دفتر میں چند باتیں ہرگز نہ کریں نقصان ہوسکتا ہے

ویسے تو ملازمت کرنے والے تمام افراد اس بات سے اتفاق کریں گے کہ دفتر میں موجود ساتھی ہماری فیملی جیسے ہی بن جاتے ہیں تاہم زندگی کی ایسی بہت سی باتیں ہیں جو ان کے سامنے نہیں کی جاسکتیں۔ کامیاب افراد کی ایک مثال یہ بھی ہے کہ وہ اپنی باتیں ہر کسی سے شیئر نہیں کرتے، لہذا کوشش کریں کہ آپ بھی اپنے دفتر میں چند کام بالکل بھی نہ کریں۔ وہ چند کام کونسے ہیں؟ آئیے ڈان نیوز کی ایک معلوماتی رپورٹ کے توسط سے جانتے ہیں:
 


اپنے سیاسی خیالات
اگر آپ ملازمت کرتے ہیں تو بہتر ہے کہ اپنے دفتر میں اپنے سیاسی خیالات کا ذکر نہ کریں، بہت سے افراد کے سیاسی خیالات ان کی شخصیت کی عکاسی کرتے ہیں اور پھر دوسرے ان خیالات کو جان کر آپ کو جانچنے لگتے ہیں، سیاست کو سمجھنے کا انداز ہر کسی کا مختلف ہوتا ہے اور ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ ہر کوئی آپ سے اتفاق نہ کرے۔ بہت سے افراد سیاست کو بے حد سنجیدگی سے لیتے ہیں اور ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ جو آپ پسند کرتے ہوں وہ دوسرا پسند نہ کرے اور جو دوسرا پسند کرتا ہو وہ آپ کو پسند نہ ہو، لہذا بہتر یہی ہے کہ اپنے سیاسی خیالات کا ذکر کبھی اپنے دفتر میں نہ کیا جائے کیوں کہ کبھی کبھی آپ کو اس کا نقصان بھی اٹھانا پڑ سکتا ہے۔

image


کسی کو نااہل نہ سمجھیں
ہر دفتر میں ایسے کئی افراد موجود ہوتے ہیں جو شاید بہت سے کاموں میں نااہل ہوں، لیکن اگر آپ ان کی مدد نہیں کرسکتے، ان کو نوکری سے نکال نہیں سکتے تو سب کے سامنے ان کی نااہلی ظاہر کرنے کی بھی کوشش نہ کریں۔ ایسا کرنے سے آپ کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا بلکہ دوسروں کو ایسا محسوس ہوسکتا ہے کہ آپ خود کو بہتر ثابت کرنے کے لیے کسی دوسرے کو کمتر پیش کررہے ہیں اور آپ کو لوگوں کے منفی ردعمل کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

image


اپنی تنخواہ کا ذکر نہ کریں
آپ کے والدین تو ضرور جاننا چاہیں گے کہ آپ اپنے پورے مہینے میں کتنا کما لیتے ہیں لیکن اس کا ذکر اپنے دفتر میں کرنے کی کوئی ضرورت نہیں، اپنے ساتھیوں کو اپنی تنخواہ بتانا آپ کے لیے مشکل کھڑی کرسکتا ہے کیوں کہ پھر ہر کوئی آپ کی تنخواہ سے اپنی تنخواہ کا موازنہ شروع کردے گا اور جب سب کو اس بات کا اندازہ ہوجائے گا کہ آپ کتنا کماتے ہیں تب ہر کوئی آپ کے کام کو آپ کی تنخواہ سے جوڑنا شروع کردے گا۔

image


کبھی یہ نہ بتائیں کہ آپ کو اپنی نوکری پسند نہیں
آپ کے دفتر میں موجود لوگوں کو یہ سن کر بے حد مزہ آتا ہے کہ آپ کو اپنی نوکری پسند نہیں ہے اور اگر یہ بات سب کے درمیان مشہور ہوجائے تو آپ کی ایک منفی شکل سب کے سامنے پیش ہوگی۔ یاد رکھیں کہ دفتر میں ہمیشہ ہی ہر کوئی تیار رہتا ہے کہ وہ آپ کی جگہ لے سکے اس لیے کوشش کریں کہ اپنے خیالات کو سب کے سامنے پیش نہ کریں۔

image


اپنی ذاتی زندگی اور ماضی کی باتوں سے گریز کریں
ویسے تو ہم اپنے دفتر میں اتنا وقت گزارتے ہیں کہ وہاں کے افراد ایک طرح سے ہماری فیملی جیسے ہی بن جاتے ہیں، لیکن کوشش کریں کہ آپ اپنی ذاتی زندگی اور ماضی کی باتیں اپنے دفتر میں ہر کسی سے نہ کریں۔ یہ ضروری نہیں کہ دفتر میں موجود ہر شخص آپ کا دوست ہو اور وہ آپ کی باتوں کو اسی انداز سے سمجھے جیسے آپ سمجھانے کی کوشش کررہے ہیں، اپنی ذاتی باتیں صرف اپنے قریبی افراد سے شیئر کریں تاکہ یہ آپ کے خلاف نہ جائیں۔ یہ بھی ضروری نہیں کہ آپ کی ماضی کی زندگی سب کو پسند آئے اس لیے بہتر ہے کہ آپ اس کے بارے میں بات کرنے سے گریز کریں۔

image

نئی نوکری کی تلاش
اپنے دفتر میں موجود ساتھیوں سے کبھی اس بات کا ذکر نہ کریں کہ آپ نئی نوکری کی تلاش کررہے ہیں، یاد رکھیں کہ آپ کی یہ بات آپ کے خلاف بھی استعمال کی جاسکتی ہے۔ اگر آپ کے باس کو اس بات کی خبر ہوجائے اور آپ کو نئی نوکری بھی نہ ملے تو آپ اپنی پوزیشن سے ہاتھ دھو سکتے ہیں، اس لیے بہتر ہے کہ جب تک آپ کو نئی نوکری نہ مل جائے اس بارے میں کوئی بات نہ کریں۔

image
YOU MAY ALSO LIKE:

Some conversations don't belong in the workplace, or at least they should not take place between coworkers who aren't also close personal friends. Certain topics could make things awkward and even unpleasant for you and your coworkers.