بسم اﷲ الرحمن الرحیم
صوبہ بلوچستان کے ضلع خضدار سے 300کلومیٹر دور واقع دربار شاہ نورانی میں
12نومبر کی شام دھماکہ ہو ا،جس کی وجہ سیکم از کم 43افراد ہلاک اور 70سے
زائد زخمی ہوئے ،ذرائع ابلاغ کے مطابق درگاہ شاہ نورانی میں سالانہ میلا
جاری تھا کہ اس دوران مزار کے احاطہ میں دھمال کے دوران زوردار دھماکہ ہوا
جس کی وجہ سے بے گناہ جانیں لقمہ اجل بن گئیں۔
موجودہ عسکری و سیاسی قیادت کے مضبوط اور مؤثر پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں
امن قائم ہواہے،خود کش حملوں ،بم دھماکوں ،ٹارگٹ کلنگ اور بم و باردو کی
فضا ء ختم ہوئی ہے اورملک ترقی کی شاہراہ پر چل پڑا ہے ۔ گزشتہ کچھ عرصہ سے
بحیثیت قوم یہ امرہمارے لیے باعث اذیت اور توجہ طلب ہے کہ قومی ایکشن پلان
جیسی مؤثر حکمت عملی کے باوجود ملک دشمن عناصر ہمار ے تعلیمی
اداروں،ہسپتالوں ،کچہریوں اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے میں کامیاب ہو
جاتے ہیں۔
سانحہ کوئٹہ کے بعد کراچی میں ہونے والی حالیہ فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ
اورپرتشدد فرقہ وارانہ تقاریر کی وجہ سے علامہ مرزا یوسف حسین اور غیر
قانونی اسلحہ( جس میں ایک سب مشین گن بھی شامل ہے )رکھنے کی وجہ سے فیصل
رضا عابدی کی گرفتاریوں کے بعد پر تشدد مظاہروں اور گرفتاروں کے کچھ ہی
دنوں کے بعد شیعہ مسلک کے دربار شاہ نوارانی میں بم دھماکہ اندرونی اور
بیرونی ملک دشمن قوتوں کے خطرناک منصوبوں کو واضح کرتا ہے۔کلبھوشن یادیو
اور دیگر غیر ملکی ایجنٹوں (جن کو ہمارے ہمسایہ برادر ملک کا تعاون بھی
حاصل رہا ہے )کی گرفتاریاں اور انکشافات ہماری آنکھیں کھول دینے کے لیے
کافی ہیں کہ پاکستان میں پرتشدد فرقہ وارنہ فضا ء کو قائم کرنے میں غیر
ملکی عنصر غیر معمولی حیثیت رکھتا ہے۔جب بھی ایسے عناصر پر قانون کی گرفت
ہونے لگتی ہے توایسے افسوس ناک حادثات رونما کرکے معصوم جانوں یسے کھیل کر
اپنے مذموم مقاصد کو پورا کیا جاتا ہے اور قوم کی توجہ اصل مسئلے سے ہٹا کر
اس سانحہ کی طرف پھیر دی جاتی ہے۔
اس افسوس ناک واقعہ کے رونما ہونے کے بعد عسکری ، سیاسی اورمذہبی قیادت
سمیت پوری قوم کو فرقہ وارانہ تشدد کو ختم کرنے میں اپنا کردار اد اکرنا
ہوگا،انسانیت دشمنوں اور موت کے ان سوداگروں کے خاتمے کے لیے شعور ،بیداری
اور جرأت کا مظاہرہ وقت کی اہم ضرورت بن چکاہے،اس حوالے قانون نافذ کرنے
والے اداروں کا کردا ر انتہائی اہمیت اختیار کرچکا ہے کہ وہ فرقہ واریت کے
خاتمہ کے لیے اس غیر ملکی عنصر کے خلاف بھی "ضرب عضب "کا اعلا ن کرکے وطن
عزیز کو امن کا گہوارہ بنائیں ۔ |