رحمتہ ا للعالمین …… محمد صلی اﷲ علیہ وسلم

 نبی کریم صلی اﷲ علیہ وسلم کی شان اقدس اور سیرت طیبہ کے بارے میں بہت کچھ لکھا گیا ، اور بہت کچھ لکھا جاتا رہے گا۔ لیکن اگر سارے جہاں کے جن و انس ملکر بھی نبی آخر الزماں حضرت محمد صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کی شان اقدس میں لکھنا شروع کریں تو زندگیاں ختم ہو جائیں گی مگر رسالت مآب صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کی شان کا کوئی ایک باب بھی مکمل نہیں ہو سکے گا۔ اﷲ رب العزت نے حضرت محمدصلی اﷲ علیہ وسلم کو ایسا بنایا ہے کہ نہ اس سے پہلے ایسا کوئی بنایا ہے نہ بعد میں کوئی بنائے گا۔ سب سے اعلیٰ، سب سے اجمل، سب سے افضل، سب سے اکمل، سب سے ارفع، سب سے انور، سب سے آعلم، سب سے احسب، سب سے انسب، تمام کلمات مل کر بھی آپ صلی اﷲ علیہ وسلم کی شان کو بیان کرنے سے قاصر ہیں۔ کیونکہ اﷲ رب العزت نے قرآن کریم میں ارشاد فرمایا ہے ’’اے محبوب صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم ہم نے آپ کے ذکر کو بلند کر دیا ہے۔جس ہستی کا ذکر مولائے کائنات بلند کرے،جس ہستی پر اﷲ تعالیٰ کی ذات درودوسلام بھیجے، جس ہستی کا ذکر اﷲ رحمن و رحیم ساری آسمانی کتابوں میں کرے، جس ہستی کا، چلنا ،پھرنا ،اٹھنا، بیٹھنا،سونا، جاگنا،کروٹ بدلنا، کھانا، پینا۔ مومنین کیلئے باعث نجات، باعث شفاء، باعث رحمت ،باعث ثواب،باعث حکمت، باعث دانائی ہو، اور اﷲ رب العزت کی ذات نے آپ صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کی ذات کبریا کو مومنین کیلئے باعث شفاعت بنا دیا ہو، اس ہستی کا مقام اﷲ اور اﷲ کا نبی صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم ہی جانتے ہیں۔ پھر اس ہستی کے مطلق سب کچھ لکھنا انسانوں اور جنوں کے بس کی بات نہیں۔اﷲ تعالیٰ نے حضور اکرم صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کو بے شمار خصوصیات عطافرمائی ہیں جن کو لکھنا تو در کنارسارے جہان کے آدمی اور جن ملکر گن بھی نہیں سکتے۔ آپ صلی اﷲ علیہ وسلم کی ذات اقدس الفاظ اور ان کی تعبیرات سے بہت بلند وبالا تر ہے۔ آپ کا ئنات کا مجموعہ حسن ہیں، آپ کا قد نہ زیادہ لمبا تھا نہ پست ، ماتھا کشادہ تھا، سر بہت خوبصورتی کے ساتھ بڑا تھا، آپ کے بال نیم گھنگریالے تھے، آپ کی بھوئیں گول خوبصورت تھیں جہاں وہ ملتی ہیں وہاں بال نہ تھے وہاں ایک رگ تھی جو کہ غصے میں پھڑکتی تھی، آنکھ مبارک کے بارے میں ہے کہ آپ کی آنکھیں لمبی، خوبصورت، سرخ ڈوروں سے مزین تھیں، موٹی اور سیاہ، سفیدی انتہائی سفید، آپ کی پلکیں بڑی دراز، آپ کی ناک مبارک آگے سے تھوڑا اٹھا ہوااور نتھنوں سے باریک ، ایک نور کا ہالہ تھا جو ناک پر چھایا رہتا تھا ، آپ کے ہونٹ انتہائی خوبصورت تراشیدہ، تھوڑے دہانے کی چوڑائی کے ساتھ ، دانت بڑے خوبصورت اور متوازی اور ان میں کسی قسم کی کوئی بے ربطگی نہ تھی، انتہائی باہم مربوط، پہلے چار دانتوں میں خلاء تھا، جب آپ مسکراتے تو دانتوں سے نور نکلتا ہوا سامنے پڑتا تھا، گال مبارک نہ پچکے ہوئے نہ ابھرئے ہوئے ، چہرہ چودھویں رات کے چاند کی طرح چمکتا ہوا گول تھا، داڑھی مبارک گھنی تھی۔

ام مبارک رضی اﷲ عنہا فرماتی ہیں ’’ میں نے ایک نوجوان دیکھا بڑا صاف ستھرا، حسین سفید چمکتا چہرہ، جیسے کلیوں میں ایک تازگی ہوتی ہے ۔ رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم کا رنگ چمکتا تھا نوخیز کلیوں کی طرح، اورفرماتی ہیں نہ آپ ایسے موٹے تھے کہ نظروں میں جچے نہیں اور نہ ایسے دبلے اور کمزور تھے کہ بے ر عب ہوجائیں آپ صلی اﷲ علیہ وسلم وسیم وقسیم تھے (عربی زبان میں وسیم بھی خوبصورت کو کہتے ہیں اور قسیم بھی خوبصورت کو کہتے ہیں وسیم وہ خوبصورت ہوتا ہے جسے جتنا دیکھیں اس کا حسن اتنا بڑھتا ہے جیسے دیکھتے ہوئے آنکھ نہ بھرے ، قسیم اسے کہتے ہیں جس کا ہر عضو الگ الگ حسن کی ترجمانی کرتا ہو، جس کا ہر عضو حسن میں کامل اور اکمل ہو )۔ اﷲ تعالیٰ نے حضور صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کو سراج منیرکا لقب دیا یہ لقب صرف آپ کو ہی دیا گیا، جس کا مطلب ہے ’’ روشن چراغ ‘‘ آپ نبوت کا روشن آفتاب ہیں۔ آپ کے آفتاب کی کرنیں سب سے پہلے اصحاب رسول پر پڑی پھرتمام دنیا پر پھیل گئیں۔اور انہی کرنوں کی بدولت دنیا کے تمام خطے پر اسلام پھیل گیا۔ اور ان کرنوں نے چپہ چپہ پر ہدایت کا نور پھیلایا۔

علامہ قرطبی رحمتہ اﷲ علیہ فرماتے ہیں کہ اﷲ تبارک و تعالیٰ نے حضرت محمد صلی اﷲ علیہ وسلم کے حسن و جمال میں سے بہت تھوڑا ساظاہر فرمایا اگر سارا ظاہر فرماتے تو آنکھیں اس کو برداشت نہ کرسکتیں۔ حضرت یوسف علیہ السلام کا سارا حسن ظاہر کیا لیکن رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم کے حسن کی چند جھلکیاں دکھائی گئیں اور باقی سب مستور رہیں، کوئی آنکھ ایسی نہ تھی جو اس جمال کی تاب لا سکتی، اس لئے ہم وہی کچھ کہتے ہیں جو صحابہ کرام رضوان اﷲ علیہم اجمعین نے آپ صلی اﷲ علیہ وسلم کو دیکھ کر ہم تک پہنچایا۔ براء بن عازب رضی اﷲ عنہ کی اس بات کو حضرت حسان بن ثابت رضی اﷲ عنہ شاعر رسول اﷲ نے ان الفاظ میں بیان کیا’’ تیرے جیسا حسین میری آنکھ نے نہیں دیکھا ، تیرے جیسے جمال والا کسی ماں نے نہیں جنا ، آپ ہر عیب سے پاک پیدا ہوئے ، آپ ایسے پیدا ہوئے جیسے آپ نے خود اپنے آپ کو چاہا ہو۔ ‘‘ یہاں شاعر کا تخیل اتنی بلندی پر گیا ہے کہ قیامت تک آنے والے نعت خواں وہاں تک نہیں پہنچ سکتے ،ساری دنیا کا نعتیہ کلام ایک پلڑے میں اور یہ ایک مصرع دوسرے پلڑے میں ہوتو اس کا وزن زیادہ ہے۔ اﷲ تعالیٰ ہمارے دلوں میں سب سے زیادہ رحمت اللعالمین حضرت محمد صلی اﷲ علیہ و سلم کی محبت پیدا فرمائے ، اور ہمیں نبی کریم صلی اﷲ علیہ و سلم کی سیرت و کردا رکو اپنا کر دین اسلام کی تبلیغ و ترویج اور معاشرے کی اصلاح کا ذریعہ بنائے۔آمین
٭……٭……٭
Rana Aijaz Hussain
About the Author: Rana Aijaz Hussain Read More Articles by Rana Aijaz Hussain: 1005 Articles with 841384 views Journalist and Columnist.. View More