستان میں اب تک ایک اندازے کے مطابق کم و بیش 1500 ڈاک ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں، یہ تعداد ایک اندازہ ہے (2006 ء تک 1200 تھے) ۔ ان پر بادشاہوں اور مشہور شخصیات کی ،عمارتوں کی تصویریں ہیں ۔لیکن ملک کا عام آدمی، کسان اور مزدور کہیں ،کہیں نظر آتا ہے ۔ یعنی ان ڈاک ٹکٹوں میں عوام کم نظر آتی ہے ۔اور دنیا میں پاکستان ہی شائد واحد ملک ہو جس ملک میں بانی پاکستان کی تصویر والا ٹکٹ بعد میں شائع کیا گیا، پہلے ایک فوجی حکمران کا شائع کیا گیا ۔پاکستان کے پہلے ڈاک ٹکٹ پر یومِ آزادی 15 اگست درج ہے۔ پہلے ٹکٹ پر فوری طور پر برطانوی عہد کے ٹکٹوں پر پاکستان کا لفظ بڑا بڑا شائع کیا گیا( پاکستان میں جو ڈاک ٹکٹ چلایا گیا، اس میں بادشاہ کنگ جارج کی تصویر پر پاکستان چھاپا گیا۔گویا ہم نے پاکستان کی آزادی برطانوی سامراج سے حاصل کی) ۔

11 ستمبر1949ء میں قائداعظم محمد علی جناح کی وفات پر ٹکٹ جاری کیا گیا ،جس پر قائداعظم لکھا ہوا ہے، لیکن ان کی تصویر نہیں ہے ۔ایسے ہی علامہ اقبال ؓکے نام کا ٹکٹ پاکستان بننے کے گیارہ سال بعد شائع ہوا (علامہ اقبال کی 20 ویں برسی پر ) اس میں بھی علامہ اقبال ؓ کی تصویر نہیں تھی ۔ ملیریا کی بیخ کنی کے لیے حکومت نے 7 اپریل1961ء میں مچھر کی تصویروں والی دو ٹکٹیں جاری ہوئیں ۔فوجی جوانوں کے چہرے وہ پہلے انسانی چہرے ہیں، جو ڈاک ٹکٹوں پر ظاہر ہوئے ۔1965ء کی جنگ کے بعد اسی سال دسمبر میں جاری کیے گئے ۔ نومبر1966 ء میں کسی شخص کی تصویر پہلی بار دو ڈاک ٹکٹوں پر شائع کی گئی اور وہ تھے فوجی حکمران جنرل ایوب خان۔ اس وقت تک قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کی تصویریں بھی ٹکٹوں پر نہیں آئی تھیں۔31 دسمبر1966 ء کو پہلی بار قائد اعظم کی تصویر والے ٹکٹ جاری ہوئے ایک سال بعد علامہ اقبال کی تصویر ٹکٹوں کی زینت بنی ۔جنرل محمد ضیا الحق نے ملک میں عید میلادالنبی کے موقع پر اپنے دور حکومت میں ایک ڈاک ٹکٹ کا اجرا کیا، جس میں روضہ رسول ﷺ اور قرآن کریم کو اوپر دکھایا درمیان میں لکھا کہ ’’اور کہہ دو حق آیا اور باطل مٹ گیا‘‘ یعنی اس ڈاک ٹکٹ کے ذریعے پورے عالم اسلام کو یہ پیغام دیا گیا کہ ہمارا ایمان قرآن پر ہے وہی سب سے اعلیٰ نظام ہے ۔
Akhtar Sardar Chaudhry Columnist Kassowal
About the Author: Akhtar Sardar Chaudhry Columnist Kassowal Read More Articles by Akhtar Sardar Chaudhry Columnist Kassowal: 496 Articles with 529875 views Akhtar Sardar Chaudhry Columnist Kassowal
Press Reporter at Columnist at Kassowal
Attended Government High School Kassowal
Lives in Kassowal, Punja
.. View More