اردواصنافِ ادب:عطاء الرحمن نوری کی پانچویں اشاعت

ایم اے،نیٹ،سیٹ،پیٹ،یوپی ایس سی و دیگر مقابلہ جاتی امتحانات کے وقت اسٹوڈنٹس کشمکش کاشکاررہتے ہیں ،حتیٰ کہ ماسٹر ڈگری میں آنے کے بعد بھی اردواصناف ادب سے انہیں مکمل واقفیت نہیں ہوپاتی۔اب ایسے اسٹوڈنٹس عطا ء الرحمن نوری [M.A.,B.Ed.,MH-SET,Journalist]کی مرتبہ مختصر مگر جامع کتاب’’اردواصنافِ ادب‘‘سے کم وقت میں زیادہ معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔’’اردو اصنافِ ادب ‘‘میں عطاء الرحمن نوری نے اردو کی مروجہ اصنافِ ادب کا آسان اور صاف ستھری علمی زبان میں مثالوں اور حوالوں کے ساتھ تعارف پیش کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس کتاب میں اصنافِ ادب کے دونوں حصوں (A) اصناف سخن یعنی شعرو شاعری اور(B) اصناف نثرکا تعارف کراتے ہوئے ، اصنافِ سخن یعنی شعر و شاعری کو موضوع اور ہیئت کے اعتبار سے دوخانوں میں تقسیم کرتے ہوئے (الف)موضوع کے اعتبار سے تقسیم،(ب)ہیئت کے اعتبار سے تقسیم کے تحت : حمد، مناجات، نعت، منقبت، غزل، قصیدہ، مرثیہ، شہرآشوب، واسوخت، ریختی، پیروڈی، گیت، ہجو……اور…… مثنوی ، رباعی، قطعہ ، مُسمّط ، ترکیب بند ، ترجیع بند ، نظم، پابند نظم ، معریٰ نظم ، آزاد نظم، سانیٹ ، ترائیلے ، ہائیکو ، نثری شاعری کی تعریفیں مع مثال پیش کی ہیں۔ اصنافِ ادب کے دوسرے جز یعنی ’’اصناف نثر‘‘میں عطاء الرحمن نوری نے سادہ نثر، سلیس نثر ، مقفّٰی نثر ، مسجّع نثر ، رنگین نثرکی تعریفیں اور مثالیں پیش کی ہیں اِس کے علاوہ اِس باب کو دو ضمنی حصوں میں تقسیم کرتے ہوئے (الف)افسانوی نثرکے تحت : داستان ، ناول، افسانہ ، ڈرامہ کا تعارف پیش کیا ہے اور (ب)غیرافسانوی نثرکے تحت : مضمون ، انشائیہ ، خطوط یامکتوب ، سوانح ، خودنوشت سوانح ، دیباچہ ، سفر نامہ ، آپ بیتی ، خاکہ ، رپورتاژ ، طنز ومزاح جیسی اصنافِ نثر کا بہترین انداز میں تعارف کرایا ہے ۔ اِن کے علاوہ (C)تنقید(D)تحقیق اور(E)تذکرہ بھی اپنے موضوع کے اعتبار سے معلومات افزا ہیں۔ ادبی ضرورت اور نصابی افادیت کے پیش نظر کتاب میں عبارت آرائی سے گریز کرتے ہوئے محض کام کی باتیں تحریر کی گئی ہیں اور کسی طرح کی تنقید یا تجزیے سے بچنے کی شعوری کوشش کی گئی، تاکہ اس کے مطالعے سے کام کی باتیں ذہن میں محفوظ کی جائیں اور فکر وخیال میں اس کے اثرات تابندہ رہیں-کتاب ۶۴؍صفحات پر مشتمل ہے جسے مالیگاؤں کامعروف ادارہ رحمانی پبلی کیشنز نے زیورطباعت سے آراستہ کیا ہے۔اہل ذوق ۴۰؍روپے قیمتاً رحمانی پبلی کیشنز ،سٹی بکڈپواور دیگر بُک اسٹال سے حاصل کرسکتے ہیں۔مرتب کا رابطہ نمبر :9270969026
 
Ataurrahman Noori
About the Author: Ataurrahman Noori Read More Articles by Ataurrahman Noori: 535 Articles with 731774 views M.A.,B.Ed.,MH-SET,Journalist & Pharmacist .. View More