الحاج،مسلمان مسجد،غیر سرکاری ،ملک کا مستقبل،موازنہ(سو لفظوں کی پانچ کہانیاں 26-30)

٭ الحاج:
میں نے اپنے بھانجے کو سکول سے لیا ۔راستے میں ایک دکان پر رکا تو علی نے کہا:
’’ ماموں ! بڑی پیاس لگی ہے ۔‘‘
میں نے ادھر اُدھر دیکھا مگر کوئی کھانے پینے کی دکان نہ تھی ۔
ساتھ والی دکان میں پانی کا کولر پڑا دیکھا تو میں نے علی کو وہاں سے پانی پینے کا کہا۔
علی منہ بسورتے ہوئے باہر آیا تو میں نے پوچھا :
’’ کیا ہوا ہے؟‘‘
’’ وہ،وہ کہتے ہیں کہ دفعہ ہو جاؤ ،ہمارا پانی ختم کرنا ہے !‘‘ ،علی بولا ۔
میں دکان کے باہر لگے بورڈ کو دیکھے جا رہا تھا:
’’ الحاج زم زم سینٹری سٹور‘‘
٭ مسلمان مسجد :
میرا ایک فیس بک فرینڈ اسلام قبول کرنے کے بعد پہلی بار پاکستان آیا۔
میں نے اسے شہر کی تمام مشہور جگہوں بشمول درسگاہوں ،مساجد،مزارات اور دیگر مقامات کی سیر کرائی ۔
اس دوران وہ مجھ سے حسب ِ عادت وقفے وقفے سے مختلف قسم کے سوالات کرتا جارہا تھا۔
’’ یہ مسجدوں کے باہر کیا لکھا ہے ؟‘‘ میرے دوست نے دریافت کیا۔
’’ ہر فرقے کی مسجد کے باہر اس فرقے کا نام لکھا ہوتا ہے ،جیسے مسجد اہلسنت ،
مسجد اہلحدیث،مسجد دیو بند ،مسجد اہل تشیع وغیرہ۔‘‘میں نے بتایا۔
’’ کیا یہاں کوئی مسلمان مسجد نہیں ہے ؟‘‘ میرے دوست نے کہا۔
٭ غیر سرکاری :
کل میں شہر کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال گیا ۔
مشہور ڈاکٹر کے کمرے میں داخل ہوتے ہی اسکا پی اے کہنے لگا :
’’ سر آپ یہاں نہیں بیٹھ سکتے ۔‘‘
میں نے کہا :’’ جناب !ہم نے ڈاکٹر صاحب کو ’’پرائیویٹ چیک اپ‘‘ کروانا ہے ۔‘‘
وہ فوراً کہنے لگا :’’ اوہ اچھا اچھا ۔۔۔! معذرت چاہتا ہوں ،تشریف رکھیں ۔
سر لائیں پیسے جمع کروائیں ،آپ کے تمام ٹیسٹ میں خود مکمل کروا دیتا ہوں،
آپکو کسی قسم کی پریشانی نہیں ہوگی ۔‘‘
اور پھر ایسا ہی ہوا۔
جبکہ پہلے مجھے کہا گیا تھا کہ سر کاری طریقے سے آپکا ٹیسٹ آٹھ ماہ بعد ہو گا۔
٭ ملک کا مستقبل :
ایک محفل ،جس میں فیض صاحب بھی موجود تھے ،باتیں ہورہی تھیں کہ اس ملک کا مستقبل کیا ہوگا۔
کسی نے کہا انارکی ہو جائے گی ۔
کسی کے خیال میں بڑے پیمانہ پر خون خرابہ ،اور کچھ کے خیال میں ملک مزید بھی ٹوٹ سکتا ہے ۔
ایسے میں فیض صاحب کی رائے پوچھی گئی تو انہوں نے اپنے مخصوص انداز میں کہا کہ
’’ بھئی ! میرے خیال میں اس سے بھی برا ہوگا ۔‘‘
سب نے حیران ہو کرپوچھا کہ وہ کیسے؟
فیض صاحب نے جواب دیا :
’’ مجھے ڈر ہے کہ یہ ملک ایسے ہی چلتا رہے گا۔‘‘
٭ موازنہ :
غیر مسلموں کی ریسرچ:
پانی ،خلاء ،سورج ،زمین ،زراعت ،معدنیات ،شعائیں ،پاور انرجی ،عنصر،ایٹم ،باڈی ،سمندر ،
سائنسز،،بائیولوجی ،کیمسٹری ،ریاضی ،نیو کلیئر انرجی ،میڈیسن وغیرہ ۔
نتائج:۔ ناسا،اٹامک پاور پراجیکٹس،ایٹمی ہتھیار،سولر ٹیکنالوجی ،ری سائیکلنگ ،موبائل ،انٹرنیٹ ،
نت نئی ایجادات ،بیماریوں پر قابو،انسانی ترقی ۔
مسلمانوں کی ریسرچ :
نماز میں ہاتھ کہاں ہونے چاہئیں؟گیارہویں کا ختم جائز ہے ؟ماتم جائز ہے ؟نور وبشر ؟سوگ اور میلاد جائز ہیں ؟
مزارات پر حاضری جائز ہے ؟ درود پڑھنا جائز ہے؟ داڑھی کتنی ہونی چاہیے ؟ شلوار کی حدود کیا ہیں؟
نتائج:۔سنّی کافر،شیعہ کافر،اہلحدیث کافر ،بریلوی کافر ،دیو بندی کافر ۔
 
Dr. Talib Ali Awan
About the Author: Dr. Talib Ali Awan Read More Articles by Dr. Talib Ali Awan: 50 Articles with 89602 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.